All posts by admin

کشمیریوں کی آواز دبانے کے لئے فیس بک اورٹوئٹرپربھارتی دبائو بے نقاب



امریکی میڈیانے فیس بک اورٹوئٹرپربھارتی حکومت کے دبائوکوبے نقاب کردیا۔
ممتازامریکی اخبارواشنگٹن پوسٹ نے اپنے ایک مضمون میں انکشاف کیا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم” فیس بک“ بھارتی حکومت کے دبائو پربھارت کے زیرتسلط مقبوضہ جموں و کشمیر میں پروپیگنڈے اور نفرت انگیزتقاریرکوپروان چڑھنے دیتاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مضمون میں تقریباً تین برس قبل سوشل میڈیا پر اثر انداز ہونے والی ایک وسیع کارروائی کا پردہ فاش ہوا ہے جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کے کریک ڈائون کی تعریف کرنے اور کشمیری صحافیوں پربغاوت کا الزام لگانے کے لیے سینکڑوں جعلی اکائونٹس کا استعمال کیا گیا۔
مضمون میں کہا گیا ہے کہ اس نیٹ ورک کو سری نگر میں مقیم بھارتی فوج کی چنار کور چلاتی تھی۔ مضمون میں کہا گیا ہے کہ جب فیس بک کے امریکہ میں مقیم سپروائزر نے بھا رت میں اپنے ساتھیوں کو نیٹ ورک کے صفحات حذف کرنے کی ہدات کی تو نئی دہلی کے دفتر کے ایگزیکٹوز نے حکومتی ردعمل اور قانونی نتائج کے خوف سے ایسا کرنے سے انکار کیا۔
چنانچہ بھارتی فوجی یونٹ نے غلط معلومات پھیلانے کا سلسلہ جاری رکھا جس سے کشمیری صحافی خطرے میں پڑ گئے۔
یہ تعطل صرف اس وقت حل ہوا جب فیس بک کے اعلیٰ عہدیداروں نے مداخلت کی اور جعلی اکائونٹس کو حذف کرنے کا حکم دیا۔ واشنگٹن پوسٹ کے مضمون میں کہا گیا کہ کہ ٹویٹر(ایکس) نے بھی بھارتی حکومت کے دبائومیں آکراپنے قواعد و ضوابط ترک کیے اور ملازمین کی حفاظت سے متعلق خدشات کی وجہ سے اپنا نقطہ نظر تبدیل کیا۔ فیس بک نے بالآخر چنار کور کے جعلی اکائونٹس بند کر دیئے لیکن بھارتی فوج کو ہزیمت سے بچانے کے لیے ہٹانے کا انکشاف نہیں کیا۔ ٹویٹر نے بھی خاموشی سے چنار کور کے نیٹ ورک کو ہٹا دیا ۔

مستونگ اورہنگوکے حملوں نے دہشتگردی کے زخم تازہ کردیئے،انوارالحق کاکڑ



نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ مستونگ اور ہنگو میں تازہ حملوں نے دہشت گردی کے زخم تازہ کردیئے ہیں۔
جمعہ کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پرجاری اپنے بیان میں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کاکہناتھا کہ مستونگ اور ہنگو میں آج کے دہشتگرد حملوں نے ملک کے دیگر علاقوں میں ہونے والے واقعات کے زخم تازہ کر دیئے ہیں۔ وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ شہید ہونے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد شفاء یابی کے لئے دعا گو ہوں۔

وزیراعظم نے اس عزم کااظہار کیا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی!

دہشتگردوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کی ہدایت



پشاور: کورکمانڈر پشاورلیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے مساجد پر حملہ کرنے والوں کو دیکھتے ہی قتل کرنے کی ہدایت کردی۔
کورکمانڈرپشاورلیفٹیننٹ جنرل حسن اظہرحیات جمعہ کے روزہنگوکے علاقے دوآبہ میں مسجد پر خود کش حملے کے بعد پولیس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کے لئے ہنگوپہنچے تھے۔

سوشل میڈیا پرجاری ہونے والی ایک ویڈیومیں لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات کوپولیس جوانوں سے گفتگوکےدوران یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتاہے کہ ان (مساجدپرحملہ کرنے والے) لوگوں کے بارے میں ایک ہی حکم ہے کہ انہیں قتل کیاجائے۔
کورکمانڈرنے پولیس جوانوں کی تعریف کہ انہوں نے بروقت کارروائی کرکے ایک حملہ آورکوباہرہی ہلاک کردیا ورنہ زیادہ نقصان ہوسکتاتھا۔
لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہرحیات نے ہسپتال جاکرزخمیوں کی عیادت بھی کی۔

ملک بھر میں عیدمیلادالنبی ؐ مذہبی عقیدت واحترام سے منائی گئی



اسلام آباد: ملک بھر میں سرکارِ دو عالم حضرت محمد ﷺ کی ولادت کا جشن مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔اس موقع پر ملک بھر میں چھوٹی بڑی عمارتوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا اور ہر جانب روشنی اور فضا میں درود و سلام کی صدائیں بلند رہیں ۔
جشن میلادِ مصطفیٰ ﷺ کے حوالے سے نعتوں کی محافل کا انعقاد بھی جاری رہا اور ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس بھی نکالے گئے ۔وفاقی دارالحکومت میں سرکاری، نجی عمارات اور گھروں کو خوبصورتی سے سجایا گیا جبکہ شہر بھر میں عیدِ میلادالنبی ﷺ کے مختلف جلوس نکالے گئے ۔

وارم اپ میچ:پاکستانی بولرز346 کادفاع نہ کرسکے،کیویزآسانی سے جیت گئے



پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈکپ سے قبل اپنے پہلے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈکے خلاف 346 رنز کادفاع نہ کرسکی اور نیوزی لینڈ نے 346 رنز کاہدف 44ویں اوورمیں5 وکٹوں کے نقصان پرعبورکرلیا۔

 نیوزی لینڈ کی طرف سے رچن رویندرانے 97 رنزکی اننگز کھیلی۔کین ولیم سن نے 54 اورمچل نے 59 اورمارک چمپ مین نے 65 رنز کاشاندار اننگز کھیل کراپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار اداکیا۔

قومی کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 345 رنز بنائے تھے ،پاکستان کی طرف سے اوپنر بلے باز عبداللہ شفیق14 رنز بناکرآئوٹ ہوگئے جبکہ امام الحق صرف ایک رن ہی بناسکے۔ کپتان بابراعظم نے شانداربلے بازی کامظاہرہ کرتے ہوئے 80 رنز بنائے جس میں 8 چوکے اوردوچھکے شامل تھے۔

محمد رضوان نے بھی کپتان کابھرپورساتھ دیا اور شاندارسنچری سکور کی ، رضوان کی سنچری میں 9 چوکے اور دوشاندار چھکے شامل تھے، رضوان 103 رنز بناکرپویلین واپس گئے ۔

سعودشکیل نے بھی زبردست بلے بازی کامظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری سکور کی۔ سعود کی 75 رنز کی اننگ میں 5 چوکے اور 4 شاندار چھکے شامل تھے ۔ شاداب خان نے دوچھکوں کی مدد سے16 رنز بنائے۔

سلمان علی آغا نے 33 رنزکی اننگزکھیلی اورآئوٹ نہیں ہوئے انہوں نے ایک چھکا اورتین چوکے لگائے جبکہ افتخاراحمد7 رنزپرناٹ آئوٹ رہے جس میں ایک چھکا شامل تھا۔ پاکستان نے مقررہ 50 اوورزمیں5 وکٹوں کے نقصان پر345 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کو جیت کے لئے 346 رنز کاہدف دیا۔

قومی ٹیم کے خلاف وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کی قیادت ٹام لیتھم کررہے ہیں۔

سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیرمیمن سیاست میں آگئے،ن لیگ میں شامل



وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سابق ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) بشیر میمن بھی سیاست میں آگئے اور  مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرلی۔
مریم نواز نے مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے استقبال کیلئے سندھ میں 12 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے اور بشیر میمن کو 12 رکنی کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے۔
مسلم لیگ ن کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی میں محمد زبیر، کھیل داس کوہستانی، نہال ہاشمی بھی شامل ہیں۔
کمیٹی 21 اکتوبر کو نواز شریف کے استقبال میں کارکنان کی شرکت یقینی بنائے گی۔
سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن نے کچھ عرصہ قبل ایک ٹی وی پروگرام میں اس بات کاانکشاف کیاتھا کہ انہیں تحریک انصاف کے دورحکومت میں مسلم لیگ ن کے بعض رہنمائوں کے خلاف مقدمات قائم کرنے کے لئے مجبور کیاگیا تھا۔

مدارس اورمساجدمیں رہائش پذیرافرادکی تفصیلات طلب



اسلام آباد پولیس نے مدارس اورمساجدمیں رہائش پذیرتمام افراد کی معلومات انسداد انتہاپسندی یونٹ کوفراہم کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔
پولیس کی جانب سے اسلام آباد کی تمام مساجد اور مدارس کی انتظامیہ کو خطوط جاری کئے گئے ہیں ۔
خطوط میں مدارس اورمساجدکی انتظامیہ سے درخواست کی گئی ہے کہ کسی اجنبی کورہائش کی اجازت نہ دی جائے، پولیس نے خبردار کیا ہے کہ شرپسند عناصر شب بسری کے بہانے دہشتگردی کے واقعات سرانجام دیتے ہیں۔
مساجداورمدارس انتظامیہ سے کہاگیاہے کہ وہ اپنے ہاں رہائش پذیر تمام افرادکومعلومات فراہم کریں اور کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کی اطلاع پکار 15 پردی جائے۔

وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی سعودی عرب سے وطن واپسی



اسلام آباد : نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ دورہ سعودیہ عرب مکمل کرکے پاکستان پہنچ گئے ۔
جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق دورہ سعودی عرب مکمل کرنے کے بعدمکہ کے نائب گورنر شہزادہ بدر بن سلطان نے نگران وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ کو الوداع کیا

سعودی عرب کے نجی دورے کےد وران انوارالحق کاکڑ نے روضہ رسول ؐ پرحاضری اورمسجد نبوی میں نوافل ادا کئے ۔ وزیراعظم نے عمرہ کی سعادت بھی حاصل کی۔

راناثنا اللہ نے شاہدخاقان عباسی کے اختلافات کی تصدیق کردی



اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنمااور سابق وفاقی وزیر داخلہ راناثنا اللہ نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے پارٹی قیادت سے اختلافات کی تصدیق کردی ۔
ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے راناثنا اللہ کا کہنا تھا کہ شاہدخاقان عباسی کا مسلم لیگ ن کے ساتھ تین دہائیوں سے بھی پرانا تعلق ہے، وہ مسلم لیگ ن کی قیادت کے بھی بہت قریب رہے ہیں،
شاہدخاقان عباسی طیارہ سازش کیس کےد وران پارٹی قائد نوازشریف کے جیل کے ساتھی بھی رہے ہیں یہ تعلق اتنی آسانی سے ختم نہیں ہوسکتا۔
رانا ثنااللہ نے تصدیق کی کہ پارٹی قیادت کے ساتھ کچھ چیزوں پران کی رائے مختلف ہوسکتی ہے یہ چیزیں پارٹیوں میں چلتی رہتی ہیں ،میرا ذاتی خیال ہے کہ یہ اختلافات دورہوجائیں گے۔

بلوچستان سے اغوا ہونے والے فٹ بالرز20 روزبعدبازیاب



بلوچستان سے اغوا ہونے والے فٹ بالرزبازیاب ہونے کی خوشخبری آگئی۔

رواں ماہ9 ستمبر کوبلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی سے 6 فٹ بالرزکو اس وقت اغوا کرلیاگیاتھا جب وہ ٹورنامنٹ کے لئے سبی سے ڈیرہ بگٹی جارہے تھے ۔

فٹ بالرزکی بازیابی کے لئے سکیورٹی فورسزاورمقامی رہنمائوں کی جانب سے مسلسل کوششیں جاری رہیں، سکیورٹی فورسز نے اس دوران علاقے کی ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن بھی کئے۔

جمعہ کے روزایڈیشنل چیف سیکرٹری صالح ناصر نے تصدیق کی ہے کہ 6 فٹبالرز میں سے چار کو بازیاب کروالیا گیاہے جو بازیابی کے بعد اپنے گھروں تک پہنچادیئے گئے ہیں جبکہ باقی دوفٹ بالرزکی بازیابی کے لئے بھی کوششیں جاری ہیں۔

پی ٹی آئی کی نگران وزیر اعظم کے بیرونی دوروں پرتنقید



پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے نگران وزیراعظم کے بیرونی دوروں کو قابل مذمت قرار دے دیا۔
پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ نگران وزیراعظم کی جانب سے سرکاری وسائل پر دنیا کی سیر نہایت قابلِ مذمت ہے، پاکستان کو سنگین معاشی مشکلات اور وسائل کی شدید قلّت کا سامنا ہے۔

کورکمیٹی اعلامیہ کے مطابق نگران وزیراعظم بیرونی یاترا اور احمقانہ بیان بازی سے صورتحال کی سنگینی بڑھا رہے ہیں، نگراں وزیراعظم کودنیا گھومنے اور قومی وسائل ضائع کرنے سے اجتناب کرنا چاہیے۔
پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ قوم کو بتایا جائے نگران وزیراعظم کے سیروتفریح کے شوق پر قومی خزانے سے کتنے اخراجات کئے گئے ہیں۔
کورکمیٹی اعلامیہ میں چیف جسٹس آف پاکستان سے بھی مطالبہ کیاگیا ہے کہ آئینی مدت میں عام انتخابات کے انعقاد کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کرکی جائیں۔

ریاست جشن میلاد پرحملہ کرنے والوں کوکچل دے گی،مرتضیٰ سولنگی



اسلام آباد: نگران وفاقی وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ جشن میلاد النبیؐ کے موقع پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کوریاست کچل دے گی

جمعہ کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے جشن ولادت رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور نماز جمعہ کو نشانہ بنانے کا انتخاب کیا اور درجنوں بے گناہ مسلمانوں کو شہید کیا۔
وزیر اطلاعات کا کہناتھا کہ کوئی شک وشبہ نہیں کہ یہ قتل عام کرنے والے درندوں کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں۔
پاکستانی ریاست ان خونخوار درندوں کو پوری قوت اور پاکستانی عوام کی طاقت سے کچل دے گی۔