نامور اداکارہ ژالے سرحدی نے انکشاف کیا ہے کہ میں بچپن میں دل پھینک تھی۔
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ و ماڈل ژالے سرحدی نے ایک ٹیلی ویژن شو میںکیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔
زندگی کی پہلی محبت سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ انہیں پہلی محبت چوتھی کلاس میں پڑھنے کے دوران ہوئی تھی، سکول میں ہم جماعت لڑکے سے محبت ہوگئی تھی لیکن جب سکول تبدیل کیا تو وہ محبت بھی ختم ہوگئی تھی، نئے سکول میں نئی کہانی شروع ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کا تعلق شوبز گھرانے سے ہے اور ان کے گھر کے تقریباً تمام افراد گلوکاری بھی کرتے رہے لیکن پروفیشن کے طور پر صرف انہوں نے گلوکاری کو آگے بڑھایا۔
ان کے مطابق مقبول اداکارہ سلمیٰ آغا ان کی پھوپھو ہیں اور وہ بھی گلوکاری کرتی رہی ہیں، اسی طرح ان کے والد اور چچا بھی گلوکاری کرتے رہے ہیں۔
Monthly Archives: October 2023
حملے کا سائرن بجتے ہی برطانوی اور اسرائیلی وزرائے خارجہ بھاگ گئے
اسرائیل کے دورے پر موجود برطانوی وزیرخارجہ جیمز کلیورلی کی سائرن بجتے ہی پناہ کیلئے بھاگنے کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔
برطانوی وزیرخارجہ کے دورہ اسرائیل کے دوران اسرائیلی ہم منصب سے بات چیت کے دوران راکٹ حملے کا سائرن بجنے لگا۔
سائرن بجتے ہی جیمز کلیورلی اور اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن پناہ کے لیے عمارت کی طرف دوڑنے لگے۔ برطانوی اور اسرائیلی رہنماؤں کی پناہ کے لیے بھاگنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔ یہ ویڈیو اسرائیلی وزرات خارجہ کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے جاری کی گئی ہے۔ جیمز کلیورلی اسرائیل کو برطانوی حمایت کا یقین دلانے اسرائیل گئے ہیں۔
نواز شریف قانون توڑنے کے بجائے عدالت میں سرینڈر کریں : شاہد خاقان عباسی
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو بیٹھ کر بات کرنی چاہئے۔ عمران خان، نواز شریف، آصف زرداری کو مل کر بیٹھنا چاہئے، فضل الرحمان، آرمی چیف اور چیف جسٹس بھی ساتھ بیٹھیں، یہ سب بیٹھ کر فیصلہ کریں کہ آگے کیسے چلنا ہے۔ ان چھ لوگوں کو ساتھ بیٹھ کر مستقبل کا فیصلہ کرنا ہوگا۔ ان کا آئینی کردار ہو نہ ہو یہ اثر انداز تو ہوتے ہیں۔
نجی ٹی وی پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج سارے ناکام، ہوچکے ہیں، آج سیاستدان بھی ناکام ہیں، جو کچھ فوج نے کیا اس کے اثرات بھی آپ کے سامنے ہیں، جو ججز نے کیا وہ بھی آپ کے سامنے ہے، مجموعی طور پر ایک نظام کی ناکامی ہے، آج بیٹھ کر اس نظام کے اندر راستہ ڈھونڈیں کہ ہم سب مل کر ملک کے حالات کو کیسے درست کریں گے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق الیکشن کرانا ضروری ہیں، مگر الیکشن مسائل کا حل نہیں نکال پائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 3 سال میں ہر سیاسی جماعت اقتدار میں رہ چکی ہے، یہ سیاسی جماعتیں عوام کے مسائل حل نہیں کرسکیں، مستقبل میں یہ جماعتیں کیسے مسائل حل کریں گی،ان کا کہنا تھا کہ سیاست دشمنی بن گئی ہے، تفریق سے ملک نہیں چلے گا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نواز شریف کے استقبال کا قائل نہیں ہوں ۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو قانون نہیں توڑنا چاہئے، ان کی اپیلیں عدالتوں میں زیرِ سماعت ہیں، انہیں ہائیکورٹ نے مفرور قرار دے رکھا ہے، حفاظتی ضمانت ملنے تک وہ عدالتی تحویل میں رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو عدالت میں سرینڈر کرنا چاہئے، میری تجویز ہے کہ نواز شریف قانونی راستہ اختیار کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کو ریلیف ملا تو چیئرمین پی ٹی آئی کو بھی ملے گا۔
ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت کے پاس بڑے فیصلوں کا مینڈیٹ نہیں ہے، شاید آئی ایم ایف نگراں حکومت سے بات نہیں کرے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم حکومت ایک جیسی تھی، دونوں کے دور میں پارلیمنٹ میں 90 فیصد قوانین اپنے مقاصد کیلئے بنائے گئے، آخری 15 دنوں میں تاریخی تعداد میں قانون سازی ہوئی، اس طرح کی قانون سازی کے پیچھے پیسہ تھا، بہت سے متنازع بل پاس ہوگئے۔
ان کا کہنا تھا کہ پچھلے تین سالوں میں ہر سیاسی جماعت اقتدار میں رہ چکی ہے، تینوں بڑی جماعتیں عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہیں۔
ٹائٹن آبدوز کا بقیہ ملبہ اور انسانی باقیات مل گئیں
بحراوقیانوس سےانجینئرز نے جون میں تباہ ہونے والی ٹائٹن آبدوز نما کا بقیہ ملبہ اور مبینہ طور پر انسانی باقیات نکال لی ہیں۔
اس آبدوز میں اوشیئن گیٹ کمپنی کے سی ای او، ایک برطانوی ارب پتی مہم جو، ایک فرانسیسی ڈائیور کے علاوہ پاکستانی کاروباری شخصیت شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سلیمان سوار تھے۔ یہ تمام افراد اس واقعے میں ہلاک ہو گئے تھے۔یہ آبدوز ٹاتینک جہاز کا ملبہ دیکھنے کیلئے تفریحی مہم پر گئی تھی
تاہم چند دن تک اس آبدوز نما کے لاپتہ ہونے کے بعد بین الاقوامی طور پر اسے تلاش کرنے کی مہم کا آغاز ہوا تھا جس کے دوران یہ خبر عوام کی توجہ کا مرکز رہی۔
امریکی کوسٹ گارڈ نے بتایا کہ ٹائٹن کے بقیہ حصے گذشتہ ہفتے سمندر کی تہہ سے ملے جنھیں ایک امریکی بندرگاہ لے جایا گیا۔ طبی ماہرین مبینہ انسانی باقیات کا تجزیہ کریں گے۔
واضح رہے کہ اوشیئن گیٹ کمپنی کے نزدیک ٹائٹن ایک تجرباتی آبدوز تھی جس کی مدد سے سمندر میں 3800 میٹر کی گہرائی میں موجود ٹائٹینک جہاز کے ملبے تک متعدد بار سفر کیا جا چکا تھا۔
اوشیئن گیٹ کمپنی کے شیف ایگزیکٹیو سٹاکٹن رش بھی ڈوبنے والی آبدوز نما میں سوار تھے جو پانی کے شدید دباؤ سے پھٹ گئی تھی۔
بجلی چوری میں ملوث ملازمین اور چوروں کا گٹھ جوڑ ختم کرنے کی حکمت عملی تیار
پاورڈویژن نے بجلی چوری میں ملوث ملازمین اور بجلی چوروں کا گٹھ جوڑ ختم کرنے کے لئے ایف آئی اے سے مدد مانگ لی۔
پاور ڈویژن کے ذرائع نے بتایا کہ پاور ڈویژن نے بجلی چوروں کا گٹھ جوڑ توڑنے کیلئے ایف آئی اے سے مدد مانگ لی ہے، حیسکو، سیپکو اور پیسکو میں ملازمین بجلی چوری میں ملوث ہیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کی فیلڈ فورس کے ساتھ ٹیم فراہم کی جائے، بجلی چوری کے خاتمے کی مہم کی روزانہ کی بنیادپر مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق بجلی چوری میں مددفراہم کرنے والے ملازمین کی نشاندہی ضروری ہے، بجلی چوروں کی نشاندہی کیلئے کمپنیوں کی انتظامیہ کی معاونت ضروری ہے۔
سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن اپنا اپنا دائرہ اختیار طے کریں:فرحت اللہ بابر
پیپلز پارٹی کے سینٹر فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ وقت آ گیاہے سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن اپنا اپنا دائرہ اختیار طے کریں۔
آئندہ عام انتخابات کو آزاد اور شفاف بنانے پہ پلڈاٹ کا مشاورتی اجلاس ہوا،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فرحت اللہ بابر نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کو جمہوریت اور سیاسی جماعتوں کی آزادی کو کم کرنے کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، الیکشن کمیشن 9 مئی کے واقعات کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کا نوٹس لے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے انتخابات نہیں ہوں گے، نادرا کی ہائی کمانڈ میں تبدیلی سے شفاف انتخابات کے حوالے سے شکوک پیدا ہوئے ہیں، ای سی پی نے گزشتہ عام انتخابات میں آرٹی ایس کی ناکامی پر کیوں انکوائری نہیں کی۔
بھارت :فلسطین کے حق میں ریلی پر 4 طلبہ کے خلاف مقدمہ
بھارت میں فلسطین کے حق میں ریلی نکالنے پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے 4 طالب علموں پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق طالب علموں کی جانب سے ریلی نکالنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس کے بعد بھارت کے سیاسی رہنماؤں کے اعتراضات پر پولیس حرکت میں آگئی۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ سول لائن پولیس اسٹیشن نے علی گڑھ یونیورسٹی کے 4 طالب علموں کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے جب کہ ریلی میں شریک دیگر کی شناخت پریڈ کا سلسلہ جاری ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق طالب علموں کے خلاف یہ مقدمہ تعلیمی ادارے میں ایک بین الاقوامی مسئلے پر بغیر انتظامیہ کی اجازت کے ریلی نکالنے پر کیا گیا ہے۔
وزیروں اور مشیروں کے غیر ضروری بیرونی دورے بند
وزیراعظم نے کابینہ ارکان کو غیر ضروری بیرون ملک دوروں سے روک دیا۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کے بعد نگراں وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے کابینہ ارکان کو ہدایت کی کہ ایسے دورے نہ کئےجائیں جو ضروری نہ ہوں
فلسطین اور اسرائیل کی لڑائی پر دل بوجھل ہے: جی جی حدید
فلسطینیوں کی کھلے عام حمایت کرنے والی امریکی ماڈل جی جی حدید نے فلسطین اور اسرائیل کی حالیہ جھڑپوں پر میانہ روی اختیارکرتے ہوئے بیان جاری کردیا ۔
سُپر ماڈل جی جی حدید نےانسٹاگرام پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ میں ان تمام لوگوں کے بارے میں سوچ رہی ہوں جو اس خوفناک سانحے سے متاثر ہوئے ہیں، اس تنازع کی وجہ سے روزانہ قیمتیں ضائع ہو رہی ہیں، جن میں سے زیادہ تر بچے شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے فلسطینیوں کی جدوجہد اور قبضے کے تحت زندگی پر گہری ہمدردی ہے اور میں دل شکستہ ہوں، یہ ایک ذمہ داری ہے جسے میں روزانہ نبھاتی ہوں۔سپر ماڈل نے مزید کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ یہ واضح کر دوں کہ اپنے یہودی دوستوں کے لیے بھی ذمہ داری محسوس کرتی ہوں جیسا کہ میں نے پہلے کیا ہے، اگرچہ میں فلسطینیوں کے لیے امیدیں اور خواب رکھتی ہوں، لیکن اس کے لیے میں کسی بھی یہودی شخص کا نقصان نہیں چاہتی۔
جی جی حدید نے کہا کہ جن معصوم فلسطینیوں اور یہودیوں کے پیارے اور عزیز اس تنازع کا شکار ہوئے ہیں، میں ان تمام لوگوں سے گہری تعزیت کا اظہار کرتی ہیں، ہر شخص میں مختلف جذبات ہو سکتے ہیں، لیکن یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ ہر انسان کو بنیادی حقوق، منصفانہ سلوک اور تحفظ تک رسائی حاصل ہونی چاہیے، چاہے وہ اس کا تعلق کسی بھی قوم، مذہب یا نسل سے ہو۔
انہوں نے آخر میں کہا کہ میں جانتی ہوں کہ میرے الفاظ بہت سے لوگوں کے گہرے زخموں پر مرہم لگانے کے متبادل نہیں ہوسکتے لیکن میں ہمیشہ معصوم جانوں کی حفاظت کے لیے دعا گو ہوں۔
حماس کے ساتھ جنگ اسرائیل کا معاشی دیوالیہ نکال دے گی :بنکوں نے خبردار کردیا
اسرائیل کے بڑے نجی بینکوں میں سے ایک ہاپولیم بینک نے خبردار کیا ہے کہ حماس کے ساتھ جنگ اسرائیل کو اربوں ڈالر مہنگی پڑے گی جس سے بجٹ خسارے میں اضافہ ہوگا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ہاپولیم بینک نے حماس کے ساتھ اسرائیل کے جنگی اخراجات کا ابتدائی تخمینہ 6 ارب 80 کروڑ ڈالر لگایا ہے۔
بینک کا کہنا ہےکہ موجودہ صورت حال میں ابھی جنگ کی مدت کا تعین کرنا مشکل ہے تاہم اندازہ ہے کہ جنگی صورت حال کے اگلے برس اسرائیلی بجٹ کا خسارہ 1.5 فیصد پر پہنچ جائےگا۔بینک کی رپورٹ میں اسرائیل کی جانب سے 3 لاکھ ریزرو فوجیوں کو طلب کرنے پر ہونے والے اخراجات بھی شامل ہیں، ان افراد کو فوجی خدمات کے لیے اپنی کل وقتی ملازمت بھی چھوڑنا پڑے گی جس کے بڑے معاشی نقصانات ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق 1973 کی عرب اسرائیل جنگ کے بعد سے اسرائیل نے پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں ریزرو فوجیوں کو طلب کیا ہے۔
جنگ میں عسکری اخراجات کے علاوہ حماس کے حملوں سے تباہ ہونے والے انفرااسٹرکچر، گھر، زخمی افراد کے اخراجات اور ہلاک فوجیوں کے اہلخانہ کی دیکھ بھال پر بڑے اخراجات کا امکان ہے۔
دوسری جانب عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) نے بھی اسرائیل فلسطین کشیدگی سے عالمی معیشت کے غیریقینی صورتحال کی طرف جانےکا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
نواز شریف سے متعلق قانونی تقاضے پورے ہونگے ، تمام جماعتوں کو الیکشن لڑنے کا حق ہے، نگران وزیراعظم
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ معاشی چیلنز سے پاکستان کے وجود کو خطرہ ہے۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ملک میں قانون کا نفاذ کرنا ہو گا، نگران حکومت نے کرنسی کی غیر قانونی منڈی پر ہاتھ ڈالا ہے، ماضی کی حکومتوں نے کرنسی سمگلنگ پرفوکس نہیں کیا تھا، اگرایف آئی اے، کسٹم ٹھیک کام کر رہے ہوتے تو فوج سے مدد نہ لینا پڑتی۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ووٹ لینے والوں کی زیادہ ذمہ داری ہوتی ہے، پی ٹی آئی حکومت کے ساتھ بڑا اچھا تعلق رہا، پی ٹی آئی حکومت کے آخری ماہ میں اچھے تعلقات نہیں رہے۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو اپنےاندر بھی جمہوریت لانا ہو گی، باپ پارٹی میں اختلاف رہا، ایک پریویلج کلب بن گئی تھی، باپ پارٹی سے اب ہمارے راستے الگ ہیں، کسی بھی سیاسی جماعت میں شمولیت کا سوچا بھی نہیں، مدت ختم ہونے کے بعد ہوسکتا ہے ، کسی پارٹی میں شامل ہو جائوں یا نئی پارٹی بناؤں۔
نومئی مقدمات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو الیکشن میں حصہ لینے سے روکا جائے گا تو قانونی عمل ہو گا۔ پی ٹی آئی، اے این پی سمیت تمام جماعتوں کو الیکشن میں حصہ لینے کا حق ہے، مجھے حیرت ہوتی ہے کیوں اس طرح کے سوالات ہوتے ہیں، کابینہ میں کسی ایک سیاسی جماعت پر پابندی کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہو رہی۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ نوازشریف تین بار وزیراعظم رہے اور بڑی جماعت کے سربراہ ہیں، نوازشریف کے حوالے سے قانونی تقاضے پورے ہوں گے۔
نگران وزیراعظم نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف شواہد عدالت میں پیش کئے گئے ہیں، ہمارا فوکس یہ نہیں کہ چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف کتنے شواہد پیش ہوئے، 2013ء اور2018ء میں پی ٹی آئی کو ووٹ دیا تھا، پی ٹی آئی کو اس لئے ووٹ دیا تھا کہ ہسپتال، سکول، کالجز بہتر ہوں گے، ووٹ اس لئے نہیں دیا تھا کہ جی ایچ کیو پر حملہ کر دیں۔
نواز شریف کو کوئی بڑا ریلیف ملنے والا نہیں: حکم ملا تو گرفتار ضرور کریں گے: مرتضی سولنگی
نگراں وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ عدالت کہتی ہے نواز شریف کو گرفتار کر کے جیل بھیجیں تو حکم پر عمل کریں گے۔
نجی تی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ابھی نہیں لگتا کہ نواز شریف کو کوئی بڑا ریلیف ملے گا، تمام فیصلے ہمیشہ کیلئے نہیں ہوتے بلکہ کچھ تبدیل بھی ہو جاتے ہیں، مستقبل میں کیا ہوگا اس سے متعلق کچھ کہا نہیں جا سکتا۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ انتظار کریں گے نواز شریف آنے سے پہلے اپنے دفاع کیلئے کیا کریں گے، عدالت کہتی ہے نواز شریف کو گرفتار کر کے جیل بھیجیں تو حکم پر عمل کریں گے، اگر عدالت ان کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دیتی ہے تو اس پر بھی عمل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ عدالت کے فیصلے اور قانون کے مطابق سابق وزیر اعظم کی واپسی پر فیصلہ کریں گے، ان کو عدالت نے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی، وہ کوئی ڈیل کر کے گئے تھے یا نہیں اس بارے میں نہیں معلوم۔۔۔۔۔۔
نگراں وزیر اطلاعات نے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو ٹیکنیکل ناک آؤٹ کیا گیا یا نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کو باہر ہماری حکومت نے نہیں رکھا، ان کو باہر رکھنے کا کام پہلے سے ہی شروع تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اسمبلی نہ چھوڑتے تو نگراں وزیر اعظم کا انتخاب کوئی اور کرتا۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پی ٹی آئی جلسہ کرنا چاہتی ہے تو انہیں اجازت ملنی چاہیئے، اگر انہیں اجازت نہیں ملتی تو مختلف پلیٹ فارم موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جلسے کی اجازت تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو ہونی چاہیئے، جو ادارے میرے ماتحت ہیں ان پر پی ٹی آئی کے جلسے کی کوریج ہوگی، سرکاری ٹی وی پر بھی جلسہ دکھایا جائے گا۔