Tag Archives: حماس

اسرائیل پرتاریخ کاتباہ کن حملہ ، حماس کی جمعہ کویوم طوفان اقصیٰ منانے کی اپیل



اسرائیل پرتاریخ کاسب سے تباہ کن حملہ کرنے والی فلسطینی مزاحمتی
تحریک حماس نے جمعے کے روز عوام سے ’یومِ طوفانِ اقصیٰ‘ منانے کی اپیل کر دی ۔
عرب میڈیا کے مطابق حماس نے اسرائیل کے خلاف حیران کردینے والے ملٹری آپریشن ’’طوفان اقصیٰ‘‘ کی بے مثال کامیابی پر فلسطین سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں سے جمعے کے روز یوم طوفان اقصیٰ منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف یکجہتی کے لیے میدان میں نکلیں۔
حماس نے مطالبہ کیا کہ دنیا بھر کے مسلمان نماز جمعہ کے بعد اللہ کے شکر گزار ہوں اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج کریں تاکہ عالمی دنیا قابض اسرائیلی فوج کے مظالم سے آگاہ ہو۔
خیال رہے کہ حماس نے اسرائیل کے بھرپور کارروائی کے آپریشن کو طوفان اقصیٰ کا نام دیا تھا جس کے نتیجے میں اسرائیل میں اب تک 900 سے زائد افرادہلاک اور 4 ہزار سے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ ہلاک ہونے والوں میں 11 امریکیوں سمیت دیگر غیر ممالک کے شہری بھی شامل ہیں۔ یہ جانی نقصانات کے اعتبار سے اسرائیل پرتاریخ کاتباہ کن حملہ ہے ،اس سے قبل 1967 کی عرب اسرائیل جنگ میں اتنے بڑے پیمانے پراسرائیل کوجانی نقصان اٹھانا پڑا تھا۔
اسرائیل کی غزہ پرجوابی بمباری میں شہید ہونے والوں کی تعداد بھی 700 سے زیادہ ہوگئی ہے جس میں 140 بچے بھی شامل ہیں جب کہ 3 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ اسرائیل نے غزہ کی مکمل ناکہ بندی کررکھی ہے جبکہ اقوام متحدہ نے غزہ کی مکمل ناکہ بندی کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قراردیاہے۔

ہم نے اپنے مقاصد حاصل کر لیے، طویل جنگ کے لیے بھی تیار ہیں، حماس



مقبوضہ بیت المقدس(این این آئی)فلسطینی تنظیم اسلامی تحریک مزاحمت (حماس)نے کہا ہے کہ اس نے اسرائیل کے خلاف تازہ آپریشن میں اپنے مقاصد حاصل کر لیے ہیں تاہم حماس نے کہاہے کہ اگر جنگ طول پکڑتی ہے تو وہ اس کے لیے بھی تیار ہیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حماس کے ایک سینیر عہدیدار نے کہا کہ حماس اپنے مقاصد حاصل کرنے کے بعد اسرائیل کے ساتھ ممکنہ جنگ بندی کے بارے میں بات چیت کے لیے تیار ہے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا حماس ممکنہ جنگ بندی پر بات کرنے کے لیے تیار ہے تو حماس کے سیاسی بیورو کے رکن موسی ابو مرزوق نے ایک ٹیلی فون انٹرویو میں کہاکہ ہم یقینی طور پر اس قسم کے کسی بھی معاملے کے لیے تیار ہیں۔ ہم تمام سیاسی مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔