کابل(این این آئی)افغانستان کے صوبے کنڑ میں دہشت گرد تنظیم ٹی ٹی پی کے مرکز میں دھماکے کے نتیجے میں 25 دہشت گرد مارے گئے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان صوبہ کنڑ میں دہشت گرد تنظیم ٹی ٹی پی کے مرکز میں دھماکا ہوا۔ ذرائع کے مطابق دھماکے میں 25 کے قریب دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔ ذرائع کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سرحد پار کارروائی کا منصوبہ بنا رہے تھے۔
Monthly Archives: October 2023
گورنر خیبر پختونخوا کے پوتوں اور دوستوں کا سرکاری ہیلی کاپٹر میں سفر
پشاور(این ا ین آئی)گورنرخیبرپختونخواکے پوتوں اور دوستوں کی سرکاری ہیلی کاپٹر میں سیر کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
ویڈیو کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ دورہ گورنرحاجی غلام علی کے دورہ سوات کی ہے۔ ویڈیو میں گورنر کے ساتھ ان کے دو پوتے، جے یوآئی کے کارکن اور ایک تاجر رہنما کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
اس حوالے سے حاجی غلام علی کاردعمل بھی سامنے آیاہے اور وہ کہتے ہیں کہ سرکاری دورے پر جارہاتھا، اگرساتھ بچوں کوساتھ بٹھایا ہے توکیا یہ غلط ہے،سوات سے میں ویسے بھی آرہاتھا اس دوران اگر کسی دوست کوساتھ بٹھایا تو کون سا جرم کردیا۔ ایس اوپیز کے مطابق گورنر کے ساتھ 10 گاڑیاں جاتی ہیں میں تو ایک گاڑی بھی ساتھ نہیں لایا ۔ جتنی بچت میں کررہاہوں اتنی پہلے کسی نے نہیں کی ہوگی۔
ڈکیتی مزاحمت پرمیاں بیوی بچے سمیت جاں بحق
بہاولپور (این این آئی) قلعہ دیراوڑ میں ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے میاں بیوی بچے سمیت جاں بحق اور ایک بچی زخمی ہوگئی۔
پولیس کے مطابق بہاولپور کے علاقے قلعہ دیراوڑ میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔ متقولین کے لواحقین کے بیان کے مطابق ڈاکو گھر میں داخل ہوئے تو گھر کے سربراہ نے مزاحمت کی جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کردی، جس کے نیتجے میں گھر میں موجود میاں بیوی اور ان کا ایک بچہ موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ ایک 7 سالہ بچی کی ٹانگ میں گولی لگی جسے شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے ابھی واضح نہیں ہوا گھر میں ڈکیتی ہوئی ہے، نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کا واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ بھی لگتا ہے۔
پاکستانی پولیس افسر نے اسرائیل کے خلاف جہادکی اجازت مانگ لی
کراچی(این این آئی) سندھ پولیس کے افسر نے اسرائیل کے خلاف جہاد پر جانے کی اجازت کے لئے درخواست دے دی ۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن ٹو سٹی سائوتھ زون میں تعینات انسپکٹر فیاض احمد جانوری نے آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں انسپکٹر فیاض احمدنے حماس کی جانب سے اسرائیل کے خلاف اعلان کردہ جہاد میں حصہ لینے اور جسمانی طور پر اپنا حصہ جہاد میں ڈالنے کیلئے آئی جی سندھ نے باضابطہ اجازت مانگ لی۔
انسپکٹر فیاض احمد جانوری نے اپنی تنخواہ کا 10 فیصد حصہ بھی الخدمت فاؤنڈیشن کو خاص طورپرفلسطین ریلیف آپریشن کے لیے پیش کش کردی۔خط میں انسپکٹر نے لکھا کہ فلسطین کی آزادی تک جہاد میں شریک رہنے کی اجازت دی جائے
اسلام آباد: فیکٹری میں خاتون ورکر کا ریپ: لیڈی رائیڈر کو ڈاکوئوں نے لوٹ لیا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ایک فیکٹری میں ایک خاتون ورکر کا گینگ ریپ کردیا گیا جب کہ ایک اور واقعے میں مسلح افراد آن لائن ڈیلیوری سروس کی خاتون رائڈر کو لوٹ کر فرار ہوگئے۔
انگریزی اخبار کے مطابق شمس کالونی تھانے کی حدود میں واقع ایک فیکٹری میں 2 سالہ بچے کی ماں کا اس کے ساتھیوں نے گینگ ریپ کیا۔
ایک سال قبل شوہر سے علیحدگی اختیار کرنے والی خاتون کو تقریباً ایک ہفتے قبل ہی اس فیکٹری میں ملازمت پر رکھا گیا تھا، اس کے ساتھ فیکٹری میں کام کرنے والا ایک شخص خاتون کو ایک کمرے میں لے گیا جہاں اس نے اپنے دیگر دو ساتھیوں کے ساتھ مل کر ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی۔
ملزمان نے متاثرہ خاتون کی ویڈیو بھی بنائی اور انہیں دھمکی دی کہ وہ اس واقعے کی کسی سے شکایت نہ کریں۔
ادھر اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین فور میں مسلح افراد نے I-10 /4 علاقے میں آن لائن ڈیلیوری سروس کے لیے کام کرنے والی خاتون رائڈر کو لوٹ لیا۔
خاتون رائیڈر پارسل پہنچانے کے لئے پہنچی تو ایک موٹر سائیکل پر سوار تین افراد نے پستول نکال کر ان سے 31 ہزار 340 روپے اور موبائل چھین لیا اور فرار ہو گئے۔
بلوچستان میں کالعدم بی ایل اے کا اہم کمانڈرہلاک، دہشتگردی کی 93 وارداتوں میں ملوث تھا، آئی ایس پی آر
سیکیورٹی فورسز کوبلوچستان میں ایک بڑی کامیابی ملی ہے جس کے دوران کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے اہم سرغنہ صدام حسین مسلم کو ہلاک کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق ہلاک دہشت گرد صدام حسین مسلم، گرو اور جبار کے ناموں سے بھی جانا جاتا تھا جو پاک فوج اور شہریوں پر متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا۔
آپریشن کے دوران صدام کا ایک اور ساتھی دہشت گرد مقصود بھی مارا گیا جبکہ اس کے علاوہ سیکیورٹی فورسز نے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن میں مارا جانے والا بلوچ لبریشن آرمی کا دہشت گرد صدام حسین 2008 میں بلوچ لبریشن فرنٹ کا حصہ بنا اور اس نے ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کے استعمال اور بارودی سرنگیں نصب کرنے کی تربیت بلوچستان کے علاقے مشکے میں قائم بلوچ لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) کے دہشت گرد ٹریننگ کیمپ میں حاصل کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 2014 میں دہشت گرد صدام حسین بلوچ لبریشن آرمی میں شامل ہو گیا اور 2017 میں اسے ضلع کیچ میں خفیہ تربیتی کیمپ کا کمانڈر اور 2021 میں مقامی کمانڈر بنا دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 2016 سے اب تک صدام حسین جنوبی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دستی بم حملوں، بارودی سرنگوں کے حملوں اور ٹارگٹ کلنگ سمیت مجموعی طور پر 93 دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث رہا جس میں 131 معصوم لوگوں کی جانیں گئیں جبکہ 177 افراد زخمی بھی ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ ستمبر 2023 میں دہشت گرد صدام حسین، بلوچستان میں ایف سی ہیڈکوارٹرز پر بھی حملے میں ملوث رہا اور وہ ضلع کیچ میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں اور ضلع میں نوجوانوں کو دہشت گرد گروپوں میں شامل کرنے کے حوالے سے بھی اس اہم کردار رہا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد صدام حسین کے خلاف گوادر اور تربت میں متعدد ایف آئی آرز درج ہیں جبکہ وہ کیچ میں متعدد دہشت گرد سیل بھی چلا رہا تھا اور معصوم نوجوانوں کو نام نہاد آزادی بلوچستان کے ایجنڈے کے تحت ورغلا کر دہشت گرد کارروائیوں کا حصہ بناتا تھا۔
بلوچ لبریشن آرمی (عبدالمجید بریگیڈ) کے دہشت گرد صدام حسین کی ہلاکت اس دہشت گرد تنظیم کے لیے بہت بڑا دھچکا ہے اور کارروائی سے علاقے میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں نمایاں کمی آئے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ دہشت گرد صدام کی ہلاکت کے انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے اور علاقے میں امن و استحکام کی واپسی میں بڑی مدد ملے گی۔
انگور اور بینائی کے درمیان حیران کن تعلق دریافت
روزانہ چند انگور کھانے سے بینائی کم ہونے کے مسئلے پر قابو پانے میں بڑی مدد مل سکتی ہے۔
نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور کی ایک حالیہ تحقیق میں بتایا گیا کہ انگور کھانے کی عادت بینائی کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔
اس تحقیق میں 34 بالغ افراد کو شامل کیا گیا تھا جن کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا۔
ایک گروپ کو روزانہ ڈیڑھ کپ انگور کھلائے گئے جبکہ دیگر کو placebo کا استعمال کرایا گیا۔
16 ہفتوں تک یہ ٹرائل جاری رہا اور نتائج سے معلوم ہوا کہ انگور کھانے والے افراد کی بینائی کو فائدہ ہوا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ انگور میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس سے آنکھوں کو نیلی روشنی سے پہنچنے والے نقصان سے بچنے میں مدد ملی۔
محققین نے بتایا کہ تحقیق میں ثابت ہوا ہے کہ انگور کھانا انسانی بینائی پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ روزانہ 2 سے 3 انگور کھانے سے بھی بینائی کو طویل المعیاد بنیادوں پر ٹھیک رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل فوڈ اینڈ فنکشن میں شائع ہوئے۔
بھارتی طیارے کی پاکستان میں لینڈنگ، دوگھنٹے بعددوبارہ اڑان بھری
پاکستان نے بھارتی پائلٹ کوکراچی میں لینڈنگ کی اجازت دے دی۔
سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق دوران پرواز مسافر کو مرگی کے دورے پڑنا شروع ہوئے جس پر بھارتی طیارے کے پائلٹ نے پاکستانی ائیرٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کیا اور پھر کراچی ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔
بھارتی طیارے کی کراچی ائیرپورٹ پر لینڈنگ سے متعلق
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے تصدیق کی ہے بھارتی طیارے نے ہفتہ کو 12 بجکر 28 منٹ پر کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کی ۔
ترجمان سی اے اے کے مطابق طیارے کی لینڈنگ کے بعد بارڈر ہیلتھ سروسز اور سی اے اے کے ڈاکٹرز فوری طور پر پہنچ گئے تھے اور مسافرکو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی۔
ترجمان سی اے اے کے مطابق طیارہ 2 گھنٹے سے زائد کراچی ائیرپورٹ پر رکا رہا،مسافروں کو جہاز سے اترنے کی اجازت نہیں تھی،بروقت طبی امداد ملنے پر مسافر کی طبیعت بہتر ہونے پر پرواز کو روانہ کیا گیا۔
غزہ کا محاصرہ اور نہتے شہریوں پر حملے ناقابل قبول ہیں، سعودی ولی عہد
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے غزہ میں فوجی کارروائیاں فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے غزہ کامحاصرہ ختم کرنے پر زور دیا ہے۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے یہ بات امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات کے دوران کہی۔
ولی عہد نے کہا ہے کہ ’غزہ میں عالمی انسانی حقوق کا احترام کرتے ہوئے خطے کی سلامتی اور امن کو قائم رکھنے کے لیے اقدامات کیے جائیں‘۔
’دائمی امن کے قیام کے لیے ضروری ہے کہ فلسطینی عوام کو ان کے جائز حقوق دیئے جائیں‘۔
ولی عہد نے نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے اور علاقے کے بنیادی ڈھانچے کے علاوہ شہریوں کو ان کی بنیادی ضرورتوں سے محروم کرنے کو سختی سے مسترد کیا ہے۔
پاک بھارت میچ کے دوران اروشی روٹیلا کا24 قیراط گولڈ والا موبائل گم ہوگیا
احمد آباد(این این آئی)بھار ت کے شہر احمد آباد کے نریندر ا مودی اسٹیڈیم میں پاک بھارت میچ دیکھنے آئی ماڈل و اداکارہ اروشی روٹیلا اپنے مہنگے ترین آئی فون سے محروم ہوگئیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اروشی روٹیلا کی جانب سے پوسٹ کرتے ہوئے مداحوں سے مدد کی درخواست کی گئی ۔ پوسٹ میں اروشی نے بتایا کہ نریندرا مودی اسٹیڈیم احمد آباد میں میرا 24 قیراط گولڈ والا آئی فون کھو گیا! اگر کسی کو یہ فون نظر آجائے تو برائے مہربانی میری مدد کرتے ہوئے مجھ سے جلد از جلد رابطہ کرے۔
مسلم لیگ ن کو مینار پاکستان گرائونڈ میں جلسے کی اجازت
مسلم لیگ ن کو مینار پاکستان گرائونڈ یعنی گریٹر اقبال پارک میں 21 اکتوبرکو جلسےکی اجازت مل گئی ۔
لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے مسلم لیگ ن کو حلف نامے کے بعد جلسےکی اجازت دی ہے۔
جلسے کے لئے ضلعی انتظامیہ کے اجازت نامہ کی شرائط میں کہا گیا ہے کہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی سے الگ سے اجازت لینا ہوگی۔
مسلم لیگ ن سے لیے گئے حلف نامے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی قسم کا نقصان پہنچنے پرپارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی رقم وصول کرے گی۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جلسہ آرگنائزر سکیورٹی اور ٹریفک سے متعلق متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں رہیں گے، ٹریفک پولیس ٹریفک پلان اور ٹریفک ایڈوائزری جاری کرے گی۔
شعیب ملک نے بابر اعظم کو کپتانی چھوڑنے کا مشورہ دےدیا
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے بابر اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ٹیم کی کپتانی سے دستبردار ہو جائیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب ملک نے بابراعظم کو ٹیم میں بطور بیٹر کھیلنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کی کپتانی میں بہتری نہیں آ رہی۔
اس کے علاوہ سابق کپتان اظہر علی نے بھارت کے خلاف میچ کے دوران مڈل اوورز میں سلو بیٹنگ پر بابر اعظم اور محمد رضوان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
اظہر علی نے کہا کہ بابراعظم اور اور محمد رضوان نے دفاعی انداز اپنایا حالانکہ اس وقت ٹیم کو فائٹ کرنے کی ضرورت تھی۔
سابق کپتان نے کہا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان کی جانب سے دفاعی انداز اپنانے پر بھارتی بولرز کو موقع مل گیا کہ وہ کم بیک کریں۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے دوران بھارت کے خلاف میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔