“اسرائیل کو ظلم سے روکیں”امریکی کانگریس کے ارکان کا صدر بائیڈن کو خط



غزہ کی صورت حال پر امریکی کانگریس کے ارکان نے صدر بائیڈن کو خط لکھ کر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ارکان کانگریس نے صدر بائیڈن کو خط لکھ کر کہا ہےکہ اسرائیل کے حملوں سے غزہ کی صورت حال پر شدید تشویش ہے، شمالی غزہ سے لاکھوں فلسطینیوں کے انخلا اور اس کے خطرناک نتائج پر تشویش ہے۔
امریکی ارکان کانگریس نے مطالبہ کیا ہےکہ غزہ میں عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں کو روکا جائے، فلسطین اور اسرائیل دونوں طرف کے شہریوں کا جانی نقصان روکا جائے، غزہ کی مکمل ناکابندی کے اسرائیلی فوج کے بیان پر بھی تشویش ہے، صدر بائیڈن اسرائیل کی غزہ کے لیے انسانی ضروریات بند کرنےکے معاملےکو دیکھیں۔
ارکان کانگریس نےکہا ہےکہ غزہ میں خوراک، پانی، بجلی اور ایندھن کی فوری بحالی کرائی جائے، شراکت داروں کے ساتھ مل کر غزہ تک انسانی امدادکے لیے راہداری بنوائی جائے، امریکا اور عالمی برادری خطے کے پائیدار امن کے لیے اقدامات کریں، غزہ اور مغربی کنارے میں انسانی بحران حل کیے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں۔

ایم کیو ایم لندن کا اشتہاری ٹارگٹ کلر دانش کالا عرف منصوری گرفتار



سی ٹی ڈی کے شعبہ تفتیش نے ایم کیو ایم لندن کے اشتہاری ٹارگٹ کلر دانش کالا عرف منصوری کو گرفتار کرلیا۔
سندھ پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے شعبہ تفتیش کی خفیہ اطلاع پر اہم کارروائی میں ایم کیو ایم لندن کا اشتہاری ٹارگٹ کلر دانش کالا عرف منصوری کو گرفتار کرلیا گیا۔
انچارج سی ٹی ڈی چوہدری صفدر کے مطابق کارروائی سرجانی ٹاؤن بلال کالونی فور کے چورنگی پر کی گئی جہاں سے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ملزم نے پولیس کو بیان میں بتایا کہ 2014 میں لسانی فسادات اور قتل و غارت گری عروج پر تھی، سیکٹرآفس کی جانب سے بلوچوں کو قتل کرنے کی ہدایات ملی، ہم نے لیاری گینگ وار کے عبد الوحید اور دانش اچہم کو گولی مار کر قتل کیا۔
انچارج سی ٹی ڈی نے کہا کہ واقعےکا مقدمہ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا تھانے میں درج ہوا تھا، ملزم دانش کالا مقدمے میں اشتہاری ہو کر حیدرآباد میں روپوش رہا، ملزم جیسے ہی کراچی واپس آیا خفیہ اطلاع پر گرفتار کرلیا۔

درآمد شدہ گندم سے لدے ٹرکوں کی بندرگاہوں سے ریلیز معطل



بندرگاہ حکام کی جانب سے محدود وزن کے ضوابط کے نفاذ کی وجہ سے درآمد شدہ گندم سے لدے ٹرکوں کی بندرگاہوں سے ریلیز معطل کردی گئی ہے، جس کے سبب صارفین کے لیے گندم اور آٹے کے ممکنہ بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
فلور ملرز کو خدشہ ہے کہ بندرگاہوں پر درآمد شدہ گندم کی بندش سے آٹے کی مختلف اقسام کی قیمتوں میں اضافہ ہو جائے گا، جس کی وجہ کراچی اور دیگر ممالک میں فلور ملز تک اناج کی ترسیل کے بڑھتے ہوئے اخراجات ہیں۔
کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے محکمہ ٹریفک کی جانب سے کراچی پورٹ پر ایکسل لوڈ ریجیم کے نفاذ سے متعلق ایک خط اسٹیک ہولڈرز، کسٹم ایجنٹس اور ٹرمینل آپریٹرز کو 12 اکتوبر کو بھیجا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا کہ وزن کرنے والی مشینیں نصب کرنے اور نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس (این ایچ ایم پی) کی جانب سے وزن کی طے کردہ حدود نافذ کرنے کے لیے چیئرمین کے پی ٹی کی زیرِ صدارت ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشنز کے ساتھ ایک اجلاس 11 اکتوبر کو کے پی ٹی ہیڈ آفس میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ ہائی وے سیفٹی آرڈیننس (این ایچ ایس او-2000) کے مطابق تمام بندرگاہوں پر نصب وزن کی پیمائش کرنے والی مشینوں پر طے شدہ وزن کی حد نافذ کی جائے گی، حوالہ اور عمل درآمد کے لیے قابل قبول حدود کی تفصیلات پر مشتمل کاپی بھی فراہم کی جائے گی۔
کے پی ٹی کے خط میں کہا گیا کہ بندرگاہ کے احاطے سے نکلتے وقت ایکسل کی گنجائش سے زیادہ وزنی ٹرکوں کو نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ضوابط کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا اور ایسے ٹرکوں کو اب مزید اجازت نہیں دی جائے گی۔

سپریم کورٹ کا پرانا فیصلہ نوازشریف کی آزادی میں رکاوٹ بنے گا :قانونی ماہر ابوذر سلمان نیازی نے حقیقت بتا دی



پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف 21 اکتوبر کو پاکستان واپس آنے کا ارادہ رکھتے ہیں، لیکن کیونکہ وہ سزایافتہ ہیں اور اپنی سزا مکمل کیے بغیر ہی بیرون ملک چلے گئے تھے، اس لیے امکان ہے کہ انہیں واپسی پر گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا۔
لیکن ان کی جماعت مسلم لیگ (ن) کو اس بات پر یقین ہے کہ وہ گرفتار نہیں کیے جائیں گے کیونکہ وطن واپسی سے قبل ان کی حفاظتی ضمانت منظور کرالی جائے گی، جس کے بعد وہ پاکستان واپسی پر جلسے میں شرکت کریں گے اور پھر عدالت کے سامنے سرینڈر کریں گے۔
تاہم، ایک قانونی ماہر ابوذر سلمان نیازی کا ماننا ہے کہ سپریم کورٹ کا ایک پرانا فیصلہ وطن واپسی پر ان کی فوری گرفتاری کا سبب بن سکتا ہے۔
ابوذر سلمان نیازی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر اس پرانے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’دسمبر 2022 میں سپریم کورٹ کے جسٹس سردار طارق مسعود نے ایڈووکیٹ رانا آصف کیس میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ کے فیصلے (عدنان کیس 2015) پر انحصار کرتے ہوئے کہا تھا کہ سزا یافتہ شخص کا اس کی درخواست کی سماعت سے قبل قید میں ہونا ضروری ہے۔ وہ گرفتاری سے بچنے اور عدالت سے ریلیف حاصل کرنے کے لیے محض عدالت کے سامنے ہتھیار نہیں ڈال سکتا۔ اسے پہلے قید ہونا ہوگا۔‘

ڈکیتی کے ملزم کو رشوت لے کر چھوڑنے پر پورا تھانہ معطل



خوشاب میں ڈکیتی کے ملزم کو رشوت لے کر چھوڑنے پر تھانہ نوشہرہ کے پورے عملے کو معطل کردیا گیا ۔
پولیس کے مطابق تھانہ نوشہرہ کا مکمل عملہ معطل کردیا گیا ہے جس میں ایس ایچ او، تفتیشی افسر، محرر اور دیگر اہلکار شامل ہیں ۔
پولیس نے بتایا کہ تھانے کے عملے پر ڈکیتی کے ملزم کو رشوت لےکر چھوڑنے کا الزام ہے جس پر تمام اہلکاروں کو معطل کیا گیا ہے ۔
پولیس کے مطابق ملزم کو رشوت لےکر چھوڑنے پر ایک شخص نے ڈی پی او کو اہلکاروں کےخلاف درخواست دی تھی جس پر ڈی پی او نے تحقیقات کی اور عملے کو معطل کردیا ۔

بابر اعظم کا ایک غلط رن پوری ٹیم کو لے ڈوبا: ثقلین مشتاق برس پڑے



پاکستان کرکٹ ٹیم کےسابق ہیڈکوچ ثقلین مشتاق نے کہا ہےکہ ہم نے انڈین بائولر کو کچھ زیادہ عزت دی جس کی وجہ سے پریشر بڑھتا چلا گیا۔
ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ بھارتی بولرز کا اٹیک اچھا تھا جس کے باعث ہماری بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔انہوں نے کہا کہ میں یہ سمجھتا ہوں جس طرح کی یہ پیچ تھی اس پر 50 آوورزانہیں ضرور کھیلنے چاہیے تھے۔ قومی ٹیم نے سٹارٹ اچھا لیا تھا لیکن وہ اسے برقرار نہیں رکھ سکی۔
ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ بابراعظم نے سنگل لےکر غلطی کی۔اسی کی وجہ سے صورتحال ہمارے ہاتھ سے نکلی۔اگر وہ ایسے موقع پر سنگل نہ لیتے اور سمجھداری کا مظاہرہ کرتے تو شاید صورتحال مختلف ہوتی۔انکا مزید کہنا تھا کہ میں ہمیشہ سےکہتا آیا ہوں کہ بھارتی ٹیم ہمارے سے زیادہ ڈسپلن اور ہوش سے کرکٹ کھیلتی ہے۔

ٹانک میں شدید ژالہ باری:زمین سفید ۔ موسم سرد ہو گیا



خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں آج شدید اولے پڑے جس سے موسم سرد ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلع ٹانک میں آج شدیدژالہ باری ہوئی جس سے ہر طرف سفیدی چھا گئی ۔شدیدژالہ باری سے موسم سرد ہوگیا۔دوسری جانب اسلام آباد، خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش،بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بلند پہاڑوں پر برف باری اور میدانی علاقوں میں بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

فیس بک پر غزہ میں اسرائیلی مظالم دکھانے والے پیجزبند



سماجی رابطے کی سائٹ فیس بک غزہ میں اسرائیلی مظالم دکھانے والے پیجز بند کرنے لگا۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ بمباری جاری ہے اور اب تک ہزاروں ٹن بارود غزہ پر گرا چکا ہے۔ اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 2 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔
اسرائیلی طیاروں نے غزہ سے نقل مکانی کرنیوالے فلسطینیوں کو بھی نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 70 فلسطینی شہید اور سینکڑوں زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب فیس بک نے اسرائیلی دباؤ میں آ کر غزہ پر صہیونی مظالم سے آگاہ کرنے والے بیچز بند کرنا شروع کردیے ہیں۔
غزہ سمیت ارض فلسطین کی خبریں دینے والی نیوز ایجنسی قدس نیوز نیٹ ورک کا فیس بک پیج بند کردیا گیا ہے۔
قدس نیوز نیٹ ورک نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے میٹا کی جانب سے فیس بک پیج بند کرنے کی تصدیق کی اور فیس بک کے اقدام کی مذمت بھی کی ہے۔

جادوئی جوتے چوری کرنے والا شخص 20 سال بعد بالآخرپکڑا گیا



فلم ’وزارڈ آف دی اوز‘ میں پہنے جانے والے یاقوت جڑے گمشدہ جوتے چوری کرنے والا شخص 20 سال بعد بالآخرپکڑا گیا۔
میوزیم سے جوتے چوری کیے جانے کے الزام میں گرفتار76 سالہ ٹیری جون مارٹن نےاپنے جرم کا اعتراف کر لیا ۔
یہ جوتے 2005 میں مینیسوٹا میں آنجہانی اداکار کے آبائی شہر گرینڈ ریپڈس کے جوڈی گارلینڈ میوزیم سے چوری کیے گئے تھے اور ایف بی آئی نے 2018 میں انہیں برآمد کیا تھا۔
یہ کوئی عام جوتے نہیں بلکہ امریکی کلاسیک فلم ’وزارڈ آف اوز‘ میں مرکزی کردار کرنے والی اداکارہ ڈوروتھی ویلز نے پہنے تھے۔گرینڈ ریپڈز کے قریب رہنے والے شخص مارٹن پر اس سال فرد جرم عائد کیے جانے سے پہلے کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا تھا۔ ڈولوتھ میں وفاقی عدالت میں سماعت کے دوران مارٹن نے کہا کہ اس نے میوزیم کے دروازے کے شیشے توڑنے کے لیے ہتھوڑے کا استعمال کیا تھا۔
ملزم کے مطابق اس کا خیال تھا کہ ان جوتوں میں اصلی یاقوت لگے ہیں اور وہ انھیں بیچ کر ایک بڑی رقم حاصل کر سکتا ہے لیکن جب اسے پتہ چلاکہ یہ یاقوت نہیں بلکہ سرخ رنگ کاشیشہ ہیں تو اس نے ان جوتوں سے چھٹکاراحاصل کرلیا۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 2005 میں چوری ہونے والے جوتےاس وقت 10 لاکھ ڈالر کی مالیت رکھتے تھے اور آج انکی مالیت 35 لاکھ ڈالر کے قریب ہے۔

حماس نے اسرائیلی عورتوں اور بچوں کے ساتھ شفقت آمیز سلوک کی ویڈیو جاری کر دی



اسرائیل کا حماس پر کتبز میں بچوں کا سرقلم کرنے کا دعوی جھوٹا نکلا، اسرائیلی شہر کتبز میں حملے کے بعد مجاہدین بچوں کے ساتھ انتہائی پیار سے پیش آنے کی ویڈیو سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیل کا بچوں کا سرقلم کرنے کا جھوٹا پروپیگنڈا بے نقاب ہوگیا ، حماس نے اسرائیلی شہر کتبز میں حملے کی ویڈیو ریلیز کردی۔
جس میں اسرائیل کا حماس پر کتبز میں بچوں کا سرقلم کرنے کا دعوی جھوٹا نکلا اور اسرائیل کا ایک اور پروپیگنڈا جھوٹا ثابت ہوا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حماس نے حملہ کیا تو بچوں اور خواتین پر پر تشد د کا نشانہ نہیں بنایا بلکہ بچوں کے ساتھ انتہائی پیار سےپیش آئے، کسی مجاہد نے کسی بچےکوگود میں اٹھایا کسی نے بچے کو جھولا جھلایا۔
اس سے قبل اسرائیلی بچوں کے قتل سے متعلق صدر جوبائیڈن کابیان جھوٹا نکلا تھا اور وائٹ ہاؤس نے امریکی صدر کا بیان واپس لے لیا تھا ۔

بابوسر ٹاپ اور نانگا پربت سیمت پہاڑی علاقوں میں برفباری شروع



بابوسر ٹاپ اور نانگا پربت سیمت پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
برفباری کے باعث بابوسر روڈ عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے اور گاڑیوں کو زیرو پوائنٹ کے مقام پر روکا جا رہا ہے۔
برفباری کے باعث بابوسر روڈ عارضی طور پر ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا ہے موسم صاف ہونے کے بعد ٹریفک کھول دیا جائے گا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ برفباری کی وجہ سے گاڑیوں کو زیرو پوائنٹ چلاس کے مقام پر روکا جا رہا ہے۔

فلسطینی بچے بھوکے لیکن اسرائیلی فوج کیلئے مفت کھانا



اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جاری کشیدگی سرخیوں کا موضوع بنی ہوئی ہے سوشل میڈیا صارفین بھی اس حوالے سے اپنے جذبات کا بھرپور اظہار کررہے ہیں ۔
اسی دوران معروف ملٹی نیشنل فاسٹ فوڈ چین کی جانب سے اسرائیلی فوج کے لئے مفت کھانے کی فراہمی نے مظلوم فسلطینیوں کے حق میں آواز اٹھانے والوں کو شدید مایوس کیا ہے۔
اس اقدام کے خلاف دنیا بھر میں ’بائیکاٹ مکڈونلڈ‘ کا ٹرینڈ مقبول ہورہا ہے۔
فوڈچین نے اسرائیلی فوجیوں کو مفت کھانا بھیجنے کا اعلان اپنے آفیشل اسرائیلی برانچ انسٹاگرام ہینڈل پر تصاویر کے ساتھ کیا۔
مکڈونلڈزاسرائیل کا کہنا ہے کہ انہوں نے پانچ شاخیں کھولی ہیں جو ’صرف سیکیورٹی اور ریسکیو فورسز کو امداد اور عطیات سے متعلق ہیں، ہر روز ہم تقریباً 4 ہزار میلزعطیہ کریں گے۔
مسلم دنیا کی جانب سے اس پر سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے غزہ کی صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کو اس مشکل وقت میں خوراک کے بغیر ایسے ہی چھوڑ دیا گیا ہے۔