فیض آباد دھرنا نظر ثانی کیس،فریقین کو حقائق پیش کرنے کا ایک اور موقع، تحریری حکمنامہ جاری



سپریم کورٹ آف پاکستان نے فیض آباد دھرنا نظر ثانی کیس کی 28 ستمبر کو ہونے والی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا ہے۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا تحریر کیا گیا فیصلہ 4 صفحات پر مشتمل ہے۔

عدالت عظمیٰ کے حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ فریقین کو ایک اور موقع دے رہے ہیں کہ حقائق پیش کریں۔ اس کے لیے بیان حلفی کے ذریعے حقائق جمع کرائے جا سکتے ہیں۔

عدالتی حکمنامے میں لکھا گیا ہے کہ فریقین 27 اکتوبر تک اپنے جوابات جمع کرائیں، کیس کی مزید سماعت یکم نومبر کو ہو گی۔

حکمنامے کے مطابق اٹارنی جنرل نے موقف اختیار کیا کہ وزارت دفاع نظر ثانی کی درخواست پر کارروائی نہیں چاہتی، اس کے علاوہ آئی بی، پیمرا اور پی ٹی آئی نے بھی نظرثانی درخواستیں واپس لینے کی استدعا کی ہے۔

حکمنامے میں لکھا گیا ہے کہ درخواست گزار شیخ رشید کی جانب سے نیا وکیل کرنے کے لیے مزید مہلت مانگی گئی ہے۔ جبکہ درخواست گزار اعجازالحق نے سوالات اٹھائے ہیں۔

عدالت عظمیٰ نے کہا ہے کہ کچھ درخواست گزار حاضر نہیں ہو سکے جس کی وجہ سے ایک اور موقع دیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی سابق حکومت کے دور میں ایک مذہبی تنظیم کی جانب سے فیض آباد کے مقام پر دھرنا دیا گیا تھا، اُس وقت جسٹس قاضی عیسیٰ کی سربراہی میں بینچ نے ایک فیصلہ سنایا تھا جس پر بعد میں نظر ثانی کی اپیلیں دائر کی گئیں۔

گجرات ،نیکیاں فروخت کر نیوالا شخص گرفتار



پنجاب کے شہر گجرات میں اپنی نوعیت کا منفر د واقعہ پیش آیا جہاں نیکیاں فروخت کر نیوالے شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم 10 روپے کے عوض ایک لاکھ نیکیاں، 100 روپے کے عوض ایک کروڑ نیکیاں، ایک ہزار کے عوض ایک ارب نیکیاں اور 10 ہزار کے عوض ایک کھرب نیکیاں فروخت کر رہا تھا ۔

ملزم ذوالفقار علی شہریوں کو پیسے کے بدلے نیکیوں کی رسید دیتا تھا۔

گلیانہ پولیس نے ملزم ذوالقفار سکنہ کابلی گیٹ گجرات کو حراست میں لیکر اپنی مدعیت میں بھیک مانگنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔

ملزم کے قبضے سے رسید بک اور 550 روپے بر آمد ہوئے ہیں۔ پولیس نے پنجاب دیگر مینسی آرڈی نینس 1958 /9 کے تحت مقدمہ درج کیا۔

ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے پاکستان دنیا میں پہلے نمبر پر آ گیا



مکوآنہ (این این آئی)ذیابیطس کو خاموش قاتل کہا جاتا ہے، پچیس فی صد افراد کو علم نہیں ہوتا کہ وہ اس مرض کا شکار ہو چکے ہیں۔

پاکستان میں شوگر کے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 3 کروڑ سے زیادہ ہو چکی ہے، ہر چوتھا پاکستانی نوجوان ذیابیطس کا شکار ہے۔بعض لوگوں میں یہ غلط فہمی بھی پائی جاتی ہے کہ جب ان میں ذیابیطس کی تشخیص ہوتی ہے تو وہ سمجھتے ہیں کہ پرہیز کے حوالے سے یہ صرف ریفائن شدہ سفید چینی کا معاملہ ہے، چناں چہ وہ چینی کم کر کے اس کا متبادل لینے لگتے ہیں جیسا کہ براؤن شوگر اورگڑھ وغیرہ، ان کا یہ خیال ہوتا ہے کہ یہ نقصان دہ نہیں ہے۔

کنسلٹنٹ ڈایابیٹالوجسٹ بی ایم راٹھور نے انکشاف کیا کہ ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے پاکستان دنیا میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے، جہاں 30 فی صد لوگ اس مرض کا شکار ہیںانھوں نے بتایا جن لوگوں کی فیملی ہسٹری ہے وہ تو ذیابیطس کے شدید خطرے سے دوچار ہیں ہی، لیکن شہروں میں ہمارا جو لائف اسٹائل بن گیا ہے، حتیٰ کہ گاؤں میں رہ کر بھی ہم لوگ اب واک نہیں کرتے۔

مرغن غذائیں کھاتے ہیں اور کاربوہائیڈریٹس کا استعمال زیادہ ہے، اس کی وجہ سے بھی مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ماہر امراض ذیابیطس نے بتایا کہ گڑھ میں اگرچہ ریفائن شوگر نہیں ہے لیکن اس سے بھی خون میں گلائسیمک انڈس بڑھتا ہے، اس لیے خوراک کے سلسلے میں بے حد احتیاط لازمی ہے۔

انھوں نے شوگر سے بچاؤ اور کنٹرول کے حوالے سے آسان حل بتایا کہ سب سے پہلے لائف اسٹائل تبدیل کرنے پر توجہ دینی چاہیے، جیسا کہ ہفتے میں تین سے پانچ دن باقاعدگی سے واک کرنا، اتنی واک کریں کہ اس میں آپ کو پسینہ آ جائے، اس کے بعد کھانے میں کاربوہائیڈریٹ یعنی نشاستہ کا استعمال کم سے کم کر دیں۔

2027ء تک دنیا میں 1 کروڑ 40 لاکھ ملازمتیں کم ہونے کا خدشہ



مکوآنہ (این این آئی)2027ء تک دنیا میں 1 کروڑ 40 لاکھ ملازمتوں میں کمی واقع ہونے کا خدشہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق اگلے 5 برسوں کے دوران دنیا بھر میں 8 کروڑ 30 لاکھ ملازمتیں ختم جبکہ 6 کروڑ 90 لاکھ نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی۔

ورلڈ اکنامک فورم نے اپنی تازہ ترین ”فیوچر آف جابس 2023ء رپورٹ” میں کہا کہ عالمی سطح پر جاب مارکیٹ میں تبدیلی کا تخمینہ 23 فیصد ہے، جس میں 6 کروڑ 90 لاکھ نئی ملازمتیں پیدا ہونے اور 2027ء تک 8 کروڑ 30 لاکھ ملازمتوں کے ختم ہونے کی توقع ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگلے 5 برسوں میں ڈیٹا انٹری سے منسلک 80 لاکھ سے زائد ملازمین کے بیروزگار ہونے کے خدشات ہیں، پاکستان ملازمت کی منڈی میں اگلے 5 برسوں میں 30 فیصد تبدیلی کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جس میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس، مشین لرننگ اور ڈیٹا سیگمنٹس سے سرفہرست ابھرتے ہوئے کردار آئیں گے۔

بھارت میں 22 فیصد، چین میں 23 فیصد جبکہ عالمی سطح پر ملازمت کی منڈی میں 23 فیصد تبدیلی کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

ورلڈ اکنامک فورم نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ عالمی سطح پر تقریباً ایک چوتھائی ملازمتیں (23 فیصد) اگلے 5 برسوں میں 10.2 فیصد کی ترقی اور 12.3 فیصد کی کمی کے ذریعے تبدیل ہونے کی توقع ہے جبکہ دنیا میں اس وقت 3 ارب 30 کروڑ افراد رسمی اور غیر رسمی ملازمتوں سے منسلک ہیں۔

رپورٹ کے لیے سروے کی گئی 803 کمپنیوں کے تناظر میں اندازہ ہے کہ اگلے 5 برسوں کے دوران دنیا بھر میں 6 کروڑ 90 لاکھ نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی اور ڈیٹا سیٹ کے مطابق 67 کروڑ 30 لاکھ ملازمتوں میں سے 8 کروڑ 30 لاکھ ختم ہو جائیں گی۔

1 کروڑ 40 لاکھ ملازمتوں کی کمی یاموجودہ روزگار کا 2 فیصد ہے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 8 کروڑ 55 لاکھ افراد ملازمتوں کے اہل ہیں، تاہم صرف 57 فیصد، 4 کروڑ 87 لاکھ 35 ہزار افراد ہی برسر روزگار ہیں۔

پاکستان کی کل لیبر فورس میں سے 55 فیصد آبادی غیر یقینی ملازمتوں سے منسلک ہے، یعنی کہ 2 کروڑ 68 لاکھ افراد ایسی ملازمتوں سے منسلک ہیں جن کا مستقبل غیر محفوظ ہے۔

اسی طرح پاکستان کی آبادی کے 35 فیصد نوجوان ایسے ہیں جو نہ تو کسی ملازمت اور نہ ہی کسی قسم کی تعلیم کے ساتھ منسک ہیں۔

رپورٹ میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ پاکستان میں بیروزگاری کی شرح 5 فیصد ہے جبکہ پاکستان میں 80 فیصد سے زائد ملازمین غیر رسمی ملازمت سے منسلک ہیں۔

ورلڈ اکنامک فورم کی جاری کردہ رپورٹ میں اس بات کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ پاکستان میں 20 فیصد آبادی کو سماجی تحفظ حاصل ہے۔

او جی ڈی سی ایل کا سالانہ منافع 224 ارب روپے ریکارڈ



مکوآنہ (این این آئی)آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی(او جی ڈی سی ایل)نے 2022ـ23 کے سالانہ نتائج کا اعلان کر دیا۔

اعلامیے کے مطابق او جی ڈی سی ایل نے 2022ـ23 کے دوران تاریخی 224 ارب روپے خالص منافع کمایا۔

او جی ڈی سی ایل نے مالی سال 2023 میں 8.55 روپے کیش ڈیویڈنڈ دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔

او جی ڈی سی ایل نے 2023 میں 159 ارب ٹیکس کی مد میں قومی خزانے میں جمع کرائے اور او جی ڈی سی ایل 149 فیصد تاریخی بلند ترین ریزرو ریپلیسمنٹ ریشو حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہی۔

750روپے مالیت کے انعامی بانڈز کی قرعہ اندازی 16اکتوبر کو ہو گی



لاہور( این این آئی) 750روپے مالیت کے انعامی بانڈز کی قرعہ اندازی 16اکتوبر کو ہو گی۔ اس قرعہ اندازی کا پہلا انعام15لاکھ روپے کا ایک، دوسرے انعام میں 5لاکھ روپے کے تین جبکہ تیسرے انعام میں 9300روپے کے 1696 کامیاب خوش نصیبوں میں تقسیم ہوں گے ۔

برائلر گوشت کی قیمت میں6روپے کمی ، فارمی انڈے مہنگے



لاہور( این این آئی)شہر میں پرچون سطح پر فی کلو برائلر گوشت کی قیمت6روپے کمی سے 519روپے، زندہ برائلر مرغی کی قیمت4روپے کمی سے346روپے فی کلو جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت ایک روپے اضافے سے298روپے فی درجن کی سطح پر رہی۔

الحمرا میں اسٹیج ڈرامے شروع کرنے کی اجازت دی جائے، سخاوت ناز کا مطالبہ



لاہور (این این آئی) نامور کامیڈین اداکار سخاوت ناز نے الحمرا میں اسٹیج ڈرامے شروع کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ چند لوگوں کی وجہ سے سینکڑوں لوگوں کے روزگار کو متاثر نہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیج ڈرامے میں صرف فنکار کام نہیں کرتے بلکہ اسے پیش کرنے کے لئے درجنوں لوگوں کا کردار ہوتا ہے جن سے ان کے خاندانوں کا روزگار جڑا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ایس او پیز بنا کر الحمرا میں اسٹیج ڈرامے کا آغاز کرنے کی اجازت دے تاکہ لوگوں کا روزگار بحال ہو سکے۔

رابی پیرزادہ نے اپنے ہاتھ سے قرآن مجید کے 22 پارے لکھ لئے



لاہور( این این آئی) شوبز کو خیر باد کہنے والی رابی پیرزادہ نے اپنے ہاتھ سے قرآن مجید کے 22پارے لکھ لئے۔

رابی پیرزادہ نے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے بعد فن خطاطی اور مصوری کے ساتھ ساتھ مستحق لوگوں کی فلاح و بہبود کے منصوبے شروع کئے تھے۔ اس دوران رابی پیرزادہ دین کی جانب بھی راغب ہو ئیں۔

رابی پیرزادہ نے 3 سال قبل ہاتھ سے قرآن مجید لکھنے کا سلسلہ شروع کیا تھا اور اب تک وہ 22 پارے لکھ چکی ہیں۔

رابی پیرزادہ نے کہا کہ خدا کی ذات کی توفیق سے 22 پارے مکمل کر چکی ہوں اور ان شا اللہ جلد 8 پارے مکمل کر لوں گی جس کے بعد اسے لوگوں کے سامنے پیش کروں گی۔

شوبز میں آنے سے پہلے سرکاری ملازمت بھی کی: افتخار ٹھاکر



لاہور( این این آئی) سینیئر کامیڈین اداکار افتخار ٹھاکر نے کہا ہے کہ 1979 سے 1982 تک پاکستان پوسٹ گارڈ میں ملازمت کی ،اس کے بعد اسلام آباد پولیس میں نوکری کی جسے بعد میں چھوڑ دیا۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ میں نے زندگی میں ایک چیز سیکھی ہے انسان اللہ کی بہترین مخلوق ہے اور انسان کو تمام انسانوں سے پیار کرنا چاہیے، اللہ کی خوبصورت اور مکمل تخلیق چاہے وہ کسی بھی شکل یا حالت میں ہوں وہ کامل ہو سکتے ہیں وہ نامکمل ہو سکتے ہیں وہ نارمل ہو سکتے ہیں یا ان میں عیب ہو سکتے ہیں لیکن دوسرے انسانوں کو ان سے پیار ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کئی بھارتی پنجابی فلموں میں اداکاری کی جس میں میری اداکاری کو پسند کیا گیا۔ عزت اور ذلت خدا کے ہاتھ میں ہے، اگر خدا کسی کو عزت دینا چاہے کوئی اسے کم نہیں کر سکتا۔

سابق بنگلا دیشی وزیراعظم خالدہ ضیا کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا



بنگلا دیش کی حکومت نے سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے سے روک دیا ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلا دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی عمر 78 برس ہے اور وہ جگر، سانس اور ذیابیطس کی بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں جوڑوں اور گھٹنوں میں بھی تکلیف ہے۔

بنگلا دیش کی نیشلسٹ پارٹی نے خالدہ ضیا کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے حکومتی فیصلے کو انتقامی کارروائی قرار دے دیا ہے۔

بنگلا دیشی وزیراعظم حسینہ واجد اور اپوزیشن رہنما خالدہ ضیا سخت سیاسی حریف ہیں اور ملکی سیاست میں دونوں کا اہم کردار ہے۔

خالدہ ضیا کو 2008 میں کرپشن کے الزام میں 17 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ گھر پر نظر بندی سے قبل انہوں نے 2 سال جیل میں گزارے۔ وہ خود پر لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کر چکی ہیں۔

ایک ماہ کے دوران سونے کی قیمت میں 36 ہزار کمی ریکارڈ



کراچی(این این آئی)ڈالر کے مقابلے میں روپےکی قدر میں بہتری کے بعد ستمبر میں سونے کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی دیکھی گئی۔

31اگست کو سونے کی فی تولہ قیمت 2لاکھ 39ہزار 800روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچی تھی تاہم 30ستمبر تک صرافہ مارکیٹس میں سونے کی قیمت دو لاکھ 3ہزار ریکارڈ کی گئی۔

ایک ماہ کے دورن سونے کی فی تولہ قیمت میں ریکارڈ 36 ہزار روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

ڈیلرز کے مطابق رواں ماہ کے دوران سونے کی قیمت میں تقریبا 33 ہزار روپے کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔