لاہور ( این این آئی) سری لنکا کی انڈر19 کرکٹ ٹیم بارہ اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی ۔ وہ اپنے اس دورے میں پاکستان انڈر 19 کے خلاف ایک چار روزہ اور پانچ ون ڈے میچز کھیلے گی۔تمام چھ میچز15 سے31 اکتوبر تک کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔سری لنکن ٹیم کے دورے کا آغاز 15 اکتوبرکو چار روزہ میچ سے ہوگا جو صبح دس بجے شروع ہوا کرے گا۔اس کے بعد 22 سے31 اکتوبر تک ون ڈے سیریز کھیلی جائے گی جس کے میچز صبح ساڑھے نو بجے شروع ہوں گے۔آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے لیے مقرر کیے گئے قواعد وضوابط کے تحت وہی کھلاڑی منتخب ہونگے جو یکم ستمبر 2004ء کو یا اس کے بعد پیدا ہوئے ہیں۔
Monthly Archives: October 2023
پاکستان اوور 40 گلوبل کرکٹ کپ کا چیمپئن بن گیا
کراچی:پاکستان اوور 40 گلوبل کرکٹ کا چیمپئن بن گیا۔ قومی ٹیم نے فائنل میں ویسٹ انڈیز کو 152 رنز سے شکست دے دی ۔ پاکستان کے عبدالقادر نے ویسٹ انڈیز اوور 40 کے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا،وہ ٹورنامنٹ میں 28 وکٹوں کے ساتھ ٹاپ پر رہے۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 329 کا ہدف دیا تھا ۔ مصباح الحق نے 93 گیندوں پر 6 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے 106 رنز کی اننگز کھیلی، حسن رضا نے 68 اور عبدالرزاق 38 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
پاکستانی ٹیم مشکلات میں ہے، ایک دو میچ اوپر نیچے ہوئے تو پریشر آ جائے گا، مصباح
کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم مشکلات میں ہے، ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ میں ہارنے کے بعد مسائل پیدا ہوئے۔
میڈیا سے گفتگو میں مصباح الحق نے کہا کہ قومی ٹیم کو واپس جیت کے ٹریک پرآنے کیلئے اسپیشل پرفارمنس دینا ہوگی، بھارت کے خلاف میچ سے قبل دو میچز کافی اہم ہیں ۔ سابق کپتان نے کہا کہ نیدر لینڈز اور سری لنکا سے میچز میں اچھا پرفارم کرنا ضروری ہے، اگر 2 میچز میں اوپر نیچے ہوا تو پریشر آجائے گا۔
انہوں نے کہاکہ ہر ٹیم کا اپنا کھیلنے کا طریقہ ہوتا ہے، اگر بورڈ پر 350 ہے تو میچ جیتنا بنتا ہے۔مصباح الحق نے کہا کہ فخر کا آئوٹ آف فارم ہونا پریشانی کی بات ہے،انہیں پریشر سے باہر نکلنا ہوگا، وہ اچھی کنڈیشن میں پاکستان کیلیے بڑا اسکور کرسکتا ہے۔
سعود شکیل نے کافی زبردست کھیلا تھا۔انہوں نے کہاکہ سینٹرل کنٹریکٹ پر میرے بھی کچھ تحفظات ہیں، یہ سلیکشن کمیٹی اور مینجمنٹ کا فیصلہ ہے،اہم ممبران کو سینٹرل کنٹریکٹ کی ٹاپ کیٹیگری میں ہونا چاہیے۔
شیخ رشیدکابھتیجاگھر پہنچ گیا ،راشد شفیق کی تصدیق
راولپنڈی (این این آئی) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے ساتھ گرفتار ہونے والا ان کا بھتیجا شیخ شاکر گھر پہنچ گیا۔ شیخ راشد شفیق نے شیخ شاکر کے گھر واپس پہنچنے کی تصدیق کردی، شیخ رشید کے ملازم اور ڈرائیور کو پہلے ہی رہا کر دیا گیا تھا۔
سچے لوگوں کے ساتھ کھڑا ہوا ہوں، بشیر میمن کی ن لیگ میں شمولیت پر وضاحت
اسلام آباد(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن ) میں شامل ہونے والے سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن نے کہا ہے کہ انہوں نے پیپلزپارٹی کے خلاف کوئی ایک جھوٹا مقدمہ نہیں بنایا۔
ایک بیان میں بشیر میمن نے کہا کہ اس وقت ملکی معیشت کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، نواز شریف کا بیانیہ ہے کہ انہوں نے اپنے ذاتی معاملات اللہ پر چھوڑ دیے ہیں، میرے قائد نے کہا ہے کہ انتقام نہیں ملک کی معیشت کو بہترکرنا ہے۔
بشیر میمن نے کہا کہ ن لیگ کے دو ڈھائی کروڑ ووٹرز ہیں کیا سب کو نوازا گیا ہے؟کیا مجھے نوکری ن لیگ نے دی؟انہوں نے کہاکہ میں بطور کارکن ن لیگ میں شامل ہوا ہوں، میں سچے لوگوں کے ساتھ کھڑا ہوا ہوں، نواز شریف ملک کے لیے ضروری ہیں۔
جسٹس عرفان سعادت کل سندھ ہائیکورٹ کے قائمقام چیف جسٹس کا حلف اٹھائیں گے
اسلام آباد: جسٹس عرفان سعادت کل منگل کو سندھ ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کا حلف اٹھائیں گے۔
سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق جسٹس عقیل احمد عباسی قائم مقام چیف جسٹس عرفان سعادت سے حلف لیں گے۔واضح رہے کہ موجودہ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس احمد علی ایم شیخ عہدے سے ریٹائر ہو گئے ،سندھ ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس عرفان سعادت خان کو قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ مقرر کیا گیا تھا۔قائم مقام چیف جسٹس کے عہدے کی معیاد حلف اٹھانے سے شروع ہو گی۔جسٹس عرفان سعادت خان جوڈیشل کمیشن کی جانب سے مستقل چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کی تقرری تک عہدے پر فرائض انجام دیں گے۔
”پرفارمنس ٹھیک کرو “ سعودی عرب کی پی آئی اے کو وارننگ
اسلام آباد(این این آئی) سعودی عرب کی سول ایوی ایشن نے پروازوں میں تاخیر پر پی آئی اے سمیت دیگر 26 ائیرلائنز کو وارننگ لیٹر جاری کر دیئے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ ائیرلائنز نے اگر اپنی پرفارمنس ٹھیک نہ کی تو ان کے سلاٹس کم کردیئے جائیں گے۔
سعودی ایوی ایشن نے پی آئی اے کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی پروازوں کی وقت پرآمد اورروانگی یقینی بنائے بصورت دیگر اسے جرمانہ بھی کیا جا سکتا ہے۔
پی آئی اے کا سعودی عرب کیلئے فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہے، طیارے خراب ہونے کی وجہ سے پروازیں کئی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں۔
شہزادی عبطا بنت سعود بن عبدالعزیز آل سعود انتقال کرگئیں
ریاض: سعودی شہزادی عبطا بنت سعود بن عبدالعزیزآل سعودانتقال کر گئیں ۔
ایوانِ شاہی سے جاری اعلان کے مطابق شہزادی عبطا بنت سعود کا انتقال اتوار کے روز ہوا۔
شہزادی کی نماز جنازہ ریاض کی جامع مسجد امام ترکی بن عبداللہ میں ادا کی گئی۔
شہزادی کے انتقال پر سعودی عرب میں مختلف شخصیات کی جانب سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شاہی خاندان سے تعزیت کی گئی ہے۔
بجلی 3.28 روپے فی یونٹ مہنگی کرنے کا حکمنامہ جاری
حکومت کی منظوری کے بعد نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں مذید اضافہ کر دیا ہے۔
نیپرا نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ بجلی 3 روپے 28 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دی تھی۔جس کے بعد نیپرا نے فوری بجلی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی صارفین کو 6 ماہ میں اضافی ادائیگیاں کرنا ہوں گی، بجلی صارفین اکتوبر 2023 تا مارچ 2024 تک ادائیگیاں کریں گے۔
سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں اضافے کا اطلاق کے الیکڑک صارفین پر بھی ہو گا۔
‘‘بجلی چوروں کے خلاف مہم :”لو مچا گلی میں شور رخسانہ پکڑی گئی
بجلی چوروں کے خلاف مہم کے دوران لیسکو نے مسلم لیگ ن کی سابق رکن صوبائی اسمبلی رخسانہ کوثر بھی بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ پولیس نے ملزمہ کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔
ترجمان لیسکو کے مطابق کی ڈائریکٹ سپلائی سے کنڈا لگا کر بجلی چوری کر رہی تھیں۔عملے نے ڈیوس روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے رخسانہ کوثر کی چوری پکڑ لی۔
تاہم یہ امر قاب ذکر ہے کہ جب پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تورخسانہ کوثر چکمہ دے کرموقع سے فرار ہوگئیں۔لیسکو نے ملزمہ پر 5 لاکھ 75 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے جس میں سے ڈیڑھ لاکھ روپے کی وصولی کرلی گئی ہے۔
کوروناویکسین بنانے والے امریکااور ہنگری کے دو پروفیسرز کے لئے نوبیل انعام
سٹاک ہوم(این این آئی) طب کا نوبیل انعام ہنگری کی کتالین کاریکو اور امریکا کے ڈریو ویس مین کے نام رہا۔ دونوں ماہرین کو انعام ایم آر این اے ٹیکنالوجی پر ان کے کام سے متعلق دیا گیا۔ایم آر این اے ٹیکنالوجی سے کورونا کی ویکسین موڈرنا اور فائزر کی راہ ہموار ہوئی تھی ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سوئیڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں بیٹھنے والی جیوری نے کہا کہ عہد حاضر میں انسانی صحت کو لاحق بڑے خطرے کے دوران دونوں شخصیات نے ویکسین بنانے کیلئے غیرمعمولی پیشرفت کی۔
کتالین کاریکو ہنگری کی ساگان یونیورسٹی میں پروفیسر ہیں، انہوں نے ڈریو ویس مین کے ساتھ امریکا کی یونیورسٹی آف پنسلوانیا میں ریسرچ کی تھی جس پر نوبیل انعام ملا ہے۔
برطانوی اخبار نے بھارت کو آئینہ دکھا دیا، اقلیتوں پر مظالم کی داستان شائع کردی
لندن: بھارتی وزیر خارجہ کے اقلیتوں کے خلاف امتیازی سلوک کے الزامات کو جھوٹا قرار دینے پر برطانوی اخبار نے اپنی خصوصی رپورٹ میں مودی سرکار کو بے نقاب کردیا۔
برطانوی اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اقلیتوں پر ہونے والے امتیازی سلوک کے سوال پر دعویٰ کیا تھا کہ بھارت میں ایسا ایک بھی واقعہ ہوا تو بتائیں۔ وزیر خارجہ نے اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک کے الزام کو صحافیوں کے سامنے یکسر مسترد تو کردیا لیکن وہ بھول گئے انھوں نے یہ دعویٰ مودی سرکار کے بھارتی میڈیا نہیں بلکہ عالمی میڈیا کے سامنے کردیا ہے جو آزاد بھی ہے اور اصول صحافت سے واقف بھی ہے۔
برطانوی اخبار نے بھارتی وزیر خارجہ کے اس بیان کا پوسٹ مارٹم کردیا اور مودی سرکار میں اقلیتوں پر ڈھائے گئے مظالم اور امتیازی سلوک کی طویل داستان شواہد کے ساتھ پیش کردی۔
ٹیلی گراف نے کہا کہ حال ہی میں 22 ستمبر 2023 کو وزیر رمیش بدھوری نے پارلیمنٹ میں مسلم رکن دانش علی کو مسلمان ہونے پر مغلظات بکیں اور دھمکیاں دیں جس پر وہاں موجود اسپیکر اور خود مودی بھی خاموش بت بنے رہے۔
برطانوی اخبار نے لکھا کہ رمیش بدھوری سے جواب طلب کرنے کے بجائے مودی سرکار نے الٹا مسلم رکن اسمبلی دانش علی کوسزا کے طور پر رجستھان کے دور دراز اور خطرناک علاقے میں الیکشن کی ڈیوٹی کے لیے بھیج دیا۔
رپورٹ کے مطابق اسی طرح 14 اگست 2022 کو بھی بی جے پی کے گیاندیو اہوجا نے مسلم نسل کشی پر اکساتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ میں اپنے ورکرز کو مسلمانوں کے قتل عام کی کھلی آزادی دیتا ہوں۔ برطانوی اخبار نے وزیر خارجہ ایس جے شنکر کو ریاستوں منی پور اور ہریانہ میں اقلیتوں کے خلاف ہونے والے فسادات بھی گنوائے اور 12 مارچ 2022 کو بی جے پی کے بلدیو اولاکھ کی دھمکی کہ مودی کا ساتھ نہ دینے پر مسلمانوں کی املاک پر اب بلڈوزر تیز چلیں گے، بھی یاد کرایا۔اخبار نے اپنے آرٹیکل میں مودی سرکار کے دو مسلسل ادوار میں گائو رکھشا کے نام پر مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل، دلت خواتین سے زیادتی، اغوا اور اقلیتوں کے املاک کے قبضے کا تمام ریکارڈ پیش کردیا۔