سریا کے بعد سیمنٹ کی قیمتیں بھی گر گئیں



اسلام آباد (این این آئی)پاکستانی روپیہ مضبوط ہونے اور پٹرول ، ڈیزل سستا ہونے سے سیمنٹ کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سیمنٹ کی بوری کی قیمت میں 50 روپے تک کمی آئی ہے۔ سیمنٹ کی بوری کا ریٹ 1210 روپے سے گر کر 1160 روپے پر آگیا ہے ۔

سیمنٹ کے کاروبار سے منسلک تاجروں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اگر مزید کمی ہوجائے تو سیمنٹ کی بوری مزید سستی ہوسکتی ہے ۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق ملک میں تعمیراتی کام میں تیزی آئی ہے ، سیمنٹ کی ڈیمانڈ بھی بڑھی ہے۔آنے والے دنوں میں یہی صورتحال برقرار رہی تو تعمیراتی میٹریل کی قیمتوں میں مزید کمی متوقع ہے ۔

غیر قانونی غیرملکیوں کو اپنے جرائم کی وجہ سے واپس جاناہو گا، کالعدم تنظیموں سے مذاکرات نہیں ہوں گے، کاکڑ



پشاور : نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی غیر ملکیوں کوہرصورت واپس جانا ہوگا۔وہ جمعہ کو دورہ پشاور کے موقع پر ایوان صنعت وتجارت کے وفد اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ فیصلہ کرنا ہے کہ کیا ایک نسل کی قربانی دے کر ہم آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ کر سکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کیلئے لوگوں نے اپنی جانیں دی ہیں تاہم کچھ لوگ ٹیکس دینے کو تیارنہیں اورحق سمگلنگ مانگ رہے ہیں ۔
ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ تحریک طالبان پاکستان سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے۔ غیر قانونی مقیم باشندوں کو اپنے ملکوں کو واپس جانا ہو گا۔ یہ واپسی کسی انتقام یا دشمنی کی وجہ سے نہیں بلکہ جرائم، دہشت گردی اور سماجی برائیوں سمیت دیگر چیلنجز کی وجہ سے ہے ۔
اس موقع پر وزیراعظم کامزید کہنا تھا کہ ڈالر کی قیمت میں کمی سے پاکستان پر بیرونی قرضوں میں 4 ہزار ارب روپے کی کمی آئی ہے، چینی، گھی سمیت دیگر بہت سی اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں کمی آئی ہے جس کا ریلیف عوام کو مل رہا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کسی رجسٹرڈ جماعت کو انتخابی عمل سے باہر نہیں رکھا جا سکتا۔
قبل ازیں نگران وزیراعظم کی زیر صدارت خیبر پختونخوا سے متعلق امور پر اہم اجلاس گورنر ہاؤس پشاور میں منعقد ہوا۔

اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کے بروقت اقدامات کی وجہ سے امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی آئی ہے۔ سمگلنگ اور کرپشن کو بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا
۔انہوں نے کہا ہدایت کی کہ امن و امان اور سیکورٹی کی صورت حال کی بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس کو جدید آلات سے لیس کیا جائے تا کہ دہشت گردی کی عفریت سے بہتر انداز میں نمٹا جا سکے۔

آئی ایم ایف سے4 ارب30 کروڑ ڈالر امدادی پیکج کی شرائط پوری ہوگئیں ، گورنر اسٹیٹ بینک



کراچی(این این آئی)بینک دولت پاکستان کے گورنر جمیل احمد سے مراکش میں آئی ایم ایف اورعالمی بینک کے اجلاسوں کے موقع پر منعقد ہونے والی تقاریب میں اہم بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے ملاقات کی۔

ان تقاریب کا اہتمام عالمی سطح کے بینکوں بشمول بارکلیز، جے پی مورگن،اسٹینڈرڈ بینک اور جیفریز (Jefferies)نے کیا تھا۔گورنر نے ان سرمایہ کاروں کو حالیہ میکرو اکنامک پیش رفت، جاری چیلنجوں پر کیے گئے پالیسی اقدامات، اور پاکستان کی معیشت کے منظرنامے پر بریف کیا، اور ان کے سوالوں کے جواب دیئے۔

گورنر نے سرمایہ کاروں کو آگاہ کیا کہ حکومت اور مرکزی بینک کے موجودہ پالیسی اقدامات میکرو اکنامک عدم توازن کو دور کرکے استحکام حاصل کرنے کی طرف رواں دواں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک ان اولین مرکزی بینکوں میں سے ایک ہے جنہوں نے عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر مانیٹری پالیسی کو سخت کرنا شروع کیا۔ تاہم، کچھ ملکی دشواریوں ، خاص طور پر گذشتہ مالی سال کے آغاز میں غیر معمولی سیلاب نے مہنگائی کم کرنے کی اسٹیٹ بینک کی کوششوں کو پیچیدہ بنا دیا۔

مجموعی طور پر اسٹیٹ بینک نے گزشتہ دو سال کے دوران پالیسی ریٹ میں 1500 بی پی ایس اضافہ کیا ہے۔ اسی طرح، حکومت نے مالی استحکام کی کوششوں کو بھی تیز کر دیا ہے۔

جمیل احمد نے کہا کہ استحکام کے اقدامات کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ مئی 2023 میں مہنگائی 38.0 فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد ستمبر 2023 میں گر کر 31.4 فیصد پر آ چکی ہے، توقع ہے کہ اگلے مہینوں میں بھی کمی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی کھاتوں میں کافی بہتری آئی ہے اور زرمبادلہ کے بفرز بنائے جا رہے ہیں۔ گورنر نے بتایا کہ پالیسی ریٹ 22 فیصد ہونے کے ساتھ اسٹیٹ بینک حقیقی شرح سود کا جائزہ لیتا ہے جو مستقبل کی بنیاد پر کافی حد تک مثبت ہو رہی ہے کیونکہ رواں مالی سال کی دوسری ششماہی کے دوران مہنگائی میں نمایاں کمی متوقع ہے۔

سٹیٹ بینک نے جمعے کو کہا ہے کہ پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف ) سے 4.5 ارب ڈالر کے امدادی پیکیج کے حصول کے لیے ہدف حاصل کر لیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادرے روئٹرز کے مطابق سٹیٹ بینک  کا کہنا ہے کہ ’پاکستان خالص بین الاقوامی ذخائر اور ملکی اثاثوں کے حوالے سے طے دوسرے اہداف آسانی سے پورے کرنے کے قابل ہو گیا ہے۔

مرکزی بینک کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ کیے معاہدے کے تحت پاکستان نے یہ ہدف ستمبر کے آخر تک پورا کرنا تھا۔

گورنر سٹیٹ بینک کاکہناتھا کہ توقع ہے  آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹینڈ بائی معاہدہ معیشت کو مستحکم کرنے کی جاری پالیسی کوششوں میں مدد دے گا۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے بیرونی شعبے کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے میں مارکیٹ کی متعین کردہ شرح مبادلہ میں دھچکے جذب کرنے کی صلاحیت اور کثیر فریقی اور دو طرفہ قرض دہندگان سے ملنے والی اعانت کو بھی اجاگر کیا۔

کرکٹ دنگل، پاکستان بمقابلہ انڈیا میچ براہ راست


Featured Video Play Icon

بغلان کی ایک مسجد میں نماز جمعہ کے دوران خود کش دھماکہ: 7 افراد جاں بحق



افغان صوبے بغلان کی ایک مسجد میں نماز جمعہ کے دوران حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اُڑا لیا جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے بلغ کے شہر امام زمان مسجد میں نماز جمعہ کے وقت دزور دار دھماکا ہوا۔ دھماکے سے مسجد کا ایک حصہ منہدم ہوگیا۔10 سے زیادہ افراد ملبے تلے دب گئے جب کہ بھگدڑ کی وجہ سے کئی افراد پیروں تلے روندے گئے جس سے زخمیوں کی تعداد بڑھ کر 17 تک جا پہنچی جب کہ 7 لاشیں بھی سپتال منتقل کی گئیں۔
طالبان حکام کا کہنا ہے کہ خود کش حملے میں جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
طالبان نے تصدیق کی کہ یہ ایک خود کش حملہ تھا۔ خود کش کی لاش کے ٹکڑوں کو سپتال منتقل کردیا گیا جہاں فرانزک کے بعد حملہ آور کی شناخت کی جا سکے گی۔
تاحال کسی شدت پسند تنظیم نے خود کش حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی لیکن طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے اس قسم کی کارروائیوں میں داعش خراسان ملوث رہی ہے۔

لیڈی کانسٹیبل کی اسرائیل کے حق میں ٹک ٹاک ویڈیو وائرل



سندھ پولیس کی لیڈی کانسٹیبل کی اسرائیل کے حق میں مبینہ ٹک ٹاک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد آئی جی سندھ نے نوٹس لے لیا۔لیڈی کانسٹبل کے خلاف اسپیشلائزڈ یونٹس نے بھی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پولیس رپورٹ کے مطابق مبینہ متنازع ٹک ٹاک بنانے والی لیڈی کانسٹیبل کا نام سمبل ہے، ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے اسرائیل کے حق میں پوسٹ وائرل ہوئی تھی۔
لیڈی کانسٹیبل کی آئی ڈی غوری اینجل اور نام غوری پولیس ہے۔
آئی جی سندھ کے نوٹس کے بعد اچانک سے تمام ویڈیوز ڈیلیٹ کردی گئی ہیں، ڈی آئی جی اسپیشل برانچ اور ایس پی یو حکام واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں۔
خاتون لیڈی کانسٹیبل اسپیشل پروٹیکشن یونٹ ہیڈ کوارٹر میں تعینات ہے جبکہ وہ نان مسلم کرسچن کمیونٹی سے تعلق رکھتی ہے۔
پولیس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سمبل کی تعیناتی میرپور خاص ضلع سے کی گئی تھی، سندھ پولیس ریکارڈ کے مطابق سمبل کی ایک بیڈ انٹری ہے۔
خاتون کانسٹیبل 2019 میں ضلع کورنگی 2021 میرپورخاص تعینات ہوئی، اپریل 2023 میں اس پر جرمانہ بھی ہوچکا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مکمل تحقیقات کے بعد تفصیلات جاری کی جائیں گی۔

’’گرم کپڑے نکال لیں‘‘ اگلے ہفتے سے سردی شروع



محکمہ موسمیات نے آج سے 17 اکتوبر تک موسلادھار بارش اور برف باری کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا اگلے ہفتے سے سردی کی لہر آنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے بیان میں کہا کہ مغربی ہوائیں آج سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی۔
محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان، کے پی، پنجاب اوراسلام آباد میں آج سے پانچ دن تک گرج چمک کے ساتھ بارش اور برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔
موسلادھاربارش سے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ جبکہ بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ سترہ اور اٹھارہ اکتوبر کے دوران سندھ اور بلوچستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پی ایم ڈی نے چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، صوابی، خیبر، مہمند، باجوڑ، پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ سمیت بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
کشمیر کی وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھانوتی، کوٹلی، بھمبر، میرپور، اور گلگت بلتستان کے دیامیر، استور، غذر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گھانچے، شگر کے علاقوں میں درمیانے درجے کے موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔

الیکشن کمیشن نے آل پاکستان مسلم لیگ کو ڈی لسٹ کر دیا



الیکشن کمیشن نے سابق صدر پرویزمشرف کی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ کو ڈی لسٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس جماعت کا اب کوئی وجود نہیں رہا۔
الیکشن کمیشن نے سابق صدر مرحوم پرویز مشرف کی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ کے انٹرا پارٹی انتخابات کے تنازعے کے معاملے پر جماعت کی رکنیت معطل کردی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے آل پاکستان مسلم لیگ کے انٹرا پارٹی الیکشن کے تنازع کے حوالے سے 14 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آل پاکستان مسلم لیگ کا اب کوئی وجود نہیں، اس کا کوئی پارٹی عہدیدار بھی نہیں اور گزشتہ 4 سال سے پارٹی اثاثوں کی تفصیلات بھی جمع نہ کرائی گئیں، اس لئے اے پی ایم ایل کو ڈی لسٹ کیا جاتا ہے۔
فیصلے کے مطابق آل پاکستان مسلم لیگ کا نام سیاسی جماعتوں کی فہرست سے خارج کردیا گیا ہے، اور الیکشن کمیشن نے آل پاکستان مسلم لیگ سے شاہین کا انتخابی نشان بھی واپس لے لیا ہے، جس کے بعد اے پی ایم ایل بطور سیاسی جماعت ائندہ کسی الیکشن میں حصہ نہیں لے سکے گی۔

غزہ میں دل دہلا دینے والے مناظر: ہسپتال لاشوں اور زخمیوں سے بھر گئے



مقبوضہ فلسطینی علاقے غزہ کی پٹی سے اسرائیلی بربریت کی ویڈیوز اور تصاویر سامنے آنے لگی ہیں جس میں دکھایا گیا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ کس طرح بین الااقوامی قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے غزہ کی شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہیں۔بی بی سی کے صحافی عدنان البرش نے بتایا ہے کہ اس وقت غزہ کے سپتال لاشوں سے بھرچکے ہیں اور یہاں مزید لاشیں رکھنے کی جگہ نہیں رہی، یہ سب دیکھ کر میں بالکل بے بس ہوں۔
برطانوی نشریاتی ادارے (BBC) کے رپورٹر عدنان البرش نے اپنی رپورٹ میں غزہ کی موجودہ دل دہلا دینے والی صورتحال کے حوالے سے رپورٹ جاری کی ہے، جس میں اس نے اپنی بے بسی کا اظہار کیا ہے۔
رپورٹر نے اسپتال کے اندر جاکر بتایا کہ میں بی بی سی کا رپورٹر اور غزہ کا رہائشی ہوں، آج میرے کیریئر کا مشکل ترین دن ہے کیوں کہ جس اسپتال میں موجود ہوں یہ ہمارا مقامی اسپتال ہے، اور اس میں میرے دوست، پروسی اورکمیونیٹی کے لوگ موجود ہیں۔
رپورٹر نے کہا کہ اس وقت بھی یہاں دھماکوں کی آوازیں آرہی ہیں، اوراسپتال میں اس وقت قیامت کے مناظر ہیں، اس وقت اسپتال لاشوں سے بھرچکے ہیں، اور لاشیں رکھنے کی جگہ نہیں ہے، لاشوں کو زمین پر رکھنا پڑ رہا ہے۔
عدنان البرش نے بتایا کہ دوران کوریج میرے کیمرہ مین محمود نے اپنے دوست کو دیکھا، اس کا دوست زندگی اور موت کی کشمکش میں ہے، مگر اس کے اہلخانہ نہ بچ سکے۔
رپورٹر کا کہنا تھا کہ ایک ننھی بچی کا گھر تباہ ہوگیا اور اس کے تمام اہلخانہ بھی مارے گئے، اس کو مدد کی ضرورت ہے، میری بیٹی بھی اسی عمر کی ہے، میں اس کی مدد کرنا چاہتا ہوں، لیکن بالکل بے بس ہوں، ہم سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کیا ہورہا ہے۔
عدنان البرش نے بتایا کہ یہ خاتون اپنے شہید پیاروں کے پاس بیٹھی ہے، اور بتارہی ہے کہ جس وقت بمباری ہوئی ہم اپنے گھر میں سورہے تھے، حملہ آوروں کو روکنے والا کوئی نہیں تھا، وہ رہائشی عمارت تھی، جس میں 120 سے زائد افراد مقیم تھے۔
رپورٹر نے اپنے آخری جملوں میں کہا کہ جو کچھ میں نے دیکھا وہ بیان نہیں کرسکا، میں بالکل بے بس ہوں، کچھ چاہ کر بھی لوگوں کی مدد نہیں کرسکتا، اسپتال میں موجود زخمی سخت تکلیف میں ہیں۔

عابد و زاہد شوہر کی تلاش ہے جو مجھے صراط مستقیم پر چلائے: زباب رانا



اداکارہ زباب رانا نے کہا ہے کہ ایسے لڑکے سے شادی کی خواہش ہے جو عابد وزاقہد ہو اور مجھے نیکی کے راستے پر لے جائے۔
ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ زباب رانا نے اپنے کیریئر اور شادی سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میری خواہش ہے کہ میری شادی ایسے شخص سے ہو کہ جب میں کبھی کسی غلط راستے پر ہوں تو وہ شخص مجھے خیر کے راستے پر لے کر جائے۔
کیریئر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کام کے دوران صرف کام پر ہی دھیان دیتی ہوں، نعمان اعجاز اور سجل علی کے ساتھ کام کرنے کی خواہش ہے۔
میزبان کی جانب سے سوال کیا گیا کہ کس کے بغیر آپ رہنے کا تصور بھی نہیں کر سکتیں؟ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے زباب کا کہنا تھا کہ میں ماں کے بغیر نہیں رہ سکتی۔

لاس اینجلس گیمز 2028 میں کرکٹ شامل کرنے کی منظوری



انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے ایگزیکٹیو بورڈ نے لاس اینجلس گیمز 2028 میں کرکٹ شامل کرنے کی منظوری دی، جس کے ساتھ کرکٹ کی اولمپک سے 100 سال سے زائد عرصے کی دوری ختم ہوجائے گی۔
خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق آئی او سی کے صدر تھامس بیچ نے بھارت کے شہر ممبئی میں جمعے کو ایگزیکٹیو بورڈ اجلاس کے دوسرے روز کے اختتام پر بتایا کہ عہدیداروں نے لاس اینجلس گیمز کے منتظمین کی جانب سے دیگر 5 نئے کھیلوں کے ساتھ ٹی20 کرکٹ کی شمولیت کی تجویز منظور کرلی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دیگر کھیلوں میں بیس بال/سوف بال، فلیگ فٹ بال (نان کنٹکٹ امریکن فٹ بال)، اسکواش اور لیکروس شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 2028 گیمز میں کون سے کھیل شامل ہوں گے اس کی حتمی منظوری کے لیے ووٹنگ پیر کو ممبئی میں آئی او سی کے اجلاس میں ہوگی۔
تھامس بیچ نے کہا کہ آئی او سی کے لیے نئے کھلاڑیوں اور شائقین کے ساتھ رابطے کے لیے یہ بہترین موقع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم دیکھ رہے ہیں ٹی20 کرکٹ کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے اور 2028 میں دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کو امریکا میں استقبال کے لیے پرعزم ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ لاس اینجلس گیمز 2028 کے اعلیٰ عہدیداروں نے مردوں اور خواتین کی ٹی20 کرکٹ کی 6 ٹیموں کا ٹورنامنٹ کرانے کی تجویز دی ہے، جس میں میزبان کے طور پر امریکا بھی اپنی ٹیم شامل کرے گا۔
گیمز میں ٹیموں کی تعداد اور کوالیفائنگ کے طریقہ کار کے حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا اور پیر کو کرکٹ کی شمولیت کے حتمی فیصلے کے بعد کیا جائے گا۔
اس سے قبل کرکٹ کو آخری مرتبہ پیرس اولمپکس 1900 میں شامل کیا گیا تھا، جس میں برطانیہ اور میزبان فرانس کی ٹیموں نے حصہ لیا تھا جہاں برطانیہ نے کامیابی سمیٹی تھی۔
کرکٹ کی اولمپک میں واپسی کے لیے تقریباً ایک دہائی سے جاری کوششوں کے بعد ممکن ہونے جارہی ہے اور کرکٹ کی شمولیت سے اولمپک پروگرام کو مالی فائدہ بھی ہوگا۔
اولمپک میں کرکٹ کی شمولیت سے خاص طور پر بھارت اور پاکستانی جیسے جنوبی ایشیائی ممالک کے شائقین بھی متوجہ ہوں گے کیونکہ ٹی20 بین الاقوامی کرکٹ کا مختصر ترین طرز ہے اور شائقین میں بہت مقبول ہے۔

اسرائیلی بربریت جاری:1800فلسطینی 583 معصوم بچے شہید



غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری ساتویں روزبھی جاری ہے اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 1800 ہوگئی ہے جب کہ 6 ہزارسے زیادہ زخمی ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کی بمباری میں شہید 1800 فلسطینیوں میں سے 583 معصوم بچے ہیں ۔
وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی بمباری میں زخمیوں کی تعداد 6 ہزار 388 سے تجاوز کرگئی ہے۔اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں بے گھر افراد کی تعداد 4 لاکھ 23 ہزارسے زیادہ ہوگئی ہے۔
اقوام متحدہ کے دفتربرائے رابطہ انسانی امورنے فلسطینیوں کی انسانی امداد کے لیے اپیل کی ہے، فلسطینیوں کی فوری ضروریات کے لیے 29 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی ضرورت ہے۔