آرمی چیف سے قطر کی فوج کے سربراہ کی ملاقات ، تعلقات بڑھانے پر اتفاق



 آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے قطر کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل (پائلٹ) سالم حمد عقیل النبیط نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی اور پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاک فوج بھی قطر کی مسلح افواج کے ساتھ دفاعی اور سکیورٹی تعاون بڑھانے کی خواہاں ہے۔

قطر کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل (پائلٹ) سالم حمد عقیل النبیط نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاک فوج کی مسلسل کوششوں کو سراہا،مسلح افواج کے سربراہان نے دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کے لیے کام جاری رکھنے کا عہد کیا۔

حماس نے اسرائیلی خاتون کو 2 بچوں سمیت رہا کر دیا



حماس نے اسرائیل سے حراست میں لی گئی خاتون اور دو بچوں کو رہا کر دیا۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ  نے ایک ویڈیو کلپ جاری کیا، جس میں ایک اسرائیلی خاتون اور اس کے ساتھ دو بچوں کو غزہ کی پٹی میں کئی دنوں تک حراست میں رکھنے کے بعد رہا  کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

اس کلپ کے ساتھ ساتھ تصویر میں اسرائیلی خاتون کو دو بچوں کے ساتھ غزہ کی پٹی اور اسرائیل کو الگ کرنیوالی باڑ کو عبور کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس کے ساتھ القسام بریگیڈ کے بندوق بردار بھی وہاں تک آئے تھے۔

حماس کی جاری ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دونوں بچوں نے نیلے رنگ کی شرٹس پہن رکھی ہیں،انہیں القسام بریگیڈ کے 3 جنگجو سرحد پر چھوڑ کر واپس ہو رہے ہیں تاہم القسام کی طرف سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ ویڈیو کب شوٹ کی گئی تھی،رپورٹ کے مطابق خاتون اور دونوں بچوں کو کبوتز ہولیت کے علاقے میں رہا کیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی نیوز ویب سائٹ “مافزاک لائف” نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی خاتون کا نام ایویتال الجیم تھا ،ان کے ساتھ رہا کئے گئے بچے ان کی دوست کے ہیں جن کی عمریں 6 ماہ اور 4 سال ہیں، ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ بچوں کی حقیقی ماں اب بھی غزہ میں حماس کی زیرحراست ہیں اور ان کا نام عدی وائٹل کبلون ہے۔

اسرائیل کی حلب اور دمشق کے ایئر پورٹس پر بمباری ، رن ویز تباہ



 اسرائیل نے شام کے حلب اور دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر حملہ کر کے  رن ویز کو تباہ کر دیا، جس سے دونوں ہوائی اڈوں پر فضائی سروس معطل ہو گئی۔

شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ”ثنا“ کو ایک فوجی ذریعے نے بتایا کہ شامی فوج ملک کے شمال میں انتہا پسند دہشتگرد گروہوں سے لڑ رہی ہے، جو اسرائیلی ادارے کا ایک مسلح بازو ہے۔

شامی فوجی ذرائع نے ہوائی اڈوں پر اسرائیلی فضائی حملوں کے حوالے سے کہا کہ یہ جارحیت مجرمانہ اسرائیلی فوج کی طرف سے غزہ میں کیے جانے والے جرائم اور فلسطینی مزاحمت کے ہاتھوں اسے ہونے والے بھاری نقصانات سے توجہ ہٹانے کی ایک مایوس کن کوشش ہے۔

حملوں کے دوران ”ماہان ایئر“ کی ایک ایرانی پرواز جو شام میں اترنے والی تھی، واپس تہران کی طرف مڑ گئی۔

دوسری جانب اسرائیل نے کہا ہے کہ دمشق اور حلب کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں کو ایران اکثر حزب اللہ سمیت خطے میں اپنے پراکسیوں کو ہتھیاروں، سازوسامان اور آپریٹو کی منتقلی کے لیے استعمال کرتا ہے۔

نادرا میں جعلی فیملی ٹری میں افغانی باشندوں کو شامل کئے جانے کا انکشاف



چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر نے کہا ہے کہ جعلی فیملی ٹری میں افغانیوں کو شامل کیا جاتا رہا۔

سینیٹ کی داخلہ کمیٹی کو بریفننگ دیتے ہوئے منیر افسر نے بتایا کہ افغانیوں کو جعلی شناختی کارڈ کے اجرا کے معاملے پر 84 اہلکاروں کیخلاف کارروائیاں کی گئی ہیں۔ جعلی دستاویزات، بغیر فنگر پرنٹ یا تصویر کے ریکارڈ کو اہلکار ٹمپر کرتے رہے،انہوں نے مزید کہا کہ نادرا نے جعلی شناختی کارڈر روکنے کے لیے شفاف اور پختہ نظام قائم کیا ہے۔

ڈی جی پاسپورٹ مصطفیٰ قاضی نے کمیٹی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاسپورٹ بنانے کا عمل سست روی کا شکار سامان کی قلت کے سبب ہوا۔  شہریوں کے لیے لازم ہے کہ پہلا پاسپورٹ آبائی ضلع سے حاصل کریں، پہلا پاسپورٹ کسی دوسرے ضلع سے جاری ہونے پر ریکارڈ شو نہیں ہوتا۔

پنجاب میں ایک اور بجٹ پیش کرنے کی تیاریاں



لاہور( این این آئی) پنجاب میں رواں مالی سال کے لئے مزید چار ماہ کے دورانیہ کا بجٹ پیش کرنے کافیصلہ کرلیاگیا۔
نگران پنجاب کابینہ نے رواں بجٹ 31 اکتوبر تک چار ماہ کیلئے منظور کیا تھا اور اس بجٹ پر یکم جولائی سے عمل ہو رہا ہے، اب مزید چار ماہ کے لئے بھی نگران کابینہ ہی بجٹ کی منظوری دے گی۔ پنجاب حکومت نے اس سلسلے میں محکموں سے بجٹ تجاویز مانگ لی ہیں اور خاص طور پر گائیڈ لائن دی گئی ہے کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کو ہر صورت مکمل کرنا ترجیح ہو گی جبکہ صحت ، تعلیم اور انفراسٹرکچر کے لئے زیادہ بجٹ مختص ہو گا۔
ذرائع کے مطابق نئے بجٹ میں ٹیکسوں کی شرح میں تبدیلی کا امکان نہیں ہے اور موجودہ شرح کو ہی برقرار رکھا جائے گا، تنخواہ اور پنشن میں بھی کوئی تبدیلی نہیں ہو گی، غیر ترقیاتی اخراجات بھی جاری بجٹ کی شرح سے ہی مقرر ہوں گے تاہم ترقیاتی بجٹ 300 ارب روپے تک ہونے کا امکان ہے۔80 فیصد رقوم جاری ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہوں گی، لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد کے علاوہ چھوٹے اضلاع میں انفراسٹرکچر اور پانی فراہمی کے منصوبوں پر زیادہ رقم خرچ کی جائے گی، محکموں کو 21 اکتوبر تک تجاویز کو حتمی شکل دے کر پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

عامر خان ’’ستارے زمین پر‘‘ لائیں گے



بالی وڈاداکار عامر خان نے اپنی نئی فلم کا اعلان کردیا۔
عامر خان نے مداحوں کوبتایا کہ ان کے نئے فلمی پروجیکٹ کا نام ’ستارے زمین پر‘ ہوگا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ ان کی نئی فلم کا نام ‘ستارے زمین پر ‘ہے اور یہ 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘تارے زمین پر ‘ کی تھیم سے ملتی جلتی ہوگی ۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ ’تارے زمین پر‘ ایک جذباتی فلم تھی لیکن یہ نئی فلم آپ کو ہنسائے گی، یہ فلم آپ کو تفریح فراہم کرے گی۔
عامر خان کے مطابق ’تارے زمین پر‘ انہوں نے ایک بچے کی زندگی بدلنے میں مدد کی تھی لیکن ’ستارے زمین پر‘ میں اس سے الٹ ہوگا، 9 لڑکے جن کے اپنے مسائل ہیں وہ اداکار کی مدد کریں گے۔

اسرائیلی طیاروں کے شہری آبادیوں پر مسلسل حملے: 20 سے زیادہ مساجد شہید



طوفان الاقصیٰ کے آغاز کے بعد سے اسرائیلی طیارے مسلسل شہری آبادیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ گذشتہ5 دنوں کے دوران 20 سے زیادہ مساجدکو بمباری کر کےشہید کر دیا گیا ہے۔
فلسطینی خبررساں ادارے کے مطابق اوقاف اور مذہبی امور کی وزارت کے اہلکار اکرامی سالم نے میڈیا کو بتایا کہ اسرائیلی قابض فوج نے اپنے جنگی طیاروں کے ذریعے غزہ کی پٹی میں 20مساجد کو جزوی یا مکمل طور پر شہید کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزارت اوقاف و مذہبی امور کی مرکزی عمارت اور فلسطین ٹاور میں وزارت القرآن ریڈیو کے 14 منزلوں پر مشتمل ہیڈ کوارٹر کے علاوہ بیت لاہیا قصبے کی سعد الانصاری مسجد، خان یونس شہر میں واقع الحبیب محمد مسجد، الیرموک، احمد یاسین، العباس غزہ شہر میں سوسی، اور شتیوی، اور جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں موجود مساجد کو شہید کیا گیا ۔دوسری طرف اسرائیل کی مکمل ناکہ بندی کے بعد غزہ کے واحد بجلی گھر نے ایندھن ختم ہونے کے بعد کام کرنا بند کر دیا ہے، جس کے باعث غزہ میں بجلی کی فراہمی بند ہو گئی۔
اسرائیل نے پیر سے غزہ میں بجلی، ایندھن، خوراک اور پانی کی فراہمی بند کر دی تھی، دوسر ی جانب برطانوی وزیر خارجہ جیمز کلیورلی اسرائیلی حکام کو برطانوی حمایت کا یقین دلانے اسرائیل پہنچ گئےہیں

دنیا کے 500 بااثر مسلمانوں کی فہرست جاری



دنیا کے 500 بااثرمسلمانوں کی فہرست جاری کردی گئی، پاکستانی اسلامی اسکالر مفتی تقی عثمانی، مولانا طارق جمیل اور الیاس قادری بااثر مسلمانوں کی فہرست میں شامل ہیں۔
رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹیڈیز سینٹرکی طرف سے جاری کردہ دنیا کے 500 بااثر ترین مسلمانوں کی فہرست میں خدمت خلق، سائنس، ٹیکنالوجی، میڈیا۔ آرٹس اینڈ کلچر، سیاست اور مذہبی معاملات میں انتظامی صلاحیتوں سمیت تیرہ مختلف کیٹگریز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے 500 با اثر مسلمانوں کے نام ہیں۔
پاکستان سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر، نواز شریف، شہباز شریف، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، پاکستانی اسلامی اسکالر مفتی تقی عثمانی، مولانا طارق جمیل، امیر تبلیغی جماعت پاکستان مولانا نذر الرحمان اور سمیع یوسف بھی 500 بااثر مسلمان شخصیات میں شامل ہیں۔
بااثر مسلمانوں میں پروفیسر نقیب العطاس، سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ترک صدر رجب طیب اردوان، مصری صدر الفتح السیسی، حماس کے سینئر رہنما اسماعیل ہانیہ بھی شامل ہیں جبکہ مصری فٹ بالر محمد صالح بھی فہرست کا حصہ ہیں۔

غیر شرعی نکاح کیس : عمراں خان کے وکیل کی غیر حاضری پر سماعت ملتوی



پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف نکاح کیس میں پراسیکیوٹر نے غیرشرعی نکاح سے متعلق مختلف اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے عدالت میں جمع کروا دیئے جبکہ عدالت نے آئندہ سماعت پر وکیل صفائی شیر افضل مروت سے دلائل طلب کرلئے۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کے خلاف غیرشرعی نکاح کیس کی سماعت ہوئی۔
سول جج قدرت اللہ کی عدالت میں سماعت کے دوران پرایسکیوٹر رضوان عباسی عدالت پیش ہوئے جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شیرافضل مروت عدالت پیش نہیں ہوئے۔عدالت نے شیر افضل مروت ایڈووکیٹ کو آئندہ سماعت پر کیس کے قابل سماعت ہونے پر دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 23 اکتوبر تک کے لیے ملتوی کردی۔
معاون وکیل نے عدالت کو بتایا تھاکہ وکیل شیر افضل مروت اسلام آباد ہائیکورٹ میں مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہوئے۔

کسٹمز حکام کے لاہور اور شیخوپورہ میں بڑے چھاپے : سوا ارب روپے کا سامان پکڑ لیا



کسٹمز حکام نے لاہور اور شیخوپورہ میں کارروائیوں کے دوران ایک ارب 25 کروڑ مالیت کا سامان ضبط کرلیا ۔ لاہور میں شاہ عالم مارکیٹ اور ریلوے اسٹیشن مارکیٹ میں کسٹمز حکام نے چھاپہ مارا۔
شیخوپورہ میں کسٹمز حکام نے گوداموں پر چھاپے مارکر 89 کروڑ مالیت کا اسمگل شدہ ڈیزل اور پیٹرول پکڑ لیا گیا۔ قبضے میں لئے گئے دیگر سامان میں سگریٹس، تمباکو اور دیگرممنوعہ اشیا شامل ہیں۔

ایک ارب ، 37 کروڑ کی کرپشن سکینڈل کا مرکزی ملزم گرفتار



نیب نے ایک ارب ، 37 کروڑ کی کرپشن سکینڈل میں مفرور مرکزی ملزم ذاکر حسین کو گرفتار کر لیا۔

 ترجمان نیب لاہور کے مطابق ملزم پر محکمہ مال کے ملازمین کی ملی بھگت سے 250 کنال اراضی اپنے اور بے نامی داروں کے نام منتقلی کا الزام ہے۔ سینکڑوں کنال قیمتی اراضی مشہور ہائوسنگ سوسائٹی کے ساتھ ملحق تھی، ملزم ذاکر حسین محکمہ ریونیو میں تعیناتی کا ناجائز فائدہ اٹھانے اور جعلی کاغذات کی تیاری میں ملوث پایا گیا۔، ملزم جعلی کاغذات کے ذریعے عام شہریوں کی ملکیتی سینکڑوں کنال اراضی ملزم اپنے اور بے نامی داروں کے نام منتقل کرواتا رہا۔

ملزمان جعلی کاغذات کی تیاری میں فراڈ سے جعلی نشان انگوٹھا اور جعلی فرد استعمال کرتے رہے، جعلی کاغذات کے ذریعے ہتھیائی گئی 250کنال اراضی میں سے 170کنال بعد ازاں فروخت کردی گئی۔ نیب تحقیقات میں ملزمان کے نام 80کنال اراضی تاحال موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ نیب حکام ملزم ذاکر حسین کو جسمانی ریمانڈ کے لئے آج کل جمعہ احتساب عدالت کے روبرو پیش کریں گے۔

احتساب عدالت سےراجہ پرویز اشرف کا بلاوا آ گیا



احتساب عدالت اسلام آباد نے سپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف کو آئندہ سماعت پر حاضری کیلئے ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے خلاف کیسز کی سماعت احتساب عدالت تین کے جج محمد بشیر نے کی، راجہ پرویز اشرف احتساب عدالت میں پیش نہ ہوئے۔
راجہ پرویز اشرف کی جانب سے پلیڈر ارشد تبریز احتساب عدالت پیش ہوئے جس کے بعد عدالت نے راجہ پرویز اشرف کے خلاف کیس کی سماعت 2 نومبر تک ملتوی کردی۔
خیال رہے کہ راجہ پرویز اشرف ریشما، سمندری، رتوڈیرو، ستیانا اور گلف پاور پلانٹ پراجیکٹس سے متعلق ریفرنس میں ملزم نامزد ہیں۔