انتخاب عالم نے بھارتی ٹیم کے اسپنر کلدیپ یادیو کو ورلڈکپ میں شامل اسپنرز میں سب سے بہترین قرار دیدیا



لاہور (این این آئی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انتخاب عالم نے بھارتی ٹیم کے اسپنر کلدیپ یادیو کو چند روز بعد شروع ہونے والے ورلڈپ میں شامل اسپنرز میں سب سے بہترین قرار دیا ہے۔

بھارتی خبر ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق پاکستانی کپتان نے کہاکہ ورلڈکپ کے دوران کلدیپ یادیو اپنی ٹیم کے لیے مڈل اوورز میں کلیدی کردار ادا کرے گا اور پاکستان کے خلاف 14 اکتوبر کو ہونے والے میچ میں بھی کلدیپ یادیو کا کردار نہایت اہم ہو گا۔

انتخاب عالم نے کہاکہ جس طرح بھارت نے ایشیا کپ میں پرفارم کیا اور جس طرح سے فائنل میں سری لنکا کو شکست دی وہ بہت ہی شاندار تھی، لیکن اگر ورلڈکپ کی بات کی جائے تو کلدیپ یادیو آئی سی سی ایونٹ کے دوران تمام ٹیموں کے بیٹرز کا امتحان لے گا۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہاکہ بھارت کے پاس کلدیپ اور جڈیجا کی صورت میں انتہائی خطرناک اسپن اٹیک موجود ہے، میرے خیال میں کلدیپ یادیو موجودہ ورلڈکپ میں سب سے بہترین اسپنر ہے اور اب تو تجربہ کار روی چندرن ایشون بھی ورلڈکپ کے لیے بھارتی ٹیم کا حصہ بن گئے ہیں جس سے ٹیم بلیو مزید مضبوط ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر بیٹنگ کی بات کی جائے تو بھارت کے پاس ویرات کوہلی اور روہت شرما کے علاوہ ان فارم شبمن گل جیسا بیٹر موجود ہے جو میزبان ٹیم کو ٹرافی جتوانے والی مضبوط ٹیم بناتے ہیں۔

پاکستانی بولنگ کے حوالے سے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے انتخاب عالم نے کہاکہ پاکستانی اسپن ڈپارٹمنٹ مڈل اوورز میں بہت کمزور ہے اور ایشیا کپ میں بھی ہم درمیان کے اوورز میں مشکلات میں گھرے نظر آئے۔

یہ بہت ضروری ہے کہ ہمارے بولرز مڈل اوورز میں اچھا کریں ورنہ ٹیمیں ہمارے خلاف آسانی سے 300 رنز بنائیں گی اور ہمارے پاس نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ بھی انجری کے باعث ورلڈکپ ٹیم کا حصہ نہیں ہے جس سے ٹیم کو فرق پڑے گا۔

عدنان شاہ نے سجل علی کو بہترین ہیروئن قرار دے دیا



لاہور( این این آئی) نامور اداکار عدنان شاہ ٹیپو نے کہا ہے کہ موجودہ دور کی سب سے بہترین ہیروئن سجل علی کو مانتا ہوں جبکہ عمران اشرف کا شمار خطرناک اداکاروں میں ہوتا ہے۔

اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میں نے لالی ووڈ، ہالی ووڈ اور بالی ووڈ میں کام کیا ہے اور میں خوش قسمت ہوں جس نے تینوں جگہ اپنے فن کی صلاحیتوں کو منوایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بالی ووڈ میں جو پروفیشنل ازم ہیں اس کا کوئی جواب نہیں، وہ لوگ اپنے کام میں انتہائی سنجیدہ ہیں، وہاں ہر کام سلیقے سے ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری زندگی میں میری اہلیہ اور بیٹیوں کا بڑا اہم کردار رہا ہے جن کی وجہ سے میں نے زندگی کے ہر میدان میں کامیابیاں سمیٹی ہیں، میں ان کے کردار کو کبھی فراموش نہیں کر سکتا۔

امان اللہ خان جیسا کامیڈین دوبارہ پیدا نہیں ہوسکتا: آغا ماجد



لاہور( این این آئی) سینیئر کامیڈین اداکار آغا ماجد نے کہا ہے کہ امان اللہ خان جیسا کامیڈین دوبارہ پیدا نہیں ہوسکتا، میں نے عابد خان مرحوم کے فن سے متاثر ہو کر کام شروع کیا تھا اور اور انہی کی طرز پر کام کرتا ہوں۔

ایک انٹرویو میں آغا ماجد نے کہا کہ قدرتی طور پر میری ان سے مشابہت بھی ہے۔ کامیابی کبھی بھی پلیٹ میں رکھ کر نہیں ملتی بلکہ اس کے لیے بڑی جدوجہد کرنا پڑتی ہے، جتنے بھی کامیاب لوگ ہیں ان سے پوچھ لیں وہ اپنی کامیابی کا راز مسلسل محنت ہی بتائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جو شخص تسلسل کے ساتھ محنت کا راستہ نہیں چھوڑتا کامیابی بالآخر اس کے قدم چومتی ہے ۔

صنم سعید سے محبت کیسے ہوئی؟ محب مرزا نے راز سے پردہ اٹھا دیا



پاکستان کے معروف اداکار محب مرزا نے صنم سعید سے ہونے والی محبت کے راز سے پردہ اٹھا دیا ہے۔

محب مرزا نے اداکارہ آمنہ شیخ سے طلاق کے بعد ساتھی اداکارہ صنم سعید سے خفیہ طور پر دوسری شادی کی تھی، جس کی باضابطہ تصدیق رواں سال کی گئی۔

محب مرزا نے ایک ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈرامہ سیریل ’دین‘ کے شوٹنگ کے دوران وہ صنم سعید کی محبت میں گرفتار ہو گئے۔

محب مرزا نے سوال کے جواب میں گفتگو کو آگے بڑھاتے ہوئے کہاکہ بس! ایک اونچے قد والی لڑکی میرے سامنے تھی اور مجھے اس سے محبت ہو گئی۔

یاد رہے کہ محب مرزا اور صنم سعید نے رواں سال مارچ میں اپنی شادی کی تصدیق فہد مصطفیٰ کے شو میں کی تھی۔

بھارتی کرکٹر دل کا دورہ پڑنے سے پچ پر ہی انتقال کرگیا



نئی دہلی (این این آئی)بھارتی کھلاڑی سعودی عرب میں کرکٹ میچ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے پچ پر انتقال کرگیا۔

بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق کرکٹر کی شناخت محمد عاطف خان کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق بھارتی شہر حیدرآباد کے علاقے مراد نگر سے ہے۔

بھارت سے تعلق رکھنے والا 52 سالہ عاطف خان الخبر کے علاقے رکھہ کے گرائونڈ میں میچ کے دوران بیٹنگ کررہا تھا کہ اس دوران اچانک اس کے سینے میں شدید درد اٹھا اور وہ پچ پر گر پڑا۔

کھلاڑی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، مگر وہ جانبر نہ ہوسکا۔بھارتی شہر حیدرآباد کے رہائشی کرکٹر نے سوگواران میں بیوی اور تین بچے چھوڑے ہیں۔

ڈاکٹر کے مطابق اگر کرکٹر کو بروقت سی پی آر دیا جاتا تو شاہد اس کی جان بچ جاتی۔

انہوں نے کہاکہ جب کسی شخص کا دل کام کرنا بند کر دیتا ہے تو ایک ایک سیکنڈ قیمتی ہوتا ہے، سی پی آر سینے کے دبا ئوکو کم کرنے اور سانس فراہم کرنے کا کام کرتا ہے۔

رنبیر کپور نے فلم ’اینیمل‘ میں کردار نبھانے کیلئے کتنا معاوضہ لیا؟



بالی ووڈ کی دسمبر 2023 میں نئی آنے والی فلم ’اینیمل‘ سے متعلق دلچسپ انکشاف سامنے آیا ہے کہ مووی میں مرکزی کردار نبھانے والے رنبیر کپور نے انیل کپور سے 35 گنا زیادہ معاوضہ وصول کیا ہے۔

یکم اگست 2023 کو ریلیز ہونے والی فلم ’اینیمل‘ میں رنبیر کپور ایکشن میں نظر آئیں گے۔ وہ اس فلم میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار بن گئے ہیں۔

بتایا جارہا ہے کہ رنبیر کپور فلم میں گینگسٹر کے روپ میں نظر آئیں گے۔ اس وقت ان کے غصے والے انداز نے سوشل میڈیا پر دھوم مچائی ہوئی ہے۔

فلم اینیمل میں بوبی دیول، انیل کپور، رشمیکا مندانا اور ترپتی ڈمری جیسے تجربہ کار اداکاروں نے بھی حصہ لیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رنبیر کپور نے فلم میں کردار نبھانے کے لیے 70 کروڑ بھارتی روپے معاوضہ وصول کیا ہے جو سب سے زیادہ ہے۔

تیل کمپنیوں اور ڈیلرز کا مارجن مزید 88 پیسے فی لیٹر بڑھا دیا گیا



لاہور( این این آئی)تیل کمپنیوں اور ڈیلرز کا مارجن مزید 88 پیسے فی لیٹر بڑھا دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق تیل کمپنیوں کے مارجن میں 47 پیسے اضافے کے بعد پٹرول پر 6.94 روپے ہوگیا جبکہ ڈیزل پر او ایم سی مارجن 6.70 روپے سے بڑھ کر 7.17 روپے ہوگیا۔

پٹرول ڈیزل پر ڈیلرز مارجن 41 پیسے اضافے کے بعد 7.82 روپے فی لیٹر ہوگیا۔یاد رہے کہ 16 ستمبر کو بھی او ایم سی اور ڈیلرز مارجن 88 پیسے بڑھائے گئے تھے۔

اس وقت مجموعی طور پر ڈیزل پر مجموعی ٹیکسز 96روپے،پیٹرول پر 126روپے فی لیٹر سے زائد ہیں۔

مالدیپ صدارتی انتخابات: چین کے حامی امیدوار محمد معیزو نے میدان مار لیا



مالدیپ نے صدارتی انتخابات کا مرحلہ اختتام پذیر ہو گیا ہے اور چین کے حامی امیدوار محمد معیزو نے میدان مار لیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدارتی امیدوار محمد معیزو نے 54.06 فیصد ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی ہے۔

محمد معیزو کے مد مقابل امیدوار موجودہ صدر ابراہیم محمد صالح نے اپنی شکست کو تسلیم کرتے ہوئے نومنتخب صدر کو مبارکباد دی۔

نومنتخب صدر محمد معیزو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں قوم کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ پرامن جمہوری عمل کا حصہ بننے پر عوام مبارکباد کے مستحق ہیں۔

اس کے علاوہ اپنے مختصر خطاب میں انہوں نے کہاکہ اس وقت تک جشن سے گریز کیا جائے جب تک انتخابی پابندیاں باضابطہ طور پر ختم نہیں ہو جاتیں۔

یاد رہے کہ نومنتخب صدر کے چارج سنبھالنے تک موجودہ صدر ابراہیم محمد 17 نومبر تک صدر دفتر میں کام کرتے رہیں گے۔

میانوالی: کنڈل پولیس چوکی پر حملہ، ایک اہلکار شہید، 2 دہشت گرد ہلاک



پنجاب کے علاقے میانوالی میں کنڈل کے مقام میں دہشت گردوں کی جانب سے پولیس کی پیٹرولنگ پوسٹ پر حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید ہو گیا، جبکہ جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

آئی جی پنجاب کے مطابق کنڈل پیٹرولنگ پوسٹ پر 10 سے 12 دہشت گردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا، اس دوران چیک پوسٹ کی چھت پر موجود اہلکار کی جانب سے جوابی فائرنگ کی گئی جس سے 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

انسپکٹر جنرل پولیس کا بتانا ہے کہ چیک پوسٹ پر حملہ دو اطراف سے کیا گیا مگر پنجاب پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنا دیا۔ 2 دہشت گرد مارے گئے جبکہ دیگر فرار ہو گئے۔

دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے پولیس سپاہی کی شناخت ہارون خان کے نام سے ہوئی ہے۔

آئی جی پنجاب کے مطابق بھاگنے والے دہشتگردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع



فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔

ایف بی آر کے مطابق انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 214 اے کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے تاریخ میں توسیع کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مختلف تجارتی تنظیموں اور ٹیکس بار ایسوسی ایشنز کی درخواستوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تاریخ میں 31 اکتوبر تک توسیع کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ 30 ستمبر مقرر تھی۔

ترکیہ میں پارلیمنٹ کی عمارت کے قریب دھماکا، 2 پولیس اہلکار زخمی



ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں پارلیمنٹ کی عمارت کے قریب خود کش دھماکا ہوا ہے اور فائرنگ بھی کی گئی ہے جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ بھڑکنے کے باعث 2 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔

ترکیہ کی وزارت داخلہ نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انقرہ میں دہشتگرد حملہ کیا گیا جو قابل مذمت ہے۔

وزارت داخلہ کے مطابق ترکیہ کی وزارت داخلہ کی عمارت کے قریب دھماکا کیا گیا ہے جس کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔

بتایا گیا ہے کہ ایک خودکش حملہ آور نے وزارت داخلہ کی بلڈنگ کے مرکزی گیٹ سے گاڑی ٹکرائی جس سے دھماکا ہو گیا جبکہ دوسرے حملہ آور کو جوابی کارروائی میں ہلاک کر دیا گیا ہے۔

دھماکا پارلیمنٹ کا افتتاحی اجلاس شروع ہونے سے کچھ گھنٹے پہلے ہوا ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

پاکستانی کرنسی ایک ماہ میں دنیا کی نمبر ون کرنسی بن گئی



کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستانی کرنسی کی ستمبر میں بہترین کار کردگی ،دنیا بھر کی کرنسیوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

موقر قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایک ماہ میں ڈالر کے مقابلے پر پاکستانی کرنسی میں 6.2 فیصد بہتری آئی ہے ،اس طرح ستمبر میں یہ دنیا کی نمبر ون کرنسی رہی۔

مقامی ذرائع کے مطابق ایک ماہ قبل انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 307.10 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا جو کہ اب ستمبر کے آخری کاروباری روز کم ہو کر 287.74 روپے پر آگیا ہے اسطرح ایک ماہ میں ڈالر کی قدر میں 19.36 روپے کی بہتری ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ 7 فیصد کے قریب ہے۔

ایک مقامی کمپنی کے تجزیہ کے مطابق ستمبر کے دوران انٹر بینک میں ڈالر کے مقابلے پر پاکستانی روپے میں 6.3 فیصد،یورو کے مقابلے پر 9.2 فیصد اور برطانوی پاونڈ کے مقابلے پر 8.4 فیصد کی بہتری ریکارڈ کی گئی ہے ،جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے پر روپے کی قدر میں 10.8 فیصد،یورو کے مقابلے پر 10.9 فیصد اور برطانوی پاونڈ کے مقابلے پر 13.15 فیصد کی بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔

عالمی ادارے کی رپورٹ کے مطابق 31 اگست کو روپے کے مقابلے پر ڈالر کی قدر 305.54 روپے تھی جو کہ 28 ستمبر کو کم ہ وکر 287.74 روپے پر آگئی ہے اس طرح ایک ماہ میں روپے کی قدر 17.80 روپے بہتر ہو ئی۔