Tag Archives: ورلڈ کپ

نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف میچوں کے دوران ٹیم کو اعتماد ملا: شاداب خان



قومی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ میچوں کے دوران ٹیم کو اعتماد ملا ہے، ہم نے اچھا کھیل پیش کیا مگر نتیجہ ہمارے ہاتھ میں نہیں تھا۔

قومی آل راؤنڈر نے گفتگو کے دوران مزاحیہ انداز میں کہاکہ ہم روزانہ حیدرآبادی بریانی کھا رہے ہیں اور شاید اسی وجہ سے فیلڈ میں سست بھی ہو گئے ہیں۔

شاداب خان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جیسی ٹیموں کے خلاف میچ کھیلتے ہوئے ہمیں اعتماد ملتا ہے، بھارت میں کھیلتے ہوئے حالات کا کچھ تجربہ ہوا ہے۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ سے قب دونوں وارم اپ میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پاکستانی ٹیم ایونٹ کا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔

فاسٹ بولر نسیم شاہ کے کندھے کی سرجری کا عمل مکمل



قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر نسیم شاہ کے کندھے کی سرجری کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نسیم شاہ کے کندھے کی سرجری انگلینڈ میں ہوئی ہے۔ اب نسیم شاہ 4 سے 6 ہفتوں تک آرام کریں گے اور پھر ری ہیب مکمل کرنے کے بعد بولنگ شروع کرنے کی پوزیشن میں ہوں گے۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر کو ایشیا کپ کے دوران بھارت کے خلاف میچ میں کندھے کی تکلیف ہو گئی تھی۔ جس کے بعد ماہر ڈاکٹروں نے ان کے کندھے کی سرجری تجویز کی تھی اور یوں وہ ورلڈ کپ سے بھی باہر ہو گئے۔

اسٹار فاسٹ بولر نسیم شاہ کی جگہ حسن علی ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

ورلڈکپ 2023 کی افتتاحی تقریب اچانک منسوخ کردی گئی، بھارتی میڈیا کا دعویٰ



نئی دہلی (این این آئی)بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم احمدآباد میں ورلڈکپ 2023 کے حوالے سے 4 اکتوبر کے روز ہونے والی افتتاحی تقریب اچانک منسوخ کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق بھارت میں کرکٹ کے ایک روزہ فارمیٹ ورلڈکپ کا آغاز 5 اکتوبر سے ہوگا جس میں پہلا میچ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ٹورنامنٹ کیلئے بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے 4 اکتوبر کے روز نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم احمدآباد میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب شیڈول کی گئی ہے۔

تقریب میں آتش بازی کے ساتھ بالی وڈ کے معروف اداکار و گلوکار جن میں رنویر سنگھ،ارجیت سنگھ، تمنا بھاٹیا، شریا گوشل اور آشا گوشل نے پرفارم کرنا ہے تاہم اب بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہیکہ تقریب سے قبل اچانک اس کی منسوخی کی خبریں سامنے آرہی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے دعویٰ کے مطابق ورلڈکپ کی افتتاحی تقریب کچھ تکنیکی خرابی کے باعث منسوخ کی گئی ہے۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا یہ بھی کہہ رہا ہے کہ بی سی سی آئی اس حوالے سے اختتامی سیشن یا پھر 14 اکتوبر کو احمد آباد میں ہونے والے پاک بھارت میچ سے قبل فنکشن کروانے پر غور کررہا ہے تاہم افتتاحی تقریب کی منسوخی یا پھر تاریخ میں تبدیلی کے حوالے سے باضابطہ طور پر کوئی اعلان سامنے نہ آسکا ۔

واضح رہے کہ افتتاحی تقریب 4 اکتوبر کے روز کپتانوں کے دن شام 7 بجے شیڈول کی گئی تھی تاہم اب کہا جارہا ہے کہ کل کپتانوں کے دن پر ٹورنامنٹ میں شامل تمام ٹیمز کے کپتان فوٹوشوٹ کروائیں گے۔

کرکٹ ورلڈ کپ: آسٹریلیا کی وارم اپ میچ میں پاکستان کیخلاف بیٹنگ جاری



کرکٹ کے عالمی مقابلے سے قبل پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں آج وارم اپ میچ میں آمنے سامنے ہیں۔

آسٹریلیا نے وارم اپ میچ میں پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد کھیل جاری ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں وارم اپ میچ میں حیدرآباد کے راجیوگاندھی اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہیں۔

آج کے میچ میں قومی ٹیم کی قیادت شاداب خان کر رہے ہیں، بابر اعظم بحیثیت بیٹر ٹیم میں موجود ہیں جبکہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو آرام دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ محمد حارث فرائض سنبھالیں گے۔

واضح رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز 5 اکتوبر سے ہونے جا رہا ہے اور پاکستان اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔

قومی ٹیم کو اس سے قبل پہلے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

آپ کی باڈی لینگویج جارحانہ ہونی چاہیے، شاہد آفریدی کا بابر اعظم کو مشورہ



قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کپتان بابر اعظم کو مشورہ دیا ہے کہ ورلڈ کپ کے دوران آپ کی باڈی لینگویج جارحانہ ہونی چاہیے۔

اپنے ایک بیان میں شاہد آفریدی نے کہاکہ شیڈول میچز کے دوران دبائو سے نمٹنا سب سے اہم ہوتا ہے اور بابر اعظم کو اس پر دھیان دینا ہو گا۔

قومی ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر نے کہاکہ اس وقت پوری قوم اپنی ٹیم کی بھرپور سپورٹ کر رہی ہے، موجود ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کو بھارت میں کھیلنے کا تجربہ نہیں ہے، انہیں کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے میں کچھ وقت ضرور لگے گا۔

شاہد آفریدی نے کہاکہ کپتان کو چاہیے کہ اپنے سینیئر کھلاڑیوں کے ساتھ مشاورت کریں اور گرائونڈ پوزیشن پر بات کریں۔

اس کے علاوہ انہوں نے قومی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کو بھی مشورہ دیتے ہوئے کہاکہ اس وقت ٹیم کو آپ کے اعتماد کی ضرورت ہے۔

ورلڈ کپ: سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے متوقع بولرز کی فہرست جاری، شاہین شاہ بھی شامل



دبئی (این این آئی) بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے متوقع بولرز کی فہرست جاری کر دی گئی۔ کرکٹ کے معروف جریدے نے 6 بولرز کی فہرست جاری کی ہے جس میں پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی بھی شامل ہیں۔

فہرست میں بھارت کے 3 بولرز کلدیپ یادیو، جسپریت بمراہ اور محمد سراج شامل ہیں۔ اس فہرست میں آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک اور نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ بھی شامل ہیں۔

بھارت کے کلدیپ یادیو رواں برس اب تک سب سے زیادہ 33 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، انہوں نے ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف 25 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

شاہین آفریدی ابتدائی اوورز میں وکٹیں لینے کے لیے شہرت رکھتے ہیں اور جنوبی افریقا کے سابق فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے بھی شاہین آفریدی کو ورلڈ کپ کے ٹاپ بولرز میں شامل کیا ہے۔

ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے فاسٹ بولر آسٹریلیا کے گلین میک گرا ہیں جنہوں نے 39 میچز میں 18.19 کی اوسط سے 71 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ سری لنکا کے اسپنر مرلی دھرن نے 40 میچز میں 19.63 کی اوسط سے 68 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

ورلڈکپ: قومی کرکٹرز سے بھارتی فینز کی ملاقات، تصاویر بھی بنوائیں



حیدر آباد (این این آئی) قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی حیدر آباد میں فینز سے ملاقات ہوئی جس میں بھارتی فینز نے تصاویر بنوائیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں قومی کرکٹرز اور کوچنگ اسٹاف نے جیول آف نظام ریسٹورنٹ میں حیدرآبادی کھانوں سے لطف اٹھایا، اس دوران کھلاڑیوں نے فینز سے ملاقات کی اور تصاویر بھی بنوائیں۔

حیدرآباد کے فینز نے پاکستانی کھلاڑیوں کے رویے کی کھل کر تعریف کی جبکہ میدان میں سپورٹ کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ اس دوران ہوٹل انتظامیہ نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا پھولوں سے استقبال کیا۔

قبل ازیں آئی سی سی ورلڈکپ میں شرکت کیلئے بھارت پہنچنے پر قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا ائیرپورٹ پر مداحوں نے شاندار استقبال کیا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جبکہ ہوٹل کے باہر بھی ہزاروں شائقین کرکٹ کرکٹرز کی ایک جھلک دیکھنے کو بے تاب نظر آئے۔

کرکٹ ورلڈ کپ: مکی آرتھر نے قومی کرکٹ ٹیم کو جوائن کر لیا



انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے بھارت کے شہر حیدرآباد دکن میں پاکستان ٹیم کو جوائن کر لیا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے ترجمان نے بتایا ہے کہ مکی آرتھر انگلینڈ سے کاؤنٹی کرکٹ میں اپنی مصروفیات ختم ہونے پر بھارت پہنچ گئے اور ٹیم کو جوائن کر لیا ہے۔

ترجمان کے مطابق اب مکی آرتھر ورلڈ کپ کے دوران مکمل ٹیم کے ساتھ موجود رہیں گے۔

اس سے قبل ایشیا کپ کے دوران مکی آرتھر چند میچوں میں ہی ٹیم کے ساتھ موجود رہے۔

یاد رہے کہ قومی ٹیم اس وقت حیدرآباد دکن میں موجود ہے جہاں آج پریکٹس سیشن ہو گا۔ بابر الیون کا دوسرا وارم اپ میچ 3 اکتوبر کو آسٹریلیا کے ساتھ ہو گا۔ جبکہ ٹیم ورلڈ کا پہلا میچ نیدر لینڈ کے خلاف 6 اکتوبر کو کھیلے گی۔

ورلڈ کپ: سابق کرکٹرز کا پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل کی خواہش کا اظہار



سابق کرکٹرز نے ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل دیکھنے کی امید ظاہر کر دی ہے۔

سابق بھارتی کرکٹر دنیش کارتک، ویسٹ انڈین اوپنر کرس گیل اور لنکن اسپنر مرلی دھرن نے پیشگوئی کی ہے کہ ورلڈ کپ کا فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان ہو سکتا ہے۔

اسٹار اسپورٹس کو انٹرویو دیتے ہوئے کرس گیل نے کہاکہ امید یہی لگ رہی ہے کہ فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان ہو گا۔

سری لنکن اسپنر مرلی دھرن نے کہاکہ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل دیکھنا پسند کروں گا۔

اس موقع پر سابق بھارتی کرکٹر دنیش کارتک نے بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

دوسری جانب سابق پاکستانی فاسٹ بولر وقار یونس نے ورلڈ کپ فائنل کے لیے بھارت اور انگلینڈ کو مضبوط امیدوار کے طور پر نامزد کیا ہے۔

بابر اعظم بڑا کھلاڑی، سرفراز سے زیادتی ہوئی ہے تو ازالہ کریں گے: ذکا اشرف



لاہور (این این آئی)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے کہا ہے کہ کوئی شک نہیں بابر اعظم بہت بڑا کھلاڑی ہے، سرفراز احمد سے زیادتی ہوئی ہے تو ازالہ کریں گے۔

ایک انٹرویو کے دوران ذکا اشرف نے کہا کہ ورلڈ کپ 2023 میں ابھی وارم اپ میچ ہوا ہے، پلیئرز ایڈجسٹ ہو رہے ہیں، ٹیم کم بیک کرے گی، ابھی ورلڈ کپ چل رہا ہے، ہماری ساری دعائیں ٹیم کیساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ مکی آرتھر اور ان کی ٹیم کو میرے آنے سے پہلے رکھا گیا تھا، غیر ملکی کوچز سے معاہدے کی اگر پاسداری نہ کریں تو بورڈ کی بدنامی ہوتی ہے۔

چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے کہا کہ مکی آرتھر نے وعدہ کیا ہے کہ وہ پوریورلڈ کپ اور دورہ آسٹریلیا میں دستیاب ہوں گے۔ ورلڈ کپ کے بعد تبدیلی ہوگی یا نہیں، اس پر میں ابھی کوئی بات نہیں کروں گا، میگا ایونٹ کے بعد ٹیم کارکردگی کا جائزہ لیں گے اور پھر دیکھیں گے کہ کیا کرنا ہے۔

ذکا اشرف نے کہا کہ بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی ٹاپ پلیئرز ہیں جو پاکستان کی خدمت کر رہے ہیں، لیگ کرکٹ کی چمک دمک سے انٹرنیشنل ٹیموں کو مشکلات ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کی کیٹیگریز کا فیصلہ میں نے نہیں کیا، کرکٹ کے فیصلے کرکٹرز کرتے ہیں، پلیئرز کو زیادہ پیسے اس لیے ہی دیے ہیں کہ وہ پاکستان ٹیم کو ترجیح دیں۔

کیویز کے خلاف میچ کیوں ہارے؟ محمد رضوان نے وجہ بتا دی



کرکٹ کے عالمی مقابلے سے قبل وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کا بیان سامنے آ گیا ہے۔

محمد رضوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ کیویز کے خلاف میچ میں کئی تبدیلیاں کی گئی تھیں جس کی وجہ سے وہ نتائج نہیں مل سکے۔

انہوں نے کہاکہ اصل میں وارم اپ میچ میں لڑکوں کو موقع دیا گیا تھا تاکہ ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے۔

محمد رضوان نے اعتراف کرتے ہوئے کہاکہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں ہماری فیلڈنگ خراب تھی، ساتھ ہی یہ بھی کہاکہ شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان، افتخار احمد کے اوورز نہ ہونے کا بھی بہت فرق پڑا۔

ورلڈ کپ سے قبل بنگلا دیش کی کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا



کرکٹ کے عالمی مقابلے سے قبل بنگلا دیش کی کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے اور ان کے کپتان، مایہ ناز آل راؤنڈر شکیب الحسن انجرڈ ہو گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بنگلا دیشی کپتان شکیب الحسن کو پریکٹس کے دوران فٹ بال کھیلتے ہوئے ایڑھی پر چوٹ لگی ہے اور اسی وجہ سے انہوں نے گزشتہ روز سری لنکا کے خلاف وارم اپ میچ میں بھی حصہ نہیں لیا۔

وارم اپ میچ کے دوران ٹاس کے وقت بنگلادیشی کپتان گراؤنڈ میں نہیں آئے اور بتایا گیا کہ چوٹ کی وجہ سے ان کی ایڑھی سوجی ہوئی ہے۔

اب اس خدشے کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ شکیب الحسن دوسرا وارم اپ میچ بھی نہیں کھیل سکیں گے، بلکہ ورلڈ کپ کے اپنے افتتاحی میچ میں بھی شرکت مشکوک ہے۔

واضح رہے کہ شکیب الحسن کا شمار دنیا کے بہترین آل رائونڈرز میں ہوتا ہے اور اگر ان کی انجری ٹھیک نہ ہو سکی تو یہ بنگلا دیش کی ٹیم کے لیے بڑا دھچکا ثابت ہو گا۔