سعودی ولی عہد کا پورٹریٹ بنانے والے پاکستانی مصورکے لیے عمرے کے ٹکٹ کا تحفہ



ریاض (این این آئی)پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی تصویر بنانے والے پاکستانی مصورعمرجرال کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے سفری ٹکٹ تحفے میں دیے ۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق تینتیس سالہ عمر جرال دماغی فالج میں مبتلا ہیں۔یہ دماغی بیماری کسی شخص کے اعصابی نظام اور افعال میں ہم آہنگی کو متاثر کر سکتی ہے۔

پٹھوں کی طاقت میں کمی کا باعث بن سکتی ہے۔یہ حرکت کا مستقل عارضہ ہے اور یہ متاثرہ فرد کے اعصابی حرکی نظام اور افعال کے درمیان ہم آہنگی اور رابطہ کاری کے نظام کو متاثر کرسکتا ہے۔

اس کے نتیجے میں اعصاب مضبوط نہیں ہوتے اورتوازن اور حرکت کو کنٹرول کرنے والے دماغ کے بعض حصوں کی بے قاعدہ انداز میں نشوونما ہوتی ہے جو فرد میں جھٹکوں کا سبب بنتی ہے۔

مالی میں گا ملٹری ایئرپورٹ کے قریب روسی کارگو طیارہ گر کر تباہ



بماکو(این این آئی )کارگو طیارہ شمالی مالی کے شہر گا کے ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہو گیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق روسی نجی ملٹری گروپ واگنر نے اس بات کی تردید کی ہے کہ طیارہ اس کا تھاتاہم میڈیا کیی مطابق یہ طیارہ واگنر کا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ طیارہ شمالی مالی کے شہر گا میں کورگوسو کیمپ کے قریب گر کر تباہ ہوا اور اس میں سوار افراد کے حوالے سے صورت حاصل واضح نہیں ہوئی۔

ذرائع نے بتایا کہ طیارہ روسی فضائیہ کا تھا اور یہ الیوشن آئی ایل 76 طیارہ تھا۔

ابتدائی رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ طیارہ واگنر کا تھا لیکن گروپ نے فوری طور پر اس بات سے انکار کر دیا کہ طیارہ اس کا تھا۔

واگنر نے ٹیلی گرام پر اپنے قریبی اکانٹس کے ذریعے اس بات کی بھی تردید کی کہ اس کا ایک جنگجو طیارے میں سوار تھا۔

سعودی عرب کی معیشت ٹریلین ڈالر کلب میں شامل



ریاض(این این آئی)سعودی عرب کی مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی)پہلی بار ایک ٹریلین ڈالر کی حد سے تجاوز کر گئی ہے جس سے مملکت کی معیشت نے ٹریلین ڈالر کلب میں شمولیت کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

یاد رہے مملکت نے 2025 سے بہت پہلے ہی یہ قومی ہدف حاصل کر لیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ان اعداد وشمار کا انکشاف مملکت کے 93 ویں قومی دن کے موقع پر سعودی چیمبرز کی فیڈریشن کی ایک رپورٹ میں کیا گیا۔

سعودی چیمبرز کی رپورٹ میں تفصیل سے بتایا گیا ہے کہ مملکت نے – جی 20 کے رکن ممالک میں سب سے زیادہ – 8.7 فیصد کی شرحِ نمو حاصل کی تھی جسے بنیادی طور پر مملکت کی پیداواری صلاحیتوں سے مہمیز ملی۔

ترقی کی عکاسی سعودی معیشت کی خود کفالت کی شرح میں 81.2 فیصد اور ملک کی سرمایہ کاری شرح (آٹ پٹ کی سرمایہ کاری کی فیصد) میں 27.3 فیصد تک اضافے سے ہوتی ہے۔رپورٹ میں اشارہ دیا گیا ہے کہ سعودی نجی شعبہ – جامع ترقیاتی عمل میں اور بلند پایہ وژن 2030 کے اہداف کے حصول میں ایک مثر شراکت دار کی حیثیت کی بدولت – اپنے مضبوط کردار اور کارکردگی کو جاری رکھے گا۔

سعودیہ کے بعد کئی مسلم ممالک اسرائیل کو تسلیم کریں گے، ایلی کوہن



تل ابیب (این این آئی)اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ 6 سے 7 مسلم ممالک اسرائیل کو تسلیم کریں گے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اپنے بیان میں اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ امن کا مطلب مسلم دنیا اور یہودیوں کے درمیان امن ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کئی ایسے مسلم ممالک کے رہنماوں سے ملاقات کی ہے جن کے ممالک کا اسرائیل سے رسمی تعلق نہیں۔

امریکا، سمندری طوفان اوفیلیا شمالی کیرولینا سے ٹکرا گیا



کیرولینا(این این آئی)سمندری طوفان اوفیلیا امریکی ریاست شمالی کیرولینا سے ٹکرا گیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق طوفان کے زیر اثر ساحلی علاقوں میں 113 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی اور ہوائیں چلیںجبکہ موسلادھار بارشیں بھی ہوئیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق مشرقی کاونٹیز میں ہزاروں صارفین بجلی سے محروم ہوگئے۔شمالی کیرولینا اور ورجینیا کے کچھ حصوں میں 20 سینٹی میٹر تک بارش متوقع ہے۔

فاسٹ بولر نسیم شاہ کے کندھے کے آپریشن کا امکان



لاہور (این این آئی)ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ میں انجرڈ ہونے والے قومی فاسٹ بولر نسیم شاہ کے کندھے کی سرجری کا امکان ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے مطابق نسیم شاہ کو طبی معائنے اور قابل ماہرین سے صلاح مشورے کے بعد کندھے کی سرجری کے لیے کہا گیا ہے۔

امید کی جارہی ہے کہ فاسٹ بولر کو مکمل طور پر صحتیاب ہونے میں چار ماہ لگیں گے۔اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈکپ کے اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے بھی نسیم شاہ کی صحت کے حوالے سے بتایا تھا۔

انضمام الحق کے مطابق ورلڈکپ اسکواڈ میں نسیم کی جگہ فاسٹ بولر حسن علی کو شامل کیا گیا ہے۔

ورلڈکپ اسکواڈ کا حصہ نہ ہونے پر نسیم نے سوشل میڈیا پر بیان بھی جاری کیا تھا جس میں انہوں نے کہا کہ بوجھل دل کے ساتھ شیئر کر رہا ہوں کہ میں ورلڈ کپ میں نہیں ہوں گا، میں مایوس ہوں لیکن میرا یقین ہے کہ یہ سب اللہ کے ہاتھ میں ہے۔

نسیم شاہ نے لکھا کہ ان شا اللہ بہت جلد دوبارہ میدان میں ہوں گا، تمام فینز کا شکریہ جنہوں نے مجھے دعاں میں یاد رکھا۔واضح رہے کہ ایشیاکپ میں بھارت سے میچ میں آخری اوور ادھورا چھوڑ کر میدان سے باہر جانے والے پیسر نسیم شاہ کا دبئی میں اسکین ہوا تھا۔

کتنی پیاری آنکھیں ہیں، شعیب اختر کی اداکارہ یشما گل کی آنکھوں کی تعریف ،ویڈیو وائرل



اسلام آباد (این این آئی)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بالر اور راولپنڈی ایکسپریس کا لقب حاصل کرنے والے شعیب اختر نے اداکارہ یشما گل کی آنکھوں کی تعریف کر دی جس ویڈیو وائرل ہوگئی ۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی اداکارہ یشما گل اور ان کے ساتھ لیجنڈ کرکٹر شعیب اختر موجود ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یشما گل خوشی سے پھولے نہیں سما رہیں جس کی وجہ شعیب اختر کی جانب سے اداکارہ کی آنکھوں کی تعریف ہے۔

ویڈیو میں یشما گل کہہ رہی ہیں کہ مجھے آج سے پہلے کبھی میری آنکھوں کی اس سے بہتر تعریف سننے کو نہیں ملی کہ میری آنکھیں شعیب اختر سر سے ملتی ہیں۔

اداکارہ نے سابق کرکٹر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ میری سب سے بڑی تعریف ہے جس پر شعیب اختر نے کہا کہ کتنی پیاری آنکھیں ہیں،ساتھ ہی ویڈیو میں انہوں نے اپنی آنکھوں کو بھی کیمرے میں دکھایا اور یشما گل کی طرف اشارہ بھی کیا۔

پاکستان، بھارت، جنوبی افریقا اور انگلینڈ کی ٹیمیں سیمی فائنل کھیلیں گی، ہاشم آملہ کی پیش گوئی



جوہانسبرگ (این این آئی)جنوبی افریقا کے سابق بیٹر ہاشم آملہ نے کرکٹ ورلڈ کپ کی 4 سیمی فائنلسٹ ٹیموں سے متعلق پیش گوئی کر دی ۔

اس حوالے سے ہاشم آملہ نے بتایا کہ پاکستان، بھارت، جنوبی افریقا اور انگلینڈ کی ٹیمیں سیمی فائنل کھیلیں گی۔

ہاشم آملہ نے کہا کہ ان ٹیموں کے پاس طاقت اور قابلیت ہے، جنوبی افریقا کرکٹ ٹیم کو کھیل پر فوکس کرنے کی ضرورت ہے۔

ارد گرد جو ہو رہا ہے اس کے بارے میں سوچنے کی ضرورت نہیں۔واضح رہے کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 5 اکتوبر سے بھارت میں شروع ہو گا۔

سری لنکن کرکٹ ٹیم کو ایک بڑا دھچکا ،لیگ اسپنر وانندو ہسارنگا ورلڈ کپ سے باہر



دبئی (این این آئی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)ورلڈ کپ شروع ہونے سے قبل سری لنکن کرکٹ ٹیم کو ایک بڑا دھچکا لگا گیا۔

لیگ اسپنر وانندو ہسارنگا ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے ہیں۔وانندو ہسارنگا ہیم اسٹرنگ انجری کا شکار ہیں اور اسی انجری کی وجہ سے وہ ایشیا کپ بھی نہیں کھیل سکے تھے۔

سری لنکن میڈیا کے مطابق ری ہیب کے دوران وانندو ہسارنگا کی تکلیف میں اضافہ ہوا ہے۔

واضح رہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان اب تک نہیں کیا ہے۔آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 5 اکتوبر سے بھارت میں شروع ہو گا۔

راولپنڈی میں صرف 69 ہائوسنگ سوسائٹیز قانونی ہیں،ڈائریکٹر جنرل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی



راولپنڈی (این این آئی)راولپنڈی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں صرف 69 ہائوسنگ سوسائٹیز قانونی ہیں اس حوالے سے سیف انور جپہ نے کہا کہ راولپنڈی میں 484 ہائوسنگ سوسائٹیز آپریٹ کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ آر ڈی اے نے 336 ہائوسنگ سوسائٹیز کو غیر قانونی قرار دیا ہے، 79 ہائوسنگ سوسائٹیز کی رجسٹریشن کا معاملہ زیرِ غور ہے جبکہ راولپنڈی میں صرف 69 ہائوسنگ سوسائٹیز قانونی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیز کے خلاف خصوصی ٹاسک فورس قائم کی گئی ہے، 40 کے قریب غیر قانونی ہاسنگ اسکیموں کی تعمیرات گرا دی گئی ہیں۔

ڈی جی آر ڈی اے کے مطابق غیر قانونی ہائوسنگ اسکیموں کے مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی اور 8 مالکان کو گرفتار کیا گیا۔

سیف انور جپہ کے مطابق غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیز کی سوشل میڈیا پر تشہیر روکنے کے لیے ایف آئی اے کو خط لکھا ہے، غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیز کے خلاف آپریشن کے دوران 80 مقدمات درج کیے گئے۔

بجلی کا بل نہ بھرنے پر کسٹمز ہائوس حیدرآباد کی بجلی کاٹ دی گئی



حیدر آباد (این این آئی)حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) کے ترجمان نے کہا ہے کہ بجلی کا بل نہ بھرنے پر کسٹمز ہائوس حیدرآباد کی بجلی کاٹ دی گئی۔

ترجمان حیسکو کے مطابق بل نہ بھرنے پر ایف بی آر کالونی اور بجلی تقسیم کار کمپنی این ٹی ڈی سی کالونی کی بجلی بھی کاٹ دی گئی۔

حیسکو کے مطابق این ٹی ڈی سی کالونی حیدرآباد پر 7 کروڑ روپے کے واجبات ہیں۔ ترجمان حیسکو نے کہا کہ کسٹمز ہائوس پر 53 لاکھ روپے کے واجبات ہیں جبکہ ایف بی آر پر بجلی کے بل کی مد میں 7 لاکھ روپے کے واجبات ہیں۔

پارا چنار میں تیندوے کا حملہ، 2 افراد زخمی



پارا چنار (این این آئی)ضلع کرم کے علاقے پارا چنار میں سبزی منڈی کے قریب تیندوے نے حملہ کر کے 2 افراد کو زخمی کر دیا۔ہسپتال ذرائع کے مطابق تیندوے کے حملے سے زخمی ہونے والے دونوں افراد کو ہسپتال متنقل کر دیا گیا ۔اس حوالے سے ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر نے بتایا کہ وائلڈ لائف کی ٹیم نے علاقے میں پہنچ کر تیندوے کو پکڑ لیا ہے۔