ڈالر مزید 1.01روپے سستا ، 285.75 کا ہو گیا



ڈالر کی گراوٹ کا سلسلہ جاری ، پاکستانی روپے مزید تگڑا ہو گیا۔

کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انٹر بینک میں ڈالر ایک روپے، ایک پیسے سستا ہونے کے بعد ڈالر کی قیمت 285 روپے 75 پیسے کا ہو گیا۔

گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر انٹر بینک میں ڈالر 286 روپے 76 پیسے پر بند ہوا تھا۔

دوسری جانب اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا مثبت رجحان رہا، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس 162 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد انڈیکس 46 ہزار 789 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔

۔

بلوچستان میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس اپنانے کے نئے دور کا آغاز ہو گیا، جان اچکزئی



کوئٹہ: بلوچستان کے نگران وزیراطلاعات جان اچکزئی نے اعلان کیا ہے کہ بلوچستان جدید ٹیکنالوجی میں آگے بڑھنے کے لیے تیار ہے۔ گرلزکیڈٹ کالج تربت میں کیڈٹس کااپنے کالج کے منصوبوں کے لئے تھری ڈی پرنٹر کااستعمال اس تکنیکی تبدیلی کاآغاز ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ گرلز کیڈٹ کالج تربت کے کیڈٹس اپنی لیبارٹری کی سرگرمیوں میں چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے خود فائدہ اٹھارہے ہیں جو خوش آئند اقدام ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان بھر میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کواپنانے کے ایک نئے دورکا آغازکرتے ہوئے گرلزکیڈٹ کالج تربت سے باہراے آئی کی سہولیات کی توسیع کے منصوبوں کا خاکہ پیش کیا۔
انہوں نے بلوچستان کی اے آئی میں سبقت حاصل کرنے کی خواہش اور اس کوشش میں چینی حکومت کے ساتھ تعاون حاصل کرنے کے ارادے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو 3D پرنٹرز اور مصنوعی ذہانت سے لیس جدید آئی ٹی لیبز قائم کرنے کے لیے مدعو کر رہے ہیں۔
نگران وزیراطلاعات نے اس یقین کا اظہار کرتے ہوئے کہ ہمارے طلباء ملک کے دیگرحصوں میں اپنے ہم منصبوں کے ساتھ تیزی سے آگے بڑھیں،انہوں نے کہا کہ گرلز کیڈٹ کالج تربت میں پہلی آئی ٹی لیب جلد ہی آن لائن ہو جائے گی، جو پوری قوم کے سامنے جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے میں بلوچستان میں آئی ٹی کے شعبے میں پیش رفت کو ظاہر کرے گی۔

ملک بھر میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کیخلاف آپریشن کا فیصلہ



ملک بھر میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف آپریشن کا فیصلہ کر لیا گیا۔

 رپورٹس کے مطابق اب تک ایک لاکھ سے زائد گاڑیاں پولیس کے پاس باضابطہ رجسٹرڈ کی گئی ہیں،ایف بی آر اوردیگر سرکاری اداروں کے ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کیخلاف آپریشن کا فیصلہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے حالیہ دورہ پشاور کے دوران کیا گیا۔

آپریشن کے فیصلے کے بعد متعلقہ اداروں نے ملک میں غیرقانونی طریقے سے داخل ہونے والی گاڑیوں کا ڈیٹا نکال لیا ہے ۔اس وقت دو سے تین لاکھ گاڑیاں بغیررجسٹریشن کے چل رہی ہیں۔ ان کو ریگولرائز کرنے سے سرکاری خزانے میں بیس ارب روپے سے زائد کا ریونیو آنے کا امکان ہے۔

عثمان ڈار کی گمشدگی ، پولیس کو آج ہی مقدمہ درج کرنیکا حکم



سندھ ہائیکورٹ نے عثمان ڈار کی حراست میں لیے جانے کے بعد گمشدگی  کیخلاف درخواست پر پولیس کو آج ہی مقدمہ درج  کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

 جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو عثمان ڈار کی گمشدگی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر علی طاہر نے موقف دیا کہ عدالت نے گزشتہ سماعت پرعثمان ڈار کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا۔

عدالت نے اظہار ناراضگی کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ عثمان ڈار کی گمشدگی کا مقدمہ کیوں درج نہیں کیا گیا؟ ایس ایچ او ملیر کینٹ نے بتایا کہ درخواستگزار کی جانب سے مقدمے کی اندارج کے لیے رجوع ہی نہیں کیا گیا۔ عدالت نے ایس ایچ او کو ہدایت کی کہ درخواستگزار کا بیان لیں اگر قابل دست اندازی جرم بنتا ہے تو مقدمہ درج کریں۔

 بیرسٹر علی طاہر نے موقف دیا کہ نگران وزیر داخلہ حارث نواز نے ٹی وی ٹاک شو میں اعتراف کیا کہ عثمان ڈار پولیس کی تحویل میں ہیں،اب پولیس کہتی ہے کہ عثمان ڈار کو حراست میں نہیں لیا گیا۔

عدالت نے پولیس کو آج ہی عثمان ڈار کی گمشدگی کا مقدمہ درج  کرکے 18 اکتوبر کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم  دیدیا۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ریمارکس دیے کہ مقدمہ درج ہو گا تو تحقیقات ہو نگی، سب سامنے آ جائے گا۔ عدالت نے سیکریٹری داخلہ سندھ سے بھی 18 اکتوبر کو تحریری جواب طلب کر لیا۔

نگران وزیراعظم اور آرمی چیف کی اہم ملاقات



اسلام آباد:ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے قبل آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے ملاقات کی جس میں قومی سلامتی کے امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق نے آرمی چیف کا وزیر اعظم ہائوس میں پہنچنے پر استقبال کیا ۔ بعد ازاں ملاقات میں قومی سلامتی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

پاکستان میں غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو یکم نومبر تک ملک چھوڑنے کا حکم



اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں غیرقانونی طورپرمقیم تمام غیرملکیوں کوملک بدرکرنے کافیصلہ کرلیا گیا۔

اسلام آباد میں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑکی زیرصدارت اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں انتہائی اہم فیصلے کئے گئے ہیں جن میں غیر قانونی طورپرمقیم تمام غیرملکیوں کی ملک بدری کافیصلہ بھی شامل ہے ۔

اجلاس میں آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر بھی شریک تھے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ایک پاکستانی کی جان ومال دنیاکے کسی بھی دوسرے مفاد سے مقدم ہے ۔

اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے نگران وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ غیرقانونی طورپر پاکستان میں موجود غیرملکیوں کو ملک چھوڑنے کے لئے یکم نومبر2023 کی حتمی ڈیڈ لائن دی گئی ہے  ، ڈیڈ لائن ختم ہونے پرایسے تمام افراد کو ملک بدر کرکے ان کی جائیدادیں قرق اورکاروباربند کردیئے جائیں گے جن کے پاس سکونت کا اجازت نامہ نہیں ہوگا۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جہاں غیرملکی پاسپورٹ کے بغیر بھی آجاتے ہیں،انہوں نے واضح کیا کہ جس نے پاکستان آنا ہے وہ پاسپورٹ لے کرآئے ، افغان مہاجرین کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ صرف ایسے افغان مہاجرین جن کے پاس سکونت کا اجازت نامہ ہے انہیں رہنے کی اجازت ہوگی باقی تمام غیرملکیوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ یکم نومبر سے پہلے ملک چھوڑدیں ۔

وزیرداخلہ نے بتایا کہ 10 اکتوبر 2023 سے پاک افغان سرحد سے نقل و حرکت کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ پر ہو گی،یکم نومبر 2023 سے نقل و حرکت کی اجازت صرف پاسپورٹ اور ویزا پر دی جائے گی۔

سرفرازبگٹی کاکہناتھا کہ اپیکس کمیٹی اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ یکم نومبر 2023 کے بعد پاکستان میں مقیم غیر قانونی غیر ملکیوں کو رہائش فراہم کرنے یا سہولیات فراہم کرنے والے کسی بھی پاکستانی شہری یا کمپنی کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔

وزارت داخلہ کی زیر نگرانی ایک ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے جس میں قانون نافذ کرنے والے اور انٹیلیجنس کے اراکین شامل ہوں گے، اس ٹاسک فورس کا مقصد جعلی شناختی کارڈ کے حامل لوگوں اور ان کی جعلی کاغذات پر بنی غیر قانونی جائیدادوں کو ضبط کرنا ہو گا۔ نادرا کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام جعلی شناختی کارڈز کی منسوخی کوفوری طور پر یقینی بنائے اوراگر کسی کی شناخت میں شک ہو تو اس کی تصدیق کیلئے ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے۔

اجلاس میں کہاگیاکہ ویب پورٹل اور یو اے این ہیلپ لائن پر پاکستان میں مقیم غیر ملکی افرادکی غیر قانونی رہائش یا کاروبار کرنے والے کے بارے میں معلومات فراہم کی جا سکتی ہیں۔ اس سلسلے میں جو بھی شہری حکومت سے تعاون کرے گا اس کو انعام دیا جائے گا اور اس کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

سرفرازبگٹی کاکہناتھا کہ  ذخیرہ اندوزی، سامان یا کرنسی کی اسمگلنگ ، حوالہ/ ہنڈی اور بجلی چوری کے خلاف سخت ایکشن پہلے سے ہی لیا جا رہا ہے، منشیات کے کاروباراورجرائم میں ملوث افرد کے خلاف کسی بھی قسم کی رعائت نہیں برتی جائے گی۔ کسی بھی سیاسی مسلح گروہ، جتھے یا تنظیم کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔

 

 

’’ہندوستان والو، تمہاری داستاں تک بھی نہ ہوگی داستانوں میں‘‘: آرمی چیف



اسلام آباد(این این آئی)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ ریاست کی رٹ قائم کرنے کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے، ہر ایک پاکستانی شہری کی جان و مال سب سے مقدم ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے حوالے سے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہر اعتبار سے تاریخی تھا، اجلاس میں تمام وفاقی اور صوبائی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان ایک چھت تلے موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ غالباً یہ پہلی دفعہ تھا کہ ملک کے تمام قانون نافذ کرنے والے چھوٹے اور بڑے ادارے اس میٹنگ کا حصہ تھے، اجلاس کے دوران بڑی کلیریٹی اورغیر مبہم انداز میں بات چیت کی گئی ۔ جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ ایک پاکستانی شہری کی جان و مال اور فلاح و بہبود کسی بھی دوسرے ملک اور کسی بھی دنیاوی مفاد سے مقدم ہے۔ آرمی چیف نے کہاکہ پاکستان کے پاس صرف ایک ہی آپشن ہے، ہمیں ان چیلنجز کے سامنے کھڑے ہونا ہے، ہم ریاست کی عمل داری قائم کرنے کے لیے انتہائی اقدام تک جائیں گے۔ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے آخر میں آرمی چیف نے اقبال کا یہ شعر بھی پڑھا کہ ”نہ سمجھو گے تو مٹ جاؤ گے اے ہندوستان والو، تمہاری داستاں تک بھی نہ ہوگی داستانوں میں”۔

پاکستان داخل ہونے والے افغان باشندوں کیلئے ویزہ لازمی قرار



اسلام آباد: ویزہ اور پاسپورٹ کے بغیر افغان شہریوں کا پاکستان میں داخلہ بند کر دیا گیا۔ یہ فیصلہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی اجلاس میں کیا گیا۔

نگران وزیرداخلہ سرفرازبگٹی نے پریس کانفرنس کے دوران اجلاس کے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 10 اکتوبر 2023 سے پاکستان اورافغانستان بارڈر سے نقل و حرکت کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ پر ہو گی جبکہ یکم نومبر 2023 سے نقل و حرکت کی اجازت صرف پاسپورٹ اور ویزا پر دی جائے گی ۔

اجلاس میں کہاگیاکہ یکم نومبر 2023 سے غیر قانونی طورپر مقیم غیرملکیوں کے کاروبار /جائیدادیں ضبط کر لی جائیں گی اور غیر قانونی کاروبار کرنے والوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ یکم نومبر 2023 کے بعد پاکستان میں مقیم غیر قانونی غیر ملکیوں کورہائش فراہم کرنے یا سہولیات فراہم کرنے والے کسی بھی پاکستانی شہری یا کمپنی کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔

 غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی ملک بدری ، پنجاب حکومت نے  تفصیلات طلب کر لیں ، سندھ میں کمیٹیاں قائم



پنجاب حکومت نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی تفصیلات طلب کر لیں۔
محکمہ داخلہ کے مراسلے کے مطابق ایپکس کمیٹی میں غیر قانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کو ملک بدر کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز سے غیر ملکیوں کی تفصیلات مانگ لیں ۔
مراسلے کے مطابق غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کی وطن واپسی کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے گی اور ان کو سفارتخانوں کےتعاون سے واپس بھیجا جائے گا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ غیرملکیوں کو رہائشی، مالی اور روزگار کی شکل میں غیر قانونی مقیم افراد کی معاونت کرنا بھی جرم ہے، فارن ایکٹ کے تحت غیر قانونی  قیام کرنے والے غیر ملکیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
علاوہ ازیں حکومت سندھ نے غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے صوبائی، ڈویژن اور ضلعی سطح پر عمل درآمد کمیٹیاں قائم کردیں۔ صوبائی تارکین وطن کی واپسی کمیٹی کے کنوینر ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈویژنل کمیٹی کے کنوینر کمشنرز اور ضلعی کمیٹی کے کنوینر ڈپٹی کمشنرز ہوں گے ، غیر ملکی تارکین کی واپسی عملدرآمد کمیٹی میں پولیس، کورہیڈکوارٹر، آئی بی، نادرا، ایف آئی اے، آئی ایس ۔آئی، ایم آئی اور کمشنر افغان پناہ گزینوں کے نمائندے شامل ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹیاں غیر رجسٹرڈ تارکین وطن افراد کا ڈیٹا جمع کریں گی  اور ان کی ملک بدری اورآمد کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنے کی ذمہ دار ہوں گی۔

 

 

 

 

بہارہ کہو میں کرین گرنے سے تعمیراتی کام میں مصروف 3 مزدور جاں بحق



اسلام آباد کے علاقے بہارہ کہو میں کرین گرنے سے تعمیراتی کام میں مصروف  3 مزدور جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، پولیس حکام کے مطابق جاں بحق مزدوروں کی شناخت قیصر عباس، ثمر شاہ اور وارث کے ناموں سے ہوئی۔

 جاں بحق مزدوروں کی لاشیں اور زخمی کو پولی کلینک ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

لاعلاج مرض میں مبتلا ،معذور موچی کی ولولہ انگیز داستان


Featured Video Play Icon

زمین لرز اٹھی، 6 اعشاریہ 2 شدت کا زلزلہ



نیپال میں 6 اعشاریہ 2  شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ جھٹکے بھارت میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق زلزلے کے جھٹکے نئی دلی اور دیگر شہروں میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔

جرمن ریسرچ سینٹر کے مطابق نیپال میں آنے والے زلزلے کی شدت 6 اعشاریہ 2  تھی جو 10 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔

ابتدائی طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔