24 گھنٹے کے دوران 128 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق



لاہور( این این آئی)پنجاب کے تمام اضلاع میں گز شتہ 24 گھنٹے کے دوران 128 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔

سیکرٹری صحت علی جان خان کے مطابق لاہور میں گزشتہ روز 60 ،راولپنڈی میں 40 ،ملتان میں 10 ،فیصل آباد میں 4 ،گوجرانوالہ میں 7 ،شیخوپورہ میں ڈینگی کے دو جبکہ قصور، اوکاڑہ ، ساہیوال ،بہاولنگر اور لیہ میں ڈینگی کا ایک ،ایک نیا مریض سامنے آیا۔

پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 158 مریض زیر علاج ہیں۔

فیض آباد دھرنا کیس: پیمرا کانظر ثانی در خواست واپس لینے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع



اسلام آباد (آن لائن) انٹیلی جنس بیورو کے بعد پیمرا نے بھی فیض آباد دھرنا فیصلہ کیخلاف نظر ثانی درخواست واپس لینے کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔

پیمرا نے نظر ثانی درخواست واپس لینے کی متفرق درخواست دائر کردی جس میں کہاگیاہے کہ فیض آباد دھرنا فیصلہ کیخلاف نظر ثانی زیر التواء ہیں۔

سپریم کورٹ میں نظر ثانی درخواست پر 28 ستمبر کو سماعت مقرر ہے۔پیمرا نظر ثانی درخواست کی پیروی نہیں کرناچاہتا۔پیمرا کی متفرق درخوست منظور کی جائے۔استدعاہے کہ فیصلہ کیخلاف نظر ثانی واپس لینے کی اجازت دی جائے۔

پاکستان کو 2 ماہ میں بیرونی قرض اور فنڈنگ کی مد میں 5 ارب 31 کروڑ ڈالر ملے،رپورٹ جاری



اسلام آباد(آن لائن) وزارت اقتصادی امور نے رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں بیرونی قرضوں اور فنڈنگ پر رپورٹ جاری کر دی۔رپورٹ کے مطابق حکومت نے رواں سال بجٹ میں 17 ارب 38 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی بیرونی فنڈگ کا تخمینہ لگا رکھا ہے اور رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں پاکستان کو 5 ارب 31 کروڑ ڈالر ملے جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں 43 کروڑ 90 لاکھ ڈالر فنڈنگ ملی تھی۔

وزارت اقتصادی امور کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگست میں 31 کروڑ 60 لاکھ اور جولائی میں 2 ارب 89کروڑ ڈالر کی فنڈنگ ملی، یہ فنڈنگ آئی ایم ایف سے ملنے والے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کے علاوہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کو سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر ملے، رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں سعودی عرب سے سیف ڈپازٹ کی مد میں 2 ارب روپے ملے جبکہ 20 کروڑ ڈالر کا تیل ادھار ملا جبکہ رواں مالی سال کے دوران یو اے ای سے 12 ملین ڈالر سیف ڈپازٹ کے طور پر ملے۔چین کی ایرو ٹیکنالوجی کارپوریشن سے پی اے ایف کو 50 کروڑ 60 لاکھ ڈالر فنڈنگ ہوئی۔

باہمی قرض کے طور پر 22 کروڑ 10 لاکھ ڈالر ملے، کثیرالجہتی ایجنسیوں سے 33 کروڑ 60 لاکھ اور نیا پاکستان سرٹیفکیٹ سے 14 کروڑ 10 لاکھ ڈالر ملے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال عالمی بینک سے 17 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا قرض ملا جبکہ اسلامی ترقیاتی بینک سے 87 کروڑ اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے 39 کروڑ ڈالر قرض ملا۔

اس کے علاوہ پاکستان کو اے آئی بی سے 16 ملین اور بین الااقومی فنڈ برائے زراعت سے 6 ملین ڈالر قرض ملا۔وزارت اقتصادی امور کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں 2 ارب 45 کروڑ سے زیادہ بجٹ سپورٹ کے طور پر ملے جبکہ 760ملین ڈالر پراجیکٹ قرض کے طور پر ملے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال پہلے 2 ماہ میں کمرشل بینکوں کی طرف سے کوئی قرض نہیں مل سکا تاہم رواں بجٹ میں کمرشل بینکوں سے ساڑھے 4 ارب 50 کروڑ ڈالر قرض کا تخمینہ ہے۔رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ بین الاقومی مارکیٹ میں بانڈز جاری نہ کیے جا سکے۔

متنازع ٹویٹ کیس: اعظم سواتی کو گرفتار کر کے عدالت پیش کرنے کا حکم



اسلام آباد (این این آئی)سپیشل جج سینٹرل اسلام آباد نے متنازع ٹویٹ کیس میں رہنما تحریک انصاف اعظم سواتی کو گرفتار کر کے عدالت پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

متنازع ٹویٹس کرنے کے کیس میں اعظم سواتی کے دائمی وارنٹ سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے جاری کیے، اس سے قبل سپیشل جج سینٹرل نے اعظم سواتی کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کیا تھا۔

اعظم سواتی پر سرکاری افسران کے خلاف متنازع ٹویٹس کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا تھا، عدالت نے کہیں بھی نظر آنے پر ایف آئی اے کو اعظم سواتی کو گرفتار کرکے عدالت پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

ملتان،بینائی متاثر کرنیوالے انجیکشنز کی فراہمی پر 2 افراد گرفتار



ملتان (این این آئی)ملتان میں مخصوص انجیکشن لگنے سے شوگر کے مریضوں کی بینائی متاثر ہونے کے معاملے پر مزید 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ۔

اس حوالے سے پولیس نے بتایا کہ نجی ہسپتالوں کو انجیکشن فراہم کرنے والے 2 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ ملزمان کا تعلق وہاڑی سے ہے، دونوں کو لاہور سے گرفتار کیا ہے۔

واضح رہے کہ ملتان میں نجی اسپتالوں کو ان ہی ملزمان نے انجیکشن فراہم کیے تھے۔پنجاب میں جعلی انجیکشن لگنے سے بینائی متاثر ہونے کے اب تک 68 کیسز سامنے آ چکے ہیں، غیر معیاری انجیکشن سے شوگر کے مریضوں کی آنکھ کے پردے متاثر ہوئے۔

کندھ کوٹ،راکٹ کا گولہ پھٹنے سے 8 افراد جاں بحق، پانچ زخمی



کشمور (این این آئی)سندھ کے ضلع کشمور کی تحصیل کندھ کوٹ میں کچے کے علاقے گھوڑہ گھاٹ کے ایک گھر میں راکٹ کا گولہ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 5 بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہو گئے۔

پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق راکٹ کا گولہ بچوں کو زرعی زمین سے ملا تھا۔ایس ایس پی روحل کھوسو نے بتایا ہے کہ تفتیش کے مطابق بچے راکٹ کا گولہ گھر لے آئے تھے جو دھماکے سے پھٹ گیا۔

روحل کھوسو کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا دوسری جانب نگراں وزیر اعلیٰ سندھ نے کندھ کوٹ میں راکٹ پھٹنے پر آئی جی سے رپوٹ طلب کر لی۔

ترجمان کے مطابق نگراں وزیرِ اعلی سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا۔

جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے کہا کہ راکٹ لانچر زنگی سبزوئی گوٹھ میں کیسے پہنچا، کوئی اسلحے کی کھیپ کچے میں اسمگل ہو رہی تھی؟نگراں وزیرِ اعلیٰ نے آئی جی پولیس سے سوال کیا کہ کیا گوٹھ میں ڈکیتوں کے سہولت کار موجود ہیں؟ راکٹ لانچر کیسے بلاسٹ ہوا، تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔

بائیڈن نے احتجاجی ملازمین کیساتھ مظاہرے میں شامل ہوکر تاریخ رقم کردی



مشی گن (اے ایف پی) جوبائیڈن احتجاجی ملازمین کیساتھ مظاہرے میں شامل ہونے والے امریکا کے پہلے موجودہ صدر بن گئے ہیں

انہوں نے مشی گن میں آٹو ورکرز (گاڑیوں کی صنعت میں کام کرنے والے ملازمین ) کے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی جس کا مقصد اپنے حریف ٹرمپ کے مقابلے میں بلو کالر یعنی محنت کش افراد کا وووٹ حاصل کرنا ہے ۔

ان احتجاجی ملازمین نے یونائیٹڈ آٹو ورکرز نامی یونین کی ٹوپی پہن رکھی تھی جبکہ ڈیموکریٹ کی سرخ رنگ کی شرٹ زیب تن کررکھی تھی جس پر ایک بھونپو بنا ہوا تھا ، اس پر یہ نعرہ بھی درج تھا کہ ’’آپ کو موجودہ سے کئی زیادہ تنخواہ ملنی چاہئے ۔

سارہ انعام قتل،تفتیشی افسر کا بیان قلم بند



اسلام آباد (این این آئی)سارہ انعام قتل کیس میں تفتیشی افسرحبیب الرحمن نے اپنا بیان عدالت میں قلم بند کروا دیا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں سیشن جج اعظم خان نے کیس کی سماعت کی۔دورانِ سماعت عدالت میں پراسیکیوٹر راناحسن عباس اور تفتیشی افسر حبیب الرحمن پیش ہوئے، جبکہ مقتولہ سارہ انعام کے والد انعام الرحیم بھی عدالت میں موجود تھے۔

سیشن جج اعظم خان کے حکم پر ملزم شاہنواز امیر کو عدالت میں پیش کیا گیا۔پراسیکیوٹر رانا حسن عباس نے تفتیشی افسرحبیب الرحمن کا بیان قلم بند کیا۔تفتیشی افسرحبیب الرحمن نے بتایا کہ میں 23 ستمبر 2022 کو بطور تفتیشی افسر تھانہ شہزاد ٹائون میں تعینات ہوا اور اسی دن ایس ایچ او نوازش علی نے سارہ انعام قتل کیس کا مقدمہ درج کیا۔

انہوں نے بتایا کہ 23 ستمبر کو دوپہر ایک بجے سارہ انعام قتل کیس کا مقدمہ درج کیا گیا اور مقدمے کے اندراج کے بعد میں ساتھیوں کے ساتھ واقعے کی جگہ فارم ہاس 46 چک شہزاد پہنچا، دیگر پولیس اہلکار اور فارنزک ٹیم فارم ہاس پر پہلے ہی موجود تھی۔تفتیشی افسر حبیب الرحمن نے بتایا کہ فارم ہاس پہنچنے پر مجھے پتہ چلا مقتولہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال بھجوا دی گئی ہے۔

پولی کلینک میں ڈاکٹر بشری اشرف نے مقتولہ سارہ انعام کا پوسٹ مارٹم کیا اور 4 گواہان کا بیان پولی کلینک میں ہی ریکارڈ کیا۔بیان میں تفتیشی افسر حبیب الرحمن نے بتایا کہ مقتولہ کے والدین بیرونِ ملک تھے لہذا سارہ انعام کی لاش سرد خانے میں رکھوائی گئی، آلہ قتل اور خون آلود ڈمبل واقعے کی جگہ سے کرائم سین آفیسر نے برآمد کیے۔بیان قلم بند کرواتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ واقعے کی جگہ فارم ہائوس چک شہزاد سے گواہان کے بیان بھی ریکارڈ کیے اور ملزم شاہنواز امیر کو بھی وہیں سے حراست میں لیا گیا۔

شاہنواز امیر نے اپنے کمرے سے خود 5 پاسپورٹس، 5 موبائل فون برآمد کروائے اور سارہ انعام کے ساتھ ہوئے نکاح نامے کی کاپی بھی دی۔تفتیشی افسر حبیب الرحمن نے بتایا کہ ملزم شاہنواز امیر کی والدہ ثمینہ شاہ بھی واقعے کی جگہ پر موجود تھیں، ثمینہ شاہ نے بتایا کہ ان کے بیٹے شاہنواز امیر نے اپنی اہلیہ سارہ انعام کا قتل کیا ہے۔

بیان ریکارڈ کراتے ہوئے تفتیشی افسر حبیب الرحمن نے عدالت کو بتایا کہ ملزم شاہنواز امیر کے بازوں پر خراشیں بھی موجود تھیں جس پر ملزم کو طبی معائنے کے لیے پولی کلینک ہسپتال لیجایا گیا، مقتولہ کے چچا اکرام الرحیم اور ضیا الرحیم نے سارہ انعام کی ہسپتال میں شناخت کی۔

واضح رہے کہ 23 ستمبر 2022 کو اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد میں سینئر صحافی ایاز امیر کے بیٹے شاہنواز امیر نے نہایت سفاکی سے اپنی اہلیہ سارہ انعام کو ڈمبل کے وار کر کے قتل کر دیا تھا۔پولیس نے سارہ انعام قتل کیس کی تفتیش کی تو اس میں اہم انکشافات سامنے آئے تھے۔ملزم نے اپنی بیوی کو قتل کرنے کے بعد اس کے کینیڈین پاسپورٹ کے ٹکڑے کیے اور شواہد مٹانے کی بھی کوشش کی۔

امریکی صدر کے بیٹے ہنٹر بائیڈن کا سابق میئر نیویارک اور ٹرمپ کے وکیل پر مقدمہ



واشنگٹن (اے ایف پی ) امریکی صدر جو بائیڈن کے بیٹے53سالہ ہنٹربائیڈن نے منگل کو یہاں سابق صدر ڈو نلڈ ٹر مپ کے وکیل اور نیویارک کے سابق میئر روڈی گلیائی پر کمپیو ٹر فراڈ کے الزام میں مقدمہ دائر کردیا ہے ۔

کیلی فورنیا کی عدالت میں دائر مقدمے میں ہنڑ نے گلیانی پر ان کے کمپیوٹر سے ذاتی ڈیٹا تک دسترس کا الزام لگایا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ گلیانی اور ان کے سابق وکیل رابرٹ کو سٹیلوان کی نجی ڈیجٹیل خلوت میں مداخلت بے جا کے مرتکب ہوئے ۔ ہنٹر نے ان پر مقدمہ چلانے اور ہرجانہ دلانے کی استدعاکی ہے ۔

پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتوں کو الیکشن میں حصہ لینے کا حق ہے‘ وزارت اطلاعات



اسلام آباد (این این آئی)وزارت اطلاعات نے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کے غیرملکی خبر ایجنسی کو دیے گئے انٹرویو سے متعلق بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ نگراں وزیراعظم کے انٹرویو میں ریمارکس کو غلط رپورٹ کرنا افسوسناک ہے۔

ایک بیان میں وزارت اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتیں انتخابات میں حصہ لینے کے لئے آزاد ہیں اور تمام سیاسی جماعتوں کو عام انتخابات میں حصہ لینے کا مساوی حق حاصل ہے۔

نگراں وزیر اطلاعات نے کہا کہ نگراں وزیراعظم نے کہا تھا کہ انتخابات میں حصہ لینا حق ہے لیکن جرائم پر سزا قانونی طور پر جائز ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا یہ افسوسناک ہے کہ انٹرویو کے ایک حصہ کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔ غلط تاثر دیا گیا کہ کسی مخصوص شخص کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

قومی آمدنی میں اضافے کیلئے 14 سرکاری اداروں کی نجکاری فی الفور کی جائے گی،اہم تجاویز منظور



اسلام آباد(آن لائن) معاشی بحالی کیلئے حکومت کا ٹیکس محصولات میں اضافے پر غور کرنا شروع کردیا ہے۔

قومی آمدنی میں اضافے کیلئے 14 سرکاری اداروں کی نجکاری فی الفور کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق کابینہ کمیٹی برائے اقتصادی بحالی میں حکومت نے اہم تجاویز منظور کر لی ہیں۔

دو سال میں ٹیکس محصولات کو 13 ہزار ارب روپے تک لیجایا جائے گا، آئندہ دو برسوں میں 5 ہزار 600 ارب روپے کی ٹیکس وصولی ممکن ہے۔

امیروں پر ٹیکسوں میں اضافہ، اخراجات میں کمی کی جائے گی، توانائی کے شعبے میں بدانتظامی کو اصلاحات کے ذریعے بہتر کیا جائے گا۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ اخراجات میں کمی سے تین ہزار 200 ارب روپے کی بچت ممکن ہے، قومی آمدنی میں اضافے کیلئے 14 سرکاری اداروں کی نجکاری فی الفور کی جائے گی جبکہ حکومتی اخراجات میں 10 فیصد کٹوتی کی جائے گی، زرعی شعبے اور قابل انتقال اثاثہ جات پر ٹیکسوں میں اضافہ کیا جائے گا۔

آشوب چشم سے متاثرہ تعلیمی اداروں میں چھٹیوں پر غور



کراچی (پی پی آئی) شہرقائد سمیت صوبہ میں آشوب چشم کے بڑھتے ہوئے کیسزسے اسکول کالجز کے طالبعلموں سمیت عام شہریوں کی ایک بڑی تعداد متاثر ہو چکی ہے محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق ہائی الرٹ احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔تعلیم اور صحت کے محکموں نے طالبعلموں کو وائرس سے بچانے کیلئے تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کے حوالے سے غور شروع کر دیا ہے۔