Tag Archives: انوارالحق کاکڑ

عدالت کسی جماعت یا شخصیت کے الیکشن لڑنے پر پابندی لگاتی ہے تو تسلیم کرنا ہوگا،کاکڑ



اسلام آباد: نگران وزیراعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان جلد ہو جائے گا اور پھر ہم سب ووٹ ڈالنے جائیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ لیول پلئینگ فیلڈ اگر ایک مخصوص جماعت کو جتوانے کا نام ہے تو میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔ 2018 کی لیول پلئینگ فیلڈ یاد ہے جب جنوبی پنجاب محاذ بنا تھا،انہوں نے کہا کہ اگر کوئی کہے کہ عدالت اور پارلیمنٹ کو آگ لگا کر میں جمہوریت کا چیمپئن رہوں گا تو قانون یہ چیز نہیں مانتا،اگر یہ سمجھتے ہیں کہ نگران حکومت آگ لگانے کا لائسنس دے دے تو یہ نہیں ہوسکتا، وزیراعظم نے استفسار کیا کہ اگر یہ سب حرکتیں جے یوآئی نے کی ہوتیں تو کیالوگوں کا نقطہ نظر پھر بھی یہی ہوتا؟

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ کوئی بھی سیاسی جماعت یاشخصیت سیاسی عمل سے باہر ہو،عدالتی فیصلے سے کسی پر پابندی لگ جاتی ہے تو درست یاغلط ہمیں تسلیم کرنا ہے۔

مسلم لیگ ن کے قائد کی وطن واپسی سے متعلق سوال پر انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ نوازشریف پیدائشی پاکستانی شہری ہیں تو بائیومیٹرک ان کا حق ہے، کیا بائیومیٹرک کے لئے وزیراعظم ہائوس سے کسی منظوری کی ضرورت ہوتی ہے؟ یہ ایک قانونی عمل ہے اس سے کسی کو کیا سیاسی فائدہ ہوسکتاہے ۔ ایک سوال پر نگران وزیراعظم نے کہا کہ غیرقانونی طورپرمقیم افغان مہاجرین واپس اپنے ملک جائیں اور اپنی حکومتوں سے پاسپورٹ لے کر پاکستان آئیں۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ چینی صدر کی دعوت پر چین کا دورہ کیا، صدر شی کے ساتھ ملاقات مثبت رہی، چین نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کی، انہوں نے کہا کہ پاکستان پرعزم ہے کہ حالیہ ملاقات کے بعد سی پیک کا تسلسل جاری رہے گا۔ سی پیک منصوبہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔

انہوں نے کہا کہ جو بھی حکومت ہو پاک چین تعلقات کا تسلسل جاری رہنا چاہئے اس سے بے یقینی کا تاثر زائل ہوجاتا ہے۔

انوار الحق کاکڑ کا کہناتھا کہ چین کے ساتھ 20 کے قریب مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں۔

انہوں نے تجویز پیش کی کہ پاکستان اور چین کے درمیان ایک دوسرے کے علاقوں کی معلومات کا تبادلہ ہوناچاہئے، مجھے یہ جان کر حیرانی ہوئی کہ ارومچی دنیا کے جدید ترین شہروں میں سے ایک ہے۔

انوار الحق کاکڑ کاکہناتھا کہ دورہ چین کے دوران روس، کینیا اور دیگر ممالک کے سربراہان سے بھی ملاقات ہوئی۔ اس دوران کینیا کے صدر سے ارشد شریف کے قتل پربات ہوئی، ان کے مطابق کینیا کے صدر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ارشد شریف قتل کی کافی حد تک تحقیقات ہو چکی ہیں اور جو رہ گئی ہیں وہ بھی مکمل ہوں گی۔

وزیراعظم کا کہناتھا کہ مختلف ممالک کی قیادت کے ساتھ مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر بات کی ہے۔

علامہ طاہر اشرفی نگران وزیراعظم کے معاون خصوصی مقرر، نوٹیفکیشن جاری



نگراں وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ نے ممتاز عالم دین علامہ طاہر اشرفی کو اپنا نمائندہ خصوصی مقرر کر لیا ہے۔

نگران وزیراعظم کی جانب سے علامہ طاہر اشرفی کو مڈل ایسٹ اوراسلامی ممالک کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی کا نمائندہ خصوصی مقرر کیا گیا ہے۔

پرنسپل سیکریٹری ہمراہ وزیراعظم توقیر شاہ کی جانب سے طاہر اشرفی کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ طاہر اشرفی اس سے قبل بھی وزرائے اعظم کے ساتھ بحیثیت نمائندہ خصوصی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

چین کے ساتھ تعلقات کی مزید مضبوطی کے لیے پُرعزم ہیں، نگران وزیراعظم



نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اپنے چین کے جاری دورے کے دوران سنکیانگ کے خود مختار علاقے ارومچی پہنچ گئے ہیں۔ وزیر اعظم نے سنکیانگ یونیورسٹی کا دورہ کیا جہاں سنکیانگ یونیورسٹی کے صدر یاؤ کیانگ اور اکیڈمیا کے اراکین نے ان کا استقبال کیا۔

انہوں نے قابل ذکر سکالرز، محققین، ماہرین تعلیم، فیکلٹی ممبران اور طلباء کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ان کا سنکیانگ کا دورہ پاکستان اور چین کے درمیان پائیدار تعلقات میں سنگ میل کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے باہمی امن، خوشحالی اور ترقی کے لیے پاک چین آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر اعظم نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے حوالے سے کی سنکیانگ کی اہمیت کی تعریف کی اور قدیم شاہراہ ریشم کے حصے کے طور پر رابطے کے ایک مرکز کے طور پر خطے کے تاریخی کردار کو سراہا۔

سنکیانگ اور گلگت بلتستان کے درمیان ثقافتی اور تاریخی روابط کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، اقتصادی ہم آہنگی، تجارت اور سرمایہ کاری، زراعت، تعلیمی تبادلے، سائنس اور ٹیکنالوجی اور دونوں ممالک کے لوگوں کے درمیان رابطے کو فروغ دینے کے لیے سنکیانگ کے ساتھ شراکت میں پاکستان کی دلچسپی کا اظہار کیا۔

لوگوں سے تبادلے تعلیمی روابط کی اہمیت اور ممالک اور عوام کے درمیان تعلقات کو آگے بڑھانے میں طلباء کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے پاکستان اور چین کے نوجوانوں سے امید ظاہر کی کہ وہ آنے والے سالوں میں دوستی اور بھائی چارے کے پل کے طور پر کام کریں گے۔

اس سے پہلے وزیراعظم کو یونیورسٹی کے ہسٹری میوزیم میں 99 سالہ پرانی سنکیانگ یونیورسٹی کی تاریخ کےبارے بریفنگ بھی دی گئی۔

دنیا کی کوئی طاقت پاک چین تعلقات میں دراڑ نہیں ڈال سکتی،انوار الحق کاکڑ



بیجنگ: نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ چین پاکستان کا تزویراتی شراکت دار ہے،پاکستان کو چین کی دوستی پر فخر ہے۔
چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے انوالحق کاکڑ نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان چین تعلقات میں دراڑیں نہیں ڈال سکتی۔چین پاکستان کا تذویراتی شراکت دار ہے،شی جن پنگ کی وژنری قیادت میں پاکستان کے لئے بہت مواقع موجود ہیں۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں مدعو کرنے پر چینی قیادت کے مشکور ہیں ۔ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ چین کی ترقی سب کے لئے بہترین مثال ہے،چینی صدر کی گزشتہ روز کی تقریر ان کے عظیم وژن کی عکاس تھی۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔
اس موقع پر چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کا فروغ چاہتا ہے، سی پیک پاکستان اور چین کے مضبوط تعلقات کا عکاس ہے۔

حکومت پاکستان سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی: نگران وزیراعظم



نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنانے کے لئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا قیام عمل میں لایاگیا ہے اور حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔

وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے دورہ چین کے دوران مِن میٹلز کے چیئرمین وینگ ژولیانگ اور میٹالرجیکل کوآپریشن آف چائنا کے چیئرمین چن جیانوانگ نے ملاقات کی۔

ملاقات میں پاکستان میں کان کنی اور معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ دونوں کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیرِ اعظم نے شرکا کو حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کے بارے آگاہ کیا۔

وزیرِ اعظم نے شرکا کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل بارےبھی آگاہ کیا اور بتایا کہ حکومت” ہول آف دی گورنمنٹ اپروچ”کے تحت پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔

قبل ازیں انوارالحق کاکڑ سے سی ای او چائنا کمیونیکیشنز کنسٹرکشن کمپنی وانگ ہائی ہوائی اور چیئرمین چائنا روڈ اینڈ برج کارپوریشن نے ملاقات کی۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان ملک بھر میں انفراسٹرکچر کی ترقی کیلئے اقدامات اٹھا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو ٹرانزیشنل اکانومی بنانے اور ملک میں سیاحت کی ترقی کیلئے ریلوے اور روڈ انفراسٹرکچر انتہائی ضروری ہے۔

وزیرِ اعظم نے چینی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافے میں دلچسپی کا خیر مقدم کیا۔

توانائی کے شعبے میں روسی سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کرینگے: وزیر اعظم کاکڑ کی صدر پیوٹن سے گفتگو



نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی چین کے دارالحکومت میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے اہم ملاقات ہوئی ہے۔نگران وزیر اعظم انٹرنیشنل کوآپریشن کے تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کیلئے ان دنوں بیجنگ میں ہیں
چینی صدر کی جانب سے دیئے گئے عشائیے میں وزیراعظم کی روسی صدر سے ملاقات ہوئی جس میں معاشی ترقی اور خطے میں پائیدار امن یقینی بنانے پر بات چیت ہوئی۔


ملاقات کے دوران روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا کہ معاشی ترقی کیلئے خطے میں سلامتی یقینی بنانا ضروری ہے، انہوں نے کہا روس عالمی سطح پر غذائی تحفظ کیلئےاقدامات کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ روس نے غریب ترین افریقی ممالک کو مفت اناج کی فراہمی کا منصبہ بنایا ہے۔ولادی میر پیوٹن نے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔اس موقع پر نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ انسداد دہشتگردی کیلئے پاکستان اور روس یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔افغانستان میں امن و استحکام کیلیے بھی دو طرفہ تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
نگراں وزیراعظم نے ولادی میر پیوٹن سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان توانائی کے شعبے میں روسی سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کرے گا۔ نگراں وفاقی کابینہ کے وزراء نے بھی عشایے میں شرکت کی جبکہ عشائیے میں روس، کینیا، ایتھوپیا، منگولیا، ہنگری، سری لنکا، قزاقستان، ازبکستان، پاپوٴا نیو گِنی، موزامبیک چلی اور دیگر عالمی رہنماوٴں نے بھی شرکت کی۔
نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے عشایے میں شریک عالمی رہنماوٴں سے غیر رسمی ملاقاتیں بھی کیں۔
نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ اور سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے کے درمیان ملاقات میں دونوں ممالک کے عوام کی آپس میں ہم آہنگی کو خوش آئند قرار دیا۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے



نگران وزیرِ اعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ چینی صدر شی جن پنگ کی دعوت پر اسلام آباد سے بیجنگ پہنچ گئے۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم اپنے دورہ چین کے دوران 17 اور 18 اکتوبر کو منعقد ہونے والے تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم برائے بین الاقوامی تعاون میں شرکت کریں گے۔

بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے وزیرِ اعظم چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک ) کے تحت گزشتہ 10 برسوں میں ہونے والی ترقیاتی کامیابیوں کے ساتھ ساتھ مستقبل کے اہداف اور اس کلیدی منصوبے پر پاکستان کے بھرپور تعاون کا اعادہ کریں گے۔

وزیرِ اعظم بی آر ایف کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے علاوہ 18 اکتوبر کو اوپن عالمی معیشت میں رابطے کے موضوع پر منعقدہ اعلی سطحی فورم سے خطاب کریں گے۔

وزیرِ اعظم کی چین میں چینی صدر شی جن پنگ سے دوطرفہ ملاقات کے ساتھ ساتھ اعلیٰ چینی قیادت اور فورم میں شریک دیگر ممالک کے سربراہان سے بھی ملاقات ہوگی۔ نگران وزیرِ اعظم پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے چین میں کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

سنکیانگ اور پاکستان کے عوام کے مابین تعلقات اور کاروبار و سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے وزیرِ اعظم اورمچی کا دورہ کریں گے جہاں وزیرِ اعظم وہاں کے مقامی عمائدین و کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔

غزہ کی صورتحال پر تشویش، فوری جنگ بندی کی جائے: نگران وزیراعظم



نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کو غزہ میں جاری تشدد اور جانی نقصان پر گہری تشویش ہے، ہم فلسطین کے مظلوم عوام سے یکجہتی کے لئے ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور غزہ میں فوری جنگ بندی اور محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

پیر کو وزیر اعظم آفس سے جاری ٹوئٹ کے مطابق نگران وزیر اعظم نے کہا کہ اسرائیل کا غزہ میں شہریوں کو جان بوجھ کر بلا امتیاز اور غیر متناسب نشانہ بنانا تہذیب کے تمام اصولوں کے خلاف اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تشدد کے خاتمے کو فلسطینی سرزمین پر برسوں کے جبری اور غیر قانونی قبضے اور اس کے عوام کے خلاف جابرانہ پالیسیوں کے تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو محصور غزہ تک فوری طور پر درکار امدادی سامان کی نقل و حمل کے لیے محفوظ اور غیر محدود انسانی راہداری کھولنے کے لیے کارروائی کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان غزہ کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر او آئی سی اور اس کے رکن ممالک کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی 18 اکتوبر کو او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کریں گےاور غزہ کے لوگوں کی تکالیف کو دور کرنے کے لیے فوری اقدامات پر زور دیں گے۔

قوم آپ کے ساتھ ہے: وزیراعظم کا قومی کرکٹ ٹیم کو جذبے کے ساتھ کھیلنے کا مشورہ



نگراں وزیراعظم انوارِ الحق کاکڑ نے ورلڈ کپ کرکٹ میں بھارت کے خلاف آج کے میچ کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

انوارالحق کاکڑ نے قومی ٹیم کو اعتماد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ دُعا ہے کہ آپ عزم، مہارت اور غیر متزلزل مقابلے کے جذبے کے ساتھ کھیلیں جس کے لیے آپ مشہور ہیں۔

اپنی ایک ٹوئٹ میں انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پوری قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے، اور آپ کے لیے دعا گو ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی الیکشن سے پہلے رہا ہونگے یا نہیں ، فیصلہ عدالت کریگی ، انوار الحق کاکڑ



نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی الیکشن سے پہلے رہا ہوں گے یا نہیں فیصلہ عدالت نے کرنا ہے، ہم نے نہیں۔

 ایک انٹرویو میں انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ آرمی چیف سویلین بالا دستی پر یقین رکھتے ہیں، ورلڈکپ میں شائقین کو ویزے نہ دینے کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کو چاہیے کہ  پاکستانی کرکٹ شائقین کو ویزے دے، اگر ایسا ایونٹ پاکستان میں ہوتا تو بھارتی شائقین کو ضرور ویزے دیتے۔

 انہوں نے کہا کہ مجھے نگران وزیراعظم بننے کی اطلاع سابق وزیراعظم نے دی، دریں اثنا نیشنل ریزیلینس ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور صوبائی ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹیز کی صورت میں آفات سے نمٹنے کیلئے ایک مضبوط اور متحرک ادارہ جاتی ڈھانچہ موجود ہے، ضلعی سطح پر آفات سے نمٹنے کے انتظام وانصرام کے نظام کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے.

وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو برطانوی وزیر خارجہ کا ٹیلیفون، دہشتگرد حملوں کی مذمت



نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو برطانوی وزیر خارجہ جیمز کلیورلی نے ٹیلیفون کیا ہے اور دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

برطانوی وزیر خارجہ جیمز کلورلی نے مستونگ اور ہنگو میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ اور اس امید کا اظہار کیا کہ زخمی افراد جلد صحت یاب ہوں گے۔

اس موقع پر نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے برطانوی حکومت کی جانب سے اظہار یکجہتی کرنے پر برطانیہ کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہاکہ حکومت دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پُر عزم ہے، جو لوگ ان واقعات میں ملوث ہیں ان کو کٹہرے میں لایا جائے گا۔

جشن عید میلادالنبی ؐ پر صدر، وزیراعظم کے قوم کے نام پیغامات



ملک بھر میں آج جشن عید میلادالنبی ؐ بھرپور عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، اس اہم دن کی مناسبت سے صدر مملکت عارف علوی اور نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے بھی اپنے پیغامات جاری کیے ہیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نبی اکرم ﷺ کی زندگی وسیرت اور اس میں موجود تعلیمات پر غور کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بحیثیت قوم ہم پر لازم ہے کہ ہم اپنی روزمرہ کی زندگی میں ان اقدار کو قائم کریں اور ایسے ماحول کو فروغ دیں جہاں ہر فرد کی عزت اور حقوق محفوظ ہوں۔

عارف علوی نے کہاکہ نبی کریم ؐ کی تعلیمات دور ِحاضر سمیت رہتی دنیا تکک درپیش بے شمار چیلنجز کا حل پیش کرتی ہیں۔

دوسری جانب نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اس وقت جن مشکلات اور نازک صورتحال سے دو چار ہے ان میں ہمیں نبی کریمﷺ کی تعلیمات کی طرف رجوع کرنے کی ضرورت ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ میں نبی اکرم حضرت محمدﷺ کی ولادت با سعادت کے موقع پر پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اس رسولﷺ کا امتی بنایا کہ جو رحمتہ اللعالمین ہیں، آپ ؐ کی ہمہ گیر اور جامع الصفات شخصیت ہر انسان کے لئے قابلِ تقلید ہے۔