حکومت نے عوام پر سردیوں سے قبل گیس بم گرانے کی تیاریاں مکمل کر لیں۔
ذرائع کے مطابق گیس قیمتیں بڑھانے کی سمری کل پیر کو کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں پیش کئے جانے کا امکان ہے، پٹرولیم ڈویژن نے سمری میں گیس کا ٹیرف 193 فیصد تک بڑھانے کی تجویز دی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ گھریلو صارفین کیلئے گیس 172 فیصد تک اور دیگر کیٹگریز کیلئے گیس کی قیمت میں تقریباً 193 فیصد تک اضافے کی تجویز ہے ، منظوری کے بعد قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم اکتوبر سے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
سردیوں اور گرمیوں کا ریونیو ٹارگٹ برقرار رکھنے کیلئے فکس چارج بڑھانےکی تجویز بھی زیر غور ہے،حکام پٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ 0.5 سے 0.9 ہیکٹومیٹرگیس استعمال کرنے والوں کیلئے قیمتیں برقرار رہیں گی، جبکہ ماہانہ ایک ہیکٹو میٹر گیس استعمال کرنے والوں کا ٹیرف ایل پی جی کے برابر لایا جائے گا۔
پٹرولیم ڈویژن کے ذرائع نے بتایا کہ ایل این جی کی سستے داموں فراہمی سے200 ارب سالانہ کا نقصان ہو رہا ہے، قیمتیں نہ بڑھائی تو گیس کمپنیوں کو205 ارب روپے کا نقصان ہو گا۔