افغانستان میں زلزلہ، متعدد عمارتیں اور مکانات منہدم : 14 افراد جاں بحق ، 78 زخمی



 کابل( ویب ڈیسک) افغانستان میں 6.2 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق اور 78 زخمی ہوگئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق 6.2 شدت کے زلزلے کا مرکز افغانستان کے جنوب مشرق میں تھا۔ زلزلے کی گہرائی 40 کلومیٹر تھی۔
حکام نے بتایا ہے کہ متعدد عمارتیں اور مکانات منہدم ہوگئے ہیں جن کے ملبے تلے لوگ دبے ہیں۔ زلزلے کے باعث نیٹ ورک کنکشنز کو بھی نقصان پہنچا ہے اور متاثرہ علاقوں میں موجود لوگوں سے رابطہ نہیں ہورہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق زلزلے کے جھٹکے ایران، ترکمانستا اور ازبکستان میں بھی محسوس کیے گئے۔ زلزلے سے اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

پاکستان اور افغانستان جڑواں بھائی ، انخلاء میں جلد بازی نہ کی جائے ، سراج الحق



امیر جماعت اسلامی  سراج الحق نے کہا ہے کہ افغانستان اور پاکستان جڑواں بھائی ہیں، انھیں جدا نہیں کیا جاسکتا، ہماری تہذیب، ثقافت اور دین مشترک ہیں۔ افغان مہاجرین کے انخلاء کے فیصلے میں جلد بازی سے گریز کیا جائے۔

 المرکز الاسلامی پشاور میں جماعت اسلامی کی کمیٹی برائے افغان امور کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ دونوں ممالک انخلاء کے حوالے سے ملکر جامع منصوبہ بنائیں۔ عجلت میں کیے گئے فیصلوں اور اقدامات سے طرفین میں دوریاں اور مسائل جنم لیں گے۔ دونوں ملکوں نے ملکر استعماری قوتوں کا مقابلہ کیا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ خوشحال مستقبل کے لیے بھی ملکر منصوبہ بندی کریں۔

انہوں  نے مزید کہا کہ ایک ایسے وقت میں کہ جب افغانستان میں ایک مستحکم حکومت قائم ہے، دیگر ممالک اپنے سفارت خانے کھول رہے ہیں، پاکستان کو نفرت کو ہوا نہیں دینی چاہیے۔ جماعت اسلامی افغانوں کا مقدمہ لڑے گی۔

سراج الحق نے کہا  کہ پاکستان کے عوام نے نصف صدی سے مسلسل افغانوں کا ساتھ دیا ہے اور اس کے لیے بڑی قیمت بھی ادا کی ہے ،ہمیں افغان حکومت سے بھی امید ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ تعاون کرے گی۔ دونوں ممالک کا اختلاف ہمارے خلاف سیکولر قوتوں کا منصوبہ ہے۔ اس منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے دونوں ملکوں کے عوام کو تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنا ہو گا، انھوں نے مطالبہ کیا کہ دونوں ممالک پاکستان میں غیر رجسٹرڈ افغانوں کے انخلاء کے لیے 31 اکتوبر تک کوئی با عزت راستہ نکالنے کی کوشش کریں۔

وہاڑی :شادی سے انکار پر نوجوان نے سکول ٹیچر پر تیزاب پھینک دیا



  نوجوان نے شادی سے انکار پر سکول جاتی ٹیچر پر تیزاب پھینک دیا ، ٹیچر بری طرح جھلس گئیں اور50 فیصد چہرہ متاثر ہوا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تیزاب گردی کا واقعہ وہاڑی تھانہ دانیوال کی حدود 9-11 ڈبلیو بی میں پیش آیا ، جہاں نوجوان نے سکول جاتی پرائیویٹ سکول ٹیچر غلام صابرہ پر تیزاب ڈال دیا، جس سےسکول ٹیچر  شدید جھلس گئی  جبکہ گلی سے گزرتے دو معصوم بچے بھی تیزاب کی زد میں آ گئے۔
مٹھو نامی ملزم اسکول ٹیچر سے شادی کا خواہشمند تھا اور شادی سے انکار پر ملزم نے اسکول ٹیچر پر تیزاب پھینکا،پولیس کے مطابق ملزم نے پہلے خاتون کی آنکھوں میں سرخ مرچیں پھینکی اور پھرتیزاب پھینکا، اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف پہلے بھی دو درخواستیں دے چکے تھے لیکن پولیس نے کارروائی نہیں کی، ملزم متاثرہ ٹیچر کی ہمشیرہ کا دیور ہے، ملزم مٹھو کو شہریوں نے موقع پر پکڑ کر پولیس تھانہ دانیوال کے حوالے کر دیا۔

بونیر میں پولیس وین پر راکٹ حملہ ، ایک اہلکار جاں بحق ، 3 زخمی



 بونیر کے علاقے ایلم غر میں پولیس وین پر راکٹ حملے میں ڈرائیور امیر زاد جاں بحق اور 3 اہلکار زخمی ہو گئے۔

 اطلاعات کے مطابق پولیس وین ایلم غر میں عسکریت پسندوں کے خلاف  جاری آپریشن میں شریک فورسز کے لیے خوراک لے کر جا رہی تھی کہ ایلم کے راستے میں جبراسے گورنمنٹ اسکول کے قریب حملے کا نشانہ بن گئی۔ واقعے کے بعد پولیس اور فوج کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور جاں بحق اور زخمی کو اسپتال منتقل کر دیا۔

مقامی  پولیس حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ سوات بونیر کے سنگم پر پیش آیا جہاں  ایلم پولیس اسٹیشن کی موبائل وین پر راکٹ داغا گیا، جس میں ایک اہلکار  جاں بحق اور تین زخمی ہوئے ہیں۔

نیب کا انٹیلی جنس ماہرین بھرتی کرنے کا فیصلہ



نیب نے ملک بھر میں کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے لئے انٹیلی جنس ماہرین بھرتی  کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق قومی احتساب بیورو  نےبریگیڈیئر سطح کے ریٹائرڈ افسران کی بھرتی کیلئے باقاعدہ اشتہار بھی جاری کر دیا ، بریگیڈیئر سطح کے ریٹائرڈ افسران ہیڈ کوارٹر میں بھرتی کئے جائیں گے۔

ریجنل بیوروز میں جونیئر انٹیلی جنس ایکسپرٹ بھرتی کئے جائیں گے ،نیب راولپنڈی،لاہور،کراچی،پشاور، کوئٹہ،سکھر اور ملتان میں بھرتیاں ہوں گی۔

پاکستان واپسی سے قبل نواز شریف کے 4 ممالک کے دورے کا شیڈول آ گیا



  مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف کا 9 اکتوبر کو لندن سے سعودی عرب روانہ ہونے کا امکان ہے۔

لیگی ذرائع کے مطابق نوازشریف سعودی عرب سے 14 اکتوبر کو دبئی روانہ ہوں گے،ان کا دبئی سے چین او رقطر جانے کا بھی امکان ہے۔نوازشریف 21 اکتوبر کو دبئی سے لاہور روانہ ہوں گے،ن لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ 19اکتوبر کو لاہور ہائیکورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کرنے کا امکان ہے۔

نوازشریف 21 اکتوبر شام 7 بجے لاہور پہنچیں گے،اگر نوازشریف کو حفاظتی ضمانت مل جاتی ہے تو پھر وہ لاہور ائیر پورٹ سے مینار پاکستان پہنچیں گے۔

افغانستان کے ساتھ تجارت کیلئے کسٹم قوانین تبدیل, قواعد مزید سخت کر دیئے گئے



 پاکستان کے راستے افغانستان جانے والے سامان کیلئے قواعد مزید سخت کر دیئے گئے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کسٹمز رولز 2001 میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا.

ایف بی آر کے اعلامیے کے مطابق افغانستان جانے والے سامان پر فنانشل سکیورٹی کی شرط عائد کر دی گئی، فنانشل سکیورٹی مجاز بینک گارنٹی کی شکل میں دی جائے گی، مالی گارنٹی کم ازکم ایک سال کیلئے اور پاکستان میں کیش کرائی جا سکے گی۔ ہم نیوز کے مطابق نئی شرائط درآمدکنندگان، کسٹمز ایجنٹ، بروکرز، ٹرانسپورٹ آپریٹرز پر لاگو ہوں گی۔ بینک گارنٹی میں وہیکلز اور گڈز پر عائد ٹیکس اور ڈیوٹیز بھی شامل ہوں گی۔
یاد رہے کہ دو روز قبل وزارت تجارت نے افغانستان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کے تحت پاکستان سے 212 اشیا افغانستان لے جانے پر پابندی لگا دی ہے۔ جس کا وزارت تجارت نے ایس آر او نمبر بھی جاری کر دیا ہے۔

گاڑیاں جلانے کا کیس ، پی ٹی آئی کے 5 رہنما اشتہاری قرار



انسداد دہشتگردی عدالت نے جناح ہاؤس کے قریب گاڑیاں جلانے کے کیس میں پی ٹی آئی کے 5 رہنماؤں کو اشتہاری قرار دے دیا۔

اشتہاری قرار دیئے جانے والے رہنمائوں میں  حماد اظہر، میاں اسلم اقبال، حسان نیازی غلام عباس اور علی عباس شامل ہیں، پولیس نے عدالت میں رپورٹ جمع کروائی، عدالت نے پولیس رپورٹ کی روشنی میں ملزمان کو اشتہاری قرار دیا۔

پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملزمان گرفتاری کے خوف سے روپوش ہیں، ملزمان کو اشتہاری قرار دیا جاٸے۔

پشاور ، غیر قانونی کرنسی ایکسچینج پر چھاپہ ، ہزاروں ڈالر برآمد ، 2 ملزمان گرفتار



پشاور میں غیر قانونی کرنسی ایکسچینج پر چھاپے کے دوران ہزاروں ڈالر برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان کے مطابق ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل پشاور نے ڈپٹی ڈائریکٹر رضوان شاہ کی ہدایت پر صدر بازار میں  چھاپہ مار کر کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث عاطف اللہ اور خالد  کو گرفتار کر لیا گیا۔

 چھاپے کے دوران ملزمان سے 40 ہزار ڈالر برآمد کرلیے گئے، ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہیں کر ۔ سکے،ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ، مدرسے میں سلنڈر پھٹنے سے 10 طالبات جھلس کر زخمی



ڈیرہ اسماعیل خان میں مدرستہ البنات خدیجتہ الکبرا میں گیس سلنڈر کے دھماکے کے نتیجے میں 10 طالبات جھلس کر زخمی ہو گئیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق ڈی آئی خان میں گرڈ روڈ پر  مدرسے میں سلنڈر پھٹ گیا جس کے نتیجے میں  طلبات جھلس گئیں ، جنہیں ڈسٹرک ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

زخمی ہونے والی طالبات کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے ،د ھماکے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔

شاید میں چڑیل ہی ہوں، کسی کو کیا معلوم؟، ریا چکرورتی



ممبئی (این این آئی)بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ ریا چکرورتی نے کہا ہے کہ شائد میں چڑیل ہی ہوں، شائد مجھے کالا جادو کرنا آتا ہے، کسی کو کیا معلوم؟۔

بھارتی میڈیا کی طرف سے منعقدہ سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے ریا نے کہا کہ مجھے چڑیل کا لقب پسند آنے لگا ہے، یہ بہت دلچسپ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں چڑیل کون ہوتی تھی؟ وہ لڑکی جو پدر شاہی معاشرے کو تسلیم کرنے سے انکار کردے اور اپنی زندگی اپنی طرح سے گزارے اسے چڑیل کا لقب دے دیا جاتا تھا۔

بھارتی وزیراعظم کو قتل اور احمد آباد سٹیڈیم میں بم دھماکے کی دھمکی



نئی دہلی(این این آئی)بھارتی پولیس کو وزیراعظم نریندر مودی اور احمد آباد کے ”نریندر مودی اسٹیڈیم” کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آئی سی سی ورلڈکپ میں 14 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندرا مودی اسٹیڈیم میں مد مقابل ہوں گی تاہم اس سے پہلے ہی بھارتی پولیس کو اسٹیڈیم کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس میں کہا گیا کہ ایک دہشتگرد گروپ کی طرف سے کی گئی ای میل میں بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی اور احمد آباد میں ”نریندر مودی سٹیڈیم” کو اڑانے کی دھمکی دی گئی۔

میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردوں نے ای میل میں 5سو کروڑ روپے ادا کرنے اور گینگسٹر لارنس بشنوئی کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ای میل میں کہا گیا ہے کہ نریندرا مودی اسٹیڈیم پر حملے کے لیے بندے بھی تعینات کر دیے گئے ہیں۔

وزیراعظم نریندرا مودی کو بھی اڑائیں گے۔دہشتگرد گروپ کی جانب سے کی گئی ای میل میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں سب کچھ بکتا ہے اور ہم نے بھی کچھ خریدا ہے۔

آپ جتنی مرضی سکیورٹی میں رہیں ہم سے بچ نہیں سکتے۔ پولیس کا کہنا ہے جس آئی ڈی سے ای میل کی گئی اسے ٹریس کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ پولیس نے مزید کہا کہ ایسے لگتا ہے کہ ای میل یورپ سے آئی ہے۔