Tag Archives: آئی ایس پی آر

بلوچستان کے ضلع آواران میں جھڑپ،دو دہشتگرد ہلاک،دو فوجی جوان شہید



بلوچستان کے ضلع آواران میں جھڑپ کے دوران دو دہشت گرد ہلاک اور دو زحمی ہو گئے جبکہ پاک فوج کے دو جوان بھی شہید ہوئے ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق ’فوجی اہلکاروں نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا اور دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ دو دہشت گرد زخمی ہو گئے۔‘

آئی ایس پی آر کے مطابق ’اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 37 سالہ نائب صوبیدار آصف عرفان اور 22 سالہ سپاہی عرفان علی نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت پائی ۔‘

نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے آواران میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مسلح افواج کے دو جوانوں کی شہادت پر اپنے ردعمل میں کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جان دی۔

انھوں نے کہا کہ ’مسلح افواج کی جرات اور بلند حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

اسرائیلی فوج سنگین جنگی جرائم کر رہی ہے، عالمی برادری حوصلہ افزائی سے باز رہے: آرمی چیف جنرل عاصم منیر



راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ میں جنگی جرائم کررہی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے منگل کے روز پاک فوج کے جنرل ہیڈ کوارٹر( جی ایچ کیو) میں فلسطینی سفیر احمد جواد کے ساتھ ملاقات کی۔
فلسطینی سفیر سے ملاقات کے دوران آرمی چیف نے غزہ میں جاری جنگ میں فلسطینیوں کی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا۔
آرمی چیف نے غزہ میں جاری جنگ میں اسرائیلی ڈیفنس فورسز کے ہاتھوں بے گناہ شہریوں اندھا دھند قتل پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ شہری آبادی، سکولوں، یونیورسٹیوں، امدادی کارکنوں، ہسپتالوں پر مسلسل حملے اور غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی انسانیت کے خلاف سنگین جنگی جرائم ہیں۔
آرمی چیف نے جنگ کے فوری خاتمے، غزہ کے لیے انسانی ہمدردی کی راہداری کھولنے، شہریوں کے تحفظ اور بین الاقوامی انسانی قانون کی پاسداری کامطالبہ کیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پرآزادفلسطینی ریاست کے لیے پاکستان کی اصولی حمایت کا اعادہ کیا جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ غزہ میں تشدد کی تازہ لہر ریاستی سرپرستی میں ہونے والے تشدد، جبر، انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں اورریاستی سرپرستی میں مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کا نتیجہ ہے۔ اس جنگ کو دہشت گردی سے جوڑنا نادانی ہوگی۔
آرمی چیف نے کہا کہ اس نازک موڑ پر یہ ضروری ہے کہ بین الاقوامی برادری اسرائیلی فورسز کی طرف سے طاقت کے غیر متناسب اور غیر قانونی استعمال کی وجہ سے رونما ہونے والے انسانی المیے کو جلد از جلد ختم کرنے کے لیے متحرک ہو اور ان کی صریح خلاف ورزی میں مظالم کو جاری رکھنے کی حوصلہ افزائی کرنے سے باز رہے۔

ملکی دفاع میں ایک اور سنگ میل عبور، غوری ویپن سسٹم کی ٹریننگ لانچنگ کا کامیاب تجربہ



ملکی دفاع میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے پاکستان نے غوری ویپن سسٹم کی ٹریننگ لانچنگ کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔

غوری ویپن سسٹم کی ٹریننگ لانچنگ کا مقصد آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ کی آپریشنل اور تکنیکی تیاری کو جانچنا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا بتانا ہے کہ کمانڈر اے ایس ایف سی کی جانب سے آرمی اسٹریٹجک فورسز کی تربیت اور آپریشنل تیاریوں کے معیار کو خوب سراہا گیا ہے۔

دوسری جانب صدر مملکت عارف علوی، نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کی جانب سے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں، افسروں اور انجینئرز کو مبارکباد دی گئی ہے۔

لانچنگ کے موقع پر کمانڈر آرمی اسٹریٹجک فورس کمانڈ، اسٹریٹجک فورسز کے سینیئر افسران، اسٹریٹجک تنظیم کے سائنسدان اور انجینئرز موجود تھے جنہوں نے مشاہدہ کیا۔

لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کاآپریشن،4 دہشت گردہلاک



سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع لکی مروت کے علاقے سیمو وانڈا میں کارروائی کی جس کے دوران پاک فوج کے اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور اس کے نتیجے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے دوران ایک دہشت گرد زخمی بھی ہوا، جسے سیکیورٹی اہلکاروں نے گرفتار کرلیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہلاک اور زخمی دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ملوث تھے۔

شمالی اور جنوبی وزیرستان میں جھڑپیں ،6 دہشت گردہلاک،4 فوجی جوان شہید



راولپنڈی: شمالی اور جنوبی وزیرستان میں جھڑپوں کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک جبکہ پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق 18 اور19 اکتوبر کی درمیانی شب شمالی اور جنوبی وزیرستان کے اضلاع میں سکیورٹی فورسز اوردہشت گردوں کے درمیان دو شدید جھڑپیں ہوئیں ۔
پہلی جھڑپ شمالی وزیرستان کے علاقے غوریوم میں ہوئی جہاں سکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا جس کے نتیجے میں 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا جس میں ایک ہائی ویلیو ٹارگٹ، دہشت گردوں کا سرغنہ حضرت زمان عرف خاورے ملا شامل تھا جو علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم تھا اور انتہائی مطلوب تھا۔
آریشن کے دوران دھرتی کے تین بہادر بیٹے لانس نائیک تبسم (عمر 36 سال، ساکن راولپنڈی)، سپاہی نعیم اختر (عمر 30 سال، ساکن ضلع اٹک) اور سپاہی عبدالحمید (عمر 23 سال) ضلع ملتان کے رہائشی) نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔
جنوبی وزیرستان کے علاقے اسمان منزہ میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان ایک اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی فرمان علی (عمر 25 سال، رہائشی ضلع کشمور) نے شہادت کو گلے لگا لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا جارہاہے ۔

غزہ پر اسرائیلی حملے تشویشناک : غیرقانونی قبضے کے خاتمے تک فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھیں گے، پاک فوج



راولپنڈی: پاک فوج نے غزہ کی صورت حال پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے فلسطینی عوام کی مکمل حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 260 ویں کورکمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو( جنرل ہیڈ کوارٹر) میں منعقد ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈرز نے غزہ میں اسرائیل کی طرف سے طاقت کے اندھا دھند استعمال کی وجہ سے معصوم شہریوں کے جانی نقصانات پر تشویش کااظہار کیا ۔
آرمی چیف نے کہا کہ فلسطینی عوام کو پاکستانی قوم کی غیرمتزلزل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت حاصل ہے اور ہم مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل اور ان کی سرزمین اور مسلمانوں کے مقدس مقامات پر غیر قانونی قبضے کے خاتمے کے لیے اپنے بھائیوں کے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے معیشت کی بحالی کے لیے کیے گئے اسٹریٹجک اقدامات کی مکمل حمایت کی جائے گی اور پاکستانی عوام کی مجموعی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیاجائے گا۔
کورکمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف جاری کارروائیوں کا بھی جامع جائزہ لیا۔
آرمی چیف نے زور دیا کہ پاک فوج ملک بھر میں غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں کرنے میں حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔
ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ مافیاز اور کارٹیلز کے خلاف کارروائیوں کو آنے والے دنوں میں مزید تقویت دی جائے گی تاکہ ملک کوغیرقانونی معاشی سرگرمیوں کے منفی اثرات سے نجات دلائی جا سکے۔
فورم نے یکم نومبر 2023 سے تمام غیر قانونی غیر ملکیوں کو وطن واپس بھیجنے اور ملک بدر کرنے کے وفاقی حکومت کے فیصلے کی مکمل حمایت کرنے کا عزم کیا۔
آرمی چیف نے تمام متعلقہ افراد کو تمام غیر قانونی غیر ملکیوں کی باعزت اور محفوظ وطن واپسی یا ملک بدری کے لئے سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
شرکاء نے ربیع الاول کے مقدس مہینے میں مستونگ، ہنگو اور ژوب کے شہداء کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
کورکمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے دہشت گردی کی لعنت سے لڑتے ہوئے مادر وطن کے دفاع میں سیکورٹی فورسز اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مسلسل دی جانے والی عظیم قربانیوں کو بھی زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
شرکاء نے عزم کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے تمام دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں سے ریاست کے غیرمتزلزل عزم کے ساتھ نمٹا جائے گا۔

بلوچستان میں کالعدم بی ایل اے کا اہم کمانڈرہلاک، دہشتگردی کی 93 وارداتوں میں ملوث تھا، آئی ایس پی آر



سیکیورٹی فورسز کوبلوچستان میں ایک بڑی کامیابی ملی ہے جس کے دوران کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے اہم سرغنہ صدام حسین مسلم کو ہلاک کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق ہلاک دہشت گرد صدام حسین مسلم، گرو اور جبار کے ناموں سے بھی جانا جاتا تھا جو پاک فوج اور شہریوں پر متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا۔
آپریشن کے دوران صدام کا ایک اور ساتھی دہشت گرد مقصود بھی مارا گیا جبکہ اس کے علاوہ سیکیورٹی فورسز نے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن میں مارا جانے والا بلوچ لبریشن آرمی کا دہشت گرد صدام حسین 2008 میں بلوچ لبریشن فرنٹ کا حصہ بنا اور اس نے ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کے استعمال اور بارودی سرنگیں نصب کرنے کی تربیت بلوچستان کے علاقے مشکے میں قائم بلوچ لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) کے دہشت گرد ٹریننگ کیمپ میں حاصل کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 2014 میں دہشت گرد صدام حسین بلوچ لبریشن آرمی میں شامل ہو گیا اور 2017 میں اسے ضلع کیچ میں خفیہ تربیتی کیمپ کا کمانڈر اور 2021 میں مقامی کمانڈر بنا دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 2016 سے اب تک صدام حسین جنوبی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دستی بم حملوں، بارودی سرنگوں کے حملوں اور ٹارگٹ کلنگ سمیت مجموعی طور پر 93 دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث رہا جس میں 131 معصوم لوگوں کی جانیں گئیں جبکہ 177 افراد زخمی بھی ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ ستمبر 2023 میں دہشت گرد صدام حسین، بلوچستان میں ایف سی ہیڈکوارٹرز پر بھی حملے میں ملوث رہا اور وہ ضلع کیچ میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں اور ضلع میں نوجوانوں کو دہشت گرد گروپوں میں شامل کرنے کے حوالے سے بھی اس اہم کردار رہا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد صدام حسین کے خلاف گوادر اور تربت میں متعدد ایف آئی آرز درج ہیں جبکہ وہ کیچ میں متعدد دہشت گرد سیل بھی چلا رہا تھا اور معصوم نوجوانوں کو نام نہاد آزادی بلوچستان کے ایجنڈے کے تحت ورغلا کر دہشت گرد کارروائیوں کا حصہ بناتا تھا۔
بلوچ لبریشن آرمی (عبدالمجید بریگیڈ) کے دہشت گرد صدام حسین کی ہلاکت اس دہشت گرد تنظیم کے لیے بہت بڑا دھچکا ہے اور کارروائی سے علاقے میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں نمایاں کمی آئے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ دہشت گرد صدام کی ہلاکت کے انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے اور علاقے میں امن و استحکام کی واپسی میں بڑی مدد ملے گی۔

شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن،8 دہشتگردہلاک،8 زخمی



شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 8 دہشت گرد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع میر علی میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے مابین فائرنگ سے ایک سپاہی شہید ہوگیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران سپاہی عبدالحکیم نے شہید ہوگئے۔

بلوچستان میں جھڑپ، ایک میجر اور حوالدار شہید،5 دہشتگرد ہلاک



بلوچستان کے ضلع ژوب میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ سے 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 اہلکار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں انٹیلی جنس پرمبنی آپریشن کیا اور دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ آپریشن کی قیادت کرنے والے میجر سید علی رضا شاہ اور حوالدار نثار احمدنے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوگئے۔
شہید میجر علی رضاشاہ کی عمر31 سال تھی اور وہ سرگودھا کے رہائشی تھے جبکہ 38 سالہ شہیدحوالدارنثار احمد کاتعلق وہاڑی سے تھا

پاکستان میں سپیشل فورسزکی کثیرالملکی مشقیں اختتام پذیر



پاکستان میں سپیشل فورسزکی کثیرالملکی مشقیں اختتام پذیر ہوگئیں۔ اتوار کے روز پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطبق پاکستان، قازقستان، قطر، ترکیہ اور ازبکستان کی سپیشل فورسز کے درمیان انسداد دہشت گردی کے شعبے میں ملٹی نیشنل جوائنٹ سپیشل فورسز ایکسرسائز ’ابدی بھائی چارہ دوم‘ کا انعقاد کیا گیا۔

دو ہفتے طویل مشق ’ابدی بھائی چارہ دوم‘ کا آغاز 17 ستمبر 2023 کو بروتھا میں ہوا۔
کور کمانڈر 11 کور نے اختتامی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل ملٹری ٹریننگ اور جنرل آفیسر کمانڈنگ سپیشل سروس گروپ کے ساتھ بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ مشق میں شرکت کرنے والے دستوں کے علاوہ دوست ممالک کے افسران نے بھی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔
مشق میں حصہ لینے والے ممالک کی سپیشل فورسز نے پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔
اس مشق کا مقصد برادر ممالک کے درمیان تاریخی فوجی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور اس کے علاوہ انسداد دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اقدامات کے تصورات کے اطلاق میں مدد کے ساتھ ساتھ مستقبل کے فوجی تعاون کے لیے باہمی دلچسپی کے شعبوں کی نشاندہی کرنا تھا۔

افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام، 3 دہشت گرد ہلاک



پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے جبکہ اس دوران 4 جوان بھی شہید ہو گئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ 28 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے پاک افغان سرحد کے قریب کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشت گردوں کی افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بنائی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران حوالدار ستار، لانس نائیک شیر اعظم، لانس نائیک عدنان اور سپاہی ندیم نے جام شہادت نوش کیا ہے۔

فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ترجمان آئی ایس پی آر نے کہاکہ سیکیورٹی فورسز دشمنوں کی کارروائیوں کو ناکام بناتی رہیں گی۔