جلائو گھیرائو کیس، پی ٹی آئی کے 5 رہنمائوں کو اشتہاری قرار دیدیا گیا



انسداد دہشتگردی عدالت لاہور نے  پی ٹی آئی کے 5 رہنماؤں کو اشتہاری قرار دے دیا۔

جناح ہاؤس کے قریب گاڑیاں جلانے کے کیس میں اشتہاری قرار دیئے جانے والوں میں  حماد اظہر، میاں اسلم اقبال، حسان نیازی، غلام عباس اور علی عباس شامل ہیں۔

سرور روڈ پولیس نے پی ٹی آئی رہنما کو 9 مئی کے فسادات کے دوران جناح ہاؤس کے باہر پولیس کی گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کے مقدمے میں نامزد کیا تھا۔

تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان گرفتاری کے خوف سے روپوش ہو گئے ہیں،عدالت نے پولیس رپورٹ کی روشنی میں ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا۔

جھوٹے وعدے نہیں ، منشور پر 100 فیصد عمل کرینگے، پرویز خٹک



پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ہم جو وعدہ کریں گے، جو منشور دیں گے اس پر 100 فیصد عمل کریں گے۔

 میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، بطور وزیراعلیٰ میں ہر 3 ماہ بعد علماء کونسل کے ساتھ میٹنگ کرتا تھا، صوبے میں دین کیلئے بہت کام کئے ہیں، کسی حکومت نے مساجد نہیں بنائیں، ہم نے مساجد تعمیر کرنا شروع کیں۔

پرویز خٹک نے مزید کہا کہ ہم نے علماء کرام کے لیے وظیفہ مقرر کیا، ہم خدمت کے لئے آئے ہیں، ہمارا کام صرف کرسی کے لئے نہیں ، بطور وزیراعلیٰ کوشش کی کہ لوگوں کی زندگی آسان ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس صوبے میں نظام کو ٹھیک کرنا ہے، ہم نے پہلے بھی کارکردگی دکھائی، ہماری پارٹی کا نعرہ ہے ہم امن چاہتے ہیں، امن ہو گا تو خوشحالی آئے گی، میں صرف نعرے نہیں لگاتا،ہم جھوٹے وعدے اور غلط کام نہیں کریں گے، اپنے منشور پر 100 فیصد عمل کریں گے۔

بھارتی ریاست کرناٹک میں پٹاخوں کی دکان میں دھماکا ،12 افراد ہلاک



بھارتی ریاست کرناٹک میں پٹاخوں کی  دکان میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اُٹھی جس میں 12 افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ دکان نوین نامی شخص کی ملکیت تھی ،جس میں آتش بازی کا سامان فروخت کیا جاتا تھا۔ دھماکے کے بعد لگنے والی آگ تیزی سے پھیلی اور کسی کو دکان سے باہر نکلنے کا موقع نہیں مل سکا، آگ نے دکان کے باہر کھڑی دو گاڑیوں کو بھی لپیٹ  میں لے لیا۔ دونوں گاڑیاں جل کر راکھ ہو گئیں۔

 دھماکا اس وقت ہوا جب ایک ٹرک سے آتش بازی کا سامان دکان میں منتقل کیا جا رہا تھا ، دکان کے اندر ہی 5 افراد بری جھلس کر ہلاک ہوگئے تھے جب کہ 7 نے  اسپتال میں دم توڑا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی۔

حملوں کے بعد پروازوں کی منسوخی ، فرار کی کوشش کرنیوالے اسرائیلی ایئرپورٹس پر پھنس گئے



حماس کے حملوں کے بعد فرار کی کوشش کرنے والے اسرائیلی ہوائی اڈوں پر پھنس گئے۔

اسرائیلیوں کی بڑی تعداد جان بچانے کیلئے ہوئی اڈوں کی جانب بھاگ کھڑی ہوئی، ان میں زیادہ تر وہ اسرائیلی تھے جنہیں دنیا بھر سے یہاں لاکر بسایا گیا تھا اور دوسری شہریت بھی رکھتے تھے، لیکن جب یہ اسرائیلی ہوائی اڈوں پر پہنچے تو انہیں یہ جان کر شدید جھٹکا لگا کہ ایئرپورٹس اتھارٹی نے ملک کے جنوب اور مرکز کے ہوائی اڈے نجی اور سیاحتی پروازوں کے لیے بند کردیئے ہیں۔

اسرائیلی ائیرپورٹس اتھارٹی کے مطابق ’بین گوریون ہوائی اڈہ سکیورٹی کے پیش نظر کھلا رہا۔‘ لیکن غیر ملکی ایئر لائنز نے اسرائیل کے لیے طے شدہ پروازیں منسوخ کر دی ہیں،بین گوریون ہوائی اڈے کی ویب سائٹ سے پتہ چلتا ہے کہ غیر ملکی ایئر لائنز نے ان پروازوں کو منسوخ کرنا شروع کر دیا ہے جو اسرائیل میں اترنے والی تھیں۔

ایزی جیٹ نے ایمسٹرڈیم سے ایک فلائٹ منسوخ کی، اس فلائٹ نے رات ایک بجے بن گوریون پر اترنا تھا، لفتھناسا نے فرینکفرٹ اور میونخ سے جبکہ وِز ائیر، ولنیئس، آئیبیریا،رائن ائیر اور ڈیلٹا ایئر لائنز نے بھی  اسرائیل جانے والی پروازیں منسوخ کر دیں۔

اسلام آباد ، خاتون کو جنسی ہراساں اور بلیک میل کرنیوالے 4 ملزمان گرفتار



ایف آئی اے سائبر کرائم نے  خاتون کو جنسی طور پر ہراساں اور بلیک میل کرنے و الے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ 

ترجمان کے مطابق سائبر کرائم  سرکل  نے  آن لائن جنسی ہراسگی اور مالی فراڈ میں ملوث 4 ملزمان محمد جمشید، محسن رضا، محمد حفیظ اور سوہان شاہ کو گرفتار کر لیا۔

ملزم محمد حفیظ اور سوہان شاہ نے متاثرہ خاتون کی قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز فیس بک پر وائرل کیں کیں، ملزمان متاثرہ خاتون کو بلیک میل کرتے رہے اور اس سے  17 لاکھ روپے ہتھیائے، جمشید اور محسن رضا نے خود کو شکایت کنندہ کا دوست ظاہر کرتے ہوئے لاکھوں روپے بٹورے۔

ملزمان کو اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا،ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمے درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔

آزادی کی جنگ صیہونیوں کے دل میں داخل ، یروشلم تک پھیل جائیگی، اسماعیل ہانیہ



حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ نے کہا ہے کہ غزہ میں شروع ہونے والی جنگ ’مغربی کنارے اور یروشلم تک پھیل جائے گی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسماعیل ہانیہ نے اسرائیل میں کامیاب کارروائی کے بعد کہا ہے کہ آج عوام اپنی سرزمین سے قابضوں کو بھگانے کے لیے تیار ہیں۔ آزادی کی جنگ اب صیہونی وجود کے دل میں داخل ہو گئی اور دشمنوں کو ذلت بھری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہماری فتح سے دشمن کی کمزوریاں عیاں ہوگئیں۔

 اسماعیل ہانیہ نے  اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کرنے والے عرب ممالک کو مخاطب کرکے کہا کہ اسرائیل خود اپنی حفاظت نہیں کرسکا تو آپ کو کیا تحفظ فراہم کرے گا اور نہ فلسطین کوئی حل نکال سکتا ہے۔

زیر حراست اسرائیلی فوجیوں کے بدلے فلسطینیوں کی رہائی چاہتے ہیں ، حماس کا اعلان



فلسطینی تنظیم حماس نے کہا ہے کہ ہم اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کی رہائی کا معاملہ چکتا کرنا چاہتے ہیں، جنگ کے علاوہ ہمارے پاس کوئی دوسرا آپشن نہیں۔

سعودی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے حماس کے ترجمان حازم قاسم کا کہنا تھا کہ  آپریشن باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ کیا گیا ہے،اسرائیل کے ساتھ لڑائی ابتدائی مرحلے میں ہے، فی الحال حماس کے زیر حراست اسرائیلیوں کی تعداد ظاہر نہیں کر رہے، تاہم اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کی رہائی کا معاملہ برابرکرنا چاہتے ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ تمام ممکنہ منظر ناموں کے لیے تیار ہیں اور اسرائیل کا مقابلہ کرنے کی سکت رکھتے ہیں۔

سلطنت عثمانیہ کے عثمان بے کا کراچی کے شاپنگ مال میں والہانہ استقبال



 سلطنتِ عثمانیہ پر بننے والی شہرہ آفاق تاریخی ترک ڈرامہ سیریل کورولوش عثمان میں مرکزی کردار ادا کرنے والے تُرک اداکار براق اوزچیویت  کا کراچی کے نجی شاپنگ مال میں والہانہ استقبال کیا گیا۔

سوشل میڈیا کے  مختلف پلیٹ فارمز پر براق اوزچیویت کی شاپنگ سینٹر میں آمد کی ویڈیوز  وائرل ہو رہی ہیں۔ اداکار کو دیکھنے کیلئے لوگوں کا سیلاب امڈ آیا ، ویڈیو میں اداکار کیلئے کراچی  والوں کا والہانہ استقبال دیکھا جا سکتا ہے جبکہ  اداکار کی جانب سے بھی عوام کی  والہانہ محبت پر  ہاتھ ہلا کر ان کا شکریہ ادا کرتے دیکھا گیا۔

 واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل براق اوزچیویت نے انسٹا اسٹوری شیئر کرتے ہوئے پاکستان آمد سے متعلق  گاہ کیا تھا، بتایا جا رہا ہے کہ اداکار نجی برانڈ کے پرفیوم کے سفیر کے طور پر پاکستان آئے ہیں۔

راشد خان کا ورلڈ کپ میچز کی فیس افغان زلزلہ زدگان کو عطیہ کرنے کا اعلان



افغانستان کرکٹ ٹیم کے باؤلر راشد خان نے افغان صوبے ہرات میں زلزلہ متاثرین کیلئے ورلڈ کپ کے میچز کی فیس دینے کا اعلان کر دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ ٹویٹ میں انہوں نے بدترین زلزلے سے ہونے والے جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے اکاؤنٹ سے زلزلہ متاثرین کی کچھ دل دہلا دینے والی تصاویر شیئر کیں۔

راشد خان نے لکھا کہ میں نے افغانستان کے مغربی صوبوں (ہرات، فراہ اور بادغیس) میں آنے والے زلزلے کے المناک نتائج کے بارے میں سنا جس کا مجھے بے حد افسوس ہے۔

افغان کرکٹر کا کہنا تھا کہ ‘میں متاثرہ لوگوں کی مدد کیلئے کرکٹ ورلڈکپ کی اپنی تمام میچ فیس عطیہ کر رہا ہوں۔ جلد ہی ہم ان لوگوں سے رابطہ کرنے کیلئے ایک فنڈ ریزنگ مہم شروع کریں گے ۔

خیال رہے کہ ہفتے کو افغانستان میں ہولناک زلزلے کے نتیجے میں کئی دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے ہیں ، جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔

مصر میں پولیس اہلکار کی فائرنگ سے 2 اسرائیلی سیاح ہلاک



مصر میں پولیس اہلکار کی فائرنگ سے  2 اسرائیلی سیاح اور ایک مصری گائیڈ ہلاک ہو گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ اسکندریہ میں پومپی کے ستون کے مقام پر پیش آیا جہاں ایک پولیس اہلکار نے اسرائیلی سیاحوں کے گروپ پر فائرنگ کردی جس میں دو اسرائیلی ہلاک اور ایک مصری  زخمی ہو گیا، بعد ازاں مصری دوران علاج اسپتال میں دم توڑ دیا۔

پولیس نے فائرنگ کرنے والے اہلکار کو گرفتار کر لیا تاہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی اور نہ ہی ۔فائرنگ کے واقعے کے محرک کا تعین ہوسکا ہے

 خیال رہے کہ ہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ چھڑ چکی ہے۔

فرخ کھوکھر پراپنی ہی بیوی کے قتل کا الزام


Featured Video Play Icon

امریکی وزیر خارجہ کا مصری ہم منصب سے رابطہ، جنگ بندی کرانے پر زور



برسلز/واشنگٹن(این این آئی)امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے مصری ہم منصب سے رابطہ کرتے ہوئے فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی پر زور دیا ہے۔

دوسری جانب یورپی کمیشن اور نیٹو اتحاد نے بھی اسرائیل پر حماس کے حملوں کی مذمت کر دی ہے۔فلسطین اور اسرائیل کے درمیان پیدا ہونے والی تازہ صورتحال کے بعد روس کا کہناتھا کہ معاملے پر عرب اور فلسطینی قیادت سے رابطے میں ہیں جبکہ جاپان نے بھی فریقین سے کشیدگی ختم کرنے کی اپیل کردی ۔

واضح رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نے غزہ پر حملے کی دھمکی دیتے ہوئے فلسطینیوں کو غزہ خالی کرنے کی وارننگ دیدی ہے۔اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے کہا کہ حماس سے بدلہ لیں گے، اسرائیل ہر جگہ بھرپور طاقت کا استعمال کرے گا۔

اسرائیلی وزیراعظم نے دھمکی دی کہ یہ جنگ طویل اور مشکل ہوگی، فلسطینی غزہ کو خالی کردیں۔یاد رہے کہ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے اسرائیل پر حملوں میں سینیئر فوجی کرنل سمیت ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد 300 سے تجاوز کرگئی جبکہ 1590 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے حماس کے حملوں میں 200 اسرائیلیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔

اسرائیلی اخبار کے مطابق حماس سے جھڑپ میں سینیئر ترین اسرائیلی فوجی کرنل جوناتھن اسٹینسبرگ بھی ہلاک ہوئے جبکہ حماس کی جانب سے سینیئر اسرائیلی کمانڈر میجر جنرل نمرود الونی سمیت متعدد افراد کو یرغمال بنانے اور اسرائیل پر 7 ہزار سے زیادہ راکٹ داغنے کا دعوی کیا گیا ہے۔

اسرائیلی حملوں میں 232 فلسطینی شہید جبکہ 1700 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں، اسرائیلی فضائیہ نے فلسطینی وزارت داخلہ کی عمارت تباہ کردی۔ اسرائیلی فوج کے مطابق اب بھی اسرائیل کے 22 مقامات پر جنگ جاری ہے۔فلسطین اور اسرائیل کے درمیان پیدا ہونے والی تازہ صورتحال کے بعد بھارت، ترکیہ اور آسٹرین ائیرلائنز سمیت درجنوں ائیر لائنز نے اسرائیل کیلئے اپنی پروازیں معطل کردیں ہیں