All posts by admin

سولر پینل درآمد کرنیکی آڑ میں اربوں کی منی لانڈرنگ ، ایف آئی اے کو تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنیکا حکم 



سولر پینلز کی درآمد  کی آڑ میں اربوں روپے کی منی لانڈرنگ اور اوور انوائسنگ کے معاملے پر سینیٹ خزانہ کمیٹی نے ایف آئی اے کو تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

 سینٹ کمیٹی خزانہ کے اجلاس کے دوران سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ ایف آئی اے بطور تھرڈ پارٹی اسکینڈل میں ملوث افراد کا کھوج لگائے ، کمرشل بینکوں اور ایف بی آر کی ملی بھگت کے بغیر ایسا ممکن نہیں، انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے اسکینڈل کو روکنے میں ناکامی پر  کسٹمز حکام کی سرزنش کر دی ۔ خزانہ کمیٹی نے ایف بی آر کو بھی اسکینڈل کی تحقیقات جاری رکھنے کی ہدایت کر دی ۔

  کمیٹی کے رکن  کامل علی آغا نے کہا کہ فیٹف کی نگرانی کے دوران منی لانڈرنگ بہت بڑا اسکینڈل ہے، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے اسکینڈل میں ملوث بینکوں کو بھی پکڑنے کی حمایت کر دی ، اجلاس کےدوران اسٹیٹ بینک اور ایف بی آر حکام نے ملبہ ایک دوسرے پر ڈال دیا۔

ڈپٹی گورنراسٹیٹ بینک نے کہا کہ ملوث افراد کا احتساب ہونا چاہیے، ایف بی آر حکام  نے بتایا کہ صرف دو درآمدکنندگان  نے 72 ارب روپے سے زیادہ کی رقم بیرون ملک منتقل کی۔ 5سال کے دوران اوورانوائسنگ کے ذریعے69 ارب سے زیادہ کی منی لانڈرنگ ہوئی ، ایف بی آر حکام کا کہنا تھا کہ اگر بینک پہلے ہی ریڈ فلیگ لگا دیتے تو اسکینڈل کو  روکا جا سکتا تھا۔

کسٹمز حکام نے بتایا کہ مزید چھ افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔  سولر پینلز کی درآمد سے متعلق 21 کمرشل بینکوں سے ریکارڈ مانگا ہے،7 کمپنیوں نے تقریبا 70 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی ہے۔

 

10 بلین سونامی پراجیکٹ میں اربوں کی کرپشن کا انکشاف



پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں  شروع کئے جانے والے ٹین بلین سونامی پراجیکٹ میں اربوں روپے کی مبینہ کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں کرپشن کا انکشاف ہوا جس پر محکمہ جنگلات پنجاب کے افسران پریشان ہو گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ منصوبے کے ڈائریکٹرز اور ضلعی جنگلات آفیسرز کی جانب سے قوانین کی خلاف ورزیاں کی گئیں جبکہ محکمہ جنگلات کے افسران نے درخت لگانے کی بجائے منصوبے کے لئے دی جانے والی  رقم سے گاڑیاں خریدیں۔

لاہور ،شیخوپورہ ، قصور، چکوال، گجرات، سیالکوٹ ،بھکر ، خوشاب ، فیصل آباد کے ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسرز سے وضاحت  جبکہ جھنگ، ملتان، اوکاڑہ، میانوالی، راولپنڈی ،مری ،سرگودھا ،مظفر آباد، لیہ، رحیم یار خان، ڈی جی خان اور ساہیوال کے افسران سے ریکارڈ طلب کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ منصوبے کے لئے دی جانے والی رقم کو دیگر مد خرچ کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کا امکان ہے۔ آڈٹ رپورٹ میں 427 آڈٹ پیراز سامنے آئے ہیں ، افسران  آڈٹ رپورٹ چھپانے کی کوششیں کر رہے ہیں کیونکہ رپورٹ کے پبلک ہونے کی صورت میں مبینہ کرپشن بے نقاب ہونے کا امکان ہے۔

لاہور ، پٹرول پمپ پر آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی ، متعدد گاڑیاں جل کر تباہ



لاہور  میں پیٹرول پمپ پر آئل ٹینکر میں آگ لگنے سے  متعدد گاڑیاں جل گئیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ شیرانوالہ گیٹ کے قریب پیش آیا جہاں پیٹرول پمپ پر آئل بھرتے ہوئے ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے سے  پیٹرول پمپ کے قریب کھڑی متعدد گاڑیاں جل گئیں ،واقعے کے بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور کارروائی کرتے ہوئے آئل ٹینکر میں لگی آگ  پر قابو پا لیا۔

غیرمعیاری انجکشن ، مزید 9 ڈرگ انسپکٹرز اور ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر معطل



پنجاب میں غیر معیاری ایوسٹین انجکشن کے درجنوں افراد کے بینائی سے محروم ہونے کے معاملے پر محکمہ صحت پنجاب نے مزید نو ڈرگ انسپکٹرز اور ڈپٹی ڈرگ کنٹرولرز کو معطل کر دیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور سے عزیز بھٹی ٹائون کے ڈرگ انسپکٹر ، وزیرآباد سے ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر اور منچن آباد سے ڈرگ انسپکٹر، چکوال ڈسٹرکٹ سے ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر اور ڈرگ انسپکٹر ، اٹک سے ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر اور بہاولپور سے ڈرگ انسپکٹر کو معطل کیا گیا ۔

محکمہ صحت پنجاب کےنوٹیفکیشن کے مطابق تمام ڈرگ انسپکٹرز کو نظم وضبط اور احتساب ایکٹ کے تحت معطل کیا گیا ہے، معطل کیے گئے ڈرگ انسپکٹرزکی تعداد 20  ہو گئی ہے۔

ایرانی تیل سمگلروں کیخلاف کریک ڈائون کا حکم



حکومت نے ایرانی تیل کے سمگلروں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کر دیئے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے ڈیرہ غازی خان  کا دورہ کیا، کیپٹن(ر) ثاقب ظفر کی زیرصدارت کمشنر آفس ڈی جی خان میں اجلاس ہوا، جس میں جنوبی پنجاب کے تمام ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز اور ڈی جی خان کے کمشنر اور ڈی سی نے شرکت کی۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب نے کہا کہ ایرانی تیل کی سمگلنگ کی وجہ ملکی خزانہ اربوں روپے کے ریونیو سے محروم ہورہا ہے، ملک سے گندم اور کھانے پینے کی اشیاء کی سمگلنگ مہنگائی کا باعث بن رہی ہے۔

کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے مزید کہا کہ سمگلرز اور آئل مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے،بجلی چوری میں ملوث عناصر کیخلاف بھی سخت کارروائی کی جائے، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کے احکامات کے بعد بلوچستان کے روٹ پر واقع جنوبی پنجاب کی داخلی چیک پوسٹوں کی مانیٹرنگ سخت کر دی گئی۔

سچن ٹنڈولکر کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے سفیر مقرر



انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کرکٹ کا میگا ایونٹ شروع ہونے سے 2 روز قبل بھارت کے لیجنڈ بلے باز سچن ٹنڈولکر کو آئی سی سی  ورلڈ کپ  2023  کا سفیر مقرر کر دیا۔

 آئی سی سی کے مطابق اپنے کیریئر میں چھ  ورلڈ کپ میں قابل رشک ریکارڈ رکھنے والے ماسٹر بلاسٹر سچن ٹنڈولکر احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں افتتاحی میچ سے قبل مینز کرکٹ ورلڈ کپ ٹرافی کے ساتھ واک آؤٹ کریں گے اور ٹورنامنٹ کے شروع ہونے کا اعلان کریں گے۔

 آئی سی سی کے جنرل منیجر، مارکیٹنگ اور کمیونیکیشنز کلیئر فرلانگ نے کہا ہے کہ ہمارے لئے سچن ٹنڈولکر کو آئی سی سی مینز ورلڈ کپ2023 کا سفیر کرنا حقیقی اعزاز کی بات ہے۔

دوسری جانب شچن ٹنڈولکر نے کہا ہے1987 میں بال بوائے ہونے سے لے کر چھ ایڈیشنز میں ملک کی نمائندگی کرنے تک، ورلڈ کپ نے ہمیشہ میرے دل میں ایک خاص جگہ بنائی ہے، 2011 میں ورلڈ کپ جیتنا میرے کرکٹ  سفر کا سب سے قابل فخر لمحہ ہے۔ کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کا بے صبری سے منتظر ہوں۔

جنوری سے 24 خودکش حملے ، 14 افغانیوں نے کئے ، سرفراز بگٹی



نگران  وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ جنوری سے اب تک 24 خود کش حملے ہوئے جن میں سے 14 افغانیوں نے کئے۔

 میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزی داخلہ نے کہا کہ  ہر پاکستانی کی فلاح و بہبود اور تحفظ ہمارے لئے سب سے مقدم ہے، ملک میں غیرقانونی طور پر مقیم افراد کو یکم نومبر تک اپنے ملکوں میں چلے جانے کا کہا ہے۔  قانون نافذ کرنے والے ادارے رضا کارانہ طور پر واپس نہ جانے والوں کو ڈی پورٹ کریں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ غیرقانونی طور پر مقیم افراد کی املاک اور کاروبار کی نشاندہی کی جائے گی، ہم ایک ہیلپ لائن نمبر بنا رہے ہیں، غیر قانونی مقیم افراد کی اطلاع دینے والے کا نام کسی سے شیئر نہیں کیا جائے گا۔ وزارت داخلہ میں اس سلسلے میں ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جعلی شناختی کارڈ رکھنے والوں  کے ڈی این اے ٹیسٹ کئے جائیں گے۔

، وزیر داخلہ نے کہا کہ  افغانستان سے پاکستان پر حملے ہوتے ہیں، پاکستان واحد ملک ہے جہاں بغیر پاسپورٹ، ویزے کے لوگ آجاتے ہیں۔ بارہ ربیع الاول کو ہنگومیں حملہ کرنے والے دہشتگرد افغانی تھے، افغان شہریوں کے حملوں میں ملوث ہونے کے تمام شواہد موجود ہیں۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ کسی کو بندوق کے زور پر اپنا ایجنڈا مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، اسلام کا نام لیکر ریاست پر حملہ آور گروہوں کو سختی سے کچلا جائے گا۔

پشاور ہائیکورٹ کا پی ٹی آئی رہنما عرفان سلیم کو رہا کرنیکا حکم



 پشاور ہائیکورٹ نے تھری ایم پی او کے تحت گرفتارپی ٹی آئی کے مقامی رہنما عرفان سلیم کو رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

 پی ٹی آئی کے مقامی رہنما کے کیس کی سماعت چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس محمد ابراہیم کی سربراہی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔

  چیف جسٹس نے ڈپٹی کمشنر پشاور سے استفسار کیا کہ عدالتی احکامات کے باوجود درخواست گزار کو کیوں گرفتار کیا گیا، ڈی سی اورپولیس کیا اتنے طاقتور ہیں کہ عدالتی احکامات پر عمل نہیں کرتے۔

 ڈپٹی کمشنر نے  بتایا کہ عدالتی احکامات کا پتہ نہیں تھا، پولیس کے امن وامان خراب ہونے کے مراسلے پر عرفان سلیم کو گرفتار کیا تھا۔

 چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کے احکامات پرعمل نہیں ہوا تو پھر ہمیں کرسی پر بیٹھنے کا کوئی حق نہیں، ڈپٹی کمشنر نے عدالتی احکامات کو بھی ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا۔

عدالت نے عرفان سلیم کو رہا کرنے کا حکم دیدیا جبکہ چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔

۔

سکیورٹی اداروں کا 221 مبینہ دہشتگردوں سے ایک ارب روپے برآمد کرنے کا دعویٰ 



سکیورٹی اداروں نے 221 مبینہ دہشتگردوں سے ایک ارب روپے کی خطیر رقم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

 ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ پانچ سال کے دوران خیبر پختونخوا میں ایک ہزار732 مبینہ دہشتگرد وں کو  گرفتار کیا گیا ، جن کیخلاف  مالی معاونت کے کیسز درج کیے گئے۔ 194دہشتگردوں کو مالی معاونت کے جرم میں سزا ہوئی ہے۔

900 کیسز میں دہشتگردوں کو سزا ہوچکی ہے ،233ملزمان کو عدالتوں نے ناکافی شواہد کی بنیاد پربری کردیا، 10 مبینہ دہشتگرد کالعدم تنظیموں کی مالی معاونت کرتے ہوئے پائے گئے، مشترکہ آپریشن سی ٹی ڈی، کسٹم، ایف آئی اے اور حساس اداروں نے شروع کیا تھا۔

انقرہ خودکش حملہ ، ترک پولیس کی  18 صوبوں میں کارروائی  ، 90 افراد گرفتار



ترکیہ میں پولیس نے دو روز قبل  انقرہ خودکش حملے میں ملوث دہشتگردوں کی تلاش میں 18 صوبوں میں بڑا  آپریشن کیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کرد عسکریت پسند گروپ سے تعلق کے الزام کے شبے میں 90 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں پارلیمنٹ کی عمارت کے قریب ہونے والے دھماکے کی ذمے داری کرد عسکریت پسندوں نے قبول کی تھی۔

اتوار کو ایک خودکش بمبار نے خود کو اڑا لیا تھا جس کے نتیجے میں  2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے ۔جبکہ ایک خودکش حملہ آور کو پولیس نے فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا تھا۔

ڈالر مزید 1.01روپے سستا ، 285.75 کا ہو گیا



ڈالر کی گراوٹ کا سلسلہ جاری ، پاکستانی روپے مزید تگڑا ہو گیا۔

کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انٹر بینک میں ڈالر ایک روپے، ایک پیسے سستا ہونے کے بعد ڈالر کی قیمت 285 روپے 75 پیسے کا ہو گیا۔

گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر انٹر بینک میں ڈالر 286 روپے 76 پیسے پر بند ہوا تھا۔

دوسری جانب اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا مثبت رجحان رہا، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس 162 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد انڈیکس 46 ہزار 789 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔

۔

ملک بھر میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کیخلاف آپریشن کا فیصلہ



ملک بھر میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف آپریشن کا فیصلہ کر لیا گیا۔

 رپورٹس کے مطابق اب تک ایک لاکھ سے زائد گاڑیاں پولیس کے پاس باضابطہ رجسٹرڈ کی گئی ہیں،ایف بی آر اوردیگر سرکاری اداروں کے ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کیخلاف آپریشن کا فیصلہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے حالیہ دورہ پشاور کے دوران کیا گیا۔

آپریشن کے فیصلے کے بعد متعلقہ اداروں نے ملک میں غیرقانونی طریقے سے داخل ہونے والی گاڑیوں کا ڈیٹا نکال لیا ہے ۔اس وقت دو سے تین لاکھ گاڑیاں بغیررجسٹریشن کے چل رہی ہیں۔ ان کو ریگولرائز کرنے سے سرکاری خزانے میں بیس ارب روپے سے زائد کا ریونیو آنے کا امکان ہے۔