سابق امریکی صدر ٹرمپ دھوکا دہی میں ملوث قرار



واشنگٹن (این این آئی )امریکی جج نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دھوکا دہی میں ملوث قرار دیدیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جج Arthur Engoron نے کہا کہ سابق صدر ٹرمپ اور انکی کمپنی نے اپنے اثاثوں کی مالیت بڑھا چڑھا کر پیش کی تھی۔

امریکی جج نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ یہ ثابت نہیں کرسکے کہ انکی ایک پراپرٹی کا خواہش مند خریدار سعودی عرب میں موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن پراپرٹیز کی مالیت بڑھا چڑھا کر پیش کی گئی ان میں مار اے لاگو، پارک ایونیو پر واقع عمارت، ٹرمپ ٹاور میں پینٹ ہاوس اور ویسٹ چیسٹر کاونٹی میں ایک اسٹیٹ شامل ہے۔

نیویارک کی اٹارنی جنرل Letitia James نے الزام لگایا تھا کہ ڈونلڈٹرمپ نے اپنے اثاثوں کو دو اعشاریہ دو ارب ڈالر بڑھا کر پیش کیا تھا تاکہ وہ بہتر بزنس ڈیل کرسکیں۔

ٹرمپ کے وکلا کا دعوی تھا کہ سابق صدرنے اثاثوں کی قیمت درست بتائی تھی اور یہ وہ مالیت ہے جو ٹرمپ نے بطور وژنری رئیل اسٹیٹ ڈیولپر سمجھی تھی۔ سابق صدر ٹرمپ اور انکے بزنس ساتھیوں کیخلاف کیس پیر سے عدالت میں شروع ہونے کا امکان ہے۔

جوبائیڈن کے کتے نے ایک بار پھر خفیہ سروس ایجنٹ کو کاٹ لیا



واشنگٹن(این این آئی)امریکی صدر جوبائیڈن کے کتے کماندڑنے ایک بار پھر ایک اور خفیہ سروس ایجنٹ کو کاٹ لیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق جو بائیڈن کے 2 سالہ کتے کا نام کمانڈرہے جس کا تعلق جرمن شیفرہڈ نسل سے ہے جو وائٹ ہاس کے خفیہ سروس ایجنٹ کو اکثر کاٹ لیتا ہے۔

کمانڈرکے کاٹنے کا حال ہی میں واقعہ پیر کی رات کو پیش آیا جس نے خفیہ سروس ایجنٹ کو زخمی کیا ہے جس کا علاج وائٹ ہاس میں ہی کیا گیا۔

کمانڈرکے وائٹ ہائوس کے ملازموں کو کاٹنے کا یہ 11واں واقعہ ہے جب کہ اس سے قبل کمانڈر کے کاٹنے کا واقعہ رواں سال جولائی میں پیش آیا تھا جس پر وائٹ ہائوس کی پریس سیکرٹری نے الزام لگایا تھا کہ کمانڈرکے کاٹنے کی وجہ امریکی صدارتی محل کا دبائو ہے، جو پالتو کتے پر بھی اثر انداز ہو رہا ہے، اس کی مزید تربیت کا سوچ رہے ہیں۔

بھارت، جشن میلاد النبی پرگلی سجانے پرہندوانتہاپسند بے قابو



اندور(این این آئی) بھارت میں ہندو انتہا پسندوں کی مسلمان دشمنی کا ایک اور واقعہ سامنا آگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور کی ایک کالونی میں مسلمان خواتین نے 12 ربیع الاول کی خوشی میں گلی سجائی۔

موقع پر موجود عینی شاہدین کے مطابق ہندو انتہاپسندوں کا گروپ گلی کی سجاوٹ دیکھ کر بے قابو ہوگیا اور سجاوٹ کو نوچ کر پھینکنے کی کوشش کی۔

خواتین نے ہندو انتہا پسند غنڈوں کو روکنے کی کوشش تو انہوں نے گلی سجانے والی خواتین پر دھاوا بول دیا اور دن دہاڑے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

علاقے کی پولیس نے حسب معمول ہندو انتہا پسندوں کا ساتھ دیتے ہوئے کوئی کارروائی نہیں کی اور نہ کسی کو گرفتار کیا۔

خواتین پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے اور اس میں ہندو انتہاپسندوں کے چہرے واضح طور پر نظر آنے کے باوجود پولیس کا کہنا تھا کہ وہ واقعہ کی تحقیقات کررہے ہیں۔

نیا X وائرس، کورونا سے زیادہ مہلک ثابت ہوسکتا ہے، برطانوی ماہرِ صحت



لندن(این این آئی)برطانیہ کی ایک ماہر صحت نے خبردار کیا ہے کہ نیا ایکس وائرس کورنا وبا سے زیادہ مہلک وبا کا سبب بن سکتا ہے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ کی ویکسین ٹاسک فورس کی سابق سربراہ کیٹ بنگھم نے ڈیلی میل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وائرس جس کا نام عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)کی جانب سے X تجویز کیا گیا ہے، کورونا وبا سے زیادہ مہلک وبا کا سبب بن سکتا ہے۔

کیٹ بنگھم نے مزید کہا کہ نیا وائرس 1919-1920 کے تباہ کن ہسپانوی فلو جیسا ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب ڈبلیو ایچ او کا کہنا تھا کہ ایکس وائرس، بیکٹیریا یا فنگس کچھ بھی ہوسکتا ہے جس کا ابھی تک کوئی علاج دستیاب نہیں۔

تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کیٹ نے مزید کہا کہ 1918 سے 1919 کے فلو کی وبا نے دنیا بھر میں کم از کم 50 ملین افراد کو ہلاک کیا جو کہ پہلی جنگ عظیم میں ہلاک ہونے والے افراد سے زیادہ تعداد تھی۔ اور اس وائرس سے بھی اسی پیمانے پر تباہی آسکتی ہے۔

قرآن پاک تصحیح شدہ ترجمہ کیس،نگران وزیراعظم، وزیراعلی پنجاب عدالت طلب



لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے قرآن پاک کے تصحیح شدہ ترجمہ سے متعلق کیس میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کو 16 اکتوبر کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے قرآن پاک کی تصحیح شدہ ترجمہ سے متعلق کیس کی سماعت کی۔عدالت نے ریمارکس دئیے کہ 8 ماہ سے وفاقی حکومت کی رپورٹ نہیں آئی۔

وفاق کے وکیل نے کہا کہ ہم رپورٹس جمع کروا دیتے ہیں عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آپ یہاں سیر کرنے آئے ہیں، کیوں رپورٹ جمع نہیں ہوئی ؟ یہ کیس نہ آپ کا ہے نہ عدالت کا یہ ہم سب کا ہے۔جسٹس شجاعت علی خان نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پھر ملک کے چیف ایگزیکٹو کو بلا لیتے ہیں، نگران وزیراعظم آ کر خود جواب دے دیں۔

لگتا ہے نگران وزیراعظم کے سامنے معاملہ رکھا ہی نہیں گیا۔وفاق کے وکیل کی جانب سے مزید مہلت کی استدعا پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آپ سنجیدہ ہوتے تو ہمیں کوئی رپورٹ لازمی جمع کرواتے، نگران وزیراعظم پیش ہو کر اپنی پوزیشن واضح کریں۔

عدالت نے نگران وزیراعظم کو 16اکتوبر کو پیش ہونے کا حکم دے دیا ۔دوران سماعت ایڈیشنل آئی جی پنجاب شہزادہ سلطان نے بیان دیا کہ ہمارا دائرہ اختیار بہت محدود ہے۔ جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ اپنے دائرہ اختیار پر جتنا عمل کررہے ہیں سب کو پتہ ہے۔

عدالت نے ڈی پی او چنیوٹ پر بھی سخت برہمی کا اظہار کیا اور ریمارکس دیے کہ آئی جی کو چاہیے کہ ڈی پی او کو کسی کورس پر بھیجیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر نگراں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کو بھی طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔

نواز شریف کی وطن واپسی پر سب کچھ قانون کے مطابق ہو گا، نگراں وزیراعظم



نگران وزیراعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ نواز شریف کی وطن واپسی پر سب کچھ قانون کے مطابق ہو گا، حکومت اس حوالے سے وزارت قانون سے بھی رائے لے گی۔

پاکستان ہائی کمیشن لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم نے کہاکہ کسی کو کوئی ڈیل کا ڈھیل نہیں دی جا رہی، سانحہ 9 مئی کے ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

انوارالحق کاکڑ نے کہاکہ نگران حکومت کی کسی سیاسی جماعت یا گروہ سے کوئی وابستگی نہیں، قانون کے مطابق تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت ہے، جن کیخلاف قانونی کارروائی ہو رہی ہے انہیں عدالتوں سے ہی ریلیف مل سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن نے کرنا ہے، حکومت انتخابات کے شفاف انعقاد میں اپنا بھرپور کردارا ادا کرے گی۔

وزیراعظم نے کہاکہ نگراں حکومت معیشت پر توجہ دے رہی ہے، ڈسکوزکی نجکاری کے معاملہ پر تیزی سے کام جاری ہے، جلد نتائج سامنے آئیں گے۔ ایس آئی ایف سی معاشی بحالی کیلئے قانونی پلیٹ فارم ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کمپنی پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہی ہے، افراتفری کا تاثر درست نہیں، کئی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ بھارت کی دہشتگردی اب خطے سے نکل کر عالمی سطح پر پہنچ چکی ہے، کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل کے بعد عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

محبت کی شادیاں کر لیتے ہیں پھر عدالت کیلئے مسئلہ بن جاتے ہیں، چیف جسٹس



اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ میں دو کم سن بچیوں کی حوالگی کے کیس میں چیف جسٹس پاکستان نے پسند کی شادی کے بعد علیحدہ ہونے والے جوڑے کو جھاڑ پلا دی، ریمارکس دیئے کہ محبت کی شادیاں کر لیتے پھر عدالت کیلئے مسئلہ بن جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا ہم صرف نام کے مسلمان رہ گئے ہیں ہمارے کام مسلمانوں والے نہیں۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے دو کم سن بچیوں کی حوالگی کیس سے متعلق سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران دونوں بچیوں کو ماں کے سپرد کرنے کا حکم دیدیا۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ بچیوں کے والد اتوار کی صبح 10 سے شام 5 بجے تک بچیوں سے ملاقات کر سکیں گے، والد کی جانب سے عدالتی حکم عدولی پر توہینِ عدالت کی کارروائی ہو گی۔

درخواست گزار بچیوں کے والد کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ بچیاں والد کے پاس ہونی چاہئیں کیونکہ ماں رات کی نوکری کرتی ہے۔

لکی مروت: جیل، تھانے اور پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا دھاوا



خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں دہشتگردوں نے جیل، تھانے اور پولیس چوکی پر حملے کیے ہیں جنہیں پولیس نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا ہے۔

پولیس حکام نے بتایا ہے کہ مسلح دہشتگردوں نے رات کے وقت جیل، تھانے اور پولیس چوکی پر دھاوا بولا۔ اس موقع پر پولیس کے بہادر جوانوں نے حملے ناکام بنا دیے۔

دہشتگردوں نے دھاوا بولتے ہوئے پولیس چوکی پر دستی بم پھینکے جبکہ شدید فائرنگ بھی کی گئی، پولیس اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی اور اس دوران دہشتگرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

اس کے بعد دہشتگردوں کی جانب سے لکی مروت میں تھانے پر دھاوا بولا گیا مگر وہاں پر بھی پسپائی کا سامنا کرنا پڑا۔ جبکہ جیل پر حملے کے دوران بھی دہشت گرد بھاگنے پر مجبور ہوئے۔

سینیئر پولیس آفیسر نے بتایا ہے کہ دوطرفہ فائرنگ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔

ریستوران کے مالک سعودی شہزادے نے اپنے کھانوں سے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی



ریاض(این این آئی)ایک سعودی شہزادے نے اپنے نئے کھولے گئے ریستوران میں کھانا پکانے اور صارفین کو پیش کرنے کے ویڈیو کلپس سے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ ہیں شہزادہ نایف بن ممدوح بن عبدالعزیز جو جدہ کے مکارم نجد ریستوران میں روایتی سعودی کھانوں مثلا مندی، جریش، کبسہ، مطازیز، مرقوق، ھریسہ اور عریکہ پیش کرنے کے لیے شیف کا ایپرن پہنے عملے کے ساتھ شامل ہیں۔

ایک ویڈیو کلپ میں شہزادہ نایف لکڑی کے کوئلے پر چکن پکا رہے اور ایک گاہک کو ریستوران کے غذا کے محفوظ ہونے کے معیار کے سرٹیفیکٹ کی وضاحت کر رہے ہیں۔شہزادے نے کہاکہ نوجوان افراد مجھ سے کہتے ہیں، آپ نے یہ کیوں پہن رکھا ہے اور اس طرح کیوں کام کر رہے ہیں؟’

یہ میرا کام ہے۔ میں اپنی ٹیم کے ساتھ کام میں شریک ہونا پسند کرتا ہوں۔ کام ایک اعزاز کی بات ہے، شرم کی نہیں۔ اور کوئی نبی ایسا نہیں ہے جس نے بھیڑ بکریاں نہ چرائی ہوں- اپنے آپ پر کام کریں۔

امارات کی حکومت نے نئے سیاحتی ویزے پر کام کاآغازکردیا



ابوظہبی (این این آئی )متحدہ عرب امارات کی حکومت نے ایک نئے سیاحتی ویزے پر کام شروع کیا ہے جس کے حصول کے بعد ویزہ ہولڈر امارات سمیت سعودی عرب سمیت کئی عرب ممالک کا سفر کرسکے گا۔

یہ سہولت خلیجی ممالک میں مقیم غیرملکیوں کے لیے بھی ہے جو امارات کے سیاحتی ویزے پر دوسرے عرب ملکوں کا سفر کرسکیں گے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اماراتی وزیر برائے معیشت عبد اللہ بن طوق المری نے کہا کہ خلیجی ریاستوں نے سعودی عرب کے سیاحوں کی نشا ثانیہ سے فائدہ اٹھایا ہے، خاص طور پر ہم جلد ہی خلیجی سیاحتی ویزا (سیاحوں کے لیے ویزا) سروس کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

اس ویزہ سے امارات اور سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک کا سفر کیا جا سکے گا۔متحدہ عرب امارات ویزا سسٹم کے منصوبوں کا مطالعہ کر رہا ہے جو سعودی عرب سمیت ہمسایہ خلیجی ممالک تک رہائشیوں کے سفر کو آسان بنائے گا۔

بن طوق المری نے مستقبل کی مہمان نوازی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں آنے والی سیاحت کا 70 فی صد بین الاقوامی منڈیوں سے آتا ہے۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں سیاحت کے شعبے کی حمایت کے لیے ضروری تمام اجزا موجود ہیں۔

وزیرمعیشت نے نشاندہی کی کہ متحدہ عرب امارات میں سیاحت کا شعبہ مضبوط اور مستقل ترقی جاری رکھے ہوئے ہے۔نیا ویزا سسٹم متحدہ عرب امارات کو خلیج کوآپریشن کونسل کے رہائشیوں کے ذریعہ عرب خلیجی ریاستوں کے لیے سفر کو آسان بنانے کی اجازت دے گا۔

متحدہ عرب امارات کے عہدیداروں نے پہلے بھی اس بات پر زور دیا ہے کہ ممالک کے مابین صحت مند مقابلہ جاری ہے یہ۔ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ یہ خطہ زیادہ پرکشش ہوگیا ہے۔

المری نے کہا کہ ممالک کے رہائشیوں کے درمیان ویزا کے بغیر سفر کرنا سیاحت کے شعبے کی ترقی کے ذریعے موجودہ صورتحال کی ترقی کا ذریعہ بنے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کے لیے جو اچھی بات ہے وہ خلیج تعاون کونسل کے ممالک کے لیے اچھا ہے۔

سعودی عرب میں20دن بعد بارشوں کا سیزن شروع ہوگا،ماہرین



ریاض(این این آئی)سعودی عرب کی القصیم یونیورسٹی میں ماہر موسمیات، سابق پروفیسر اور ویدر ایسوسی ایشن کے نائب صدرڈاکٹر عبداللہ المسند نے کہا ہے کہ 20 دن سعودی عرب کے بعد سعودی عرب میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگا۔

عرب ٹی وی کے مطابق المسند نے ایکس پلیٹ فارم پر اپنے اکائونٹ کے ذریعے کہا کہ قریات میں کل فجر کے وقت کم سے کم درجہ حرارت صرف 18.8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، یعنی آپ ایئر کنڈیشن، پنکھے اور شاید کھڑکی کھولے بغیر سو سکتے ہیں۔

ہم کہہ سکتے ہیں کہ سعودی عرب کے شمالی علاقے چالیس کی دہائی کو اگلے اپریل تک الوداع کہہ چکے ہیں۔

عوام اپنے محبوب لیڈر کا فقید المثال استقبال کرکے نئی تاریخ رقم کرینگے’ حمزہ شہباز



لاہور( این این آئی )سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سید حشمت علی شاہ نے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں پارٹی قائد نواز شریف کی وطن واپسی کے موقع پر استقبال کی تیاریوں کے حوالے سے مشاورت کی گئی ۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ عوام وطن واپسی پر اپنے محبوب لیڈر نواز شریف کا فقید المثال استقبال کرکے نئی تاریخ رقم کریں گے ۔

سید حشمت علی شاہ نے کہا کہ ہر عمر اور ہر طبقے کے لوگ ترقی کے ضامن سمجھے جانے والے لیڈر نواز شریف کے پرتپاک استقبال کے لئے بے چین ہیں ۔

عوام جان چکے ہیں کہ اگر کوئی لیڈر ملک کومنجدھار سے نکال سکتا ہے تو وہ صرف نواز شریف ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف آج بھی پاکستان کی سیاست کا محور ہیں ، نواز شریف کی وطن واپسی سے بہت سے نام نہاد سیاسی رہنمائوں کی مقبولیت کے بت پاش پاش ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا شاہدرہ کے کارکنان اور عوام اپنے لیڈر کا فقید المثال استقبال کریں گے کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ اب ملک کو دوبارہ نئی سمت ملنے والی ہے جس سے ان کی زندگیوں میں خوشحالی کا دور واپس آئے گا۔