چین کے شہر ہینگزو میں 19ویں ایشین گیمز کا آغاز



ہینگزو(این این آئی)چین کے شہر ہینگزو میں 19ویں ایشین گیمز کا آغاز ہوگیا۔ افتتاحی تقریب میں اسٹیڈیم رنگ و نور میں نہا گیا، ایشین گیمز 8 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔

آفیشلز میسکوٹ رقص کرتے اسٹیڈیم میں آئے اور گیمز میں شامل تمام ملکوں کے دستوں نے اپنے ملک کے پرچم تھامے مارچ پاسٹ کیا۔

افتتاحی تقریب میں چین کے صدر شی جنگ پنگ نے خصوصی شرکت کی۔ایشین گیمز میں 262 رکنی پاکستانی دستہ شرکت کر رہا ہے، پاکستانی دستے میں 53 خواتین اور 137 مرد ایتھلیٹس شامل ہیں۔

پاکستانی دستے کی قیادت جی ایم بشیر نے کی، پاکستان ایشین گیمز کے 24 کھیلوں میں حصہ لے رہا ہے، کھیلوں کے مقابلے 8 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔پہلے سے جاری والی بال کے مقابلوں میں پاکستان نے جنوبی کوریا کو تین۔صفر سے ہرادیا۔

شمالی وزیرستان میں جھڑپ کے دوران پاک فوج کاجوان شہید



پشاور:شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشت گردوں اورسکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کاایک جوان شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران سکیورٹی اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ سکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا۔

تاہم آپریشن کے دوران سپاہی شکیل شفقت (عمر 21 سال، ساکن ڈسٹرکٹ خانیوال) نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہیدہوگئے۔

پیپلزپارٹی کے پارلیمانی بورڈزبن گئے:جنوبی پنجاب کیلئے مخدوم احمدمحمودسربراہ مقرر



پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے عام انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کیلئے چاروں صوبوں میں پارلیمانی بورڈز تشکیل دے دیے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے سینٹرل پنجاب، ساؤتھ پنجاب سمیت صوبہ بلوچستان، سندھ اور خیبرپختونخوا کیلئے الگ الگ پارلیمانی بورڈز تشکیل دیے گئے ہیں۔

سینٹرل پنجاب کیلئے پارلیمانی بورڈ کی سربراہی سابق سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کو دی گئی، جنوبی پنجاب کیلئے 6 رکنی پارلیمانی بورڈ کے سربراہ مخدوم احمد محمود ہوں گے۔

نثارکھوڑو کی سربراہی میں سندھ کیلئے 30 رکنی پارلیمانی بورڈ تشکیل دیا گیا ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے پارلیمانی بورڈ کی سربراہی سید محمد علی شاہ باچا کو سونپی گئی ہے۔

ن لیگ کامنشور اور سیاسی بیانئے کے لئے کمیٹی بنانے کا فیصلہ



مسلم لیگ (ن) کے بڑوں نے پارٹی منشور اور سیاسی بیانئے کے لئے کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

لندن میں ن لیگ کی بڑی بیٹھک میں اہم فیصلے کئے گئے ہیں، اس ضمن میں پارٹی قائد نواز شریف نے تمام سی ای سی ممبران سے 7 دن کے اندر تحریری طور پر تجاویز طلب کر لی ہیں جبکہ پارٹی رہنماؤں کے تحفظات سمیت دیگر معاملات نواز شریف براہ راست خود دیکھیں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی سربراہی پر کسی بھی سینئر ممبر کو اعتراض نہیں ہوگا، آپ ن لیگ کی جانب سے وزیراعظم کے متفقہ امیدوار ہیں۔

دوسری جانب سینئر لیگی رہنماؤں نے رائے دی کہ نواز شریف کی آمد پر عوام کو معاشی ریلیف کا بیانیہ ہونا چاہئے، جبکہ پارٹی قائد نے ہدایت دی کہ ن لیگ صرف معاشی اہداف کی جانب توجہ مرکوز رکھے ۔

انتخابات کی حتمی تاریخ نہ دینے کی تکنیکی وجوہات ہیں، عہدیدار الیکشن کمیشن



اسلام آباد (این این آئی)الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کے لیے حتمی تاریخ کا اعلان نہ کیے جانے پر بڑھتی ہوئی تنقید کے پیش نظر الیکشن کمیشن کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا ہے کہ ایسا کرنا تکنیکی طور پر ممکن نہیں تھا۔

نجی ٹی وی کے مطابق ایک عہدیدار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کرتے ہوئے دلیل دی کہ انتخابات کی تاریخ کا باضابطہ اعلان باقاعدہ مراحل کا ایک سلسلہ شروع کر دیگا جس کیلئے انتخابات سے قبل مخصوص ٹائم لائنز پر عمل کرنا ہوگا۔

اس جواز کی وضاحت کرتے ہوئے عہدیدار نے کہا کہ الیکشنز ایکٹ کے سیکشن 57 کے تحت پولنگ کی تاریخ کے اعلان کے بعد انتخابی شیڈول جاری کیا جانا چاہیے، جو پورے انتخابی عمل کو متحرک کرتا ہے۔

اس میں کاغذات نامزدگی جمع کرنا، ان کی جانچ پڑتال اور ان کے قبول یا مسترد ہونے پر فیصلے اور اپیلیں شامل ہیں، ہر مرحلہ ایک مقررہ ٹائم لائن کے تحت مکمل کرنا ہوتا ہے۔

ملک میں ابھی بارشوں کا ایک اور اسپیل آنا باقی، پھر سردی کا باقاعدہ آغاز ہوگا



اسلام آباد (این این آئی)پاکستان میں گزشتہ دو دہائیوں سے ماحولیاتی تبدیلی کے باعث موسم کے پیٹرن میں تبدیلی آگئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں ابھی بارشوں کا ایک اور اسپیل آنا باقی ہے جس کے بعد سردی کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن اور رات کے درجہ حرارت میں نمایاں فرق محسوس کیا جارہا ہے، موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق سردی کے باقاعدہ آغاز میں ابھی ایک اسپیل اور بارشوں کا آنا ہے۔

بارشوں کے ایک اسپیل کے بعد ایک اور اسپیل متوقع ہے جس اس کے بعد درجہ حرارت میں نمایاں تبدیلی آئے گی، ڈرائے اسپیل کے بعد دھند کا سیزن شروع ہوگا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے باوجود درجہ حرارت میں فوری نمایاں کمی آنے کا امکان نہیں،ابھی اسلام آباد کا کم سے کم درجہ حرارت 21 سینٹی گریڈ تک چل رہا ہے۔

آئندہ دنوں میں درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری کمی کا امکان ہے جس کے بعد ہوا میں خنکی بڑھے گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند دنوں کے دوران درجہ حرارت معتدل رہے گا جب کہ رات کے درجہ حرارت میں کمی آئے گی۔

اٹلی میں پناہ کے درخواستگزاروں کو 5 ہزار یورو ادا کرنا ہوں گے



روم (این این آئی)اٹلی میں پناہ کے متلاشی تارکین وطن کو گرفتاری سے بچنے کیلئے 4 ہزار 938 یورو ادائیگی کرنا ہوگی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حکومت نے نئے قوانین کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گرفتار افراد کی مدتِ حراست میں بھی 3 ماہ سے 18 ماہ تک کا اضافہ کردیا جائے گا۔

اس وقت اٹلی آنے والے تارکین وطن جو سیاسی پناہ کیلئے درخواست دیں وہ ملک میں کہیں بھی گھوم پھر سکتے ہیں جب تک کہ ان کی درخواست پر جائزہ لیا جائے۔

جاری ہونے والے سرکاری حکم نامے کے مطابق پناہ کے درخواست گزاروں کو ایک قسم کی ضمانتی رقم جمع کرانا ہوگی تاکہ وہ گرفتاری سے بچ سکیں۔

اس وقتاٹلی میں 10 ایسے مراکز قائم ہیں جہاں تارکین وطن کو ٹھہرایا جاتا ہے لیکن ان میں صرف 619 افراد کی گنجائش ہے۔وزیراعظم جارجیا میلونی کا کہنا ہے تھاوہ تارکین وطن کے کیمپوں کی تعداد دگنی کرنا چاہتی ہیں، ملک کے تمام 20 علاقوں میں ایک ایک کیمپ ہونا چاہیے۔

کشمیر پر سعودی وزیر خارجہ کے بیان سے بھارت پریشان



سری نگر (این این آئی )مقبوضہ کشمیر پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے بیان سے بھارت پریشان ہوگیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کے تحت جموں و کشمیر رابطہ گروپ کا گزشتہ دنوں نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں سیشن کے موقع پر خصوصی اجلاس ہوا جس میں پاکستان سمیت دیگر وزرائے خارجہ شریک ہوئے۔

اس موقع پر اجلاس سے خطاب میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ سعودی عرب اسلامی تشخص اور اپنے وقار کے تحفظ کے لیے کوشاں مسلم اقوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ سودیہ شورش زدہ علاقوں میں متاثرہ اقوام کی مدد پر کمر بستہ ہے، متاثرہ اقوام میں جموں و کشمیر کے باشندے شامل ہیں۔

سودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کا مسئلہ خطے کے امن و استحکام کو درپیش اہم ترین چیلنجوں میں سے ایک ہے۔ اگر کشمیر کا مسئلہ حل نہ ہوا تو اس کا اثر خطے میں عدم استحکام میں اضافے کا باعث بنے گا۔

شہزادہ فیصل بن فرحان کے اس بیان سے بھارت پریشان ہوگیا ہے، بھارت کی جانب سے اسے متنازعہ قرار دیا جا رہا ہے۔

ترک صدر رجب طیب اردگان نے بھی جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس سے خطاب میں مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیا ہے۔

سارہ شریف قتل کیس، برطانوی پولیس مزید معلومات کی خواہاں



لندن(این این آئی )لندن پولیس نے 10 سالہ سارہ شریف قتل کیس میں مزید معلومات ملنے کی امید کے ساتھ بچی کی دو تصاویر جاری کردیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جاری کردہ میں سے ایک میں سارہ شریف کو حجاب پہنے دکھایا گیا جب کہ دوسری تصویر میں بچی کو گھر سے باہر دکھایا گیا۔

ایک ماہ قبل رپورٹ کیا گیا تھا کہ اس کی سوتیلی ماں بینش بتول کے مطابق سارہ شریف کو حجاب پہننے کی وجہ سے ہراساں کیے جانے کے بعد اسکول سے نکال دیا گیا تھا۔

سرے پولیس کے ڈیٹیکٹو سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ ہم نے رواں ہفتے یہ نئی تصاویر اس امید کے ساتھ جاری کی ہیں کہ اس سے مزید ایسے لوگ آگے آئیں گے جو سارہ شریف اور اس کے خاندان کو جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہر اس شخص کے شکر گزار ہیں جنہوں نے پہلے ہم سے رابطہ کیا اور میں اس بات پر زور دینا چاہوں گا کہ ہر معلومات کا تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے جائزہ لیا جاتا ہے اور مناسب ہو تو مزید پوچھ گچھ کی جاتی ہے۔

عدالت کو بتایا گیا کہ 10 سالہ سارہ شریف کے جسم پر متعدد زخم تھے جس کے نتیجے میں اس کی بے وقت موت واقع ہوئی۔سارہ شریف کے قتل کے مقدمے میں اس کے والد، سوتیلی والدہ اور اس کے ایک عزیز آئندہ سال سے ٹرائل کا سامنا کریں گے۔

سماعت کے دوران تینوں ملزمان نے صرف اپنے نام اور پتے کی تصدیق کی اور یکم دسمبر کو مقدمے کی اگلی سماعت تک انہیں حراست میں لے لیا گیا ہے۔امکان ہے کہ مقدمے کی سماعت 2 ستمبر 2024 کو شروع ہو گی اور چھ ہفتے تک چلے گی۔

وزارت آئی ٹی نے فائیو جی کے اجرا کیلئے تیاریاں شروع کردی



اسلام آباد (این این آئی)وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی ( آئی ٹی) اور ٹیلی کمیونیکیشن نے فائیو جی کے اجرا کیلئے تیاریوں کا آغاز کر دیا۔

ذرائع کے مطابق نگران وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف نے فائیو جی کے اجرا سے متعلق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

وزارت آئی ٹی کے ذرائع کے مطابق فائیو جی کی نیلامی سے حکومت کو کروڑوں ڈالرز مل سکتے ہیں، اسپیکٹرم کی نیلامی 10 ماہ بعد ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کی موبائل کمپنیاں اس وقت 367 میگا ہرڈز کے قریب اسپیکٹرم استعمال کر رہی ہیں جبکہ ریفارمنگ سے دستیاب اسپیکٹرم کی نیلامی سے یہ حجم 600 میگا ہرڈز سے زائد ہو جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اسپیکٹرم نیلامی سے صارفین کی نیٹ ورک سے متعلق شکایات کا بھی فوری ازالہ ہو جائے گا۔

کالعدم ٹی ٹی پی کیلئے بھتہ لینے والے سرگرم ارکان گرفتار



اسلام آباد(این این آئی)کالعدم ٹی ٹی پی کے لیے بھتہ لینے والے سرگرم ارکان کو گرفتار کر لیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار ارکان نے ٹی ٹی پی کا بھتہ لینے کے طریقہ کار کے حوالے سے انکشافات کیے، گرفتار ارکان کالعدم ٹی ٹی پی کو بھتہ خوری میں معاونت فراہم کررہے تھے۔

ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان نے کالعدم ٹی ٹی پی کے کمانڈرز کی افغانستان میں موجودگی کو بھی کنفرم کیا۔

گرفتار ملزم نے بیان میں کہا کہ افغانستان میں موجود کالعدم ٹی ٹی پی کمانڈر عبدالرازق ہمیں وٹس ایپ کے ذریعے ہدایات دیتا تھا۔

کالعدم ٹی ٹی پی کمانڈر لوگوں کے گھروں اور دکانوں کی ویڈیوز منگوا کر ان کو بھتے کے لیے افغانستان سے کال کرتا تھا۔ملزم نے کہا کہ بھتہ نہ ملنے یا تاخیر کی صورت میں وہ لوگوں کو جان سے مارنے یا اغوائ کی دھمکیاں دیتا تھا۔

آئی ایم ایف کی ہدایت پر یکم اکتوبر سے گیس قیمتوں میں اضافہ کی تیاریاں مکمل



اسلام آباد (آن لائن)آئی ایم ایف کی ہدایت پر نگران حکومت کی گیس قیمتوں میں اضافے کی تیاریاں مکمل کرلیں۔

ذرائع وزارت پٹرولیم کے مطابق یکم اکتوبر سے درآمدی اور مقامی گیس کی ایک ہی قیمت مقرر کیے جانے کا امکان ہے،گھریلو، کھاد اور کیپٹو پاور پلانٹس کے گیس ٹیرف میں سبسڈی ختم کیے جانے کا امکان ہے،آئندہ ای سی سی اجلاس میں گیس ٹیرف میں اضافے کی سمری پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

نگران حکومت نے گیس ٹیرف میں اضافے سے قبل صنعتی اور تجارتی شعبوں کو اعتماد میں لینا شروع کر دیا ہے،وزیر تجارت اور وزیر توانائی صنعتی شعبے کو اعتماد میں لے رہے ہیں،ملک کی مقامی گیس پیداوار 3.4 ارب مکعب فٹ یومیہ ہے،ملک میں ایک ارب مکعب فٹ گیس یومیہ درآمد کی جا رہی ہے۔

گیس کا گردشی قرض 2 ہزار 900 ارب روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا،آئی ایم ایف نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے گیس کے گردشی قرضے کو ختم کرنے کی شرط عائد کی ہے۔

عالمی سطح پر گیس نقصانات کی شرح 2 سے 3 فیصد ہوتی ہے،سوئی سدرن کے سالانہ گیس نقصانات کی شرح 15 فیصد جبکہ سوئی ناردرن کی 8.2 ہے،سوئی کمپنیوں کے نقصانات سے سالانہ 350 ارب روپے گردشی قرض میں شامل ہو رہے ہیں۔

اوگرا سوئی کمپنیوں کے یو ایف جی نقصانات کو کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام رہا ہے،اوگرا نے یکم جولائی سے سوئی سدرن کیلئے 1 ہزار 350 روپے جبکہ سوئی ناردرن کیلئے 1 ہزار 239 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ٹیرف مقرر کیا تھا۔

گھریلو صارفین کو اوسط 450 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو گیس فراہم کی جاتی ہے،سلنڈر استعمال کرنے والے صارفین کیلئے یہ لاگت 5 ہزار 298 روپے بنتی ہے،اتنی ہی مقدار کی ایل این جی کی لاگت 4 ہزار 473 روپے بنتی ہے،گیس کمپنیوں کے عملے اور تنخواہوں میں کمی کی تجویز بھی تیار کی گئی ہے۔