امریکا نے جشن میلاد پر دہشتگرد حملوں کو شیطانی واقعات قراردے دیا



امریکہ نے بلوچستان اورخیبرپختونخوا میں دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کااظہار کیا ہے ۔

اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے نے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پرجاری بیان میں کہاہے کہ پاکستانی عوام بلوچستان اورخیبرپختونخوا میں ہونے والے دہشت گردی کے حملوں کے خوف کے بغیراپنے عقیدے کا جشن منانے کے مستحق ہیں ۔ ہمارے دل متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ ہم ان شیطانی واقعات کے خلاف پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے

یادرہے کہ جمعہ کے روز پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہرمستونگ میں ریلی سے قبل بم دھماکے میں 52 افرادجاں بحق اور 50 سے زائدزخمی ہوئے جبکہ ہنگو میں مسجدپرخودکش حملے میں 4 افرادجاں بحق ہوئے۔

خاتون کی تصاویرشیئرکرنے پر مجرم کو10 سال قید25 لاکھ جرمانہ



اسلام آباد: خاتون کی قابل اعتراض تصاویراور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرنے والے مجرم کوعدالت نے عبرتناک سزاسنادی ۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) کی طرف سے جمعہ کے روز جاری بیان کے مطابق ملزم انوار الحق نے خاتون کی قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شئیر کی تھیں ۔

سائبر کرائم سرکل گجرانوالہ نے ملزم کے خلاف 2021 میں مقدمہ درج کرایا تھا۔مقدمے کی سماعت مکمل ہونے پر ایڈیشنل سیشن جج نے انوارالحق کو مجرم قرار دیتے ہوئے 10 سال قید اور 25 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔

اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ: روٹی، چاول، دالیں مزید مہنگی کردی گئیں



لاہور (این این آئی)ضلعی انتظامیہ نے اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا، روٹی، چاول، 6 اقسام کی دالیں، سفید چنے، بیسن کی قیمتیں بڑھا دی گئیں۔ضلعی انتظامیہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق سادہ روٹی 2 روپے اضافہ سے 18 سے بڑھا کر 20 روپے کر دی گئی، دال چنا باریک 5 روپے اضافہ سے 210، دال چنا سپیشل 225 روپے کلو ہوگئی، دال مسور 50 روپے اضافہ سے 270 روپے سے بڑھ کر 320 روپے کی ہوگئی، دال ماش دھلی ہوئی 20 روپے اضافہ سے 530 روپے کی کر دی گئی۔نوٹیفکیشن کے مطابق دال مونگ 30 روپے اضافہ سے 220 روپے سے بڑھا کر 250 کردی گئی، سفید چنے 320 روپے سے بڑھا کر 340 روپے کلو کردیئے، بیسن 15روپے اضافہ کے ساتھ 215 روپے سے بڑھا کر 230 روپے کر دیا گیا، چاول کی قیمت میں 5 روپے کا اضافہ کیا گیا، قیمت 310 سے 315 تک جا پہنچی، دودھ کی قیمت فی لٹر 160، دہی کی قیمت 180 روپے فی کلو مقرر کی گئی۔ڈی سی لاہور کے مطابق اشیائے خورونوش کے ہول سیل و پرچون قیمتوں کا تعین کیا گیا، کمپنیوں کی پراڈکٹس پرنٹ شدہ قیمتوں پر فروخت کی جائیں گی، سرکاری نرخ ناموں پرعمل نہ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی ہو گی۔

نوازشریف کی واپسی پرسکیورٹی خدشات ہیں، گرفتاری کے حوالے سے نہیں، رانا ثناء اللہ



اسلام آباد (این این آئی)مسلم لیگ (ن )کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ نوازشریف کی واپسی پرسکیورٹی خدشات ہیں، تاہم گرفتاری کے حوالے سے خدشات نہیں۔ایک انٹرویو میں سابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جوپارٹی پنجاب میں100سے زیادہ سیٹیں لیتی ہے وفاق میں حکومت بناتی ہے،پنجاب کی100سے زیادہ قومی اسمبلی کی سیٹیں جیتیں گے، یعنی65فیصد پنجاب ہم جیتیں گے۔انہوںنے کہاکہ شاہدخاقان،مفتاح اسماعیل،مصطفی نوازکھوکھراہمیت کے حامل ہیں،تینوں افرادپارٹی بنانے کافیصلہ کریں گے توخود کوضائع کرلیں گے۔ انہوںنے کہاکہ نہیں لگتاکہ کوئی پارٹی بنائیں گے تواس کو مقبولیت ملے گی، شاہد خاقان اور مفتاح اسماعیل کیلئے دوستانہ مشورہ ہے کہ پارٹی میں رہیں ورنہ ضائع ہوجائیں گے۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ پارٹی میں اکثریت کی یہ رائے ہے کہ امید کا پیغام دیں، اکثریت سمجھتی ہے کہ احتساب کے نعرے پِٹ چکے ہیں،کچھ لوگوں کاخیال ہے احتساب،سستیانصاف کانعرہ لگناچاہیے، تاہم نوازشریف کی واپسی پرسکیورٹی خدشات ہیں، تاہم گرفتاری کے حوالے سے خدشات نہیں۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نگراں وزیر داخلہ کا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر چلایا گیا، سرفراز بگٹی کی وضاحت سے مطمئن ہوں۔

مہنگی بجلی مزید مہنگی



اسلام آباد (این این آئی)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارتی (نیپرا) نے حکومت پاکستان کی جانب سے مالی سال 23ء کی پہلی اور چوتھی سہ ماہی کے لیے دائر کردہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ (کیو اے) کی دو درخواستوں پر فیصلہ کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے اجرا کے بعد سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے۔الیکٹرک کے صارفین پر بھی لاگو ہوگا۔کے۔الیکٹرک کے مطابق نیپرا اور حکومت پاکستان طے شدہ قواعد و ضوابط کے مطابق سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دیتے ہیں اور ساتھ ہی اْس مدت کا بھی تعین کرتے ہیں، جس میں اسے صارفین پر بلوں کے ذریعے لاگو کیا جائے گا۔ کے۔الیکٹرک سمیت پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کا سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ سے کوئی تعلق نہیں اور اس میں اضافہ اور کمی میں ان کا کوئی کردار نہیں ہوتا۔22 ستمبر 2023 کے پہلے فیصلے میں نیپرا نے مالی سال 2022ـ23 کی چوتھی سہ ماہی کے لیے دیگر ڈسکوز کے صارفین پر 3.28 روپے فی یونٹ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دی ہے۔ وفاقی حکومت کی جاری کردہ پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق سہ ماہی ایڈجسمنٹس کا اطلاق کے۔الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہوگا۔ حکومت کے نوٹیفکیشن کے بعد یہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ اکتوبر 2023 سے مارچ 2024 تک چھ ماہ کی مدت کے لیے پورے ملک کے صارفین پر لاگو ہوگا۔کے۔الیکٹرک کے مطابق نیپرا کے فروری تا مارچ 2023 کی سہ ماہی کے لیے جاری کردہ فیصلے میں کیو اے کا اطلاق دیگر ڈسکوز اور کے۔الیکٹرک کے صارفین پر بھی کیا ہے، جس کے مطابق 300 یونٹس تک استعمال کرنے والے صارفین پر 1.48 روپے فی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ لاگو کیا گیا ہے (علاوہ لائف لائن صارفین کے)۔ دیگر تمام رہائشی صارفین پر 3.21 روپے فی یونٹ اور دیگر تمام زمروں کے صارفین پر 4.45 روپے فی یونٹ لاگو کیا گیا ہے کچھ کمرشل اور زرعی صارفین کو چھوڑ کر، جن سے باالترتیب 2.68 روپے فی یونٹ اور 4.14 روپے یونٹ وصول کیا جائے گا۔ وفاقی حکومت کی جانب سے نوٹیفیکیشن کے اجرا کے بعد سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کو صارفین سے اکتوبر اور نومبر 2023 کے بلوں کے ذریعے وصول کیا جائے گا۔

ملک میں سردی سے پہلے ہی گیس کی قلت کا خدشہ



کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میں سردی سے پہلے ہی گیس کی قلت کا خدشہ پید اہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں سردی سے پہلے ہی گیس کی قلت کا خدشہ پید اہوگیا۔ حکومت نے ملک میں گیس کی کمی پوری کرنے کی کوششیں شروع کردی ہیں اور اس سلسلے میں دسمبر میں ایل این جی سپلائی کے لیے عالمی کمپنیوں سےبولیاں طلب کی گئی ہیں۔ حکومت نے دسمبر میں 2؍ ایل این جی کارگوز کیلئے بولیاں طلب کی ہیں اور 4 اکتوبر تک موصولی کے بعد اسی روز بڈز کھول دی جائیں گی۔

ہنگو: نماز جمعہ کے دوران مسجدپر خودکش حملہ ،4 افرادشہید



خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں دوآبہ تھانے کی مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے میں چار افرادجاں بحق اور 12 زخمی ہوئے ہیں۔
ہنگو میں تھانہ دوآبہ کے ایس ایچ او شابراز خان کے مطابق دھماکہ نمازِ جمعہ کے آخری خطبے کے دوران ہوا جب مسجد میں 30 سے 40 افراد موجود تھے۔
ہنگو کے ڈپٹی کمشنر فضل اکبر خان کے مطابق تھانہ دوآبہ کو دو خودکش حملہ آوروں نے نشانہ بنانے کی کوشش کی اور پہلا دھماکہ تھانے کے باہر ہوا جس کی آواز سن کر نمازیوں کی بڑی تعداد مسجد سے نکل گئی اور جب دوسرے حملہ آور نے مسجد کے اندر دھماکہ کیا تو جانی نقصان کم ہوا۔
مسجد کے اندر ہونے والے دھماکے کی شدت سے عمارت کی چھت گر گئی اور اس کے نیچے متعدد افراد دب گئے جنھیں نکالنے کے لیے ریسکیو 1122 نے آپریشن کیا۔
فضل اکبر خان کے مطابق ملبے سے چار لاشیں اور 12 زخمیوں کو نکالا گیا ہے۔
نگران وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل کے مطابق ہنگو میں پولیس کی بروقت کارروائی سے زیادہ تر نمازی محفوظ رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گاڑی میں سوار دو خودکش حملہ آور تھانے میں داخل ہونے کے لیے پہنچے تھے اور ڈیوٹی پرموجود پولیس اہلکاروں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک حملہ آور مسجد سے باہر ہلاک کر دیا گیا۔
دوسرا خودکش حملہ آور مسجد میں داخل ہونے میں کامیاب ہوا اور دھماکہ کردیا۔
فیروز جمال شاہ کے مطابق اگر حملہ آوروں کو نہ روکا جاتا تو بڑے جانی نقصان کا اندیشہ تھا۔

افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام، 3 دہشت گرد ہلاک



پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے جبکہ اس دوران 4 جوان بھی شہید ہو گئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ 28 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے پاک افغان سرحد کے قریب کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشت گردوں کی افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بنائی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران حوالدار ستار، لانس نائیک شیر اعظم، لانس نائیک عدنان اور سپاہی ندیم نے جام شہادت نوش کیا ہے۔

فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ترجمان آئی ایس پی آر نے کہاکہ سیکیورٹی فورسز دشمنوں کی کارروائیوں کو ناکام بناتی رہیں گی۔

جشن عید میلادالنبی ؐ پر صدر، وزیراعظم کے قوم کے نام پیغامات



ملک بھر میں آج جشن عید میلادالنبی ؐ بھرپور عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، اس اہم دن کی مناسبت سے صدر مملکت عارف علوی اور نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے بھی اپنے پیغامات جاری کیے ہیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نبی اکرم ﷺ کی زندگی وسیرت اور اس میں موجود تعلیمات پر غور کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بحیثیت قوم ہم پر لازم ہے کہ ہم اپنی روزمرہ کی زندگی میں ان اقدار کو قائم کریں اور ایسے ماحول کو فروغ دیں جہاں ہر فرد کی عزت اور حقوق محفوظ ہوں۔

عارف علوی نے کہاکہ نبی کریم ؐ کی تعلیمات دور ِحاضر سمیت رہتی دنیا تکک درپیش بے شمار چیلنجز کا حل پیش کرتی ہیں۔

دوسری جانب نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اس وقت جن مشکلات اور نازک صورتحال سے دو چار ہے ان میں ہمیں نبی کریمﷺ کی تعلیمات کی طرف رجوع کرنے کی ضرورت ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ میں نبی اکرم حضرت محمدﷺ کی ولادت با سعادت کے موقع پر پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اس رسولﷺ کا امتی بنایا کہ جو رحمتہ اللعالمین ہیں، آپ ؐ کی ہمہ گیر اور جامع الصفات شخصیت ہر انسان کے لئے قابلِ تقلید ہے۔

پاکستان میں رجیم چینج کی حمایت نہیں کرتے: امریکا کی پھر وضاحت



امریکا نے کہا ہے کہ لاکھ بار بتا چکے ہیں کہ ہم پاکستان میں رجیم چینج کی حمایت نہیں کرتے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پاکستان میں حکومت کی تبدیلی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ہم بار بار اس کی وضاحت کر چکے ہیں کہ پاکستان میں رجیم چینج کی حمایت نہیں کرتے۔

میتھیو ملر نے کہا کہ ہماری پالیسی بالکل واضح ہے، پاکستان میں اس وقت انتخابات ہونے جا رہے ہیں اس لیے اس معاملے پر کوئی پوزیشن نہیں لیتے۔ واشنگٹن صاف اور شفاف انتخابات کی حمایت کرتا ہے۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہاکہ پاکستان ہمارا اہم شراکت دار ہے، متعدد ایسے مسائل ہیں جن پر ہم اکھٹے کام کرتےہیں اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔

آرمی چیف کا غیرقانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے پر زور



آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اس بات پر زور دیا ہے کہ غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے لاہور کا دورہ کیا اور اس موقع پر انہوں نے صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی بھی شریک ہوئے، اس دوران آرمی چیف کو صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، بشمول بجلی، گیس چوری، ذخیرہ اندوزی اور غیر ملکی کرنسی کی سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہاکہ غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں کے نتیجے میں پاکستان کو مختلف طریقوں سے ہونے والے معاشی نقصانات سے نجات مل سکے گی۔

اس موقع پر فورم کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی ) اور گرین پنجاب کے اقدامات کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش سے موسم خوشگوار



راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت جڑواں علاقوں میں گرچ چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے جس کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔

شہر اقتدار میں گرچ چمک کے ساتھ بارش کے بعد تیز ہوائیں چل پڑیں جس سے موسم سرد ہو گیا۔ اس کے علاوہ پشاور اور ملحقہ علاقوں میں بارش کی وجہ سے گرمی کی شدت کم ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ پنجاب، خیبرپختونخوا، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں مزید بارش ہو سکتی ہے۔