پشاور پولیس نے پی ٹی آئی کے روپوش رہنما مراد سعید کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار کر ان کی گاڑی سے بغیر لائسنس کا اسلحہ برآمد کر لیا۔
پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ پی ٹی آئی رہنما ناصر باغ کی حدود میں نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں واقع ایک گھر میں موجود ہیں جس پر پولیس نے چھاپہ مارا تاہم مراد سعید پولیس کے آنے سے قبل ہی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پشاور پولیس نے مراد سعید کو فرار کرانے میں ملوث سالے سمیت دیگر رشتہ داروں کو گرفتار کر لیا ہے تھانہ ریگی میں مراد سعید کو فرار کرانے میں ملوث ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ۔
ایف آئی آ رکے متن میں لکھا گیا ہے کہ گھر کی تلاشی کے دوران اہل خانہ نے رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی۔ اہل خانہ نے ان کو گرفتاری سے بچانے کے لئے فرار کرایا۔
ایف آئی آر کے مطابق چھاپے کے دوران اہل خانہ نے پولیس پر پتھرائو کیا ، پولیس نے تلاشی کے دوران گھر میں موجود گاڑی سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔