اسرائیل نے الجزیرہ پرپابندی لگادی۔
اسرائیل کے وزیرمواصلات نے اتوارکے روز کہاہے کہ وہ الجزیرہ کے مقامی بیورو کو بند کررہے ہیں،انہوں نے قطری نشریاتی ادارے پرحماس کی حمایت کرنےاوراسرائیلی فوجیوں کے حملے بے نقاب کرنے کا الزام عائد کیاہے۔
شلوما کرہی نے کہا کہ الجزیرہ کو بند کرنے کی تجویز کو اسرائیلی سیکیورٹی حکام نے جانچااور قانونی ماہرین سے بھی اس معاملے پر رائے لی جارہی ہے،یہ معاملہ اب کابینہ کے سامنے رکھا جائے گا۔
اسرائیل کے آرمی ریڈیو کے مطابق الجزیرہ ایسا اسٹیشن ہے جو حماس کی حمایت کے لئے اکساتا ہے اورسرائیلی فوجیوں کی فلمیں بناتا ہے ۔
اسرائیلی وزیر کاکہناتھا کہ حماس کے ترجمان کا پیغام اس سٹیشن کے ذریعے جانا غیر منطقی ہے، انہوں نے مزید کہا:مجھے امید ہے کہ ہم آج اسے ختم کر دیں گے۔
Monthly Archives: October 2023
پاکستان کیخلاف بھارت کی جیت پر اسرائیلی بھی خوش
نئی دہلی (این این آئی)گزشتہ روز آئی سی سی ورلڈ کپ کے بڑے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی تھی، جس پر اسرائیل نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس میچ کے بعد اسرائیل نے بھی اپنی خوشی کا ایکسپر شیئر کیا۔احمد آباد میں کھیلے گئے میچ میں جہاں پاکستان سے محبت کرنے والے شائقین کو جگہ نہیں دی گئی تھی، وہیں بھارتیوں میں سے ایک ایسا بھی شائق نظر آیا جس نے بھارت اسرائیل دوستی کا پوسٹر اٹھا رکھا تھا۔
نامعلوم شخص نے جو پوسٹر اٹھا رکھا تھا اس پر بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی اور اس کے اسرائیلی ہم منصب نیتن ہاہو کی ہاتھ میں ہاتھ ڈالے ایک تصویر بھی تھی اور اس پر واضح الفاظ میں لکھا تھا کہ بھارت دہشت گردی کے خلاف اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے۔
تصویر کے وائرل ہونے کے بعد اسرائیل نے بھارت سے اپنے دوستی کو واضح کیا اور اپنے آفیشل ایکس اکانٹ پر تصویر کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہم اسرائیل کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے والے ہندوستانی دوستوں سے واقعی متاثر ہوئے ہیں۔
فلسطینیوں کی حمایت پر امریکی ٹی وی نے مسلمان اینکرز معطل کر دیئے
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی ٹی وی نے حماس اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے باعث اپنے مسلمان اینکرز کو معطل کرکے ان کے ٹاک شوز کی نشریات روک دیں۔
عرب نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی نیوز نیٹ ورک ایم ایس این بی سی نے اسرائیل اور حماس کی لڑائی کے بعد تین مسلمان اینکر زمہدی حسن، ایمن محی الدین اور علی ویلشی کو معطل کردیاہے۔
ایم ایس بی این سی پر مہدی حسن کا شو اتوار کی شب آٹھ بجے اور سٹریمنگ پلیٹ فارم پی کوک پر جمعرات کو نشر ہوتا ہے لیکن جمعرات کی شب پروگرام نشر نہیں کیا گیا۔
مہدی حسن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کئی پوسٹیں شیئر کی تھیں جن سے اندازہ ہوتاہے کہ وہ فلسطینی عوام کے ساتھ ہمدردی رکھتے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ویلشی کے ویک اینڈ شوز کا اینکر بھی بدل دیا گیا ہے۔
دوسری طرف ایم ایس این بی سی نے حسن یا محی الدین کوہٹائے جانے کے تاثر کی نفی کی ہے۔
بھارت سے شکست کے بعد مکی آرتھر کی پریس کانفرنس پر بھارتی میڈیا کا واویلا
احمد آباد(این این آئی) آئی سی سی ورلڈکپ کے دوران بھارت سے شکست کے بعد پاکستان ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر کے بیان کوبھارتی میڈیا نے رونا دھونا قرار دیدیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مکی آرتھر نے بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد کہا تھا کہ بھارت کے خلاف میچ آئی سی سی ایونٹ نہیں بلکہ بی سی سی آئی کا ہوم ایونٹ لگا۔
پاکستان کیلئے نعرے کم ہی لگائے گئے۔مکی آرتھر نے پاکستان کو سپورٹ نہ ملنے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میں جھوٹ بول رہا ہوں گا اگر میں یہ کہوں کہ ایسا نہیں تھا، میں نے مائیکرو فون سے دل دل پاکستان بھی نہیں سنا، سپورٹ سے فائدہ ہوتا ہے لیکن یہ ہار کی وجہ کے طور پر نہیں کہہ رہا۔
بھارتی میڈیا نے جب مکی آرتھر کی پریس کانفرنس کے حوالے سے بھارتی بورڈ آفیشل سے گفتگو کی تو انہوں نے کہاکہ دل دل پاکستان لگانے میں کوئی نقصان نہیں تھا لیکن آپ ہمیں بتائیں یہ ہم کب چلاتے؟ کیا ہم اس وقت چلاتے جب بابر اور رضوان بولڈ ہوئے ؟ کیا اس وقت چلاتے جب روہت شرما نے شاہین آفریدی کو چھکا مارا تھا، آپ یہ سب اس وقت چلاتے ہیں جب اسٹیڈیم میں فینز ہوں، وہاں ایک بھی پاکستانی فین نہیں تھا۔
پاکستان ٹیم ڈائریکٹر کی پریس کانفرنس پر بھارتی میڈیا نے کہا کہ بھارت سے شکست کے بعد مکی آرتھر نے برے طریقے سے رونا دھونا شروع کر دیا ہے، مکی آرتھر نے پریس کانفرنس میں عجیب و غریب ریمارکس دیے۔
انھوں نے اسٹیڈیم میں ہوم ٹیم کو ملنے والی سپورٹ پر مایوسی کا اظہار کیا اور بھارتی بورڈ کو نشانہ بنا کر پینڈورا باکس کھول دیا ہے۔بھارتی میڈیا نے کہاکہ پریس کانفرنس میں اس حوالے سے مکی آرتھر نے مزید گفتگو جرمانے کے خوف سے نہیں کی کیونکہ مکی آرتھر کو احساس ہو گیا تھا کہ انہوں نے اپنی حدود سے تجاوز کیا ہے۔
شاہین وسیم اکرم نہیں ہے اسے زیادہ نہیں چڑھانا چاہیے،روی شاستری
نئی دہلی (این این آئی)بھارت کے معروف کمنٹیٹر اور سابق ہیڈ کوچ روی شاستری نے پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو خراب پرفارمنس پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ وسیم اکرم نہیں ہے انھیں زیادہ نہیں چڑھانا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز احمد آاباد میں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے سب سے بڑے ٹاکرے میں بھارت نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد7 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔بھارت کے خلاف جہاں پاکستان کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی اور پوری پاکستانی ٹیم 42 اعشاریہ 5 اوور میں 191 رن پر ڈھیر ہوگئی تھی وہیں پاکستانی بولنگ بھی بہترین کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 2 اور حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔ پاک بھارت میچ کے دوران روہت شرما کے 80 رنز ہو جانے کے بعد کمنٹری پینل میں موجود روی شاستری نے شاہین شاہ کی بولنگ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
روی شاستری نے کہا کہ شاہین ایک اچھا بولر ہے جو نئی گیند سے وکٹ حاصل کر سکتا ہے لیکن آپ کو یہ ماننا پڑے گا کہ اگر نسیم شاہ نہیں کھیل رہے اور پاکستان کی اسپن بولنگ کا معیار بھی کوئی خاص نہیں تو شاہین شاہ آفریدی کوئی وسیم اکرم نہیں ہے! اچھا بولر ہے لیکن انھیں اتنا بھی چڑھانے کی ضروت نہیں ہے۔
سابق بھارتی ہیڈ کوچ نے کہا کہ ہمیں یہ ماننا ہوگا کہ وہ ایک عظیم کرکٹر نہیں ہے، اگر کوئی کرکٹر صرف اچھا ہے تو ہمیں اپنی تعریف صرف یہ کہنے تک محدود رکھنی چاہیے کہ وہ اچھا کرکٹر ہے۔
سچن ٹنڈولکر اور شعیب اختر ’ایکس‘ پر آمنے سامنے
بھارت کے سابق مایہ ناز کرکٹر سچن ٹنڈولکر اور راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے جانے جانے والے سابق پاکستانی سابق فاسٹ بولر شعیب اختر سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ایکس پر آمنے سامنے آ گئے ہیں۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ کے میں بھارت کے ہاتھوں شکست پر سچن ٹنڈولکر نے شعیب اختر کی ٹوئٹ پر طنزیہ جواب دیا ہے۔
شیعب اختر نے میچ سے ایک روز پہلے ایکس پر ٹوئٹ کی تھی، شعیب اختر نے سچن ٹنڈولکر کی تصویر شیئر کی جس میں ماضی کی یاد دلائی گئی تھی۔
اس تصویر میں شعیب اختر سچن ٹنڈولکر کو آئوٹ کرنے کے بعد جشن منا رہے ہیں۔
شعیب اختر نے اس تصویر کے کیپشن میں قومی ٹیم کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا تھا کہ اگر کچھ ایسا کرنا ہے تو پھر ٹھنڈ رکھنا۔
گزشتہ روز جب پاکستانی ٹیم کو بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی تو سچن ٹنڈولکر نے طنزیہ جواب دیتے ہوئے لکھا کہ میرے دوست آپ کی ٹیم نے نصیحت پر عمل کیا اور سب کچھ ٹھنڈا ہی رکھا گیا۔
جواب میں شعیب اختر نے پھر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ میرے دوست ہمارا دوستانہ مذاق کبھی نہیں بدلے گا۔
بھارت سے شکست، سابق انگلش کپتان اوئن مورگن پاکستانی ٹیم پر برس پڑے
لندن(این این آئی)سابق انگلش کپتان اوئن مورگن آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست پر پاکستانی ٹیم برس پڑے ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز احمد آباد میں کھیلے گئے ورلڈکپ کے میچ میں بھارت نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 192 رنز کا ہدف باآسانی 3 وکٹوں کے نقصان پر 31 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔
سابق قومی کرکٹرز کے ساتھ انگلینڈ کے سابق کپتان اوئن مورگن نے بھی پاکستانی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ متعدد غلطیاں کر کے دنیا کی بہترین ٹیموں کو نہیں ہرا سکتے، پاکستان کرکٹ ٹیم اپنی اے گیم پیش کرنا بھول گئی۔اوئن مورگن نے کہاکہ پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ میں غلطیوں پر غلطیاں کیں، پاکستان ٹیم کی بیٹنگ کے دوران غلطیاں شکست کا سبب بنیں۔
ٹورنامنٹ میں بہترین ٹیموں کو شکست دینے کیلئے آپ کو اپنی اے گیم سامنا لانا ہوتی ہے، بالکل اسی طرح جیسے کہ ایک باکسنگ میچ میں ہوتا ہے، اپ کے پاس ایک بھی برا راؤنڈ نہیں ہوتا، آپ ایک راؤنڈ میں ادھر ادھر ایک آدھ غلطی کر سکتے ہیں لیکن تسلسل کے ساتھ مکے نہیں کھا سکتے۔
سابق انگلش کپتان نے کہاکہ ایک وکٹ گر جائے ٹھیک ہے تاہم وکٹوں کے گرنے کی بھرمار ہو تو آپ کیسے سنبھل سکتے ہیں، احمد آباد میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے پہلے میچ میں بھی ہم نے یہی کچھ دیکھا تھا، انگلینڈ نے بھی میچ میں ادھر ادھر مکے مارے لیکن درست جگہ پر پنچ نہ لگ سکے۔
انہوں نے کہاکہ میچ جیتنے کے لیے پارٹنر شپ بہت ضروری ہوتی ہیں جو آپ کو ایک وننگ ٹوٹل سے اوپر لے جاتی ہے لیکن پاکستان نے بھی ویسی ہی غلطیاں کیں جو انگلینڈ نے کی تھیں۔
یکم اکتوبر سے اب تک 6 ہزارسے زائد افغان شہریوں کی وطن واپسی
اسلام آباد (این این آئی)غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کا بڑے پیمانے پر بابِ دوستی سے انخلا ء مزید تیز ہوگیا ،کنٹرول روم کے مطابق یکم اکتوبر سے اب تک 6 ہزارسے زائد افغان شہری وطن واپس جا چکے ہیں۔مختلف شہروں سے فارن ایکٹ میں گرفتار 5 سو سے زائد افغانی ڈی پورٹ بھی کیے گئے ہیں۔
اسپن بولدک اور قندھار سے صرف الیکٹرانک افغان شناختی دستاویز پر آنے کی اجازت ہے۔افغان طالبان نے پاکستانیوں کے شناختی کارڈ پر بابِ دوستی سے پیدل آمد و رفت روک دی ہے اور کاروباری سرگرمیوں کیلئے روزانہ افغانستان جانے والے سینکڑوں پاکستانی باب دوستی سے واپس بھیجے جا رہے ہیں۔
کنٹرول روم کے مطابق سیاسی جماعتوں، سماجی و قبائلی تنظیموں کے زیرِ اہتمام گرینڈ جرگہ ہوا جس میں بابِ دوستی پر آمد و رفت کے نئے طریقے کار کو مسترد کر دیا گیا۔جرگے میں مطالبہ کیا گیا کہ پاکستان اور افغانستان کے سرحدی قبائل کی شناختی کارڈ اور تذکیرہ پر آمد و رفت بحال کی جائے۔
حملہ آور اسرائیلی فوجیوں کامفت کھانا۔۔ سعودی عرب سے وضاحت آگئی
غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر حملہ آور اسرائیلی فوجیوں کو مفت کھانا کھلانے کی سعودی عرب سے وضاحت جاری کردی گئی۔
بین الاقوامی فاسٹ فوڈ چین میکڈونلڈ کی جانب سے اسرائیل میں مفت کھانا تقسیم کرنے کی خبر منظر عام پر آنے کے بعد میکڈونلڈ سعودی عرب نے وضاحتی بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ یہ اسرائیلی فرنچائز کا خودمختار فیصلہ اور اقدام تھا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر میکڈونلڈ سعودی عرب نے بیان پوسٹ کیا کہ ’میک ڈونلڈ کی انٹرنیشنل یا کسی بھی ملک میں موجود فرنچائز کے مالک کا اس اقدام کے ساتھ براہ راست یا بالواسطہ کوئی تعلق نہیں ہے.
بيان توضيحي من ماكدونالدز السعودية pic.twitter.com/J6PXxZ7SJQ
— ماكدونالدز السعودية – الوسطى والشرقية والشمالية (@McDonaldsKSA) October 14, 2023
میکڈونلڈ سعودی عرب نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور عرب شناخت، حب الوطنی اور سعودی برادری کے لیے اپنی غیر متزلزل وابستگی کو اجاگر کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ہماری ذمہ داری صرف سعودی سرحدوں تک محدود ہے اور ہماری قومی سرحدوں سے باہرجو کچھ بھی فرنچائز مالکان کرتے ہیں اس میں ہم کسی طور بھی شامل نہیں ۔‘
بیان میں میکڈونلڈ سعودی عرب کی طرف سے غزہ کے شہریوں کے لیے 20 لاکھ سعودی ریال( 5 لاکھ 33 ہزار ڈالر) عطیہ کا بھی اعلان کیاگیا‘
قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت سے شکست پر شاہد آفریدی کا ردعمل
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھارتی شائقین کو مشورہ دیا ہے کہ پاکستان سے اگلا میچ ہونے تک آپ ضرور جشن منائیں۔
سابق کپتان شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں لکھا کہ ہماری ٹیم میں کوئی کمی نہیں صرف ان کو فائٹ دکھانے کی ضرورت ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ کرکٹرز قوم کے مقروض ہیں کہ وہ بھرپور فائٹ کا مظاہرہ کریں مگر مجھے اپنے لڑکوں میں ایسا دکھائی نہیں دیا۔
سابق قومی کپتان نے بھارت کو پاکستان کے خلاف میچ جیتنے پر مبارکباد پیش کی اور لکھا کہ ہندوستان کی ٹیم نے تمام شعبوں میں بھرپور کارکردگی دکھائی جس پر ان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو گزشتہ روز بھارت کے خلاف میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
رحیم یار خان، غیر قانونی بارڈر کراسنگ کے الزام میں بھارتی نوجوان گرفتار
رحیم یار خان (این این آئی)رحیم یار خان میں پولیس نے غیر قانونی طور پر بارڈر کراسنگ کے الزام میں بھارتی نوجوان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق بھارتی شہری کو رینجرز نے مزید کارروائی کے لیے تھانہ اسلام گڑھ کے حوالے کر دیا ۔
اس حوالے سے پولیس نے کہا کہ تلاشی کے دوران بھارتی شہری کی جیب سے 110 انڈین کرنسی نوٹ بھی ملے۔اس حوالے سے درج ہونے والی ایف آئی آر کے مطابق تفتیش کے دوران نوجوان نے اپنا نام بپن اور تعلق راجھستان بھارت سے بتایا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق بھارتی نوجوان پولیس کی تفتیش کے دوران پاکستان میں داخل ہونے کی معقول وجہ نہیں بتا سکا۔
ایران کی اسرائیل کو غزہ جنگ میں مداخلت کی دھمکی
تہران(این این آئی) ایران نے اقوام متحدہ کے ذریعے ایک خط میں اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اگر غزہ میں فوجی کارروائی جاری رہی تو وہ مداخلت کرے گا۔غیرملکی خبررساں ادارے نے ذرائع کے حوالے سے بتایاکہ ایرانی وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نے تصدیق کی کہ ایران کے پاس سرخ لکیریں ہیں اور انہوں نے وضاحت کی کہ اگر فوجی آپریشن جاری رہتا ہے خاص طور پر غزہ پر زمینی حملہ ہوتا ہے تو وہ مداخلت کرے گا۔