All posts by ghulam mustafa

شام ، ملٹری کالج پر ڈرون حملہ ،فوجیوں سمیت 100 افراد جاں بحق ، درجنوں زخمی



شام کے شہر حمص میں ملٹری کالج پر کیڈٹ کی گریجویشن تقریب کے دوران ڈرون حملے میں 100 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے، ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک مانیٹرنگ گروپ کا کہنا ہے کہ حمص میں شامی ملٹری اکیڈمی پر ڈرون حملے میں 100 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق افراد میں متعدد شہری بھی شامل ہیں، ڈرون حملہ اس وقت کیا گیا جب کالج میں کیڈٹس کی گریجوایشن تقریب جاری تھی، جس میں ان کے اہل خانہ بھی شریک تھے،رپورٹ کے مطابق شامی وزیر داخلہ کچھ دیر قبل ہی تقریب سے واپس روانہ ہوئے تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شامی فوج نے معروف بین الاقوامی افواج کے حمایت یافتہ دہشتگرد گروپوں کو اس حملے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔  خیال کیا جاتا ہے کہ ڈرون حملہ حمص کے شمال مغرب میں اپوزیشن کے زیر قبضہ علاقوں سے کیا گیا۔

بعد ازاں شام کی فلاحی تنظیم وائٹ ہیلمٹس نے اطلاع دی کہ صوبہ ادلب کے حزب اختلاف کے گڑھ میں کئی شہروں، قصبوں اور دیہاتوں پر سرکاری توپ خانے سے شدید گولہ باری اور میزائل حملوں میں 5 شہری جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ثنا‘ نے مسلح افواج کی جنرل کمان کے ایک بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ کئی ڈرونز نے حمص کی ملٹری اکیڈمی کو دوپہر میں گریجویشن تقریب ختم ہونے کے فوراً بعد نشانہ بنایا،حکام کا کہنا ہے کہ جارحیت کے نتیجے میں متعدد شہری اور فوجی اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

صداقت عباسی کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور



انسداد دہشتگردی عدالت نے صداقت علی عباسی کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کر لی۔

انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی کے جج ملک اعجاز آصف نے درخواست پر سماعت کی، عدالت نے صداقت علی عباسی کی 50 ہزار کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی، عدالت نے ملزم کو شامل تفتیش ہونے کا حکم بھی دے دیا۔

صداقت علی عباسی پر تھانہ آر اے بازار راولپنڈی میں غداری، دہشتگردی، جلاؤ گھیراؤ اور بغاوت جیسی سنگین دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی تھی، عدالت نے صداقت عباسی سمیت فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 10 اکتوبر کو ریکارڈ طلب کر لیا۔

درخواست میں مؤقف اختیارکیا گیا تھا کہ درخواست گزار بے قصور ہے، پولیس نے بدنیتی پر مبنی مقدمہ درج کیا گیا۔

رضا کارانہ  طور پر افغانستان واپس جانے والوں کو سہولتیں دینے کا فیصلہ



 غیر قانونی افغانیوں کی وطن واپسی کے معاملہ پر پاکستانی حکام کی افغان سفارتخانے کے حکام سے اہم ملاقات ہوئی ،ملاقات میں پولیس، انتظامیہ اور افغان کمشنریٹ کے افسران نے شرکت کی، سفارتخانے کو پاکستان نے غیر قانونی مقیم افغانیوں کی واپسی کے ٹی او آرز سے آگاہ کیا۔

افغان سفارتخانے نے غیر قانونی مقیم افغانیوں کی واپسی کے معاملے پر اتفاق کیا اور اس سلسلہ میں پاکستان کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔پاکستانی حکام کی جانب سے اپنی مرضی سے واپس جانے والوں کو سہولیات دینے کی یقین دہانی کرائی گئی، اس حوالے سے گرفتار افغانیوں کا ڈیٹا افغان سفارتخانے سے شیئر کیا جائے گا۔

کوہاٹ ، کار اور بس میں تصادم ، 2 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق



کوہاٹ میں ٹنل کے قریب کار اور مسافر بس کے درمیان  تصادم کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔

حادثہ کوہاٹ انڈس ہائی وے ٹنل چیک پوسٹ کے قریب پیش آیا ،جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 5 افراد موقع پر دم توڑ گئے ،زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ایک اور زخمی خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔

ریسکیو حکام کے مطابق کار بنوں سے پشاور اور مسافر بس پشاور سے ڈی آئی خان جا رہی تھی۔

گھنٹی بجائیں،دو لاکھ دیں، ابا لے جائیں” باپ سے ناراض بیٹی کا انوکھا احتجاج



بچے اپنے والدین کی توجہ حاصل کرنے کے لئے بہت سے طریقے اپناتے ہیں لیکن بھارت میں ایک بچی نے اپنے والد کے خلاف انوکھا احتجاج کیا اور ناراضگی کے بعد گھر کے دروازے پر ”فادر فار سیل“ کا اشتہار لگا دیا، ساتھ ہی نیچے قیمت بھی لکھ دی۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق میلن کوہولک نے ”ایکس“ پر ایک ایسی پوسٹ شیئر کی جس میں ایک بچی کے ’معصومانہ انداز میں انتقام‘ کا تذکرہ ہے۔
اشتہار پر باقاعدہ قیمت کے آگے دو لاکھ لکھا گیا ہے اور مزید معلومات کے لیے گھنٹی بجانے کا کہا گیا ہے۔

کونوے اور رویندرا کی سنچریاں ، نیوزی لینڈ نے ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں انگلینڈ کو شکست دیدی



 کرکٹ ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی۔

بھارت کے شہر احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے  مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ نے  283 رنز کا ہدف 37 ویں اوور میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔

 ڈیون کونوے نے 121 گیندوں پر 152 رنز جبکہ نوجوان رچن رویندرا نے 96 گیندوں پر 123رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔دونوں کے درمیان 273 رنز کی شاندار شراکت داری قائم ہوئی، انگلش ٹیم کی جانب سے جو روٹ 77 اور کپتان جوز بٹلر 43 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

 

سپریم کورٹ میں 2 ججز کی خالی آاسامیاں:چیف جسٹس نے جوڈیشل کمیشن کے ارکان کو 28 خطوط لکھ دیئے



سپریم کورٹ میں 2 ججز کی خالی نشستوں کے معاملے پر چیف جسٹس قاضی فاٸز عیسیٰ نے جوڈیشل کمیشنز کے ممبران کو 28 خطوط لکھ دیئے۔

ذراٸع کے مطابق جوڈیشل کمیشن رولز سے متعلق چیف جسٹس نے خطوط لکھے ہیں، خطوط تمام جوڈیشل کمیشنز کے ممبران کو لکھے گئے ہیں۔

ذراٸع کے مطابق تمام جوڈیشل کمیشنز سے تجاویز آنے کے بعد جوڈیشل کمیشن اجلاس ہوگا۔سپریم کورٹ میں اس وقت 15 ججز فرائض سرانجام دے رہے ہیں جبکہ کل 17 ججز میں سے 2 کی نشستیں خالی ہیں۔

پاکستان پر قرضوں کا بوجھ 64 ہزار ارب ہو گیا ، ہر شہری ڈھائی لاکھ روپے کا مقروض



پاکستان پراندورونی اور بیرونی قرضوں کابوجھ 64 ہزارارب روپے تک جا پہنچا، ہرشہری ڈھائی لاکھ روپے کا مقروض بن گیا۔

،اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق وفاقی حکومت نے اگست 2023میں 2 ہزار218ارب روپے کے نئے قرضے لئے، جس کے بعد پاکستان پرمقامی قرضوں کاحجم  24 فیصد بڑھ کر 39792 ارب روپے تک پہنچ گیا۔

مرکزی بینک کے مطابق ملک پربیرونی قرضوں کا بوجھ 39 فیصد سے بڑ ھ کر 24 ہزار175ارب روپے تک جا پہنچا ہے۔

اسرائیلی اور فلسطینی خواتین کا پہلی مرتبہ مشترکہ امن مارچ



مقبوضہ مغربی کنارے میں مسلسل ہونے والی جھڑپوں میں بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان سے پریشان اسرائیلی اور فلسطینی خواتین نے مشترکہ  امن مارچ کیا۔ 

عرب میڈیا کے مطابق مغربی کنارے کے دو مقامات القدس اور بحیرہ مردار میں سیکڑوں اسرائیلی اور فلسطینی خواتین نے امن ریلی نکالی۔ شرکا نے امن کی علامت کے طور سفید چھتریاں اُٹھا رکھی تھیں، مظاہرے میں شامل خواتین نے  ہمارے بچوں کو مارنا بند کرو اور  ہم امن چاہتے ہیں، کے نعرے لگا ئے۔ بینرز پر لکھا تھا کہ ہم نے جنگ کے لیے بچے پیدا نہیں کیے۔

مغربی کنارے میں پہلی بار یہ منظر دیکھنے کو ملا ہے کہ اسرائیلی اور فلسطینی خواتین نے مشترکہ طور پر کوئی مظاہرہ کیا ہو۔ اس پر خواتین شرکاء کا کہنا تھا کہ دونوں طرف کی ماؤں اور بہنوں کا ایک سا دکھ ہے،اس ریلی کا انعقاد ’الائنس فار مڈل ایسٹ پیس‘‘ نے کیا تھا۔

کبھی فائل کھولنے کی زحمت بھی کر لیا کریں” چیف جسٹس سرکاری وکیل پر برہم



 سپریم کورٹ میں کمشنر ان لینڈ ریونیو کی ہاٸیکورٹ کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی درخواست پر سماعت کے دوران چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے تیاری نہ ہونے اور سوالات کے جواب نہ دینے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے سرکاری وکیل کو مائیک پر مزید بولنے سے روک دیا۔

چیف جسٹس قاضی فاٸز عیسی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے کمشنر ان لینڈ ریونیو کی ہاٸیکورٹ کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی درخواست پر سماعت کی، دوران سماعت تیاری نہ ہونے اور سوالات کے جواب نہ دینے پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سرکاری وکیل کو ماٸیک پر مزید بولنے سے روک دیا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ تقریر نہ کریں، ہمارے سوالات کا جواب دیں، آپ لوگ فاٸل کھولنے کی زحمت کیوں نہیں کرتے؟ جن دستاویز پر کیس لڑھ رہے ہیں وہ عدالت کو تو دکھا دیں؟ کیس چلانے کے لیے آپ کی جگہ ہمیں جدوجہد کرنی پڑتی ہے،سپریم کورٹ نے کمشنر ان لینڈ ریونیوکی نظر ثانی کی استدعا مسترد کرتے ہوے ہاٸی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا۔

واجبات کی عدم ادائیگی ، متعدد سرکاری اداروں کی گیس منقطع کر دی گئی



سوئی ناردرن نے واجبات کی عدم ادائیگی پر متعدد سرکاری اداروں کی گیس منقطع کر دی۔

ترجمان سوئی ناردرن کے مطابق مختلف نادہندہ اداروں اور محکموں سے 4 کروڑ روپے سے زائد رقم وصول کر لی ، ایم این اے ہاسٹل کے ذمہ 2 کروڑ 36 لاکھ 39 ہزار سے زائد کے واجبات پر گیس کاٹی گئی۔

اس کے علاوہ  کیو بلاک کے ذمہ 55 لاکھ 14 ہزار سے زائد، سیکٹر جی فائیو میں خواتین ہاسٹل کے 62 لاکھ 54 ہزار سے زائد کے واجبات جبکہ پوسٹ ماسٹر جنرل اسلام آباد کے ذمہ 6 لاکھ 22 ہزار سے زائد کی عدم ادائیگی پر گیس کنکشن کاٹ دیئے گئے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ پوسٹل اسٹاف کالج کے ذمہ ایک لاکھ 30 ہزار،  پنجاب ایمرجنسی سروسز کے ذمہ ایک لاکھ سے زائد کے واجبات پر گیس منقطع کر دی گئی۔

ترجمان کے مطابق ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی سے 87 لاکھ 74 ہزار سے زائد ، راولپنڈی انسیٹیٹوٹ آف کارڈیالوجی سے 84 لاکھ 31ہزار روپے ، پمز اسپتال سے 49 لاکھ 43 ہزار روپے  اور کیپیٹل اسپتال اسلام آباد سے 20 لاکھ روپے کے واجبات وصول کر لئے گئے۔