عمران ریاض کی بازیابی اللہ کی رحمت سے ہوئی ‘ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ



لاہور( این این آئی)لاہور ہائیکورٹ نے صحافی عمران ریاض کی بازیابی کے لیے دائر درخواست صحافی کے بحفاظت بازیاب ہونے پر غیر موثر قرار دے کر نمٹا دی ۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی نے درخواست پر سماعت کی ۔

صحافی عمران ریاض کی بازیابی سے متعلق عدالت کو آگاہ کیا گیا جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اللہ کاشکرادا کریں ،عمران ریاض کی بازیابی اللہ کی رحمت سے ہوئی ۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ عمران ریاض کے خود گھر واپس انے کے بعد حبس بجا کی درخواست غیر موثر ہو چکی ہے ۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور عدالت میں پیش نہ ہوئے جبکہ ان کی جگہ ایڈیشنل آئی جی ذوالفقار حمید اور شہزادہ سلطان عدالت میں پیش ہوئے ۔درخواست گزار کی طرف سے میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ پیش ہوئے ۔ فاضل عدالت نے درخواست غیر موثر قرار دے کر نمٹا دی۔

وزیر اعلی نے ایوسٹان انجکشن سے پیدا شدہ صورتحال بارے 10 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی



لاہور( این این آئی)وزیر اعلی محسن نقوی نے ایوسٹان انجکشن سے پیدا شدہ صورتحال کے بارے میں 10 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی۔وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کمیٹی کے کنوینر جبکہ وزیر پرائمری ہیلتھ معاون کنوینر ہوں گے۔

کمیٹی کے دیگر ارکان میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب ، سیکرٹری قانون پنجاب ،ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ پرائمری ہیلتھ کیئر ،وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ،ایڈیشنل سیکرٹری(ٹیکنیکل)محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کمیٹی کے رکن ہوں گے۔کمیٹی کے دیگر ارکان میں پروفیسر ڈاکٹر اسد اسلم، ڈائریکٹر جنرل ڈرگز کنٹرول پنجاب اور کمیٹی کی طرف سے ضروری سمجھے جانے والے کوئی اور ممبر شامل ہوں گے۔

کمیٹی واقعے کا تمام پہلوئوں سے اچھی طرح جائزہ لے گی اور اس ناخوشگوار واقعے کے اسباب اور وجوہات کا تعین کرے گی۔لاہور — کمیٹی انجکشن کے استعمال کے بارے میں اس وقت جاری کلینیکل پریکٹیسز کا تجزیہ کرے گی اور اس بات کا تعین کرے گی کہ کیا یہ پریکٹیسز کافی ہیں یا نہیں۔

کمیٹی انجکشن کی مینوفیکچرنگ، ڈسٹریبیوٹرز، کمپائونڈرز، سپلائرز، امراض چشم کے کلینکس اور فیلڈ ریگولیٹرز کے کام میں خامیوں کی نشاندہی کرے گی اورذمہ داری کا تعین کرے گی۔ ہر سطح پر خامیوں اور کمزوریوں کا واضح طور پر تعین کیا جائے گا۔

کمیٹی مستقبل میں ایسے واقعات کے سدباب کے لیے جامع عمل درامد پلان پیش کرے گی۔کمیٹی اپنے کام کے دوران حاصل شدہ معلومات کی بنیاد پر اس سلسلے میں کوئی اور تجویز بھی پیش کر سکے گی۔بتایا گیا ہے کہ کمیٹی سات روز میں اپنا کام مکمل کر کے وزیراعلی پنجاب کو اپنی واضح سفارشات پیش کرے گی۔

پنجاب کے قیمتی پنک راک سالٹ ذخائر کے حوالے سے پلان تشکیل



لاہور( این این آئی)محکمہ معدنیات نے پنجاب کے قیمتی پنک راک سالٹ ذخائر کے حوالے سے پلان تشکیل دیدیا ،ناجائزفائدہ پہنچانے والی غیر قانونی راک سالٹ پالیسی کو بھی ختم کر دیا گیا ۔

نگران وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر محکمہ معدنیات، وزیر معدنیات اور چیف سیکرٹری پنجاب کی سربراہی میں راک سالٹ کے قیمتی ذخائر سے حقیقی فائدہ اٹھانے کے لیے لائحہ عمل بنا رہا ہے۔

پنک راک سالٹ کے ذخائر صرف پنجاب پاکستان میں موجود ہیں۔راک سالٹ کے یہ ذخائر چکوال خوشاب میانوالی اور جہلم کے اضلاع پر مشتمل ہیں۔

راک سالٹ کے یہ قیمتی ذخائر 200 کلومیٹر لمبائی اور 15 کلو میٹر چوڑائی پر محیط ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ محکمہ معدنیات ہمالین پنک سالٹ کے ان قیمتی زخائر کی نیلامیوں سے اربوں روپے کی آمدنی اکٹھا کر سکتا ہے۔محکمہ معدنیات نے پنجاب کے نایاب نمک کی جغرافیکل انڈیکیشن کے لیے بھی کام شروع کر دیا ۔

لیسکو میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ،مزید490 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے



لاہور( این این آئی) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو ) کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف 20روز بھی آپریشن جاری رہا،تمام سرکل میں 490 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جنہیں منقطع کر دیا گیا ۔

بجلی چوروں کے خلاف دی جانے والی درخواستوں میں سے238پرایف آئی آرز رجسٹرڈ کر لی گئی جبکہ 37ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا ۔

لیسکو ترجمان کے مطابق پکڑے جانے والے کنکشنز میں 2زرعی،کمرشل28 اور460ڈومیسٹک کنکشنز تھے۔ کنکشنز منقطع کرکے ان کو 8لاکھ 73ہزار699یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے جن کی مالیت 4کروڑ10لاکھ49ہزار790روپے بنتی ہے ۔

ترجمان کے مطابق شیخوپوریاں بازار میں گھریلو صارف کو 10 لاکھ روپے کا جرمانہ کیا گیا،فیروز پور روڈ اچھرہ میں گھریلو صارف کو500000 روپے ،باغ منشی لدھا کے علاقے میں گھریلو صارف کو 350000 روپے ، راوی روڈ کے علاقے میں گھریلو صارف کو 300000 روپے کا جرمانہ کیا گیا۔

آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 6840ایف آئی آرز رجسٹرڈ ہو چکی ہیں جبکہ کل595ملزمان کو گرفتار کیا گیا ۔ ترجمان کے مطابق بجلی چوروں کو اب تک 1کروڑ85لاکھ16ہزار296یونٹس چارج کئے گئے جن کی رقم 82کروڑ 52لا کھ72ہزار 796روپے بنتی ہے۔

عوام کے لئے خوشخبری درجہ اول کے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمت میں 20روپے کلو کی کمی ہو گئی



مکوآنہ (این این آئی)گھی کی فی کلو قیمت میں 34 روپے تک کمی ہو گئی جس کے بعد درجہ سوم گھی کی فی کلو قیمت 356روپے اور درجہ دوم کی فی کلو قیمت 454روپے ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق ڈالر کی قدر میں کمی کے ثمرات نظر آنا شروع ہو گئے ہیں اور گھی کی فی کلو قیمت میں 34 روپے تک کمی ہوگئی ہے۔

ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق درجہ سوم گھی کی فی کلو قیمت 356روپے ہوگئی ہے، اور درجہ دوم کی فی کلو قیمت 454 روپے ہوئی ہے۔ڈیلرز ایسوسی ایشن نے بتایا کہ درجہ اول کے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمت میں 20روپے کلو کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد درجہ اول گھی 540روپے اور کوکنگ آئل 550روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

کرینہ کپور سونے کا چمچ منہ میں لیکر پیدا ہونے والی شخصیات میں شامل



ممبئی (این این آئی)بالی وڈ پر تقریباً 20 سال سے راج کرنے والی خوبرو اداکارہ کرینہ کپور سونے کا چمچ منہ میں لے کر پیدا ہونے والی شخصیات میں شامل ہیں جن کے حصے میں پیدائش سے لے کر جوانی تک آسائشیں اور پھر کامیابیاں ہی دیکھنے میں آئیں ۔

فلموں کے ذریعے باکس آفس پر راج ہو یا پھر ریمپ واک سے ایڈورٹائزنگ تک کا سفر، کرینہ اپنے دو دہائی پر مشتمل کیرئیر میں ہر فن آزما چکی ہیں۔

بھارتی میڈیا پر حال ہی میں کرینہ کی آسائشوں سے بھری زندگی سے متعلق ایک رپورٹ شیئر کی گئی جس کے مطابق کرینہ کپور کی جائیداد کی مجموعی مالیت 440 کروڑ بھارتی روپے ہے جس کا زیادہ تر حصہ ان کے فلمی کیرئیر سے آنے والے معاوضے پر مشتمل ہے۔

رپورٹ کے مطابق کرینہ کی ایک فلم کا معاوضہ 10 سے 12 کروڑ بھارتی روپے ہے اور ان کی ماہانہ آمدنی 2 سے 3 کروڑ روپے ہے۔فلموں کے علاوہ، وہ برانڈ کی تشہیر اور فوٹو شوٹس سے حاصل ہونے والی آمدنی بھی کرینہ کی جائیداد کا ایک اہم حصہ بڑھانے کا سبب ہے۔

بالی وڈ بے بو مبینہ طور پر ایک برانڈ کی تشہیرکیلئے 5 کروڑ بھارتی روپے وصول کرتی ہیں۔کرینہ بالی وڈ کے مشہور رئیلیٹی شو’ ڈانس انڈیا ڈانس’ کی جج بھی رہ چکی ہیں، مبینہ طور پر 3 کروڑ بھارتی روپے کا معاوضہ لیا تھا۔

آسام کے فارچیون ٹاور میں ایک دہائی سے زیادہ عرصہ رہنے کے بعد کرینہ اور سیف علی خان اپنے بچوں کے ساتھ باندرہ میں ستگرو شرن کے ایک اپارٹمنٹ میں شفٹ ہوگئے ہیں۔4 منزلوں پر تیار یہ اپارٹمنٹ درشنی شاہ کا ڈیزائن کردہ ہے جس میں شاندار آرٹ ورک، لائبریری، قدیم اشیا، ماڈرن طرز کا فرنیچر مکینوں کی عیش وعشرت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

دوسری جانب کرینہ اور سیف سوئٹزرلینڈ میں Gstaad میں چھٹیاں گزارنا پسند کرتے ہیں لیکن کیا آپ جانتے ہیں بالی وڈ کپل یہاں 33 کروڑ بھارتی روپے کے گھر کا مالک بھی ہے۔

لاہور ہائی کورٹ نے لال حویلی کو ڈیل سیل کرنے کی استدعا مسترد کر دی



راولپنڈی (آن لائن)لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس جواد حسن نے متروکہ وقف املاک کی جانب سے لال حویل سیل کرنے کیخلاف دائر پٹیشن پر لال حویل کو فوری طور پر ڈی سیل کرنے کی استدعا مسترد کر دی ہے عدالت نے متروکہ وقف املاک کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کو ریکارڈ سمیت طلب کرتے ہوئے سماعت2اکتوبر تک ملتوی کر دی ہے۔

گزشتہ روز پٹیشن کی سماعت کے موقع پر متروکہ وقف املاک کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر اور لیگل ایڈوائزر جبکہ درخواست گزار شیخ صدیق کی جانب سے سردار عبدالرازق خان اور ان کے معاون سردار شہباز خان عدالت میں پیش ہوئے۔

اس موقع پر متروکہ وقف املاک کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شیخ رشید اورانکے بھائی شیخ صدیق کو دستاویزات پیش کرنے کیلئے متعدد مواقع دیئے گئے لیکن شیخ رشید، انکے بھائی اوروکلا ریکارڈ پیش کرنے کی بجائے بار بار التوا مانگتے رہے ۔

اس موقع پر درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عدالت کے احکامات پر شیخ رشید اور شیخ صدیق نے متروکہ وقف املاک میں اپیل دائر کی لیکن ہمیں بغیر سنے لال حویلی کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیادرخواست گزار کے وکیل نے لال حویلی کے خلاف آپریشن کو یکطرفہ فیصلہ قرار دیتے ہوئے استدعا کی کہ لال حویلی کو ڈی سیل کیا جائے۔

عدالت نے فریقین کے وکلا کا موقف سننے کے بعد متروکہ وقف املاک کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کو ریکارڈ سمیت2اکتوبر کو طلب کر لیا ہے شیخ رشید کے بھائی شیخ صدیق نے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین کو فریق بناتے ہوئے پٹیشن میں موقف اختیار کیاتھا کہ لال حویلی سے متعلق درخواست گزار کی ایک پٹیشن پہلے ہی عدالت میں زیر سماعت ہے جس پر عدالت نے متروکہ وقف املاک سے پیراوائز جواب طلب کر رکھا ہے جس پر درخواست گزار کا حق تھا کہ اسے مناسب موقع فراہم کیا جاتا لیکن 20ستمبرکی صبح6بجے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر نے پولیس اور دیگر اداروں کی بھاری نفری کے ہمراہ کسی نوٹس کے بغیر لال حویلی کو سیل کر دیا حالانکہ عدالت نے اس حوالے سے شفاف ٹرائل کے لئے کسی بھی اقدام سے روکتے ہوئے درخواست گزار کا موقف سننے کا حکم دیا تھا ۔

تاہم درخواست گزار کو الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے پتہ چلا کہ متروکہ وقف املاک کاروائی کرے گا متروکہ وقف املاک کے اس اقدام سے درخواست گزار کو ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار اس جائیداد کا رجسٹرڈ مالک ہے پٹیشن میں استدعا کی گئی ہے کہ لال حویلی کو فوری طور پر ڈی سیل کیا جائے اور متروکہ وقف املاک درخواست گزار کو بے دخل کرنے سے باز رہے تاہم 22ستمبرکو ابتدائی سماعت کے بعد عدالت نے یہ پٹیشن جسٹس جواد حسن کی عدالت میں منتقل کر دی۔

شاہ رخ خان ایک برس میں ہزار کروڑ کی 2 فلمیں دینے والے واحد اداکار بن گئے



ممبئی(این این آئی) شاہ رخ خان ایک برس میں ہزار کروڑ کمانے والی 2 فلمیں دینے والے بالی ووڈ کے واحد اداکار بن گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ‘ پٹھان’ اور ‘جوان’ کی غیر معمولی کامیابی نے میگا اسٹار شاہ رخ خان کو تاریخ کا واحد اداکار بنا دیا جن کی 2 فلموں نے ایک برس کے دوران ایک ہزار کروڑ کا بزنس کرلیا۔

فلم ‘جوان’ 7 سمتبر کو ریلیز کی گئی تھی جو کہ شاہ رخ خان کی جنوبی انڈیا کے ڈائریکٹر ایٹلی کی ہدایت کاری میں پہلی فلم ہے۔

فلم کو شائقین کی طرف سے بھرپور پذیرائی ملی ہے اور یہ چوتھی سب سے زیادہ کمانے والی ہندی فلم بن گئی ہے۔ اس سے قبل شاہ رخ خان اور دپیکا پڈکون کی فلم ‘پٹھان’ نے بھی باکس آفس پرمقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کیے تھے۔شاہ رخ خان کی ایک اور فلم ‘ڈنکی’ رواں سال کے آخر میں ریلیز ہونے کی توقع ہے۔

میرا چہرے کی کاسمیٹکس سرجری کرائیں گی



لاہور( این این آئی) لالی ووڈ سٹار میرا پانچ سال کے وقفے کے بعد دوبارہ کاسمیٹکس سرجری کرائیں گی ۔ ذرائع کے مطابق اداکارہ میر اجنہوں نے پانچ سال قبل امریکہ سے اپنے چہرے کی سرجری کرائی تھی اب دوبارہ سے اپنے چہرے کو خوبصورت رکھنے کیلئے کاسمیٹکس سرجری کرانے کا سوچ رہی ہیں ۔ذرائع کے مطابق میرا اس سے قبل بھی دو بار چہرے کی کاسمیٹکس سرجری کرا چکی ہیں۔

ماورا حسین کل31ویں سالگرہ منائیں گی



لاہور( این این آئی)نامور اداکارہ ماورا حسین کل28ستمبر کو 31ویں سالگرہ منائیں گی ۔ ماورا حسین 1992کو پشاور میں پیدا ہوئیں اور انہوں نے بطور اداکارہ ٹی وی سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا ۔ماورا حسین نے مختلف ڈرامہ سیریلز کے ساتھ فلموں میں بھی اداکاری کی ۔ انہوں نے وکالت کی ڈگری بھی لے رکھی ہے ۔ ماورا حسین اپنے اہل خانہ کے سالگرہ کا کیک کاٹیں گی ۔

سینئر اداکار افتخار عفی کاڈراموں میں کام نہ کرنے کا اعلان



لاہور( این این آئی)سینئر اداکار افتخار عفی نے آئندہ سے ڈراموں میں کام نہ کرنے کا اعلان کر دیا ۔

افتخار عفی نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ بڑے بزرگ کہتے ہیں کسی چیز کو خیر باد کہنا ہو تو عروج کے زمانے میں کہو ، میں آئندہ سے ڈراموں میں کام نہیں کروں گا ۔

”جیون نگر ”میں راجہ پلستر میرا آخری کردار ہے اس کے بعد میں آپ کو ڈرامہ کرتے ہوئے نظر نہیں آئوں گا،البتہ فلموں اور کمرشل میں کام کرتا رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں پرستاروں کی محبتوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے ہر کردار میں پسند کیا ۔افتخار عفی ان دنوں مسقط میں موجود ہیں۔افتخار عفی رائٹر ، شاعر اور وی لاگر بھی ہیں۔

نوازشریف کی ڈکشنری میں ڈیل نہیں وہ عوام کو خوشحالی کانیا ایجنڈا دینے وطن واپس آ رہے ہیں’ میاں جاوید لطیف



لاہور ( این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ نوازشریف کی ڈکشنری میں ڈیل نہیں وہ عوام کو خوشحالی کانیا ایجنڈا دینے وطن واپس آ رہے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف عدم اعتماد کسی کی خواہش نہیں بلکہ ریاست کی ضرورت تھی، غیر آئینی اقدامات کرنے والے 2017ء کے کرداروں کو کٹہرے میں لایا جائے،اداروں میں خود احتسابی کا سسٹم موجود ہے مگر طاقتور لوگ ادارے میں خود احتساب نہیں ہونے دیتے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

میاں جاوید لطیف نے کہا کہ پچھلے دنوں نوازشریف کے پاس گیا تو ان کا پاکستان کے لئے عزم و پختہ ارادہ و فکر مند ہونا دیکھ کر اطمینان ہوا ،2017ء کی ڈوبی معیشت کو نوازشریف ہی گرداب سے باہر نکالیں گے،پاکستان کے اندر غیر آئینی اقدامات کرنے والے 2017ء کے کردار کو کٹہرے میں لایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لیاقت علی خان ،فاطمہ جناح ،ذوالفقار علی بھٹو اور نوازشریف کے ساتھ ظلم کو وقتی طورپر سائیڈ پر رکھ دیں تو سوال کروں گا کہ انصاف والے ادارے پر انصاف نہ دینے پر تنقید کرتے ہیں۔اگر منصف آئین و قانون کے مطابق فیصلے دیتے تو کسی کو کہا جاتا اس کا دماغی توازن ٹھیک نہیں، طاقتور افراد آئین و قانون کے بجائے اپنا فیصلہ سنانے کی ہدایت کرتے تو انکار پر نوکری سے ہٹا دیا جاتا ہے۔