سپورٹس اینکر زینب عباس بھارت میں دھمکیاں ملنے پر ورلڈکپ ادھورا چھوڑگئیں



 

پاکستانی سپورٹس اینکر اور میزبان زینب عباس دھمکیاں ملنے پر ورلڈکپ ادھورا چھوڑ کردبئی چلی گئیں ۔

بی سی سی آئی ورلڈ کپ کے انتظامات میں ناکامی کے بعد میگاایونٹ کے شرکا کے تحفظ میں بھی بری طرح ناکام ہوگیا۔ آئی سی سی بھی بھارتی کرکٹ بورڈ اورانتہاپسندوں کے سامنے بے بس ہے۔  آئی سی سی نے پاکستانی پریزینٹر زینب عباس کے بھارت چھوڑنے کی تصدیق تو کردی ہے مگر بھارت کے رویے پرایک لفظ تک کہنا گوارہ نہیں کیا۔

بھارت میں شدید دباؤ کے باعث پاکستانی پریزینٹر زینب عباس دورہ ادھورہ چھوڑنے پر مجبور ہوئیں ۔ ایک بھارتی وکیل نے زینب عباس پر بھارت مخالف ٹوئٹس کا الزام لگا کر مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی تھی۔ایڈووکیٹ وِنیت جندال نے مطالبہ کیا تھا زینب عباس کو ورلڈ کپ کے میزبانوں (پریزینٹرز) کی لسٹ سے نکالا جائے۔

زینب عباس کرکٹ ورلڈ کپ میں بطور پریزینٹر اپنے فرائض انجام دینے بھارت پہنچی تھیں تاہم انہیں مسلسل دباؤ اوردھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد زینب عباس نے اپنی فیملی اور دیگربراڈکاسٹرز کے مشورے کے بعد بھارت چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

یہ خبریں بھی تھیں کہ زینب عباس کو بھارت سے ڈی پورٹ کیا گیا ہے تاہم آئی سی سی ترجمان زینب عباس کو ڈی پورٹ کرنے کی خبروں کی تردیدکی ہے ۔

کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے لیے بھارت کی جانب سے پاکستان کے صرف دو اسپورٹس پریزینٹر کو ہی ویزے جاری کیے گئے تھے جن میں رمیز راجا اور زینب عباس شامل تھیں۔

زینب عباس پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)، آئی سی سی، سٹار سپورٹس، سکائی سپورٹس، سپر سپورٹ، ٹین سپورٹس، سونی نیٹ ورک سمیت کئی نشریاتی اداروں کے ساتھ بطور میزبان کام کر چکی ہیں۔

زینب عباس فرسٹ کلاس کرکٹر ناصر عباس اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما عندلیب عباس کی بیٹی ہیں۔

زینب عباس کے شوہر حمزہ کاردار سابق وزیر خزانہ اور اسٹیٹ بینک کے سابق گورنر شاہد حفیظ کاردار کے بیٹے ہیں۔ زینب عباس اگرچہ اسپورٹس اینکر ہیں لیکن وہ زیادہ تر کرکٹ ایونٹس کی میزبانی کرتی دکھائی دیتی ہیں

وہیل چیئر کرکٹ ایشیا کپ: پاکستان نے بھارت کو دھول چٹا دی



کھٹمنڈو (آن لائن) پاکستان ٹیم نے وہیل چیئر ٹی 20کرکٹ ایشیا کپ میں بھارت کو شکست دیدی۔ بھارت 242 رنز کے تعاقب میں 8 وکٹوں پر 203 رنز ہی بناسکا اور 38 رنز سے شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا۔

نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں ٹی 20کرکٹ ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرے میں بھارت نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستانی اوپنرز محمد عدنان اور عمر گل نے اننگز کا شاندار آغاز کیا اور پہلی وکٹ پر 98رنز بنائے، محمد عدنان 39 رنز بنا کر معین خان کی گیند کا نشانہ بنے۔

عمر گل اور محمد لطیف نے سکور201 رنز تک پہنچایا۔ محمد لطیف کو منوج نے آوٹ کیا، انہوں نے 24 گیندوں پر 61 رنز بنائے۔ 208 رنز پر عمر گل شیوا جی کی گیند پر وکٹ کیپر محمد عدیل کو گیند تھما بیٹھے۔

انہوں نے 53 گیندوں پر 89 رنز بنائے۔216 کے مجموعی سکور پر پہلے ساجد عباسی اور پھر محمد فیض رن آوٹ ہوئے، ساجد 5 رنز بناسکے اور فیض صفر پر آوٹ ہوئے۔ مثل خان 23 اور احمد یار 4 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے اور گرین شرٹس نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے۔

بھارت کے شیوا جی، منوج اور معین خان نے ایک، ایک وکٹ لی۔ ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 8 وکٹوں پر 203 رنز بناسکی اور پاکستان کے ہاتھوں 38 رنز سے شکست کھا کر ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔

گرین شرٹس نے مسلسل دوسری بار فائنل میں رسائی حاصل کی۔راماوتھ کٹیشور کی 103 رنز کی ناقابل شکست اننگز بھی ٹیم کو ناکامی سے نہ بچاسکی، پرشورم نے 53 رنز بنائے۔ محمد فیض نے 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

مثل خان ایک وکٹ لے سکے، عمر گل کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ ایشیا کپ کا فیصلہ کن معرکہ دفاعی چیمپئن پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آج کھیلا جائے گا۔#/s#

جیک فریزر میکگورک نے ڈی ویلیئرز کی تیز ترین لسٹ اے سنچری کا ریکارڈ توڑدیا



لاہور(آن لائن) جنوبی آسٹریلیا کے بلے باز جیک فریزر میکگورک نے اتوار کو مارش کپ میں تسمانیہ کے خلاف 29 گیندوں پر سنچری بنا کر ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین سنچری اپنے نام کر لی، جس سے جنوبی افریقہ کے عظیم اے بی ڈی ویلیئرز کے 31 گیندوں کے سابقہ ریکارڈ کو توڑ دیا۔

ڈی ویلیئرز نے 2015 میں ویسٹ انڈیز کیخلاف 31 بالز پر ون ڈے سنچری مکمل کرکے ریکارڈ قائم کیا تھا۔تسمانیہ کی جانب سے 9 وکٹوں پر 435 رنز کے جواب میں جنوبی آسٹریلیا ایڈیلیڈ کے کیرن رولٹن اوول میں 398 رنز بنا کر آوٹ ہو گیا۔

لیکن یہ فریزر میک گرک کے لیے یادگار اننگز ثابت ہوئی جنہوں نے 38 گیندوں پر 125 رنز بنائے، جس میں 10 چوکے اور 13 چھکے شامل تھے۔ 21 سالہ کھلاڑی کو بالآخر 12ویں اوور میں آف اسپنر بیو ویبسٹر نے آوٹ کر دیا۔

فریزر میک گرک نے اپنی نصف سنچری 18 گیندوں میں مکمل کی، جو 50 اوور کے فارمیٹ میں کسی آسٹریلوی بیٹر کی طرف سے تیز ترین ففٹی ہے۔فریزر-میک گرک نے کہا، “میں وہاں کچھ اچھے ارادے کے ساتھ گیا تھا#/s#

ورلڈ کپ، سری لنکا کیخلاف فخر زمان کی جگہ عبداللہ شفیق کو موقع ملنے کا امکان



اسلام آباد(آن لائن) پاکستان ورلڈ کپ 2023 میں سری لنکا کے خلاف کل حیدرآباد میں کھیلے جانے والے اپنے دوسرے میچ میں آوٹ آف فارم فخر زمان کی جگہ عبداللہ شفیق کو پلیئنگ الیون میں شامل کرنے پر غور کر رہا ہے۔

آئی سی سی ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں فخر زمان ہالینڈ کے خلاف جلدی آوٹ ہو گئے۔ پاکستان نے میچ جیت لیا لیکن بلے باز کی ناکامی نے سابق کرکٹرز اور شائقین میں تبدیلی کا مطالبہ کرنے پر بحث شروع کر دی۔

“پاکستان کے سری لنکا کے خلاف منگل کو ہونے والے دوسرے میچ میں ایک تبدیلی کے امکانات موجود ہیں، اس وقت انجری کی کوئی فکر نہیں ہے اور اگر ایسا ہی ہوتا رہا تو ہم ایک تبدیلی دیکھ سکتے ہیں۔

عبداللہ فخر کی جگہ لے سکتے ہیں۔تاہم، ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا گیا ہے کہ فاتح ٹیم کو برقرار رکھا جائے یا عبداللہ کو فخر کی جگہ سنبھالنی چاہیے۔فیصلہ میچ کے دن متوقع ہے۔ واضح رہے کہ بائیں ہاتھ کے کھلاڑی نے اپنی آخری 12 اننگز میں صرف 202 رنز بنائے ہیں جن میں مئی 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف سب سے زیادہ 33 رنز بنائے گئے تھے۔

فخر زمان نے آخری بار رواں سال اپریل میں راولپنڈی میں 50 اوور کے فارمیٹ میں سنچری بنائی تھی۔ ان کی کارکردگی ٹیم انتظامیہ کے لیے تشویش کا باعث ہے جو اب ایک تبدیلی پر غور کرنے پر مجبور ہیں۔دریں اثنا، ٹیم کا اتوار کو ایک مصروف دن تھا، جو منگل کو اسی مقام پر سری لنکا کے خلاف اپنے دوسرے میچ سے قبل حیدرآباد میں ٹریننگ اور نیٹ کے مکمل سیشن سے گزر رہی تھی۔

ٹیم کا تین گھنٹے کا سیشن تھا جس میں اسکواڈ کے تمام ممبران بیٹنگ، باولنگ اور فیلڈنگ کی مشق کرتے نظر آئے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ آج کا سیشن کھلاڑیوں کے لیے اختیاری ہو سکتا ہے۔

گوشت کھانے اور آئی پی ایل نے بھارتی کرکٹ بدل دی: شاہد آفریدی



لاہور(آن لائن) سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے گزشتہ برسوں میں ہندوستانی کرکٹ کے بدلنے کے انداز پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کھیلنا اور گوشت کھانا ان کی بہتر کارکردگی کی وجہ ہے۔ 43 سالہ شاہد آفریدی ایک مقامی اسپورٹس شو میں گفتگو کر رہے تھے جب ان سے پوچھا گیا کہ ہندوستانی کرکٹ میں نہ صرف تبدیلی کیوں آئی ہے بلکہ عظیم بلے باز پیدا کرنے والی قوم نے اب عظیم باولر بھی بنانا شروع کر دیے ہیں۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ “بھارت کی آبادی 1.4 بلین ہے، اور کرکٹ کا معیار گزشتہ سالوں میں بدل گیا ہے۔ اس وقت ہم کہتے تھے کہ وہ بہت اچھے بلے باز پیدا کر رہے ہیں جبکہ پاکستان اچھے باولرز پیدا کر رہا ہے، لیکن ایسا نہیں تھا کیونکہ ہم باولرز اور بلے باز دونوں پیدا کر رہے تھے۔

انہوں نے قہقہہ لگاتے ہوئے کہا کہ “تاہم، ان کے گیند بازوں نے اب گوشت کھانا شروع کر دیا ہے، اس لیے ان میں طاقت آ گئی ہے۔2011 کے ورلڈ کپ میں گرین شرٹس کی کپتانی کرنے والے شاہد آفریدی نے ہندوستان میں کرکٹ کے معیار کو بہتر بنانے کا سہرا آئی پی ایل اور سابق کپتانوں جیسے سورو گنگولی، ایم ایس دھونی اور دیگر کو دیا۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ پہلے سورو گنگولی نے اپنی کپتانی کے دوران بہت سی تبدیلیاں کیں اور پھر جس طرح ایم ایس دھونی نے تمام سینئرز کو اپنے ساتھ لے کر چلایا۔انہوں نے صحیح جگہ پر سرمایہ کاری کی۔ آفریدی نے مزید کہا کہ “انہوں نے راہول ڈریوڈ جیسے کھلاڑی کو پورا ڈومیسٹک سسٹم دے کر اپنی گراس روٹ لیول کی کرکٹ کو بہتر بنایا، جو جانتا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹرز کو ٹاپ تک پہنچنے کے لیے کیا ضرورت ہے۔

انہوں نے سخت محنت کی، اور اب وہ ہنر پیدا کرتے رہتے ہیں۔ اگر ہندوستان چاہے تو اب دو ٹیمیں بنا سکتا ہے۔برسوں کے دوران، ہندوستان نے عظیم تیز گیند باز پیدا نہیں کیے تھے لیکن رجحان بدل گیا ہے، جیسا کہ گزشتہ چند سالوں میں، جسپریت بمراہ اور محمد سراج جیسے ٹیلنٹ دنیا کے دو بہترین تیز گیند بازوں کے طور پر ابھرے ہیں۔

آفریدی نے کہا کہ “انہوں نے صحیح جگہ پر سرمایہ کاری کی اور اب ہندوستان کے لوگ اپنی توجہ باولنگ کی طرف مبذول کر رہے ہیں، انہوں نے کیمپ بنائے اور ہنر سامنے آ رہا ہے۔ واضح رہے کہ سراج ون ڈے انٹرنیشنلز میں نمبر ون بولر ہیں۔

انہوں نے ایشیا کپ 2023 کے فائنل میں سری لنکا کے خلاف اپنے کیرئیر کے بہترین اعداد و شمار 6-21 ریکارڈ کرکے ہندوستان کو یک طرفہ فتح دلائی۔#/s#

آفریدی، محمد حفیظ، وہاب ریاض اور حسن علی ابوظبی ٹی 10 لیگ کا حصہ بن گئے



ابوظہبی(آن لائن)ابوظہبی ٹی 10 اپنے ساتویں سیزن کے ساتھ واپس آرہا ہے جس میں کئی نامور پاکستانی ستارے بھی ایکشن میں نظرآئیں گے۔

ابوظہبی ٹی 10 کے 2023 کے ایڈیشن میں دنیا بھر سے کل 782 کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کرائی ہے ان میں بین الاقوامی کرکٹ کے کچھ بڑے نام بھی شامل ہیں۔

آئیکون اسٹارز کی فہرست میں پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی کے علاوہ محمد حفیظ، وہاب ریاض بھی شامل ہیں۔ مداحوں کے پسندیدہ پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی کو چنئی بریوز نے پہلے ہی سائن کر لیا ہے۔

کرکٹ کے تیز ترین فارمیٹ ابوظبی ٹی 10 میں 8 ٹیمیں، بنگلہ ٹائیگرز، چنئی بریوز، دکن گلیڈی ایٹرز، دہلی بلز، مورس ویل سمپ آرمی، نیو یارک اسٹرائیکرز، ناردرن واریئرز اور ٹیم ابوظبی شرکت کررہی ہیں جس نے سیزن میں برقرار رکھے گئے اور نئے شامل کردہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔

جبکہ باقی کھلاڑی ڈرافٹ کے ذریعیچنیجائیں گے۔#/s#

عثمان ڈار اور صداقت عباسی کی گھر واپسی



’’پاکستان تحریکِ انصاف‘‘ آجکل متعدد مسائل اور متنوع آزمائشوں سے گزر رہی ہے۔ حریف پی ٹی آئی کے مصائب پر خاموش ہیں ۔ جب نون لیگ اور پیپلز پارٹی پر آزمائشوں اور مصائب کے پہاڑ ٹوٹ رہے تھے، پی ٹی آئی اور اس کی ساری قیادت نون لیگ اورپی پی پی پرہنس رہی تھی۔

پی ٹی ٹی آئی تقریباً پونے چار سال اقتدار میں رہی۔ اِس دوران چیئرمین پی ٹی آئی نے نون لیگ، پی پی پی اور جے یو آئی ایف کو سیاست سے نکال باہر کرنے کے لیے ہر ممکنہ ہتھکنڈہ اور حربہ استعمال کیا۔

خان صاحب اُس وقت اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ایک صفحے پر ہونے پر اِتراتے رہے۔ وہ بضد رہے کہ مَیں اِن ’’کرپٹ‘‘ عناصر اور جماعتوں کے سربراہوں سے ملوں گا نہ مصافحہ کروں گا ۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی ضد اور ہٹ دھرمی سے پوری پی ٹی آئی آج مشکلات کا شکار ہے ۔ مزید مشکل یہ ہے کہ کوئی سیاسی جماعت اور کوئی سینئر سیاستدان چیئرمین پی ٹی آئی سے مصافحہ اور ملاقات کرنے پر تیار نہیں ہے ۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے اقتدار کے دوران جو بویا تھا،آج وہی کاٹ رہے ہیں ۔ پی ٹی آئی کے سربراہ کی سیاست اور اندازِ سیاست، دونوں ہی ناکامی اور نااہلی کا شکار بن چکے ہیں۔پی ٹی آئی چیئرمین نے اپنے تکبر اور عاقبت نا اندیشی کے تحت اپنے ساتھیوں اور کارکنان کو اسٹیبلشمنٹ کے خلاف مسلسل اُکسایا اورمشتعل کیا۔ ایسا کرتے ہُوئے کبھی اِس کے سنگین نتائج کی پروا نہ کی ۔ اقتدار سے فارغ کیے جانے کے بعد ان کے اسٹیبلشمنٹ مخالف لہجے میں مزید اضافہ ہو گیا۔

انھوں نے اسٹیبلشمنٹ کو ’’جانور‘‘ تک کہا اور اس پر کبھی پشیمان اور نادم بھی نہ ہُوئے۔ اِسی دوران 9مئی کا سانحہ ہو گیا ۔ پی ٹی آئی کے کئی کارکنان اور لیڈرز اِس کی زَد میں آ چکے ہیں۔ کئی توبہ تائب ہو کر پی ٹی آئی چھوڑ کر دوسری جماعتوں میں شامل ہو چکے ہیں۔ کئی ایک نے پریس کانفرنسیں کرکے اپنی جان چھڑا لی ہے۔بعض اب تک روپوش ہیں ۔ کئی پسِ دیوارِ زنداں ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی خود بھی جیل میں ہیں۔

وہ پہلے اٹک جیل میں تھے اور اب انھیں انھی کی درخواست پر راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں پہنچایا جا چکا ہے۔ اس پر بھی مبینہ طور پر انھیں کئی شکائتیں کرتے پایا گیا ہے۔ وہ کبھی سَیل کے چھوٹا ہونے کی شکائت کرتے ہیں اور کبھی واک نہ کرنے کی ۔ وہ یہ نہیں جان پا رہے کہ وہ بنی گالہ میں 300کنال کے اپنے محل میں نہیں ہیں۔

انھیں جیل اسلوب کے مطابق اب زندگی گزارنی چاہیے اور ایک بہادر انسان کی طرح صعوبتوں کے دن کاٹنے چاہئیں۔ نواز شریف ، شہباز شریف اور مریم نواز کے ساتھ ساتھ کئی نون لیگی لیڈروں نے بھی تو خان صاحب کے پُر آزمائش دَور میں کئی کئی ماہ جیل میں گزارے تھے ۔

اور اب چند ہفتوں سے گم رہنے کے بعد پی ٹی آئی کے سابق وفاقی وزیر، عثمان ڈار، بھی گھر پہنچ گئے ہیں۔اور پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے، صداقت عباسی ،بھی سوا ایک مہینے سے لاپتہ رہنے کے بعد اپنے گھر پہنچ گئے ہیں ۔ دونوں کی گھر واپسی آگے پیچھے ہُوئی ہے۔ عثمان ڈار نے واپس آتے ہی ایک نجی چینل کو مفصل انٹرویو بھی دیا ہے جس میں انھوں نے بیک وقت 9مئی کے کئی ملبے چیئرمین پی ٹی آئی پر ڈال دیے ہیں ۔

عثمان ڈار نے اِسی انٹرویو میں پی ٹی آئی اور سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ جس نے بھی یہ انٹرویو سُنا اور دیکھا ہے ، سبھی حیران ہیں۔ بہت سے یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ عثمان ڈار کی مجبوریوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ وہ جن حالات سے گزرے یا گزارے گئے ہیں، ان حالات کا فطری تقاضا یہی ہے کہ مکمل سرنڈر کیا جائے ۔ سو، عثمان ڈار نے ایسا کرکے ’’عقلمندی‘‘ کا ثبوت دیا ہے۔

البتہ عثمان ڈار کی والدہ محترمہ اپنے بیٹے کی ہاں میں ہاں ملانے سے انکاری ہیں۔ انھوں نے ایک وڈیو پیغام کے ذریعے کہا ہے کہ ’’ مَیں ابھی تک چیئر مین پی ٹی آئی کی وفادار ہُوں ۔‘‘ اِس محترم خاتون نے عثمان ڈار کے سیاسی حریف، خواجہ آصف، پر متعدد الزامات بھی عائد کیے ہیں اور خواجہ آصف کے مقابلے میں الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے ابھی مگر یہ دیکھنا باقی ہے کہ عام انتخابات میں عثمان ڈار کی والدہ محترمہ کو پی ٹی آئی کا ٹکٹ ملے گا بھی یا نہیں۔

نون لیگ کے سابق وفاقی وزیر، خواجہ آصف، نے البتہ عثمان ڈار کی والدہ صاحبہ کے الزامات کا کوئی جواب نہیں دیا ہے بلکہ یہی کہا ہے کہ ’’وہ میری بڑی بہنوں کی مانند ہیں اور مَیں نے ہمیشہ اُن کا احترام کیا ہے۔‘‘ساتھ ہی خواجہ آصف نے تحمل سے کہا ہے کہ ’’میرے خلاف بیانات داغنے سے پہلے عثمان ڈار کے بھائی اور والدہ صاحبہ کو اپنے بیانات میں یکسانی پیدا کرنی چاہیے ۔‘‘

یہ بات مگر اپنی جگہ پر درست ہے کہ پی ٹی آئی کے مذکورہ دونوں لیڈروں(عثمان ڈار اور صداقت عباسی) کی گھر واپسی پر ہماری سیاست اور میڈیا کی دُنیا میں ایک نئے سرے سے ہلچل مچی ہے ۔

ہمارے کئی نجی ٹی ویوں پر صداقت عباسی کی گھر واپسی اور اپنے گھر والوں سے اُن کی ملاقات کے جذباتی اور اشکبار مناظر دکھائے گئے ہیں۔اِن مناظر اور اِن پر کیے گئے تبصروں اور مباحث کے نتائج سے انکار نہیں کیا جا سکتا ۔ اِن نتائج کا کسے زیادہ سیاسی فائدہ ہوگا، اِس بارے کہنے کی ضرورت نہیں ہے۔

سیاسی و انتخابی و معاشی معاملات حیران کن حد تک آئے روز ایک نیا موڑ مڑ رہے ہیں۔ ڈالر گر رہا ہے۔ اسمگلنگ و ذخیرہ اندوزی رک رہی ہے ۔ یعنی ڈنڈے کی سحر کاری جاری ہے۔رواں ماہ کی 21تاریخ کو نواز شریف کی لندن سے پاکستان آمد کے حوالے سے بھی (نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ کے تناظر میں) ایک نیا موڑ آیا ہے۔

اِسی دوران شہباز شریف نے ایک دھواں دھار پریس کانفرنس بھی کی ہے جس میں دھڑلّے سے انھوں نے کہا: ’’ صرف سیاستدانوں کا ہی نہیں، سب کا احتساب کیا جانا چاہیے۔‘‘ لوگ حیران ہیں کہ چھوٹے میاں صاحب کے ’’سب ‘‘ کا کیا مطلب و مفہوم ہے؟ انھوں نے ’’بے موقع‘‘ سانحہ کارگل کا بھی ذکر کر دیا ۔ تو کیا شہباز شریف نے اپنے انداز میں نواز شریف کے دیرینہ موقف کو زندہ رکھنے کی کوشش کی ہے ؟

بشکریہ روزنامہ ایکسپریس

راولپنڈی پولیس کی کاروائی، چھینی و چرائی گئی 7گاڑیاں برآمد،2ملزمان گرفتار



راولپنڈی (ادراک نیوز)راولپنڈی پولیس کی کاروائی،مختلف تھانوں سے چھینی و چرائی گئی کروڑوں روپے مالیت کی 07گاڑیاں برآمد،02ملزمان گرفتار کرلئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ بنی اورصادق آباد پولیس نے 02ملزمان امجد خان اور سعید اللہ کو گرفتار کر کے مسروقہ اور چھینی گئی گاڑیاں برآمد کی۔

رواں سال 102 گاڑیاں برآمد کر کے اصل مالکان کے حوالے کی گئی ہیں،گاڑیاں چوری کی وارداتوں میں واضح کمی آئی ہے۔

ایس پی راول فیصل سلیم کا کہنا ہے کہ موثر گشت اور پولیسنگ کے ذریعے جرائم کی بیخ کنی کی جارہی ہے،شہریوں کو انکے قیمتی اثاثے سے محروم کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔

 

 

اسرائیلی سٹاک کی مارکیٹ ویلیو میں 20 بلین ڈالر کی کمی



تل ابیب (این این آئی)اسرائیل پر حماس کے بڑے پیمانے پر حملے کے ایک دن بعد تل ابیب سٹاک ایکسچینج کے انڈیکس کے نقصانات 4 فیصد کمی کے ساتھ کھلنے کے بعد 6 فیصد سے زیادہ ہو گئے۔ سرکاری بانڈ کی قیمتیں بھی 3 فیصد تک گر گئیں۔

ٹی اے 35 انڈیکس کے لیے ان نقصانات کو 3 سال سے زیادہ عرصے میں سب سے بڑا نقصان سمجھا جا رہا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ہفتہ کی صبح سے ہی غزہ سے راکٹ داغے جانے، فلسطینی عسکریت پسندوں کے اسرائیلی بستیوں میں گھسنے، اسرائیلی فوجیوں کو یرغمال بنانے کے مناظر نے دنیا کو حیران کرکے رکھ دیا۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں حماس کے اہداف کے خلاف آپریشن کے نفاذ کا اعلان کردیا۔ اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر بڑے پیمانے پر بمباری کی اور کئی عمارتوں کو تباہ کردیا ہے۔

عرب ٹی وی کی طرف سے کیے گئے کچھ حسابات کے مطابق تل ابیب سٹاک ایکسچینج کے مارکیٹ کیپٹلائزیشن کے نقصانات تقریبا 20 بلین ڈالر رہے۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن ملک کی مجموعی پیداوار کے حجم کا تقریبا 57 فیصد ہے۔ اسرائیل کی معیشت 488 بلین تک پہنچ گئی ہے۔

یہ تنازع سفارتی حساسیت کے ایک ایسے وقت میں آیا ہے اور اسرائیل میں انتہائی دائیں بازو کے ساتھ نیتن یاہو کے اتحاد اور ملک کی عدلیہ میں اصلاحات کی کوششوں پر اسرائیل کے اندر تاریخی تقسیم موجود ہے۔

اس ماہ کے آخر میں اسرائیلی پارلیمنٹ کے دوبارہ کھلنے سے قبل حالیہ دنوں میں اسرائیلی شیکل 7 سالوں میں اپنی کم ترین سطح پر گر گیا۔

سونے کی فی تولہ قیمت میں 600 روپے کی کمی



اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)کاروباری ہفتے کے آغاز پر سونے کی فی تولہ قیمت میں 600 روپے کی کمی ہو گئی ہے۔ جس کے بعد 10 گرام سونا ایک لاکھ 78 ہزار 750 روپے جبکہ فی تولہ سونے کی قیمت ایک لاکھ 95 ہزار روپے ہو گئی ہے۔

دوسری جانب بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت ایک ڈالر نواسی سینٹس اضافے سے 18 سو 23 ڈالر فی اونس ہوگئی۔

اس کے علاوہ سعودی گولڈ مارکیٹ میں گزشتہ روز سونے کے نرخوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ،24 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت 221.01 ریال، 22 قیراط ایک گرام 202.59 اور 18 قیراط 165.76 ریال جبکہ 21 قیراط ایک گرام کی قیمت 193.38 ریال رہی۔

آٹھ گرام 21 قیراط کی گنی 1,856.47 ریال، آٹھ گرام 22 قیراط کی گنی 1,944.88 ریال ،آٹھ گرام 24 قیراط کی گنی 2,21.68 ریال اورایک کلوگرام سونا 222,555.86 ریال میں دستیاب رہا۔

نگران وزیر سمیع سعید سے چینی سفیر کی ملاقات ، سی پیک منصوبوں پر گفتگو



اسلام آباد(ادراک نیوز)نگران وفاقی وزیر منصوبہ بندی سمیع سعید نے کہاہے کہ نگران حکومت سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کو تیز ی سے مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہے اور سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زونز پر کام تیزی سے جاری ہے۔

وزارت منصوبہ بندی سے جاری بیان کے مطابق ا ن خیالات کا اظہار اہوں نے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ان سے ملاقات کی۔

اس موقع پر سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی اویس منظور سمرا بھی موجود تھے۔ نگران وزیر منصوبہ بندی نے چین کے سفیر کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی جنہوں نے گزشتہ ماہ اپنا منصب سنبھالا تھا جس میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں بالخصوص توانائی، انفراسٹرکچر، انٹرسٹریل زونز، ایگریکلچرل اور انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

اس موقع پرسمیع سعید نے کہا کہ نگران حکومت سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کو تیز ی سے مکمل کرنے کیلیے پرعزم ہے۔ وزارت منصوبہ بندی باقاعدگی سے اقتصادی راہداری کے تحت جاری منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیتی ہے۔

سی پیک کے تحت اسپیشل اکنامک زونز کا کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر کام کرنے والے عملے کی سکیورٹی کو مزید بہتر کرنے کے لیے حکومت پاکستان بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔

چینی سفیر نے وزارت منصوبہ بندی کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت منصوبہ بندی سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی جس کو چین قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

بی آر آئی فورم انتہائی اہم فورم ہے جس میں پاکستان کی نمائندگی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ چینی سفیر نے نگران وزیر منصوبہ بندی کو بی آر آئی فورم 2023 میں شرکت کی دعوت دی۔ بی آر آئی فورم 17 ، 18 اکتوبر 2023 کو بیجنگ میں منعقد ہو گا۔

جھنگ،سابق صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور حیات بھٹی کی گاڑی پرفائرنگ، سابق وزیر محفوظ رہے



چنیوٹ(این این آئی)جھنگ میں سابق صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور حیات بھٹی کی گاڑی پرفائرنگ کی گئی۔

پولیس کے مطابق موڑ منڈی کیقریب موٹر سائیکل سوار 4 افراد سابق وزیر تیمور حیات کی گاڑی پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے تاہم اس دوران سابق وزیر رائے تیمور حیات بھٹی محفوظ رہے۔

پولیس کے مطابق رائے تیمور حیات بھٹی پر فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔