پنجاب کے مختلف شہروں میں سی ٹی ڈی کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ، 13 دہشت گردگرفتار



لاہور ( این این آئی) دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے مختلف شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 13 دہشت گردگرفتار کرلیے ۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائیاں لاہور، اٹک، بہاولنگر، جہلم، بہاولپور، شیخوپورہ اور راولپنڈی میں کی گئیں ، اٹک سے 5اور لاہور سے 3دہشت گرد گرفتار کیے گئے ہیں ۔

ترجمان کاکہنا ہے کہ دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد ، 29ڈیٹونیٹر، پرائما کارڈ، موبائل فون، اسلحہ ، گولیاں اور نقدی بھی برآمد کی گئی ہے ۔

ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کی شناخت خورشید، رشید، عرفان، لقمان ، وحید، رضوان، عامر اور واجد وغیرہ کے نام سے ہوئی ہے ۔

ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گرد سرکاری دفاتر اور اہم تنصیبات پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے ، دہشت گردوں کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔

سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق رواں ہفتے625کومبنگ آپریشنز کے دوران 105مشتبہ افراد گرفتار کیے ، کومبنگ آپریشنز میں 27229افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔ترجمان کاکہنا ہے کہ سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے ، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں ۔

بھارت سکھ رہنما کے قتل کی تحقیقات میں تعاون کرے، امریکہ



واشنگٹن(این این آئی)امریکا نے ایک بار پھر بھارت سے ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کی تحقیقات میں تعاون کرنے اور ملوث افراد کا احتساب یقینی بنانے کا مطالبہ کر دیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ہفتہ کو جاری کئے گئے ایک بیان میں امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہردیپ سنگھ نجر قتل کیس پر بھارت اور کینیڈا کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

بھارت سکھ رہنما قتل کیس میں ملوث افراد کا احتساب یقینی بنائے اور قتل کی تحقیقات میں تعاون کرے، امریکا بین الاقوامی جبر کو نہایت سنجیدگی سے لیتا ہے، اہم یہ ہے کہ نجر قتل کیس کی تحقیقات مکمل ہوں اور ان کا نتیجہ نکلے۔

ایران حجاب کے توہین آمیزقانون کو منسوخ کرے، اقوام متحدہ



جنیوا(این این آئی)اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں ڈریس کوڈ کی پابندی نہ کرنے والی ایرانی خواتین پر قید کی سزاں میں اضافے اور بھاری جرمانے عائد کرنے کے نئے قانون سے خبردار کیا گیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ نے ایرانی حکام سے ایک نیا قانون منسوخ کرنے کا مطالبہ کر دیا جو سخت اسلامی لباس کے ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والی خواتین کے لیے سزائوں کو نمایاں طور پر سخت کرتا ہے۔

اقوام متحدہ نے اسے ظالمانہ اور توہین آمیز قرار دیا۔اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے کہا کہ اسے نام نہاد عفت اور حجاب بل کی منظوری پر گہرا افسوس ہے۔ اس قانون کے تحت لباس کے ضابطے کی معمولی خلاف ورزی کرنے والی خاتون کو 10 سال قید ہو سکتی ہے۔

اگست کے بعد مہنگائی میں کمی، جی ڈی پی میں نمایاں بہتری



اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان معاشی استحکام کی راہ پرگامزن ہوگیا ہے ، اگست کے بعد سے مہنگائی کی شرح بھی کم ترین سطح پر پہنچ گئی۔

کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 85، تجارتی خسارے میں40فیصد کمی ، آئی ٹی برآمدات میں 10فیصد اضافہ ، حالیہ رپورٹ کے مطابق ملک کے جی ڈی پی میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 27.1فیصد اضافے کے ساتھ نمایاں بہتری آئی ہے۔

مالی سال 2023میں پاکستان کے تجارتی خسارے میں 40فیصد اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 85فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ آئی ٹی صنعت نے1.72بلین ڈالر کا تجارتی سرپلس حاصل کیا ہے چیلنجزکے باوجود آئی ٹی برآمدات میں بھی10فیصد اضافہ ہوا ۔

اداکارہ مدیحہ امام نے کیریئر کے پہلے فوٹو شوٹ کی تصویریں شیئر کردیں



کراچی(این این آئی)پاکستانی معروف اداکارہ و ماڈل مدیحہ امام نے اپنے کیریئر کے پہلے فوٹو شوٹ کی تصویریں شیئر کی ہیں۔

تفصیلا ت کے مطابق اداکارہ نے اپنے سوشل میڈیا اکائونٹ انسٹاگرام پر اپنے کیریئر کے آغاز کے پہلے فوٹو شوٹ کی تصویریں شیئر کی ہیں۔

ان تصویروں میں اور آج کی مدیحہ امام میں زیادہ تبدیلی نظر نہیں آ رہی۔مدیحہ امام نے اپنی اس پوسٹ کے کیپشن میں بتایاکہ یہ میرا پہلا فوٹو شوٹ تھا، یہاں میری عمر 19سال تھی۔

میری پہلی ترجیح گلوکاری ہے ،اسی میں اپنا نام بنانے کی خواہشمند ہوں، آئمہ بیگ



لاہور ( این این آئی) گلوکارہ آئمہ بیگ نے کہا ہے کہ پلے بیک سنگر کے طور پر مجھے جو کامیابیاں ملی ہیں اس کا میں نے تصور بھی نہیں کیا تھا ،کم عمری میں بہترین پلے بیک سنگر کا ایوارڈ جیتنا میری زندگی کا خوشگوار لمحہ تھا۔

انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ ایک نجی ٹی وی چینل میں کو ہوسٹ کے طور پر کام کے ساتھ ساتھ گلوکاری کا سلسلہ جاری رکھا جس کے بعد شو چھوڑ کر اپنی تمام تر توجہ گلوکاری کی طرف مرکوز کر لی ۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میری پہلی ترجیح گلوکاری ہے اور اسی میں اپنا نام بنانے کی خواہشمند ہوں۔

آئمہ بیگ نے کہا کہ انتہائی کم عمری میں سینئر گلوکاروں کی موجودگی میں لکس ایوارڈ کے لئے نامزد کیا گیا جو میرے لیے حیرت کا باعث تھا اور بعد ازاں لکس ایوارڈ بھی میرے حصے میں آیا جو میری زندگی کا ایک یادگار لمحہ تھا جس کو میں ہمیشہ یاد رکھوں گی۔

شبانہ اعظمی پسندیدہ اداکارہ ،خواہش ہے ان کی طرح اپنا مقام بنائوں ، سجل علی



لاہور( این این آئی ) خوبرو اداکارہ سجل علی نے کہا ہے کہ شبانہ اعظمی میری پسندیدہ اداکارہ ہیں اورمیری خواہش ہے کہ میں بھی ان کی طرح کام کر کے اپنا مقام بنائوں ۔

ایک انٹر ویو میں اداکارہ نے کہا کہ کہ بھارت میں میری پہلی فلم ” موم ”کے دوران سری دیو ی نے جس قدر محبت اور شفقت کا مظاہرہ کیا میں اسے زندگی بھر فراموش نہیں کر سکوں گی ۔

انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ بھارت اور پاکستان میں امن کی ایسی فضاء قائم ہونی چاہیے جس سے دونوں ممالک میں بسنے کروڑوں لوگ مفلسی کی زندگی سے نکل کر خوشحال مستقبل دیکھیں ۔

جنگ سے کبھی بھی مسائل حل نہیں ہوتے اس لئے بھارت کو جارحانہ رویے اپنانے کی بجائے مذاکرات کی میز پر آنا چاہیے اور اس سے دونوں ممالک ہی پورے خطے کو فائدہ ہوگا۔

امیتابھ کی اپنی مشہور زمانہ فلم ”قلی”کے دوران شدید زخمی سے متعلق لب کشائی



ممبئی(این این آئی)بالی وڈ کے میگا اسٹار اداکار امیتابھ بچن نے اپنی مشہور زمانہ ایکشن کامیڈی فلم ”قلی”میں شوٹنگ کے دوران شدید زخمی ہونے سے متعلق لب کشائی کی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق امیتابھ بچن کو 1982میں بننے والی مشہور کامیڈی فلم ”قلی”میں شوٹنگ کے دوران حادثہ پیش آیا تھا جس میں وہ شدید زخمی ہوگئے تھے۔

فلم قلی کے ڈائریکٹر منموہن دیسائی اور رائٹر قادر خان تھے جس میں امیتابھ بچن نے ریلوے اسٹیشن پر کام کرنے والے قلی کا کردار ادا کیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سینئر اداکار نے بتایا کہ وہ شوٹنگ کر رہے تھے کہ حادثے کا شکار ہوگئے اور یہ حادثہ غلط چھلانگ مارنے کی وجہ سے پیش آیا تھا جس کی وجہ سے انہیں بری طرح زخم بھی آئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ زخمی ہونے پر ان کے مداحوں کی جانب سے نیک تمنائوں کا اظہار کیا گیا تھا اور صحتیاب ہونے کیلئے دعائیں بھی کی گئی تھیں جس کا قرض وہ کبھی نہیں اتار سکتے اور آج وہ جس بھی مقام پر ہیں وہ اپنے مداحوں کی وجہ سے ہی ہیں۔

سنگھم جیسی فلمیں خطرناک پیغام بھیجتی ہیں، بھارتی جج



بمبئی(این این آئی)بھارت میں جن فلموں کو پسند کیا جاتا ہے اب انہی سے متعلق عملی زندگی کے ماہرین نے اس پر تنقید کی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بمبئی ہائی کورٹ کے جسٹس گوتم پٹیل نے کہاکہ سنگھم جیسی فلمیں خطرناک پیغام بھیجتی ہیں۔

بھارتی پولیس کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے قانون کے عمل کے ساتھ لوگوں کی بے صبری پر بھی سوال اٹھایا۔

بمبئی ہائی کورٹ کے جسٹس گوتم پٹیل نے کہاکہ سنگھم جیسی مشہور اور کامیاب فلموں میں دکھائے گئے قانون کے مناسب عمل کی پرواہ کئے بغیر فوری انصاف فراہم کرنے والے ہیرو پولیس کا تصور ایک بہت ہی نقصان دہ پیغام دیتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ فلموں میں پولیس کو ان ججوں کے خلاف دکھایا جاتا ہے اور اکثر ججوں کو ڈرپوک اور بہت برا لباس پہنا کر دکھایا جاتا ہے۔

فلموں میں پولیس عدالتوں پر قصورواروں کو جانے دینے کا الزام لگاتی ہے اور ہیرو پولیس اہلکار اکیلے ہی انصاف فراہم کرتا ہے۔

جسٹس گوتم پٹیل نے کہا کہ سنگھم فلم میں خاص طور پر کلائمیکس سین میں پوری پولیس فورس کو سیاستدان کیخلاف ایکشن کرتے دکھایا گیا ہے جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ اب انصاف مل گیا ہے۔

بھارتی جج نے کہاکہ لیکن میں پوچھتا ہوں کیا ایسا ہے، ہمیں سوچنا چاہیے کہ یہ پیغام کتنا خطرناک ہے،یہ بے صبری کیوں؟اگر اس عمل کو شارٹ کٹ کے حق میں چھوڑ دیا گیا تو پھر ہم قانون کی حکمرانی کو ختم کر دیتے ہیں۔

پاکستان کے عوام اپنے قائد نوازشریف کا استقبال کرنے کیلئے بے تاب ہیں،مریم نواز



لاہور/لندن ( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اپنے قائد میاں نوازشریف کا استقبال کرنے کیلئے بے تاب ہیں۔

پاکستان کے وکلاء نوازشریف کے فرنٹ لائن سولجرز ہیں ،سینکڑوں عدالتی پیشیاں ہوں، یا جیل کی قید ہر جگہ ساتھ کھڑے رہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ(ن) وکلاء ونگ کے پارٹی قائد میاں نوازشریف کی واپسی کے حوالے سے ماڈل ٹائون میں منعقدہ اہم اجلاس میں لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے خصوصی شرکت کے موقع پر گفتگو کے دوران کیا ۔

اجلاس میں سابق وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ،پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ ،نصیر بھٹہ،عطا اللہ تارڑ،محسن رانجھا، انوشہ رحمان،عظمی بخاری،رانا ارشد ،صدر لائرز ونگ رانا ظفر اقبال ،جنرل سیکرٹری عنصر بلوچ ، خاور اکرام بھٹی،رفاقت ڈوگر،صفدر جٹ،ملک شہباز نٹھر، امتیاز الہی،ناصر چوہان،ملک ذیشان اعوان اور پنجاب بھر سے آئے ڈویژن اور ڈسٹرکٹ کے عہدیداروں نے شرکت کی ۔

امریکی کمیشن نے بھارت کو قابل تشویش ملک نام زد کرنے کی سفارش کردی



واشنگٹن (این این آئی )امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی نے بھارت میں مذہبی آزادیوں میں کمی کی نشان دہی کر دی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کمیشن کی جانب سے امریکی وزارت خارجہ کو بھارت کو قابلِ تشویش ملک نام زد کرنے کی سفارش کردی گئی۔

امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی کا کہنا تھا کہ بھارت میں مذہبی اقلیتوں کو نشانہ بنانے والے قوانین اور پالیسیاں نافذ کی گئی ہیں۔

کمیشن کے مطابق بھارت میں مسلمانوں، سکھوں، مسیحیوں، دلتوں اور دیگر اقلیتوں پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔

کمشین کا کہنا تھا کہ نئی د ہلی میں ہندو مسلم فساد کے بعد مسجد کو جلا دیا گیا اور نائب امام کو قتل کر دیا گیا تھا۔

اقوام متحدہ کے اقلیتی مسائل پر خصوصی نمائندے فرنینڈ ڈی ویرنس نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعدلوگوں کوحق رائیدہی سے محروم کیاگیا۔ان کا کہنا تھا کہ خصوصا مسلم کمیونٹی کی سیاسی نمائندگی کا حق چھیناجارہاہے۔

بھارت، منی پور خانہ جنگی میں مودی سرکار کا ریاستی اسلحہ استعمال ہونے کا انکشاف



نئی دہلی(این این آئی) بھارتی ریاست منی پور میں جاری خانہ جنگی میں مودی سرکار کا ریاستی اسلحہ استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق رواں برس 3 مئی سے بھارتی ریاست منی پور میں پرتشدد واقعات کا سلسلہ تاحال جاری ہے جب کہ میٹی اور کوکی قبائل کے درمیان نسلی تصادم تاحال ختم نہیں ہو سکا۔

منی پور پولیس کی جانب سے تصدیق کی گئی کہ شمال مشرقی ریاست کے مختلف تھانوں اور اسلحہ خانے سے اسلحہ اور گولہ بارود لوٹا گیا جب کہ لوٹ مار کے واقعات ریاست کے مختلف اضلاع سے رپورٹ ہوئے ہیں۔

پولیس کی رپورٹ کے مطابق 5668 کی تعداد میں رائفلیں اور دیگر اسلحہ لوٹ لیا گیا۔بھارتی پولیس اسٹیشن میں انڈین رائفلز کمانڈو بٹالین کی طرف سے درج کرائی گئی ایف آئی آر کے مطابق شرپسندوں نے 28 مئی کو خبیسوئی میں واقع ان کے ہیڈ کوارٹر پر دھاوا بولا۔

لوگوں نے 322انساس رائفلز، اے ایف رائفلز، اسالٹ رائفلز اور مختلف دیگر جدید گولہ بارود قبضے میں لیا۔پولیس میں درج ایک اور ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ مختلف جدید ترین ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ بلٹ پروف جیکٹس، سیل گارڈ ہیلمٹ اور فائبر اسٹکس بھی چوری کی گئی ہیں۔

ہتھیار 2مراحل میں لوٹے گئے۔ پہلے 3مئی سے قبل اور دوسرے 27مئی یا اس کے بعد لوٹے گئے۔ ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق مئی 2023 سے اب تک منی پور فسادات میں 1118

افراد زخمی، 33افراد لاپتا اور 5172جلا گھیرا کے واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ بھارتی سیاست دان لوگوں سے ہتھیار واپس کرنے کی استدعا کررہے ہیں اور انہوں نے لوگوں کو ہتھیار ڈالنے پر راضی کرنے کے لیے مزید وقت بھی طلب کیا ہے۔