Tag Archives: پی آئی اے

جہاز کے 18 ٹائروں میں سے ایک ٹائر نمبر سات پنکچر تھا ، مدینہ ملتان پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز کے معائنے کے دور ان انکشاف



کراچی (این این آئی)مدینہ سے ملتان پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 716 کی لینڈنگ کے بعد بوئنگ 777 طیارے کے معائنے کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ ہوائی جہاز کے 18 ٹائروں میں سے ایک ٹائر نمبر سات پنکچر تھا اور طیارے نے مبینہ طور پر اسی پنکچر ٹائر کے ساتھ لینڈنگ کی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس طیارے نے ملتان سے مدینہ کیلئے پرواز پی کے 715 کے طور پر جمعہ کی شام 7 بجکر 40 منٹ پر روانہ ہونا تھا مگر تکنیکی بنیادوں پر اس کی روانگی روک دی گئی اور لاہور سے طیارے کا نیا ٹائر منگوایا گیا۔

عمرے کے مسافر 9گھنٹے 16 منٹ تک ملتان ائیرپورٹ پر اذیت کا شکار رہے، یہ پرواز ہفتے کی صبح چار بج کر 56 منٹ پر مدینہ کے لیے روانہ ہوئی جبکہ اس طیارے نے مدینہ سے کراچی کے لیے پرواز آپریٹ کرنا تھی۔

ملتان ائیرپورٹ سے روانگی میں تاخیر کی وجہ سے مدینہ سے کراچی کی پرواز پی کے 747 کی روانگی میں 10 گھنٹے سے زائد کی تاخیر ہوئی اور کراچی کے عمرہ زائرین کو مدینہ ائیرپورٹ پر غیر معمولی انتظار کرنا پڑا۔

یاد رہے کہ رجسٹریشن اے پی بی ایچ وی کا حامل 16 سال پرانا یہ وہی بوئنگ 777 طیارہ ہے جو 14 اور 15 ستمبر کو ملتان ائیرپورٹ پر فنی خرابی کا شکار رہا۔

اسی طیارے میں 18 ستمبر کو بھی جدہ ائیرپورٹ پر فنی خرابی پیدا ہوئی اور 28 ستمبر کو جدہ ائیرپورٹ سے لاہور کے لیے روانگی کے وقت بھی طیارے میں آتشزدگی ہوئی جس بنا پر طیارہ 30 ستمبر تک جدہ ائیرپورٹ پر کھڑا رہا۔

پی آئی اے نے ایک ارب سے زائد مالیت کا ہوٹل سندھ حکومت کو مفت دے دیا



کراچی (این این آئی)اربوں کے خسارے سے دوچار پی آئی اے نے لاڑکانہ میں ایک ارب سے زائد مالیت کا ہوٹل سندھ حکومت کو مفت میں دے دیا۔

آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ میں خلاف ضوابط قدم کا انکشاف ہوگیا۔

رپورٹس کے مطابق سمبارا ان ہوٹل قواعد وضوابط سے ہٹ کر سندھ حکومت کو دینے کا انکشاف ہوا ہے۔1ارب 15 کروڑ مالیت کا ہوٹل ایئر لائن کے ورکس ڈپارٹمنٹ نے حوالے کیاہے۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے ورکس ڈپارٹمنٹ آڈٹ برائے 2021-22 میں نشاندہی کی تھی کہ ہوٹل کسی معاوضے کے بغیر حکومت سندھ کے حوالے کر دیا گیا۔

ہیڈپارٹمنس نے ہوٹل کی تعمیراتی قیمت کا تخمینہ مبینہ طور پر 60.754ملین لگایا گیا۔

انتظامیہ نے جواب میں کہا کہ ایوی ایشن ڈویژن کے ذریعے کیس کی پیروی کر رہے ہیں۔

آڈیٹر جنرل نے بتایا کہ ذمہ داری کا تعین کرکے انکوائری کے بعد رپورٹ آڈٹ میں پیش کی جائے۔

ایوی ایشن منسٹری معاملے کو مشترکہ مفادات کونسل میں اٹھائے،آڈیٹر جنرل نے کہا کہ سٹیٹ بینک کے منظورکردہ تخمینہ کار نے دسمبر2020میں ہوٹل کی مارکیٹ ویلیو 1ارب 15کروڑ بتائی تھی۔

اعلی افسر کی زبانی ہدایت پرہوٹل کا قبضہ ایئرلائن کے مفاد کیخلاف صوبائی حکومت کو دیا گیا ایئرلائن کے کمرشل مفادات نظرانداز کرنے کے بارے میں آڈیٹرز نے 2022میں انتظامیہ کو آگاہ کیا ۔

انتظامیہ نے آڈیٹر جنرل کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے اس پراپرٹی کی قانونی مالک ہے اوراس کے پاس تمام متعلقہ جائیداد کے کاغذات ہیں ،انتظامیہ کے جواب میں آڈیٹر نے کہا کہ پراپرٹی کا ٹائٹل پی آئی اے کے پاس ہونے کے تناظر میں ہوٹل واپس لینے کو کا ممکنہ طریقہ کار ممکن بنایا جائے۔

پی آئی اے نے پی ایس او کو48 کروڑ کی ادائیگی کر دی



قومی ایئرلائن پی آئی اے اور پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او)کے درمیان معاملات طے پاگئے۔

 پی آئی اے نے پی ایس او کو 48 کروڑ روپے کی ادائیگی کردی۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی ایس او کو باقی واجبات کی ادائیگی کا شیڈول بھی طے پاگیا۔

پی ایس او نے مدینہ پرواز پی کے 747 سمیت پی آئی اے کے طیاروں کو ایندھن سپلائی شروع کردی ہے۔

پی ایس او نے پی آئی اے کوفیول فراہمی روک دی



لاہور: پاکستان ایئرلائن( پی آئی اے) کا مالی بحران سنگین ہوگیا۔ پاکستان سٹیٹ آئل نے رقوم کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے کوفیول کی فراہم بند کردی ۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کی شام 5 بجے لاہور سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 305 اور 6 بجے لاہور سے مدینہ جانے والی پرواز پی کے 741 کو تیل فراہم نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے پروازیں روک دی گئی ہیں۔

مالی مسائل کے باعث پی آئی اے کا کینیڈا فضائی آپریشن بھی بند ہونے کا خدشہ



کراچی(این این آئی)سنگین مالی مسائل کے باعث قومی ایئرلائن(پی آئی اے)کا کینیڈا فضائی آپریشن بھی بند ہونے کا خدشہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاکھوں ڈالرز کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے پروازوں کو گرائونڈ ہینڈلنگ سروسز بند ہوگئی، جس سے پی آئی اے کا کینیڈا فضائی آپریشن بھی بند ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

سوئس پورٹ کمپنی نے گرائونڈہینڈلنگ سروسز فراہمی گزشتہ روز بند کرنے کامراسلہ جاری کردیا۔مراسلے کے مطابق واجبات کی عدم ادائیگی پر 3 اکتوبر 5 بجے شام سے سروسز بند کی جا رہی ہیں،2 لاکھ 48 ہزار ڈالرز کی فوری ادائیگی کی جائے جبکہ آئندہ سروسز کی فراہمی کے لئے ایک لاکھ ڈالرز ایڈوانس بھی ادا کئے۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کو واجبات ادائیگی کے لئے بارہایاد دہانیاں کرائی گئیں، دونوں کمپنیوں کے مابین معاہدے کی متعلقہ شرائط کے تحت سروسز بند کی جا رہی ہیں۔ واضح رہے کہ ترجمان پی آئی اے کی جانب سے سارے معاملے پر کوئی موقف سامنے نہیں آیا۔

”پرفارمنس ٹھیک کرو “ سعودی عرب کی پی آئی اے کو وارننگ



اسلام آباد(این این آئی) سعودی عرب کی سول ایوی ایشن نے پروازوں میں تاخیر پر پی آئی اے سمیت دیگر 26 ائیرلائنز کو وارننگ لیٹر جاری کر دیئے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ ائیرلائنز نے اگر اپنی پرفارمنس ٹھیک نہ کی تو ان کے سلاٹس کم کردیئے جائیں گے۔
سعودی ایوی ایشن نے پی آئی اے کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی پروازوں کی وقت پرآمد اورروانگی یقینی بنائے بصورت دیگر اسے جرمانہ بھی کیا جا سکتا ہے۔
پی آئی اے کا سعودی عرب کیلئے فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہے، طیارے خراب ہونے کی وجہ سے پروازیں کئی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں۔

نجکاری تیز، پی آئی اے کو نئے معاہدے کرنے سے روک دیا گیا



کراچی(این این آئی)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے)کی نجکاری کیلئے اقدامات تیز کر دیے گئے۔

ذرائع کے مطابق نجکاری کمیشن نے پی آئی اے کو نئے معاہدے کرنے سے روک دیا۔ فروخت کا عمل فروری تک مکمل ہوجائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ مارچ 2024 تک پی آئی اے کوئی طویل مدتی معاہدے نہیں کرے گا۔

کمپنی کو لیز پر طیارے حاصل کرنے سے بھی روک دیا گیا ہے۔ نجکاری کیلئے فنانشل ایڈوائرز کی تعیناتی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ایئرلائنز کا قرض، حکومتی گارنٹیز اور دیگر ایشوز کو حل کرنے کا پلان تیار ہے۔

ذرائع کے مطابق ایئرلائن کی نجکاری دسمبر میں کرنیکا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ اس کے ملحقہ اداروں کی نجکاری نہیں کی جائیگی۔

پی آئی اے کا مدینہ سے آنیوالا طیارہ تبدیل، 60 مسافر آف لوڈ



کراچی(این این آئی)قومی ایئر لائن(پی آئی اے)کی مدینہ سے آنے والی پرواز کا طیارہ تبدیل ہونے سے 60 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا۔

قومی ایئر لائن ذرائع کے مطابق آف لوڈ کیے گئے مسافروں کو اب 6 اکتوبر کی پرواز پر بک کیا گیا ہے۔

قومی ایئر لائن کے ذرائع نے بتایاکہ آف لوڈ کیے گئے مسافروں کی جانب سے مدینہ ایئرپورٹ پر احتجاج کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پرواز پی کے 744 کے لیے پہلے بوئنگ 777 طیارہ تھا جس کے بعد اب ایئر بس 320 طیارہ بھیجا جا رہا ہے۔قومی ایئرلائن ذرائع کے مطابق بوئنگ 777 طیارے میں فنی خرابی کی وجہ سے طیارہ تبدیل کیا گیا ہے۔