All posts by admin

ایف آئی اے کی کارروائی، لڑکی بن کر 12 لاکھ سے زائد رقم لوٹنے والا ملزم گرفتار



اسلام آباد (این این آئی)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)سائبر کرائم سرکل راولپنڈی نے کارروائی کرتے ہوئے مالی فراڈ میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے شکایت کنندہ کے بیٹے سے لڑکی بن کرسوشل میڈیا پر رابطہ کیا اور خود کو کینسر کا مریض ظاہر کرتے ہوئے رقم ہتھیائی۔

ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزم نے من گھڑت پریشانیوں کا بتاکر متاثرہ فرد سے لاکھوں روپے بٹورے۔ایف آئی اے کے مطابق ملزم مجموعی طورپر 12 لاکھ روپے سے زائد وصول کر چکا تھا، ملزم دیگر ساتھیوں کے ساتھ متاثرہ فیملی کو دھمکیاں بھی دیتا رہا۔

اسرائیل سے تعلقات پر پاکستان اپنا فیصلہ ملکی مفادات میں کریگا،نگراں وزیرِ خارجہ



اسلام آباد (این این آئی)نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ اسرائیل سے تعلقات کے معاملے پر پاکستان اپنا فیصلہ ملکی مفادات میں کرے گا۔

اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کے معاملے پر نگراں وزیرِ خارجہ جلیل عباس جیلانی نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل سے تعلقات کے معاملے پر پاکستان فلسطینی عوام کے مفادات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے فیصلہ کرے گا۔

واضح رہے کہ اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن نے کہا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ 6 سے 7 مسلم ممالک اسرائیل کو تسلیم کریں گے۔

اپنے بیان میں اسرائیلی وزیرِ خارجہ نے کہا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ امن کا مطلب مسلم دنیا اور یہودیوں کے درمیان امن ہے۔

علاوہ ازیں سعودی عرب کے 93 ویں قومی دن پر اسرائیل نے مبارک باد بھی دی ہے۔اسرائیلی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب کے بادشاہ، حکومت اور عوام کو مخلصانہ مبارک باد اور دعائیں پیش کرتے ہیں۔

دکانداروں نے تعطیل کے روز عام دنوں کی نسبت زیادہ قیمتیں وصول کرنا وطیرہ بنا لیا



لاہور( این این آئی)دکانداروں نے تعطیل کے روز پرچون سطح پر عام دنوں کی نسبت زیادہ قیمتیں وصول کرنا وطیرہ بنا لیا ، پرائس کنٹرول کا موثر نظام نہ ہونے کی وجہ سے پھل اور سبزیاں من مانے نرخوں پر فروخت کئے جاتے رہے ۔

سرکاری نرخنامے میں آلو شوگر فری درجہ اول کی قیمت75 روپے کلو مقرر کی گئی تاہم مختلف علاقوں میں دکانداروں نے 90سے100روپے کلو فروخت جاری رکھی ،آلو شو گر فری 70کی بجائے85،آلو شوگر فری درجہ سوم65کی بجائے70،پیاز درجہ اول85کی بجائے100،پیاز درجہ دوم74کی بجائے90، پیاز درجہ سوم65کی بجائے80،ٹماٹر درجہ اول86کی بجائے100،ٹماٹر درجہ دوم75کی بجائے85، ٹماٹر درجہ سوم65کی بجائے70،لہسن دیسی300کی بجائے400سے420،لہسن ہرنائی480کی بجائے550سے560،ادرک چائنہ1120کی بجائے1250سے1260، ادرک انڈونیشیائ940کی بجائے1050،ادرک تھائی لینڈ1060کی بجائے1150،کھیرا فارمی74کی بجائے90،میتھی200کی بجائے250،بینگن85کی بجائے100،بند گوبھی130کی بجائے150،پھول گوبھی155کی بجائے180،شملہ مرچ170کی بجائے200،بھنڈی100کی بجائے140سے150،شلجم130کی بجائے150،اروی135کی بجائے160سے170،مٹر290کی بجائے350،کریلا135کی بجائے160،سبز مرچ درجہ اول165کی بجائے180، سبز مرچ درجہ دوم95کی بجائے120،لیموں چائنہ155کی بجائے180،ٹینڈے دیسی165کی بجائے180سے190،گھیا کدو105کی بجائے120،پالک فارمی64کی بجائے75سے80،گھیا توری85کی بجائے110سے120،گاجر چائنہ135کی بجائے150،گاجر دیسی125کی بجائے140جبکہ حلوہ کدو74کی بجائے85سے90روپے کلو فروخت ہوا ۔ پھلوں میں سیب گاچہ درجہ اول175کی بجائے230سے240، سیب گاچہ درجہ دوم115کی بجائے170سے180، سیب گاچہ درجہ سوم100کی بجائے120،سیب کالا کولو پہاڑی درجہ اول200کی بجائے300سے320،سیب کالا کو لو پہاڑی درجہ دوم135کی بجائے170سے180، سیب کالا کولو پہاڑی درجہ سوم100کی بجائے130سے140،کیلا درجہ اول درجن135کی بجائے230سے240، کیلا درجہ دوم درجن90کی بجائے160سے180، کیلا درجہ سوم درجن70کی بجائے100،امرود درجہ اول135کی بجائے150، امرود درجہ دوم85کی بجائے100،انار بدانہ540کی بجائے680سے700، انار دانے دار330کی بجائے380سے500،گرما75کی بجائے90، آڑو درجہ اول215کی بجائے300،آڑو درجہ دوم155کی بجائے200،آم چونسہ سفید245کی بجائے290سے300،میٹھا درجہ اول درجن150کی بجائے170،میٹھا درجہ دوم درجن90کی بجائے120،انگور سندر خانی345کی بجائے400،جاپانی پھل درجہ اول165کی بجائے180، جاپانی پھل درجہ دوم120کی بجائے150جبکہ کھجور ایرانی 550کی بجائے630سے640روپے کلو فروخت ہوئی ۔

” خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ماڈل بازارز شاہد قادر نے کہا کہ ماڈل بازاروں میں پھل اور سبزیاں نہ صرف معیاری ہوتے ہیں بلکہ ریٹ لسٹ کے مطابق بلکہ 10فیصد تک کم نرخوں پر بھی فروخت ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تمام ماڈل بازاروں میں معیار اور قیمتوں کی کڑی مانیٹرنگ کی جاتی ہے اور کسی بھی شکایت پر فوری کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے ۔

برائلر گوشت کی فی کلو قیمت میں8روپے کمی



لاہور( این این آئی) شہر میں پرچون سطح پر فی کلو برائلر گوشت کی قیمت 8روپے کمی سے519روپے، زندہ برائلر مرغی کی قیمت کمی سے5روپے کمی سے346روپے جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت ایک روپے اضافے سے290روپے فی درجن کی سطح پر رہی۔

شیخوپورہ،مسافر ٹرین ٹریک پر کھڑی ٹرین سے ٹکرا گئی، 20 افراد زخمی



شیخوپورہ (این این آئی)شیخوپورہ میں قلعہ ستار شاہ اسٹیشن کے قریب مسافر ٹرین ٹریک پر کھڑی ٹرین سے ٹکرا گئی ،حادثے میں میانوالی سے لاہور جانے والی ٹرین میں سوار 20 مسافر زخمی ہو گئے۔

زخمی ہونے والوں میں سے 5 مسافروں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔واضح رہے کہ ایک روز قبل قلعہ ستار شاہ کے پاس مال گاڑی کی 4 بوگیاں ڈی ٹریک ہو گئی تھیں۔

میانوالی سے آنے والی مسافر ٹرین بھی کانٹا تبدیل نہ ہونے پر اسی ٹریک پر آ گئی۔مسافر ٹرین کے ڈرائیور کی کوشش کے باوجود ٹرین مال بردار بوگی سے ٹکرا گئی۔

ملک سے سوتی ملبوسات کی برآمدات میں اگست کے دوران ماہانہ بنیادوں پر 14 فیصداضافہ



مکوآنہ (این این آئی)ملک سے سوتی ملبوسات کی برآمدات میں اگست کے دوران ماہانہ بنیادوں پر 14 فیصد کی نمو ریکارڈکی گئی ہے۔

پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کیمطابق اگست میں سوتی ملبوسات کی برآمدات سے ملک کو 160 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو جولائی کے مقابلہ میں 14 فیصد زیادہ ہے۔

جولائی میں سوتی ملبوسات کی برآمدات کا حجم 141 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیاتھا۔گزشتہ سا ل اگست کے مقابلہ میں رواں سال اگست میں سوتی ملبوسات کی برآمدات میں 18 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی۔

گزشتہ سال اگست میں سوتی ملبوسات کی برآمدات کا حجم 195 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا تھا جو رواں سا ل اگست میں کم ہو کر 160 ملین ڈالر ہو گیا۔

جاری مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں سوتی ملبوسات کی برآمدات سے ملک کو 301 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 377 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 20 فیصد کم ہے۔

جاری مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں مجموعی طورپر 9.5 فیصد کی شرح سے کمی ریکارڈکی گئی ہے

موبائل فونز کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں نمایاں کمی



مکوآنہ (این این آئی)موبائل فونز کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی اور اگست میں موبائل فونز کی درآمدات کا حجم 8.314 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 613 فیصد کم ہے۔

گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں موبائل فونز کی درآمدات کا حجم 59.31 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اگست میں موبائل فونز کی درآمدات پر 4.979 ملین ڈالر زرمبادلہ صرف ہوا جو جون میں 3.33 ملین ڈالر اور گذشتہ سال اگست میں 43.66 ملین ڈالر تھا۔

مالی سال 2023 میں موبائل فونز کی درآمدات کا حجم 89.93 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں ٹیلی کام گروپ کی درآمدات پر 227.26 ملین ڈالر زرمبادلہ صرف ہوا جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 123.71 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

بلڈ نگ میٹریل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ،تعمیراتی کام ٹھپ ہونے سے سینکڑوں مزدور بے روزگار ہوگئے



مکوآنہ (این این آئی)بلڈنگ میٹریل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں،سیمنٹ،بجری،ریت،اینٹ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ،غریب آدمی چھت کے سائے سے محروم ہوگیا ۔

تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے بلڈنگ میٹریل کی قیمتوں کنٹرول نہ ہونے سے تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں ہیں۔

تعمیراتی میٹریل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد عام آدمی کا گھر بنانے کا خواب ادھورا ہو کر رہ گیا ہے مہنگائی میں ہوشربا اضافے کی وجہ سے سیمنٹ کی بوری 1200روپے،سریا 270روپے فی کلو،اینٹ فی ہزار 15000روپے،بجری 125فی فٹ ریت کا ٹرالا 18000روپے کا ہوجانے سے غریب آدمی کا مکان بنانے اور چھت کا حصول ناگزیر ہو چکا ہے۔

بلڈنگ میٹریل کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر لوگوں نے اپنے تعمیراتی کام رکوا دئیے ہیں جس سے مزدور طبقہ بے روزگار ہو گیا ہے۔

مزدور نے اپنی دیہاڑی میں بھی اضافہ کردیا ہے اسی طرح راج گیر،مستری بھی منہ مانگی اجرت طلب کررہے ہیں۔

ایل این جی کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں 3 فیصد اضافہ



مکوآنہ (این این آئی) ایل این جی کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 3 فیصد کی نمو ریکارڈکیا گیا ہے۔

پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی اور اگست میں ایل این جی کی درآمدات کا حجم 645 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 629 ملین ڈالر تھا۔

اگست کے مہینے میں ایل این جی کی درآمدات پر306 ملین ڈالر کازرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ سا ل اگست کے مقابلہ میں 23 فیصدکم ہے۔

گزشتہ سال اگست میں 399 ملین ڈالر مالیت کی ایل این جی درآمد کی گئی تھی۔ جولائی کے مقابلہ میں اگست میں ایل این جی کی درآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 10 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔

جولائی میں ایل این جی کی درآمدات کا حجم 340 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جو اگست میں بڑھ کر 399 ملین ڈالر ہو گیا۔ واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 34 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔

مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں پٹرولیم مصنوعات کادرآمدی بل 2.17 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 3.30 ارب ڈالر تھا۔

عالمی بینک نے پاکستانی عوام کو بری خبر سنا دی



مکوآنہ (این این آئی)عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق صرف 1 سال میں مزید سوا کروڑ پاکستانی غریب ہو گئے، ملک میں غربت کے شکار افراد کی تعداد ساڑھے 9 کروڑ ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق عالمی بینک نے انکشاف کیا ہے کہ ساڑھے 9 کروڑ پاکستانی اس وقت غربت کی زندگی گزار رہے ہیں۔

عالمی بینک نے جمعے کو یہ بھی انکشاف کیا کہ پاکستان میں گزشتہ مالی سال غربت بڑھ کر 39.4 فیصد تک پہنچ گئی ہے، خراب معاشی حالات کی وجہ سے مزید سوا کروڑ افراد غربت کے جال میں پھنس گئے۔

تقریباً ساڑھے 9 کروڑ پاکستانی اس وقت غربت کی زندگی گزار رہے ہیں۔ عالمی بینک نے پاکستان کی اگلی حکومت کیلیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مدد سے تیار کردہ پالیسی کے مسودہ کا اجرا کیا ہے جس میں کم انسانی ترقی، غیر پائیدار مالیاتی صورتحال،زراعت، توانائی اور نجی شعبہ جات کو ضابطے میں لانا اور ان شعبوں میں اصلاحات آئندہ حکومت کیلیے ترجیحی قرار دیے گئے ہیں۔

گلوکار ذیشان روکھڑی اور ملکو نے مجھے میرا معاوضہ نہیں دیا، فضاعلی



کراچی (این این آئی)معروف اداکارہ و گلوکارہ فضاعلی نے نجی ٹی وی پروگرام میں اپنے ساتھ ہونے والے واقعات کا کھل کر ذکر کیا۔

اینکر نے سوال کیاکہ آپ نے بہت سے گلوکاروں کے ساتھ گانے گائے ہیں جنہوں نے آپ کو معاوضہ نہیں دیا آپ ان کی رپورٹ کیوں نہیں کرتیں ؟

فضا علی نے کہامیں انہیں دل سے رپورٹ کرنا چاہتی ہوں کسی نے میرا خیال نہیں رکھا نہ کسی نے میرے بارے میں سوچا میں اس طرح کے شو میں بیٹھا کرتی تھی جہاں گلوکار مہمان بن کر آتے تھے وہ مجھ سے ان کے ساتھ گانے کی درخواست کرتے تھے میں نے کبھی گانے کے حوالے سے کوئی احسان نہیں چاہا لیکن پھر بھی میں نے ان کے لیے گایا۔

فضا علی نے مزید کہا کہ میں نے راحت فتح علی خان اور شیراز اپل کے ساتھ گایا ہے مجھے کبھی نہیں معلوم تھا کہ میرا گراف اس طرح نیچے جائے گا میں یہاں ذیشان روکھڑی کا نام لوں گی، میں نے ان کے ساتھ بہت گانے گائے میں انہیں بھائی سمجھتی تھی۔ لیکن اس نے مجھے ریکارڈ پر کبھی بہن قرار نہیں دیا۔

اداکارہ نے کہاکہ میں ایک بیٹی کی ماں تھی اس نے یہ واضح نہیں کیا کہ میں اس کی بہن جیسی ہوں دوسری بات اس نے مجھے میرے پیسے نہیں دیے۔ ملکو نے بھی مجھے معاوضہ نہیں دیا میں نے ملکو کے ساتھ بہت سے گانے گائے ہیں اس نے میری ادائیگی جاری کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن اس نے مجھے ادائیگی نہیں کی۔ میں مایوس ہو گئی تھی اور میں نے ایک سال کے لیے گانا چھوڑ دیا۔

سنسنی خیز نیٹ فلکس ویب سیریز ‘اسکوئیڈ گیمز’ کا نیا ٹیزر جاری



سیول(این این آئی) معروف او ٹی ٹی پلیٹ فارم نیٹ فلکس نے اپنی مشہور زمانہ جنوبی کورین ویب سیریز ‘اسکوئیڈ گیمز’ کے نئے ریئلٹی شو کا ٹیزر جاری کردیا۔

نئے ٹیزر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کھیل میں شامل ہونے والے کھلاڑیوں کو اسلحہ سے لیس کیا جارہا ہے اور اس کا سیٹ ‘اسکوئیڈ گیمز1’ سے مشابہ ہے۔

نیٹ فلکس کے اعلان کے مطابق سنسنی خیز ویب سیریز کے نئے ریئلٹی شو کو شائقین 22 نومبر سے پلیٹ فارم پر دیکھ سکیں گے۔2021 میں کرونا وبا کے دوران ‘اسکوئیڈ گیمز’ کا پہلا سیزن ریلیز ہوتے ہی صرف ایک ہفتے کے دوران پوری دنیا میں شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گیا تھا۔

شائقین کو ویب سیریز کے دوسرے سیزن کا شدت سے انتظار ہے لیکن نیٹ فلکس نے ‘اسکوئیڈ گیمز’ پر مبنی نیا ‘ریئلٹی شو’ بنایا ہے جبکہ سیزن ٹو کی تیاریاں جاری ہے۔’ریئلٹی شو’ کے ٹیزر میں دیکھا جاسکتا ہے 465 افراد 4.56 ملین ٹالر کیلئے ایک دوسرے سے مقابلہ کرتے ہیں۔