All posts by admin

عثمان ڈار کی گمشدگی ، پولیس کو آج ہی مقدمہ درج کرنیکا حکم



سندھ ہائیکورٹ نے عثمان ڈار کی حراست میں لیے جانے کے بعد گمشدگی  کیخلاف درخواست پر پولیس کو آج ہی مقدمہ درج  کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

 جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو عثمان ڈار کی گمشدگی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر علی طاہر نے موقف دیا کہ عدالت نے گزشتہ سماعت پرعثمان ڈار کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا۔

عدالت نے اظہار ناراضگی کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ عثمان ڈار کی گمشدگی کا مقدمہ کیوں درج نہیں کیا گیا؟ ایس ایچ او ملیر کینٹ نے بتایا کہ درخواستگزار کی جانب سے مقدمے کی اندارج کے لیے رجوع ہی نہیں کیا گیا۔ عدالت نے ایس ایچ او کو ہدایت کی کہ درخواستگزار کا بیان لیں اگر قابل دست اندازی جرم بنتا ہے تو مقدمہ درج کریں۔

 بیرسٹر علی طاہر نے موقف دیا کہ نگران وزیر داخلہ حارث نواز نے ٹی وی ٹاک شو میں اعتراف کیا کہ عثمان ڈار پولیس کی تحویل میں ہیں،اب پولیس کہتی ہے کہ عثمان ڈار کو حراست میں نہیں لیا گیا۔

عدالت نے پولیس کو آج ہی عثمان ڈار کی گمشدگی کا مقدمہ درج  کرکے 18 اکتوبر کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم  دیدیا۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ریمارکس دیے کہ مقدمہ درج ہو گا تو تحقیقات ہو نگی، سب سامنے آ جائے گا۔ عدالت نے سیکریٹری داخلہ سندھ سے بھی 18 اکتوبر کو تحریری جواب طلب کر لیا۔

 غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی ملک بدری ، پنجاب حکومت نے  تفصیلات طلب کر لیں ، سندھ میں کمیٹیاں قائم



پنجاب حکومت نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی تفصیلات طلب کر لیں۔
محکمہ داخلہ کے مراسلے کے مطابق ایپکس کمیٹی میں غیر قانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کو ملک بدر کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز سے غیر ملکیوں کی تفصیلات مانگ لیں ۔
مراسلے کے مطابق غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کی وطن واپسی کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے گی اور ان کو سفارتخانوں کےتعاون سے واپس بھیجا جائے گا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ غیرملکیوں کو رہائشی، مالی اور روزگار کی شکل میں غیر قانونی مقیم افراد کی معاونت کرنا بھی جرم ہے، فارن ایکٹ کے تحت غیر قانونی  قیام کرنے والے غیر ملکیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
علاوہ ازیں حکومت سندھ نے غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے صوبائی، ڈویژن اور ضلعی سطح پر عمل درآمد کمیٹیاں قائم کردیں۔ صوبائی تارکین وطن کی واپسی کمیٹی کے کنوینر ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈویژنل کمیٹی کے کنوینر کمشنرز اور ضلعی کمیٹی کے کنوینر ڈپٹی کمشنرز ہوں گے ، غیر ملکی تارکین کی واپسی عملدرآمد کمیٹی میں پولیس، کورہیڈکوارٹر، آئی بی، نادرا، ایف آئی اے، آئی ایس ۔آئی، ایم آئی اور کمشنر افغان پناہ گزینوں کے نمائندے شامل ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹیاں غیر رجسٹرڈ تارکین وطن افراد کا ڈیٹا جمع کریں گی  اور ان کی ملک بدری اورآمد کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنے کی ذمہ دار ہوں گی۔

 

 

 

 

بہارہ کہو میں کرین گرنے سے تعمیراتی کام میں مصروف 3 مزدور جاں بحق



اسلام آباد کے علاقے بہارہ کہو میں کرین گرنے سے تعمیراتی کام میں مصروف  3 مزدور جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، پولیس حکام کے مطابق جاں بحق مزدوروں کی شناخت قیصر عباس، ثمر شاہ اور وارث کے ناموں سے ہوئی۔

 جاں بحق مزدوروں کی لاشیں اور زخمی کو پولی کلینک ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پیشی پر آیا خطرناک ملزم بھاگ نکلا، 4 پولیس اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج



پتوکی(این این آئی) ڈسٹرکٹ جیل قصور سے پتوکی پیشی پر آئے خطرناک ملزم کے فرار پر چار پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق رشید عرف رشیدی نامی ڈاکو سنگین مقدمات میں ملوث ہے، ملزم کو ڈسٹرکٹ جیل قصور سے پتوکی پیشی پر لایا گیا جہاں سے وہ فرار ہو گیا۔

خطرناک ملزم کے فرار ہونے پر تھانہ سٹی میں 4 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم قتل، ڈکیتی اور منشیات جیسے سنگین جرائم میں ملوث ہے۔

ڈی پی او قصور نے ملزم کی گرفتاری کیلئے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔

سویرا شیخ کی شوبز میں کامیابیوں کے بعد شعبہ طب پر نظر



لاہور(این این آئی) اداکارہ و ماڈل سویرا شیخ نے کہا ہے کہ شوبز میں کامیابیوں کے بعد اپنی تمام تر توجہ شعبہ طب کی جانب کر لی ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ میں روایتی بیان بازی نہیں کر رہی بلکہ میں حقیقت میں اپنے شعبے کے ذریعے دکھی انسانیت کی خدمت کرنا چاہتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میڈیکل کی تعلیم کا آخری سال ہے جس کے بعد وطن واپس آ کر اس کی پریکٹس شروع کر دوں گی، میرا یہ عزم ہے کہ میں غریب اور مستحق لوگوں کیلئے بغیر کسی معاوضے کے فرائض سر انجام دوں گی۔

انہوں نے کہا کہ میرا یہ ماننا ہے کہ اگر خدا کی ذات کی قربت حاصل کرنی ہے تو دکھی انسانیت کی خدمت کی جائے اور شعبہ طب اس کا بہترین ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرا آخری سال ہے اور جلد میں ڈاکٹر بن کر دکھی انسانیت کی خدمت کا سلسلہ شروع کردوں گی۔

عدنان شاہ نے سجل علی کو بہترین ہیروئن قرار دے دیا



لاہور( این این آئی) نامور اداکار عدنان شاہ ٹیپو نے کہا ہے کہ موجودہ دور کی سب سے بہترین ہیروئن سجل علی کو مانتا ہوں جبکہ عمران اشرف کا شمار خطرناک اداکاروں میں ہوتا ہے۔

اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میں نے لالی ووڈ، ہالی ووڈ اور بالی ووڈ میں کام کیا ہے اور میں خوش قسمت ہوں جس نے تینوں جگہ اپنے فن کی صلاحیتوں کو منوایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بالی ووڈ میں جو پروفیشنل ازم ہیں اس کا کوئی جواب نہیں، وہ لوگ اپنے کام میں انتہائی سنجیدہ ہیں، وہاں ہر کام سلیقے سے ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری زندگی میں میری اہلیہ اور بیٹیوں کا بڑا اہم کردار رہا ہے جن کی وجہ سے میں نے زندگی کے ہر میدان میں کامیابیاں سمیٹی ہیں، میں ان کے کردار کو کبھی فراموش نہیں کر سکتا۔

امان اللہ خان جیسا کامیڈین دوبارہ پیدا نہیں ہوسکتا: آغا ماجد



لاہور( این این آئی) سینیئر کامیڈین اداکار آغا ماجد نے کہا ہے کہ امان اللہ خان جیسا کامیڈین دوبارہ پیدا نہیں ہوسکتا، میں نے عابد خان مرحوم کے فن سے متاثر ہو کر کام شروع کیا تھا اور اور انہی کی طرز پر کام کرتا ہوں۔

ایک انٹرویو میں آغا ماجد نے کہا کہ قدرتی طور پر میری ان سے مشابہت بھی ہے۔ کامیابی کبھی بھی پلیٹ میں رکھ کر نہیں ملتی بلکہ اس کے لیے بڑی جدوجہد کرنا پڑتی ہے، جتنے بھی کامیاب لوگ ہیں ان سے پوچھ لیں وہ اپنی کامیابی کا راز مسلسل محنت ہی بتائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جو شخص تسلسل کے ساتھ محنت کا راستہ نہیں چھوڑتا کامیابی بالآخر اس کے قدم چومتی ہے ۔

صنم سعید سے محبت کیسے ہوئی؟ محب مرزا نے راز سے پردہ اٹھا دیا



پاکستان کے معروف اداکار محب مرزا نے صنم سعید سے ہونے والی محبت کے راز سے پردہ اٹھا دیا ہے۔

محب مرزا نے اداکارہ آمنہ شیخ سے طلاق کے بعد ساتھی اداکارہ صنم سعید سے خفیہ طور پر دوسری شادی کی تھی، جس کی باضابطہ تصدیق رواں سال کی گئی۔

محب مرزا نے ایک ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈرامہ سیریل ’دین‘ کے شوٹنگ کے دوران وہ صنم سعید کی محبت میں گرفتار ہو گئے۔

محب مرزا نے سوال کے جواب میں گفتگو کو آگے بڑھاتے ہوئے کہاکہ بس! ایک اونچے قد والی لڑکی میرے سامنے تھی اور مجھے اس سے محبت ہو گئی۔

یاد رہے کہ محب مرزا اور صنم سعید نے رواں سال مارچ میں اپنی شادی کی تصدیق فہد مصطفیٰ کے شو میں کی تھی۔

رنبیر کپور نے فلم ’اینیمل‘ میں کردار نبھانے کیلئے کتنا معاوضہ لیا؟



بالی ووڈ کی دسمبر 2023 میں نئی آنے والی فلم ’اینیمل‘ سے متعلق دلچسپ انکشاف سامنے آیا ہے کہ مووی میں مرکزی کردار نبھانے والے رنبیر کپور نے انیل کپور سے 35 گنا زیادہ معاوضہ وصول کیا ہے۔

یکم اگست 2023 کو ریلیز ہونے والی فلم ’اینیمل‘ میں رنبیر کپور ایکشن میں نظر آئیں گے۔ وہ اس فلم میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار بن گئے ہیں۔

بتایا جارہا ہے کہ رنبیر کپور فلم میں گینگسٹر کے روپ میں نظر آئیں گے۔ اس وقت ان کے غصے والے انداز نے سوشل میڈیا پر دھوم مچائی ہوئی ہے۔

فلم اینیمل میں بوبی دیول، انیل کپور، رشمیکا مندانا اور ترپتی ڈمری جیسے تجربہ کار اداکاروں نے بھی حصہ لیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رنبیر کپور نے فلم میں کردار نبھانے کے لیے 70 کروڑ بھارتی روپے معاوضہ وصول کیا ہے جو سب سے زیادہ ہے۔

مالدیپ صدارتی انتخابات: چین کے حامی امیدوار محمد معیزو نے میدان مار لیا



مالدیپ نے صدارتی انتخابات کا مرحلہ اختتام پذیر ہو گیا ہے اور چین کے حامی امیدوار محمد معیزو نے میدان مار لیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدارتی امیدوار محمد معیزو نے 54.06 فیصد ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی ہے۔

محمد معیزو کے مد مقابل امیدوار موجودہ صدر ابراہیم محمد صالح نے اپنی شکست کو تسلیم کرتے ہوئے نومنتخب صدر کو مبارکباد دی۔

نومنتخب صدر محمد معیزو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں قوم کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ پرامن جمہوری عمل کا حصہ بننے پر عوام مبارکباد کے مستحق ہیں۔

اس کے علاوہ اپنے مختصر خطاب میں انہوں نے کہاکہ اس وقت تک جشن سے گریز کیا جائے جب تک انتخابی پابندیاں باضابطہ طور پر ختم نہیں ہو جاتیں۔

یاد رہے کہ نومنتخب صدر کے چارج سنبھالنے تک موجودہ صدر ابراہیم محمد 17 نومبر تک صدر دفتر میں کام کرتے رہیں گے۔

میانوالی: کنڈل پولیس چوکی پر حملہ، ایک اہلکار شہید، 2 دہشت گرد ہلاک



پنجاب کے علاقے میانوالی میں کنڈل کے مقام میں دہشت گردوں کی جانب سے پولیس کی پیٹرولنگ پوسٹ پر حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید ہو گیا، جبکہ جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

آئی جی پنجاب کے مطابق کنڈل پیٹرولنگ پوسٹ پر 10 سے 12 دہشت گردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا، اس دوران چیک پوسٹ کی چھت پر موجود اہلکار کی جانب سے جوابی فائرنگ کی گئی جس سے 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

انسپکٹر جنرل پولیس کا بتانا ہے کہ چیک پوسٹ پر حملہ دو اطراف سے کیا گیا مگر پنجاب پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنا دیا۔ 2 دہشت گرد مارے گئے جبکہ دیگر فرار ہو گئے۔

دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے پولیس سپاہی کی شناخت ہارون خان کے نام سے ہوئی ہے۔

آئی جی پنجاب کے مطابق بھاگنے والے دہشتگردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع



فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔

ایف بی آر کے مطابق انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 214 اے کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے تاریخ میں توسیع کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مختلف تجارتی تنظیموں اور ٹیکس بار ایسوسی ایشنز کی درخواستوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تاریخ میں 31 اکتوبر تک توسیع کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ 30 ستمبر مقرر تھی۔