کراچی: گھر کے چوکیدار نے ماں بیٹے کو قتل کرکے لاشیں کنویں میں ڈال دیں



کراچی(آن لائن) ناظم آباد میں گھر کے چوکیدار نے ماں اور بیٹے کو قتل کردیا۔پولیس کے مطابق ناظم آباد مجاہد کالونی میں گھر کے اندر کنویں سے ماں بیٹے کی لاشیں ملیں جنہیں گلا دبا کر قتل کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی گئی تو قتل کی واردات میں گھر کا چوکیدار ملوث نکلا جس نے دونوں کو گلا دبا کر قتل کیا اور لاشیں کنویں میں پھینک دیں۔پولیس کے مطابق چوکیدار کو گرفتار کرلیا گیا اور تفتیش کے دوران اس نے لاشوں کی نشاندہی کی جس کے بعد لاشوں کو کنویں سے نکال لیا گیا۔

سانحہ بلدیہ: حماد صدیقی کا شناختی کارڈ، پاسپورٹ بلاک اور بینک اکاؤنٹ بند کرنیکا حکم



کراچی(آن لائن) سندھ ہائیکورٹ نے سانحہ بلدیہ کیس میں نامزد ملزم حماد صدیقی کا پاسپورٹ، شناختی کارڈ بلاک کرنے اور بینک اکاؤنٹس بلاک کرنے کا حکم دے دیا۔

سندھ ہائیکورٹ میں سانحہ بلدیہ فیکٹری سمیت 3 کیسز کے مفرور ملزمان کی وطن واپسی کے معاملے کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں وفاقی سیکرٹری داخلہ عدالت میں پیش ہوئے، دوران سماعت عدالت نے مفرور ملزمان کی وطن واپسی کی کوششیں نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔

دوران سماعت عدالت نے وفاقی سیکرٹری داخلہ سے سوال کیا کہ حمادصدیقی کو وطن واپس لانے کے لیے کیا اقدامات کیے؟ اس پر سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ حمادصدیقی 2017 میں ابو ظبی چھوڑ چکا ہے، اس پر جسٹس کے کے آغا نے کہا کہ حماد صدیقی کیس کا ٹرائل شروع ہونے سے پہلے ہی ابوظبی چھوڑ چکا تھا؟

سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ حماد صدیقی 2013 میں پاکستان سے چلا گیا تھا۔ عدالت نے سوال کیا کہ کیا حماد صدیقی کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلاک کیا گیا؟ اس پر سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ حماد صدیقی کے پاسپورٹ کی معیاد ختم ہوچکی ہے۔

عدالت نے حماد صدیقی، تقی حیدر شاہ، خرم نثار کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلاک کرنے اور بینک اکاؤنٹس بند کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے کہا کہ حماد صدیقی کی آخری بار پاکستان لینڈ کرنے کی تفصیلات پیش کی جائیں۔

عدالت نے مفرور ملزم تقی حیدر اور خرم نثار سے متعلق رپورٹ طلب کرلی اور ساتھ ہی پراسیکیوٹر جنرل سندھ سے صوبے بھر کے مفرور اور اشتہاری ملزمان کی فہرست بھی مانگ لی۔عدالت نے عدم پیشی پرسیکرٹری امورخارجہ کو شوکاز جاری کردیا اور ا?ئندہ سماعت پرنادرا اور سیکرٹری امورخارجہ سے2 اکتوبر تک رپورٹ طلب کرلی۔

صحافی عمران ریاض خان بازیاب ہو کر اپنے گھر پہنچ گئے



سیالکوٹ(آن لائن) صحافی عمران ریاض خان بازیاب ہو گئے اور اپنے گھر پہنچ چکے ہیں۔ڈسٹرکٹ پولیس نے اپنے ٹویٹر، فیس بک، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک پیج پر عمران ریاض خان کی بازیابی اور گھر منتقلی بارے پوسٹ آویزاں کردی۔

عمران ریاض خان کو 9 مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری پر ملک بھر میں پرتشدد مظاہروں کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔

عمران ریاض خان سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے مسقط جارہے تھے کہ ایف آئی اے حکام نے گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کردیاتھا۔

گرفتاری کے بعد عمران ریاض خان کو آخری بار تھانہ کینٹ اور پھر سیالکوٹ جیل لے جایا گیا تھا۔عمران ریاض خان کے والد نے لاہور ہائی کورٹ درخواست دی کہ ان کے بیٹے کو اغوا کیا گیا ھے۔

16 مئی کو والد ریاض خان کی مدعیت میں تھانہ سول لائن میں عمران ریاض خان کے اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کی تعزیرات کی دفعہ 365 کے تحت نامعلوم افراد اور پولیس اہلکاروں کے خلاف درج کی گئی۔20 ستمبر کو چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ امیر علی بھٹی نے عمران ریاض خان کے والد کی درخواست پر سماعت کی، لاہور ہائی کورٹ نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو 26 ستمبر تک آخری مہلت دی تھی۔

سعودی عرب کی ہالینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی مذمت



ریاض (این این آئی)سعودی وزارتِ خارجہ نے ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی مذمت کی ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جاری کیے گئے مذمتی بیان میں سعودی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب نفرت انگیز اقدامات کو مسترد کرتا ہے۔

سعودی وزارتِ خارجہ کا کہنا تھا کہ اس طرح کے اقدامات واضح طور پر نفرت اور نسل پرستی کو ہوا دیتے ہیں، ایسے اقدامات انتہا پسندی کو مسترد کرنے کی بین الاقوامی کوششوں سے متصادم ہیں۔

واضح رہے کہ ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں مسلم مخالف گروپ پیگیڈا کے ایک رکن نے کئی مسلم ممالک کے سفارت خانوں کے سامنے قرآن پاک کی بے حرمتی کی ہے۔

مسلم مخالف گروپ رکن ایڈون ویگنز ویلڈ نے دی ہیگ میں ترک، پاکستانی اور انڈونیشین سفارت خانوں کے سامنے قرآن پاک کی بے حرمتی کی۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی یورپی ممالک سوئیڈن، ڈنمارک اور ہالینڈ میں مسلم مخالف گروپ اس قسم کی شرم ناک اور اشتعال انگیز کارروائیاں کر چکے ہیں۔

جناح ہائوس حملہ کیس،صنم جاوید سمیت دیگر کی ضمانت منظوری چیلنج کرنے کا فیصلہ



لاہور ( این این آئی) پراسیکیوشن نے جناح ہائوس حملہ کیس میں صنم جاوید سمیت دیگر ملزمان کی ضمانت منظوری کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔

ذرائع کے مطابق جناح ہائوس حملہ کیس میں پراسیکیوشن انسداد دہشت گردی کی جانب سے صنم جاوید ، روبینہ جمیل سمیت دیگر ملزمان کی ضمانتیں منظور کرنے کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرے گی۔

اس سلسلے میں درخواست کی تیاری پر مشاورت جاری ہے۔انسداد دہشت گردی عدالت کا مصدقہ فیصلہ موصول ہوتے ہی درخواست دار کر دی جائے گی۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے صنم جاوید اور روبینہ جمیل سمیت 9 ملزمان کی ضمانت منظور کر لی تھی ۔

بینائی چھین لینے والے انجکشن کا معاملہ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا



لاہور ( این این آئی) آنکھوں کی بیماری کے علاج کے لیے غیر معیاری انجکشن استعمال کرنے کا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔

رانا سکندر ایڈووکیٹ نے لاہور ہائی کورٹ میں غیر معیاری آنکھوں کا انجکشن استعمال کرنے کے اقدام کے خلاف درخواست دائر کر دی جس میں نگراں پنجاب حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ آنکھوں کی بیماری کے علاج کے لیے غیر معیاری انجکشن لگائے جا رہے ہیں جس کے باعث 14 افراد آنکھوں کی بینائی سے محروم ہوئے۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت غیر معیاری انجکشن کا استعمال روکنے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا حکم دے۔

واضح رہے کہ نگراں وزیر اعلی پنجاب نے انجکشن سے بینائی متاثر ہونے والے افراد کا مفت علاج کروانے کا حکم دیا ہے۔لاہور میں آنکھوں کے انجکشن سے بینائی جانے کا اسکینڈل سامنے آنے پر انجکشن بنانے والوں کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی جا چکی ہے۔

جن شہروں میں مریضوں کی بینائی متاثر ہوئی ہے محسن نقوی نے وہاں کے ڈرگ انسپکٹرز کے خلاف غفلت برتنے پر کارروائی اور پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو متعلقہ کلینکس کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔

مجبور ماں کی ایسی داستان سن کر آپ بھی رو دینگے


Featured Video Play Icon

سب کیلئے واضح کردوں کیسوں میں اب کوئی تاریخ نہیں ملے گی،اب صرف فیصلے ہوں گے،چیف جسٹس



اسلام آباد(آن لائن)چیف جسٹس آف پاکستان نے وکلاء پرواضح کردیا ہے کہ کیسوں میں اب تاریخ نہیں ملے گی اب صرف فیصلے ہوں گے۔یہ بات چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے زمین کے تنازع سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران کہی ہے۔

چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے وکیل کی سرزنش بھی کی ہے۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے زمین کے تنازع کے کیس میں تاریخ دینے استدعا مسترد کردی۔

چیف جسٹس نے کہاکہ اپنے ذہن سے یہ تصور ہی نکال دیں کہ سپریم کورٹ میں جاکر تاریخ کے لیں گے، آپ کے توسط سے باقیوں کیلئے بھی یہ پیغام ہے کہ تاریخ لینے والا رجحان اب نہیں چلے گا،سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد کافی زیادہ ہے۔

یہاں تو ایک تاریخ پر نوٹس اور اگلی تاریخ پر دلائل ہوجانے چاہیں، دیگر عدالتوں میں یہ ہوتا ہے کہ کسی دستاویز کو پیش کرنے کیلئے تاریخ مل جاتی ہے، سپریم کورٹ میں کوئی کیس آتا ہے تو اس کے سارے کاغذ پورے ہوتے ہیں، چیف جسٹس نے مزیدکہاکہ دلائل بھی ایک زبان میں دیں۔اپنی اردو بہتر کریں یا انگریزی، بعد ازاں عدالت نے درج بالا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

پنجاب بھر میں 155 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق



لاہور( این این آئی)24 گھنٹے کے دوران صوبے بھر میں 155 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔

سیکرٹری صحت علی جان خان کے مطابق رواں سال پنجاب کے 36 اضلاع میں ڈینگی کے 3677 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے۔

راولپنڈی میں گزشتہ روز65، لاہور میں 63 ، ملتان میں 9 ،فیصل آباد میں 6 ،گوجرانوالہ اور اٹک میں4 ،4شیخوپورہ میں 2،چکوال اور اوکاڑہ میں ڈینگی کا ایک ،ایک نیا مریض سامنے آیا۔ پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 135 مریض زیر علاج ہیں۔

لیسکو ریجن میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن بلا تعطل جاری



لاہور( این این آئی)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی ( لیسکو )میں بجلی چوروں کے خلاف 19ویں روز بھی آپریشن جاری رہا ،آپریشن کے دوران تمام سرکلزمیں359کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،358 بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائر کر دی گئی ہیں جن میں سے178ایف آئی آرز رجسٹرڈ ہو چکی ہیں جبکہ14ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیاہے۔

ترجمان لیسکو کے مطابق پکڑے جانے والے کنکشنز میں زرعی 1،کمرشل20اور338ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کر کے 5لاکھ70ہزار408یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 2کروڑ88لاکھ4ہزار655روپے بنتی ہے ۔ ترجمان کے مطابق بجلی چوروں کے خلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے زرعی اور کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن کے کنکشنز منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے ۔

آرکیڈ روڈ اچھرہ میں گھریلو صارف کو 6482یونٹس 300000روپے، ناتھہ بلڈنگ نیو شاد باغ میں گھریلو صارف کو5 500 یونٹس پر287369روپے، رسول پورہ کے علاقے میں گھریلو صارف کو 4365یونٹس پر256720روپے، اسلامیہ کالونی کے علاقے میں گھریلو صارف کو 3800یونٹس پر 256000روپے اور فیروز پور روڈ اچھرہ کے علاقے میں گھریلو صارف 4273یونٹس پر 250000 کی رقم چارج کی گئی ۔

لیسکو ریجن میں انیس روز کے آپریشن کے دوران کل8588کنکشن چیک کئے گئے،7935کنکشن کے خلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے6604درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں جبکہ کل550ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔بجلی چوروں کو اب تک1کروڑ82لاکھ16ہزار296یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی رقم 80کروڑ24لاکھ62ہزار2روپے بنتی ہے۔

کریڈٹ کارڈز کے ذریعے خریداری کے رجحان میں اضافہ



لاہور( این این آئی) ملک بھر میں کریڈٹ کارڈز کے ذریعے خریداری کے رجحان میں اگست کے دوران سالانہ اور ماہانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق اگست 2023 میں کریڈٹ کارڈز کے ذریعے صارفین نے 103 ارب روپے کی خریداری کی جو گزشتہ سال اگست کے مقابلہ میں 33.3 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ سال اگست میں کریڈٹ کارڈ کے ذریعے صارفین نے 77 ارب روپے کی خریداری کی گئی۔

جولائی کے مقابلہ میں اگست میں کریڈٹ کارڈز کے ذریعے خریداری کے رجحان میں 5.2 فیصد کی شرح سے نمو ہوئی۔جولائی میں صارفین نے کریڈٹ کارڈزکے ذریعے 98 ارب روپے کی خریداری کی جو اگست میں بڑھ کر 103 ارب روپے ہو گئی۔

برائلر گوشت کی قیمت میں8روپے کلو اضافہ



لاہور( این این آئی) شہر میں پرچون سطح پر فی کلو برائلر گوشت کی قیمت8روپے اضافے سے527روپے، زندہ برائلر مرغی کی قیمت5روپے اضافے سے351روپے فی کلو جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت بھی ایک روپے اضافے سے291روپے فی درجن کی سطح پر رہی۔