عثمان ڈار کے بعد صداقت عباسی کا بھی پی ٹی آئی چھوڑنے کااعلان



اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی)قومی اسمبلی کے سابق رکن صداقت عباسی نے بھی تحریک انصاف اور سیاست چھوڑنے کااعلان کردیا۔
نجی ٹی وی پروگرام میں بات کرتے ہوئے صداقت عباسی نے انکشاف کیا کہ عمران خان کی گرفتاری سے پانچ روز قبل یعنی چار مئی کو جی ایچ کیو کے قریب ریلی نکالنے کا فیصلہ ہوا تھا جبکہ 7 مئی کو فیصلہ ہوا تھا کہ عمران خان کی گرفتاری کی صورت میں آئی ایس آئی آفس اور جی ایچ کیو پر دھاوا بولنا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ نو مئی کے واقعات چیئرمین پی ٹی آئی کی ذہن سازی کا نتیجہ تھا۔ عمران خان نے واضح کیا تھا کہ ہماری لڑائی اسٹیبشلمنٹ سے ہے، چھ مئی کی ریلی نکالنے کا مقصد بھی اسٹیبشلمنٹ کو پیغام دینا تھا۔
صداقت عباسی نے کہا کہ ’نو مئی کے بعد میں ایک ماہ تک دوست کے گھر میں روپوش رہا اور پھر اہل خانہ کے ساتھ خاموشی سے گلگت چلا گیا تھا‘۔
خبررساں ادارے این این آئی کے مطابق صداقت عباسی کاانٹرویو میں کہناتھا کہ 7 مئی کوزوم میٹنگ بشریٰ بی بی کی تجویز پربلائی گئی تھی۔
صداقت عباسی نے اسی پروگرام میں عثمان ڈار کی طرح سیاست اور تحریک انصاف کو خیر باد بھی کہا اور کہا کہ وہ ملکی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل اسی طرح سے پی ٹی آئی کے روپوش رہنما عثمان ڈار بھی اچانک ٹی وی پر آئے اور ایک انٹرویو دیا تھا جس میں انہوں نے نو مئی کے واقعات کا ذمہ دار عمران خان کو قرار دیا اور مختلف دعوے بھی کیے تھے جبکہ پروگرام کے دوران ہی انہوں نے تحریک انصاف چھوڑنے اور سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔

شروع کے بلے باز کچھ نہیں کر رہے :ہیڈ کوچ بول پڑے



پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈبرن نے تسلیم کیا ہے کہ ہمیں پارو پلے کے اوورز میں وہ نہیں مل رہا جو ہم چاہتے ہیں۔
خیال رہے پاکستان کے اوپننگ بیٹرز گذشتہ کئی میچوں سے زیادہ رنز سکور نہیں کر پا رہے اور پچھلے پانچ میچوں میں ٹیم کے اوپنرز کے درمیان سب سے بڑی شراکت داری صرف 35 رنز کی ہے۔جمعے کو نیدرلینڈز کے خلاف میچ میں فخرزمان 12 اور امام الحق صرف 15 رنز بنا سکے تھے۔
سنہ 2018 میں زمبابوے کے خلاف 210 رنز بنانے والے بیٹر فخر زمان کا پچھلی 11 اننگز میں سب سے زیادہ سکور 33 رنز ہے۔
پیر کو انڈیا میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستانی ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈبرن نے کہا کہ ’ہمیں اپنے ٹاپ آرڈ پر پورا اعتماد ہے، ہمیں معلوم ہے کہ وہ کسی موقع پر چل جائے گا تاہم ہمیں یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ پاور پلے کے اوورزمیں وہ نہیں مل رہاجو ہم چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم سری لنکن ٹیم کی بیٹنگ کی صلاحیتوں کو عزت دیتے ہیں اور ہم اُن کا سامنا کرنے کو تیار ہیں۔

 بجلی کمپنیوں کے افسران کو مفت یونٹس کی جگہ پیسے دیئے جائیں گے ، سمری تیار



 بجلی کمپنیوں کے گریڈ 17سے گریڈ 21 کے افسران کو ماہانہ مفت یونٹس کی فراہمی بند کرنے کی سفارش کی گئی ہے ، کابینہ کمیٹی برائے توانائی کی جانب سے پاور ڈویژن کی سمری پر آئندہ اجلاس میں منظوری دینے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق مفت یونٹس کی سہولت ختم کرنے سے سالانہ 6 ارب روپے سے زائد بچت ہو گی۔ گریڈ 17کے افسر کوماہانہ 450مفت یونٹس کے بجائے 15ہزار 858روپے، گریڈ18 کے افسر کو 600 مفت یونٹس کی جگہ 21ہزار996  ، گریڈ 19کے افسر کو  880 مفت یونٹس کے بجائے 37 ہزار594 ،  گریڈ 20 کے افسر کوماہانہ 1100 مفت یونٹس کے  بجائے 46 ہزار 992 روپے اور گریڈ 21 کے افسر کوماہانہ 1300 مفت یونٹس کی جگہ 55 ہزار536 روپے دینے کی سفارش کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جنریشن کمپنی کے گریڈ 17کے افسر کو 24ہزار 570 روپے، گریڈ 18کے افسر کو  26ہزار460 ، گریڈ 19 کو 42 ہزار 720 ، گریڈ 20 کو46 ہزار 992 اور  گریڈ 21 کے افسر کو 55 ہزار536 روپے دیئے جائیں گے۔ گریڈ 16تک کے ملازمین کو فی الوقت مفت بجلی کی سہولت جاری رہے گی۔

طالبات کو ہراساں کرنے کا ایک اور واقعہ، پرنسپل گرفتار



سکول پرنسپل کی جانب سے طالبات کو ہراساں کرنے کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا۔
خبررساں ادارے این این آئی کے مطابق کراچی کے علاقے سعود آباد میں سرکاری سکول میں دسویں جماعت کی طالبہ کو ہراساں کرنے پر پولیس نے پرنسپل گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق لڑکیوں کے سرکاری اسکول کاپرنسپل بچیوں کے ساتھ نازیبا حرکات کرتا تھا، بچیوں کے والدین نے تھانہ سعودآباد پولیس کو پرنسپل کی جانب سے ہراساں کرنے سے آگاہ کیا، جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ایس ایس پی کورنگی نے ملزم کی گرفتاری کا حکم دیا۔ پولیس کے مطابق پولیس ٹیم نے سکول کے ہیڈ ماسٹر اعظم ولد کھوڑو خان کو گرفتار کرلیا ہے اور ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی کے ایک پرائیویٹ سکول میں بھی پرنسپل کی جانب سے طالبات اور خواتین ٹیچرز کوہراساں کرنے کی ویڈیوزسامنے آئی تھیں۔

افغان مہاجرین کی وطن واپسی کا سلسلہ مزید تیز



 غیرقانونی طور پر رہائش پذیر افغانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ مزید تیز ہو گیا۔

وفاق کے فیصلے پر عمل کرتے ہوئے اب تک تقریباً 48 خاندان منتقل ہو چکے ہیں،آنے والے دنوں میں بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

مہاجرین کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکومت نے کھلے دل سے ہمیں تسلیم کیا اور ہماری میزبانی کی ، ہم اس ملک میں 16 سال آباد رہے، اپنے ملک واپس جانے پر مطمئن ہیں اور اپنی مرضی سے واپس جا رہے ہیں۔

مہاجرین نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ افغانستان میں امن برقرار رہے اور دونوں ممالک میں ہم آہنگی پیدا ہو۔ دونوں ممالک کی حکومتوں سے گزارش ہے کہ ہمیں بارڈر پار کرنے کی سہولیات فراہم کی جائیں۔

ڈالر کا استعمال ختم ، چین اور برازیل کے درمیان قومی کرنسیوں میں تجارت کا معاہدہ 



چین اور برازیل نے تجارت میں ڈالر کے استعمال کا خاتمہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ 

 چینی بینک کے مطابق چین اور برازیل کے درمیان قومی کرنسیوں میں تجارت کرنے کا پہلا معاملہ طے پا  گیا ہے،چین اور برازیل، دونوں برکس تنظیم کے رکن ممالک ہیں اور اس تنظیم کا ایک مقصد باہمی تجارت سے ڈالر کے استعمال کا خاتمہ کرنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق چین نے خریداری کی 43 کھیپیں یوان کو برازیلی ریال میں تبدیل کرکے چینگ ڈاؤن بندرگاہ منگوائی ہیں، دونوں ممالک  کے درمیان تجارتی معاملات قومی کرنسیوں میں انجام پانا شروع ہو چکے ہیں۔

خیال رہے کہ روس کے سب سے طاقتور بینکارآندرے کوسٹن نے یہ پیش گوئی کر رکھی ہے کہ امریکی ڈالر کی اجارہ داری کا عنقریب خاتمہ ہونے والا ہے کیونکہ چینی کرنسی یوآن کی قیمت میں اضافہ ہو رہا ہے۔

اللہ اور عوام کے سامنے جوابدہ ہوں: سپریم کورٹ کو اپنی خواہش کی بنیاد پر نہیں چلانا چاہتا: چیف جسٹس



اسلام آباد:چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ آئین اور قانون چیف جسٹس کی خواہشات کے تابع نہیں ہیں۔ ہم ماسٹرز نہیں بلکہ آئین اور عوام کے نوکر ہیں، چیف جسٹس کو آئین و قانون سے آگے نہیں بڑھنا چاہیے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں فل کورٹ بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت، سپریم کورٹ میں پریکٹس پروسیجر کیس میں اضافی دستاویز جمع کرائی گئیں۔اضافی دستاویز میں پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کی پارلیمنٹ کارروائی کا ریکارڈ جمع کرایا گیا تو عدالت نے اس پر برہمی کا اظہار کیا۔ صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر الگ قانون سازی اختیارات سے تجاوز ہوگا۔جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ آئینی اختیارات سے سپریم کورٹ رولز بنا لے تو بعد میں کوئی قانون سازی بدل سکتی ہے؟
چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ اگرآپ یہ سمجھ کر دلائل دے رہے ہیں کہ نہ ختم ہونے والا کیس ہے تو ایسا نہیں ہے۔۔چیف جسٹس نے دوران سماعت اضافی کاغذات جمع کرانے پربرہمی کا اظہار کیا۔
وکیل عابد زبیری نے ایک مرحلہ پر نیو جرسی کی عدالت کے فیصلے کا حوالہ دینا چاہس تو چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ نیو جرسی کی عدالت کے فیصلے کو یہاں نظیر کے طور پر پیش کر ہمارا لیول نا گرائیں۔
چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ ہمیں یہ سمجھ نہیں آرہی آپ کو اس قانون سے مسئلہ کیا ہے؟آپ ایک سیاسی جماعت کے وکیل ہیں۔
جس پر عابد زبیری نے بتایا کہ نہیں میں سپریم کورٹ بار کا صدر ہوں آزاد حیثیت میں پیش ہوا ہوں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ نے شروع میں پارلیمان کی نیت پر حملہ کیا اور میں کہتا ہوں پارلیمان کی نیت اچھی ہے۔جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے ککہ اختیارات کی تقسیم کی وجوہات ہیں، اگر پارلیمان کو سپریم کورٹ کے معاملات میں مداخلت کے دروازے کھول دیں۔ ممکن ہے پارلیمان کا قانون اچھا ہو یا برا لیکن سوال دروازے کے کھولنے کا ہے۔
جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیے کہ اگر پارلیمنٹ کے لیے دروازہ کھول دیتے ہیں کہ وہ سپریم کورٹ کے ہر معاملے میں مداخلت کرے گی، ایک بار دروازہ کھل گیا تو اس کا کوئی سرا نہیں ہوگا، قانون سازی اچھی یا بری بھی ہو سکتی ہے، یہ نہیں ہو سکتا کہ قانون سازی درست ہے تو ٹھیک ہے یا ورنہ اس کو کالعدم قرار دے دیں، آئین اس طرح سے نہیں چل سکتا۔
عدالت میں کچھ دیر وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو درخواست گزار عمر صادق کے وکیل ڈاکٹر عدنان خان نے اپنے دلائل میں کہا کہ قانون سازی کے ذریعے چیف جسٹس آفس کو بیکار کیا گیا۔
عدنان خان نے بتایا کہ پارلیمنٹ کو ایکٹ کے ذریعے سپریم کورٹ کے رولز بنانے کا اختیار حاصل نہیں،دوران سماعت، وکیل امتیاز صدیقی نے دلائل کے لیے وقت نا دینے پر اعتراض اٹھا دیا، جس پر چیف جسٹس اور وکیل امتیاز صدیقی کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا ۔ جس پر چیف جسٹس کو انہیں وارننگ دینا پڑی
درخواست گزاروں کے دلائل مکمل ہونے پر سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ سماعت میں مختصر وقفہ کیا گیا۔ جس کے بعد چیف جسٹس نے وکیل زاہد ابراہیم سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ اس عدالت سے یہ پیغام نہیں جانا چاہئے کہ قوانین کا انحصار چیف جسٹس کی خواہشات پر ہے، ایسا تاثر اور پیغام جانا تباہ کن ہوگا، میں آئین کا ملازم ہوں اور اللہ کو جوابدہ ہوں۔
سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے خلاف کیس کی سماعت کل صبح ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کردی گئی، کل ایم کیو ایم کے وکیل فیصل صدیقی دلائل دیں گے۔

مریم اور شہباز میرے لیڈر نہیں:شاہد خاقان عباسی کی ن لیگ سے بغاوت ،استقبال اور الیکشن سے دور رہنے کافیصلہ



اسلام آباد(این این آئی)مسلم لیگ (ن)کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے شہبازشریف اور مریم نوازکو لیڈر ماننے سے انکارکرتے ہوئے نواز شریف کے استقبال میں شریک نہ ہونے کا اشارہ دے دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد کوبتا دیا ہے موجودہ حالات میں الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتا۔ شاہدخاقان عباسی کامزیدکہناتھا کہ میرا لیڈر
نوازشریف ہے،شہبازشریف اور مریم نواز نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حلقے کے لوگ فیصلہ کریں گے نوازشریف کے استقبال کے لئے جانا ہے یا نہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں اقتدار دیکھ چکی ہیں،عدم اعتماد کے بعد ہمیں حکومت نہیں بنانی چاہئے تھی ۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی جماعت کی جگہ موجود ہے،میں ٹروتھ کمیشن کا قائل ہوں،اگر کبھی بنا تو سب سے پہلے میں خود پیش ہوجائوں گا۔

نواز شریف کا معاملہ عدالت جانے:ہم سکیورٹی سابق وزیر اعظم والی دیں گے،سولنگی



اسلام آباد(این این آئی)نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی گرفتاری اور ضمانت کا معاملہ عدالتوں پر چھوڑ دیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم کو جو سیکیورٹی ملتی ہے نوازشریف کو بھی وہی سکیورٹی دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہر اہم سیاسی سرگرمی کی اجازت ہوگی جس میں نواز شریف بھی آتے ہیں، یہ مفروضوں پر بات ہوگی، عدالتیں طے کریں گی نواز شریف کا اسٹیٹس کیا ہے، نگران حکومت کا کام آئین اور قانون پر عملدرآمد ہے۔

”ر ا’ کو معلومات فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار 5 ملزمان کا مزید جسمانی ریمانڈ 



 بھارتی خفیہ ایجنسی (ر ا) کو معلومات فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار 5  ملزمان کو مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

اسلام آباد پولیس نے  را سے رابطہ رکھنے والے 5 ملزمان معیز احمد، مہران یونس، فیضان کیانی، ارسلان واجد اور نعمان ستار کو انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا۔

جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے ملزمان سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ لوگوں کا کیا مسئلہ ہے؟  ریمانڈ میں صرف ایسے آنا جانا نہیں چلتا رہے گا، کیا آپ کو  اپنا ملک پیارا نہیں؟ اس دھرتی نے آپ کو  پالا پوسا ہے۔

ملزمان نے جواب دیا کہ ہمیں ہمارا ملک پیارا ہے، جس پر جج  نے ریمارکس دیےکہ ہمارے ملک کی کیا یہ قیمت ہے جو آپ نے کیا ہے؟

 ملزمان نے جواب دیا کہ ہم نے ملک کی خدمت کی ہے، مسجد کے نام پر  پیسے لینے پر پھنسایا گیا ہے۔

جج  نے ریمارکس دیےکہ اتنی بڑی رقم سامنے آئی ہے، آپ احساس کریں، دنیا میں بھی جواب دینا ہے اور آخرت میں بھی، پیسا یہیں رہ جائے گا، دنیا میں لالچ بہت ملے گی، ایسی سوچ چھوڑ دیں، اچھا انسان بننے کی کوشش کریں اور دھرتی پر کرم کریں۔

بعد ازاں عدالت نے پانچوں ملزمان کو مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

۔

ہنگری کے شہریوں نے اسرائیل چھوڑدیا



فلسطین اور اسرائیل میں جاری جنگ کے سبب یورپی ملک ہنگری کے شہریوں نے اسرائیل چھوڑ دیا۔
غیرملکی خبررساں ادراے کے مطابق یورپی ملک ہنگری کے وزیر خارجہ کے بیان میں کہاگیاکہ اسرائیل سے اپنے 215 شہریوں کا فضائی راستے سے انخلاء کرا لیا ہے۔واضح رہے کہ 2 روز قبل حماس نے جوابی ایکشن کرتے ہوئے عرب اسرائیلی جنگ کی پچاسویں سالگرہ پر علی الصبح پہلی بار غزہ سے بیک وقت بری، بحری اور فضائی کارروائی کی تھی۔حماس نے اسرائیل کے جنوبی شہروں میں فوجی اڈوں اور عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔

یورپی یونین نے فلسطینیوں کی امداد روک دی



برسلز (این این آئی)یورپی کمیشن نے فلسطینیوں کے لیے 691 ملین یورو کی ترقیاتی امداد کے اپنے مکمل پورٹ فولیو پر نظر ثانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یورپی یونین کے کمشنر برائے پڑوس اور توسیع اولیور ورہیلی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس” پر جاری ایک پوسٹ میں کہا کہ اسرائیل اور اس کے لوگوں کے خلاف دہشت گردی اور بربریت کا پیمانہ ایک اہم موڑ ہے۔ورہیلی نے کہا کہ اب معمول کے مطابق کوئی بزنس نہیں ہو سکتا۔انہوں نے مزید لکھا کہ اس فیصلے کا مطلب ہے کہ ادائیگیاں فوری طور پر معطل کر دی جائیں گی ، منصوبوں کا جائزہ لیا جائے گا اور بجٹ کی نئی تجاویز اگلے نوٹس تک ملتوی کر دی جائیں گی۔