لاہور ( این این آئی) لاہورمیں میٹروبس اسٹیشن کے ٹکٹ بوتھ میں آگ لگ گئی۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ بھاٹی میٹرو سٹیشن بطرف شاہدرہ کے ٹکٹنگ بوتھ میں لگی تھی۔ریسکیو فائر فائٹرز نے ٹکٹنگ بوتھ میں لگنے والی آگ پر فوری قابو پالیا۔ریسکیو ٹیم کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
Monthly Archives: September 2023
جناح ہائوس حملہ کیس،صنم جاوید سمیت دیگر کی ضمانت منظوری کیخلاف اپیل تیار
لاہور ( این این آئی) جناح ہائوس حملہ کیس میں گرفتار صنم جاوید سمیت دیگر کی ضمانتیں منظور کرنے کے خلاف پراسیکیوشن نے اپیل تیار کرلی۔
صنم جاوید سمیت دیگر کی ضمانتیں منظور کرنے کے خلاف اپیل پراسیکیوٹر جنرل کی منظوری کے بعد دائر ہوگی۔
اپیل میں صنم جاوید سمیت دیگر کی ضمانتیں منظور کرنے کے احکامات کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔صنم جاوید سمیت دیگر ملزمان کی ضمانتیں انسداد دہشت گردی عدالت نے منظور کی تھیں، ملزمان کے خلاف جناح ہائوس جلائو گھیرائو کا مقدمہ تھانہ سرور روڑ پولیس نے درج کر رکھا ہے۔
ہماری الیکشن مہم کا آغاز مینار پاکستان سے ہوگا، رانا ثنا اللہ
لاہور ( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما وسابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ہم سیاسی جماعتوں کو نشانہ بنانے کے حق میں نہیں ہیں لیکن اگر کوئی جماعت یا لیڈر ملکی دفاع پر چڑھ دوڑے، شہدا کے مجسموں کی بے حرمتی کرے تو کیا اس پر کیس اس لیے نہیں چلنا چاہیے کہ اس نے الیکشن لڑنا ہے؟۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نواز شریف 21اکتوبر کو لاہور پہنچیں گے اور مینار پاکستان پر جلسہ ہوگا جس سے نواز شریف خطاب کریں گے، ہماری الیکشن مہم کا آغاز مینار پاکستان سے ہوگا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف جتنے بھی کیسز ہیں وہ جھوٹ پر مبنی ہیں، آج ملک جس حال میں ہے وہ اس سازش کی وجہ سے ہے جو نوازشریف کے خلاف کی گئی، 2018 میں جب 25 جولائی کو الیکشن ہوئے تو نواز شریف کہاں تھے؟۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کو اقامہ میں نا اہل کیا گیا، سینیٹ میں ہمارے سینیٹرز کو دوہری شہریت کی بنا پر نا اہل قرار دیا گیا، یہ سب کچھ آن ریکارڈ ہے۔
سعودی عرب ایسی فلسطینی ریاست کا خواہاں ہے جس کا دارلحکومت القدس ہو،سعودی عرب
مقبوضہ بیت المقدس(این این آئی)فلسطینی صدر محمود عباس نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے لیے سعودی عرب کے غیر معمولی سفیر نایف بن بندر السدیری سے رام اللہ میں ان کی اسناد تقرر وصول کیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق السدیری فلسطین میں غیر مقیم سعودی سفارتی نمائندے ہونے کے ساتھ ساتھ القدس الشریف میں مملکت کے قونصل جنرل کے فرائض بھی انجام دیں گے۔
اسناد تقرر پیش کرنے کے موقع پر سعودی سفیر کے ہمراہ رام اللہ آنے والا وفد بھی موجود تھا۔نایف بن بندر السدیری کو رواں برس اگست میں فلسطینی علاقوں کے لئے غیر مقیم سفیر مقرر کیا گیا تھا۔ اس تقرری کے بعد فلسطینی سفیر کی قیادت میں سعودی وفد تیس برس بعد مقبوضہ مغربی کنارے کے دورے پر آیا۔ اوسلو معاہدے کے بعد کسی بھی سعودی وفد کا مقبوضہ فلسطینی علاقوں کا یہ پہلا دورہ ہے۔
صدر محمود عباس نے خادم الحرمین الشریفین کے سفیر السدیری کا اتھارٹی کے ہیڈکوارٹر رام اللہ میں استقبال کیا۔ سعودی سفیر کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہوں نے مملکت کے وفد کی آمد کو انتہائی اہم قرار دیا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے فلسطینی علاقوں میں سعودی سفیر اور القدس کے لیے قونصل جنرل نایف السدیری نے کہا کہ مملکت ایک ایسی فلسطینی ریاست کے قیام کے لئے کوشاں ہے جس کا صدر مقام مشرقی بیت المقدس ہو گا۔
فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی کی معیت میں اخبار نویسوں سے بات کرتے ہوئے سعودی سفیر نے کہا کہ ان کا ملک فلسطینی تنازعہ کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ وہ اس تنازعے کا حل بین الاقوامی قراردادوں کی روشنی میں چاہتا ہے۔
فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے فلسطین کے ساتھ تعلقات تاریخ کے اہم مرحلے سے گذر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا فلسطینی سفیر کا مقبوضہ غرب اردن میں استقبال دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی مضبوطی کا عکاس ہے۔مشیر فلسطینی وزارت خارجہ احمد الدیک نے کہا کہ فلسطین اور سعودی عرب کے درمیان رابطوں اور ملاقاتوں کا سلسلہ کبھی منقطع نہیں ہوا۔ ہمیں مشرق وسطی میں امن عمل کی کامیابی میں سعودی کردار پر بھرپور اعتماد ہے۔
پاکستانی انجینئرنگ کمپنی نے نیوم کے لیے2.5 ملین ڈالر کی تعمیراتی ڈیل حاصل کر لی
ریاض(این این آئی)پاکستان کی ایک ممتاز انجینئرنگ کمپنی نیشنل انجینئرنگ سروسز پاکستان (نیسپاک)کے سینئر نمائندے نے تصدیق کی ہے کہ نیسپاک نے سعودی عرب کے بصیرت افروز منصوبے نیوم کے لیے 46.5 ملین سعودی ریال ($12.5 ملین) کا ایک پروجیکٹ حاصل کیا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق نیوم منصوبہ شمال مغربی سعودی عرب میں واقع ایک اقتصادی زون ہے جو آئندہ سالوں میں لاکھوں لوگوں کو رہائش دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔ $500 بلین سے زیادہ کے تخمینہ شدہ بجٹ والے منصوبے نیوم سے سعودی عرب کو امید ہے کہ یہ تعمیراتی جدت طرازی کی علامت ہوگا اور مملکت کے عالمی عزائم کی نشان دہی کرے گا۔
یہ منصوبہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ویژن 2030 کا ایک اہم جزو ہے -یاد رہے وژن 2030 ایک تزویراتی ترقیاتی فریم ورک ہے جس کا مقصد ملک کی معیشت کو تیل کی برآمد سے آگے بڑھا کر متنوع بنانا ہے۔
نیوم زیرو کاربن سٹی کا بھی مسکن ہو گا جسے دی لائن کہا جاتا ہے جو 170 کلومیٹر سے زیادہ رقبے پر محیط ہو گا اور 100 فیصد صاف توانائی سے چلنے والے کاربن پازیٹو شہری ماحول میں دس لاکھ رہائشیوں کو رہائش دے سکے گا۔نیسپاک کے نائب صدر برائے کاروباری ترقی احمد سعید نے عرب نیوز کو بتایا کہ کمپنی نے اقتصادی زون کو تعمیراتی انتظامی خدمات فراہم کرنے کے معاہدے پر دو ہفتے قبل دستخط کیے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا بجٹ 46.5 ملین سعودی ریال ($12.5 ملین) ہے جو پاکستانی 3.794 بلین روپے کے برابر ہے۔ انہوں نے مزید یہ بتایا کہ یہ کام سعودی الیکٹرک کمپنی (ایس ای سی) نے نیوم کے توانائی کے شعبے پر خصوصی توجہ کے ساتھ نیسپاک کو دیا۔احمد سعید نے عرب نیوز کو بتایا کہ نیسپاک مختلف زونز کے اندر ایکسٹرا ہائی وولٹیج (ای ایچ وی)، ہائی وولٹیج (ایچ وی) اور اور ہائی وولٹیج ڈائریکٹ کرنٹ (ایچ وی ڈی سی) منصوبوں کے لیے تعمیراتی انتظامی خدمات فراہم کرے گا جو نیوم بے، نیوم مانٹین اور نیوم فیز ٹو پر محیط ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس پر کام ‘جلد’ شروع ہو جائے گا۔احمد سعید نے کہاکہ یہ پاکستانی کمپنی کے لیے پہلی پیش رفت اور بہت اہم کامیابی ہے۔
عراق،شادی کی تقریب میں آتش زدگی سے 100سے زائد افراد ہلاک
بغداد(این این آئی)عراق میں شادی کی ایک تقریب کے دوران آگ لگنے کے نتیجے میں دسیوں افراد ہلاک اور بڑی تعداد میں جھلس کر زخمی ہو گئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نینوی گورنری کے محکمہ صحت نے بتایا کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب حمدانیہ ضلع میں پیش آنے والے آتش زدگی کے واقعے کے نتیجے میں ابتدائی طور پر 100 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔
محکمہ صحت نے بتایا کہ اس نے الحمدانیہ میں شادی ہالوں میں آتش زدگی کے واقعے کے نتیجے میں ابتدائی تعداد کے طور پر 100 اموات اور 150 سے زائد زخمیوں کی تصدیق کی گئی ہے۔عراقی ہلال احمر نے اعلان کیا کہ ضلع حمدانیہ میں شادی ہال میں آتش زدگی کے نتیجے میں متاثرین اور زخمیوں کی تعداد 450 سے زیادہ ہو گئی ۔
آگ شادی کی تقریب کے دوران لگی۔ آگ نے موصل کے مشرق میں ضلع الحمدانیہ میں واقع شادی ہال کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور آگ پر قابو پانے کے لیے فائر فائٹنگ ٹیمیں پہنچ گئیں۔عراقی سول ڈیفنس کا کہنا تھا کہ ابتدائی معلومات سے شادی کی تقریب کے دوران آتش بازی کے استعمال کی نشاندہی ہوتی ہے جس کی وجہ سے پہلے ہال کے اندر آگ بھڑک اٹھی اور آگ بہت تیزی سے پھیل گئی جس سے معاملہ گھمبیر ہو گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کنسرٹ ہال میں الارم اور فائر فائٹنگ سسٹم کے لیے حفاظتی تقاضوں کا فقدان ہے۔سول ڈیفنس ڈائریکٹوریٹ نے آگ لگنے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ شادی ہال کو انتہائی آتش گیر ایکو بونڈ پینلز سے ڈھانپ دیا گیا تھا، جو کہ حفاظتی ہدایات کی خلاف ورزی ہے۔
یہ معاملہ 2013 کے سول ڈیفنس قانون نمبر 44 کے مطابق عدلیہ کو بھیج دیا گیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ آگ لگنے سے ہال کے کچھ حصوں کے گرنے کا باعث بنی جس کے نتیجے میں انتہائی آتش گیر، کم لاگت والے تعمیراتی مواد کے استعمال کی وجہ سے آگ لگنے کے بعد چند منٹوں میں ہی گر جاتے ہیں۔
عراقی وزارت صحت نے آگ میں زخمی ہونے والوں کو راحت پہنچانے کے لیے بغداد اور دیگر صوبوں سے کمک بھیجی ہے۔عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السودانی نے وزارت داخلہ اور وزارت صحت کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آگ سے متاثرہ افراد کو امداد فراہم کرنے کے لیے چوکس رہیں۔دوسری طرف کردستان کی علاقائی حکومت کے وزیر اعظم مسرور بارزانی نے علاقے کے وزیر صحت کو زخمیوں کو منتقل کرنے کے لیے اربیل سے بڑی تعداد میں ایمبولینسیں ضلع حمدانیہ بھیجنے کی ہدایت کی جبکہ اربیل کے ہسپتالوں کو ان کا علاج کرنے کی ہدایت کی۔
بینکس ،مالیاتی ادارے جمعے سے تین روز بند رہیں گے
لاہور( این این آئی)ملک بھر میں بینکس اور مالیاتی ادارے جمعہ سے تین روز کیلئے بند رہیں گے۔12ربیع الاول کی مناسبت سے 29ستمبر بروز جمعہ عام تعطیل جبکہ 30ستمبر ہفتہ اور یکم اکتوبر اتوار کو معمول کی تعطیلات کی وجہ سے بینکس اور مالیاتی ادارے بند رہیں گے۔ بینکس اور مالیاتی ادارے تین روز کی تعطیلات کے بعد 2اکتوبر بروز پیر کے روز دوبارہ کھلیں گے۔
عسکری قیادت کی بے لوث کوششوں اور حکومتی تعاون سے ملکی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہوگئی
راولپنڈی(آن لائن) عسکری قیادت کی بے لوث کوششوں اور حکومت کے تعاون سے ملکی معیشت اب درست سمت کی جانب گامزن ہے۔ یکم ستمبر سے 21 ستمبر کے درمیان ڈالر کی قیمت مسلسل گراوٹ کا شکار ہے
۔ پاکستان کا تجارتی خسارہ 39.1 بلین سے کم ہو کر 24.1 بلین رہ گیا ہے۔پاکستانی معاشی بحالی کی راہ پر گامزن ہے اور یہ سفر تیزی سے جاری ہے۔305 روپے سے گر کر ڈالر کی قیمت 293 روپے پر آگئی ہے۔
ملک میں سالانہ افراط زر کی شرح مسلسل تیسرے مہینے کمی کے باعث اگست 2023 میں 27.4 فیصد پر آگئی ہے۔ مالیاتی سال 2023 میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 17.5 بلین ڈالر سے کم ہو کر 2.6 بلین ڈالر رہ گیا ہے۔ مجموعی پیداوار بھی مسلسل بڑھ رہی ہے۔
سال 2023 میں انفارمیشن ٹیکنالوجی انڈسٹری نے 1.72 بلین ڈالر کا تجارتی اضافہ کیا۔ کوئلہ، ڈولومائٹ، چونے کے پتھر، چٹانی نمک اور گیرو کی پیداور میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ پچھلے دو ماہ میں چین نے پاکستان میں 50.4 ملین ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کی جبکہ ملکی توانائی کی پیداوار میں سالانہ 5 فیصد اضافہ ہوا۔
ٹیلی کمیونیکیشن صنعت میں اس سال 632 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔ اسی طرح موجودہ سال میں بینکوں کا منافع 284.5 بلین روپے تک پہنچ گیا۔پاکستان میں اگلے 3 سالوں کے لئے 25 بلین ڈالر اور 10 سالوں میں ایک ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری لانے کیلئے ایس آئی ایف سی کا قیام عمل میں لایا گیا۔
پاک سعودی عرب کے مابین 10 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کی باہمی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے جبکہ 7 جون کو پہلی مرتبہ این ایل سی نے بذریعہ افغانستان زمینی راستے کو استعمال کرتے ہوئے برآمدی اشیاء ازبکستان اسر قازقستان پہنچائیں۔
اداکارہ نین تارا فلم نگری میں قدم رکھنے سے قبل ایک پروگرام اینکر تھیں
ممبئی (این این آئی)زندگی میں شعبے تبدیل کرنا عام بات ہے، جس کی ایک نئی مثال جنوبی بھارت کی صف اول کی اداکارہ نین تارا کی صورت میں سامنے آگئی۔
اداکارہ نین تارا فلم نگری میں قدم رکھنے سے قبل ایک پروگرام اینکر تھیں، جی ہاں آپ نے بالکل درست پڑھا۔حال ہی میں فلم جوان کے ساتھ بالی ووڈ میں ڈیبیو کرنے والی اداکارہ نین تارا کے ماضی کا پروفیشن بھی سامنے آگیا۔
تیلگو، تامل اور ملیالم فلموں میں اپنی اداکاری سے مداحوں کے دل جیتنے والی نین تارا بڑے پردے پر آنے سے پہلے ٹیلی ویڑن پر پروگرام اینکر تھیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر زیرگردش اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نین تارا ملیالم ٹیلی ویژن پروگرام کی میزبانی کر رہی ہیں۔
یہ شو لائف اسٹائل سے متعلق ہے۔ویڈیو وائرل ہونے پر صارف نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ نین تارا کی شناخت نہیں ہو پارہی۔ ایک صارف نے لکھا کہ ویڈیو یہ ظاہر کرتی ہے کہ نین تارا میں کس حد تک تبدیلی آگئی ہے۔
بھارتی فلم ساز ہنسل مہتا کا فلم ”علی گڑھ” سے متعلق دلچسپ انکشاف
ممبئی (این این آئی)بھارتی فلم ساز ہنسل مہتا نے انکشاف کیا ہے کہ گووندا کی وجہ سے انہیں ایک فلم کا اسکرپٹ تبدیل کرنا پڑ گیا اور پھر منوج باجپائی کیلیے دوبارہ اس پر کام کرنا پڑا۔
ہنسل مہتا نے بھارتی میڈیا کو ایک انٹرویو کے دوران 2015 میں ریلیز ہونے والی فلم علی گڑھ سے متعلق دلچسپ قصہ بیان کردیا۔ فلم ساز نے کہا کہ کبھی کبھار آپ کے ساتھ ایسا ہوتا ہے کہ آپ کسی اداکار کو ذہن میں رکھ کر اسکرپٹ تیار کرتے ہیں۔
آپ اس اداکار میں پھنس جاتے ہیں۔ انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ایسا میرے ساتھ بھی ہوا جب میں نے ایک اداکار کو ذہن میں رکھ کر اسکرپٹ تیار کیا اور پھر اس نے پروجیکٹ کرنے سے منع کردیا جس کے بعد یہ کہانی چھوڑنی پڑی اور پھر اسے نئے سرے سے ترتیب دیا گیا۔
ہنسل مہتا کا کہنا تھا کہ یہ سب میرے ساتھ اس وقت ہوا جب میں فلم علی گڑھ کا اسکرپٹ تیار کر رہا تھا۔انہوں نے بتایا کہ جب میں فلم علی گڑھ کیلیے کاسٹنگ ڈائریکٹر مکیش چھابرا کے ساتھ بیٹھا تو ان سے کہا کہ ‘چلیں گووندا سے بات کرتے ہیں۔
ہنسل مہتا نے کہا کہ مکیش چھابرا سے ملاقات کے بعد کیا ہوا مجھے نہیں معلوم، لیکن اتنا ضرور معلوم ہے کہ گووندا کی فلم کیلیے کاسٹنگ نہیں ہوسکی تھی جس کے بعد مکیش چھابرا نے کہا تھا کہ ‘آپ منوج باجپائی سے بات کریں۔
واضح رہے کہ فلم علی گڑھ 2015 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں منوج باجپائی نے جامعہ علی گڑھ کے پروفیسر ڈاکٹر شری نیواس رام چندرا سراس کا کردار نبھایا تھا۔ فلم میں منوج باجپائی کے علاوہ راجکمار راؤ، دل ناز ایرانی، ایشوک سنگھ اور اشیش ودیارتھی بھی مرکزی کرداروں میں نظر آئے۔
اب بھی سابقہ منگیتر رشمیکا مندانا کے ساتھ رابطے میں ہوں، رکشت شیٹی
ممبئی (این این آائی)جنوبی بھارت کی کناڈا فلموں کے معروف اداکار، فلم پروڈیوسر، مصنف اور فلمساز رکشت شیٹی نے اپنی سابقہ منگیتر اور معروف اداکارہ رشمیکا مندانا سے متعلق حیران کن اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب بھی رشمیکا کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
40 سالہ رکشت نے اپنی سابقہ منگیتر کی سخت محنت اور جدوجہد کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ رشمیکا کو سپورٹ کرتے ہیں تاکہ وہ فلم انڈسٹری میں مزید ترقی کریں۔
واضح رہے کہ اس سال دسمبر میں متوقع طور پر ریلیز ہونے والی فلم اینیمل میں رنبیر کپور کے ساتھ کام کرنے والی 27 سالہ رشمیکا مندانا اور رکشٹ شیٹی کی 2017 میں منگنی ہوئی تھی۔
تاہم اطلاعات کے مطابق رشمیکا نے یہ منگنی 2018 میں ختم کر دی تھی۔بھارتی میڈیا کے مطابق رکشت کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی رشمیکا کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ رشمیکا کے فلمی دنیا کے حوالے سے بڑے خواب ہیں اور وہ اس پر بڑی تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں، اس سلسلے میں میری پوری سپورٹ اور ہمدردی ان کے ساتھ ہے۔
بالی وڈ میں بڑا تصادم ،شاہ رخ خان اور پرابھاس آمنے سامنے
ممبئی(این این آئی) فلمی شائقین بالی وڈ انڈسٹری کے سب سے بڑے تصادم کیلئے تیار ہوجائیں، رواں برس کرسمس پر شاہ رخ خان اور برابھاس کی فلمیں ایک ساتھ ریلیز ہوں گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق برابھاس کی میگا تھرلر فلم ‘سالار’ کی ریلیز کیلئے 22 دسمبر کی تاریخ مقرر کی گئی جو پہلے ہی سے کنگ خان کی ‘ڈنکی’ کیلئے مختص ہے۔
بالی وڈ سپر اسٹار کی نئی فلم ‘ڈنکی’ کا مداحوں کو شدت سے انتظار ہے کیوں کہ اسے لیجنڈری فلمساز راج کمار ہیرانی بنارہے ہیں جو بالی وڈ کو متعدد بلاک بسٹر فلمیں دے چکے ہیں۔
‘سالار’ کی ریلیز کیلئے 28 ستمبر کی تاریخ مقرر کی گئی تھی لیکن ڈائریکٹر کی طرف سے کلائمکس میں تبدیلی اور وی ایف ایکس مسائل کی وجہ سے یہ التواء کا شکار ہوگئی۔
پرابھاس کی فلم کو بلاک بسٹر فلم ‘کے جی ایف’ کے ڈائریکٹر پراشانت نیل بنارہے ہیں جب کہ انہی کی فلم ‘کے جی ایف 2’ کا تصادم بھی شاہ رخ خان کی فلم ‘زیرو’ سے ہوا تھا۔