Tag Archives: آرمی چیف

نوجوان ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈے کامقابلہ کریں، جنرل عاصم منیر



آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دانشوروں اور سول سوسائٹی کی زیادہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہماری عوام خصوصی طور پر نوجوان نسل ریاستی اداروں کے خلاف جاری پروپیگنڈہ کے بارے میں اپنی معلومات میں اضافہ کریں اور اس کا مقابلہ کریں۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 25 ویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکا نے جی ایچ کیو کا دورہِ کیا اور آرمی چیف سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج، سیکورٹی اور انٹیلی جنس کے ادارے دشمن قوتوں کی مسلسل کوششوں کے باوجود دہشت گردی کی لعنت کا بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر ایک پاکستانی کی حفاظت اور سلامتی انتہائی اہمیت کی حامل ہے جس پر کسی بھی قیمت پر سمجھوتہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ہم ایک مضبوط قوم ہیں جس نے امن اور استحکام کے حصول کے لیے بہت سی آزمائشوں کو برداشت کیا۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے شرکا کو غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا، جس میں اسمگلنگ، بجلی چوری، منشیات کا پھیلاؤ، بارڈر کنٹرول کے اقدامات اور پاکستان سے غیر قانونی غیرملکیوں کی وطن واپسی شامل ہیں۔

علاوہ ازیں آرمی چیف نے معیشت کی بہتری کے لئے کئے گئے متعدد فعال اقدامات جس میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے نتیجے میں معیشت پر مثبت اثرات کو بھی اجاگر کیا۔

جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ فوج پاکستان کے عوام کی بہتری کے لیے ریاست کے دیگر اداروں کے ساتھ مل کر مختلف شعبوں میں قومی اور صوبائی سطح پر پوری طرح مصروف عمل ہے

 

اسرائیلی فوج سنگین جنگی جرائم کر رہی ہے، عالمی برادری حوصلہ افزائی سے باز رہے: آرمی چیف جنرل عاصم منیر



راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ میں جنگی جرائم کررہی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے منگل کے روز پاک فوج کے جنرل ہیڈ کوارٹر( جی ایچ کیو) میں فلسطینی سفیر احمد جواد کے ساتھ ملاقات کی۔
فلسطینی سفیر سے ملاقات کے دوران آرمی چیف نے غزہ میں جاری جنگ میں فلسطینیوں کی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا۔
آرمی چیف نے غزہ میں جاری جنگ میں اسرائیلی ڈیفنس فورسز کے ہاتھوں بے گناہ شہریوں اندھا دھند قتل پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ شہری آبادی، سکولوں، یونیورسٹیوں، امدادی کارکنوں، ہسپتالوں پر مسلسل حملے اور غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی انسانیت کے خلاف سنگین جنگی جرائم ہیں۔
آرمی چیف نے جنگ کے فوری خاتمے، غزہ کے لیے انسانی ہمدردی کی راہداری کھولنے، شہریوں کے تحفظ اور بین الاقوامی انسانی قانون کی پاسداری کامطالبہ کیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پرآزادفلسطینی ریاست کے لیے پاکستان کی اصولی حمایت کا اعادہ کیا جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ غزہ میں تشدد کی تازہ لہر ریاستی سرپرستی میں ہونے والے تشدد، جبر، انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں اورریاستی سرپرستی میں مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کا نتیجہ ہے۔ اس جنگ کو دہشت گردی سے جوڑنا نادانی ہوگی۔
آرمی چیف نے کہا کہ اس نازک موڑ پر یہ ضروری ہے کہ بین الاقوامی برادری اسرائیلی فورسز کی طرف سے طاقت کے غیر متناسب اور غیر قانونی استعمال کی وجہ سے رونما ہونے والے انسانی المیے کو جلد از جلد ختم کرنے کے لیے متحرک ہو اور ان کی صریح خلاف ورزی میں مظالم کو جاری رکھنے کی حوصلہ افزائی کرنے سے باز رہے۔

تعلیم آپشن نہیں ، ضرورت ، ملکی مسائل کا حل تلاش کرنا طلبہ کا فرض ہے ، آرمی چیف جنرل عاصم منیر



آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ تعلیم آپشن نہیں بلکہ ضرورت ہے، طلبہ پر فرض ہے کہ وہ ملکی مسائل کا حل تلاش کریں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین نسٹ بورڈ آف گورنرز آرم چیف جنرل  عاصم منیر نے کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

آرمی چیف نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طالب علموں کو اعزازات عطا کئے، آرمی چیف نے گریجویٹ طلبہ، والدین اور اساتذہ کو دلی مبارک باد بھی دی، کانووکیشن ویک میں بیچلرز، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کرنے والے طالب علموں کو ڈگریاں عطا کی گئیں، نسٹ کے 3500 طلبہ کو 7 مختلف ڈسپلنز میں ڈگریاں دی گئیں۔

آرمی چیف نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج طلبہ کی زندگیوں میں نئے باب کا آغاز ہو رہا ہے،  چیلنجز کے حل کے لئے فکری وسائل کو بروئے کار لائیں، طلباء پر فرض ہے کہ وہ ملکی مسائل کا حل تلاش کریں۔ یہ دن تبدیلی سے زیادہ ذمہ داری کے اظہار کا متقاضی ہے۔

فضائی جنگ کے جدید چیلنجز کامقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں، آرمی چیف جنرل عاصم منیر



راولپنڈی:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے فضائی مشق انڈس شیلڈ 2023 کا مشاہدہ کرنے کے لیے پاک فضائیہ کے آپریشنل ایئر بیس کا دورہ کیا۔
ترکی، آذربائیجان اور ہنگری کے ائیر چیفس بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے جنہوں نے پی اے ایف کی 14 ملکی میگا فضائی مشق کامشاہدہ کیا۔
آرمی چیف کی آمد پرائیر چیف مارشل ظہیراحمد بابر سدھو نے استقبال کیا۔
چیف آف آرمی سٹاف نے معزز غیر ملکی معززین کے ہمراہ ایئرپاور سینٹرآف ایکسی لینس کی تربیتی سہولت اور مشق کے وسیع دائرہ کار کے بارے میں ایک جامع بریفنگ لی جس کا مقصد فضائی جنگ کے جدید تصورات کو مستحکم کرنا، باہمی تعاون کو فروغ دیناہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے جنرل سید عاصم منیر کی طرف سے پاک فضائیہ کی جدید کاری کی مہم میں بھرپور تعاون کی تعریف کی اور 14 اتحادی ممالک کی بھرپور شرکت کو سراہا۔
فضائیہ کے سربراہ نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ فضائی مشن کی کامیاب تکمیل کے لیے جنگی کارکردگی کے تمام اجزاء کے موثراستعمال کی ضرورت ہوتی ہے۔
مشقوں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف نے فضائی جنگ کے مسلسل بدلتے ہوئے تقاضوں کے حصول میں فضائی مشقوں کی بنیادی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے مشق کے شرکاء کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور ایئر پاور سنٹر آف ایکسی لینس کو اس کی جدید ترین سہولیات اور اتنے بڑے پیمانے پر فضائی مشق کے انعقاد میں اہم کردار ادا کرنے پر تعریف کی۔
جنرل سید عاصم منیر نے اعتراف کیا کہ اس سنٹر کی مہارت اور لگن نے انتہائی ہنر مند اور ماہر فضائی جنگجو تیار کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، جو جدید جنگ کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ چیف آف آرمی سٹاف نے ائیر چیف کی متحرک قیادت کو بھی سراہا جن کے پختہ عزم اور انتھک کوششوں نے اس مشق کو خطے کی سب سے بڑی فضائی مشقوں میں سے ایک ہونے کی راہ ہموار کی۔ فضائی جنگ کی بدلتی ہوئی نوعیت کو تسلیم کرتے ہوئے انہوں نے سائبر، مصنوعی ذہانت، آئی ٹی، جدید ترین ٹیکنالوجیز کو شامل کرنے کے لیے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کے وژن کی حمایت کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
انڈس شیلڈ مشق علاقائی سلامتی کو تقویت دینے اور اتحادی ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے میں پاک فضائیہ کے غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہے۔ یہ مشق آپریشنل صلاحیتوں کو بڑھانے، باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے اور امن و استحکام کے مشترکہ اہداف کوآگے بڑھانے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتی ہے اوراس کے علاوہ جدیدٹیکنالوجیز کے ذریعے اپنی فضائی حدود کو محفوظ بنانے کے لیے پاک فضائیہ کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔

آرمی چیف کی خیبر پختونخوا پر خصوصی توجہ ، گیارہ ماہ میں 19 دورے کئے



آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرنے 11 مہینے کی کمانڈ میں 19 مرتبہ خیبر پختونخوا کا دورہ کیا ۔
جنرل عاصم منیرنے29 نومبر2022 کو پاک فوج کی کمان سنبھالی تھی اور ابتدائی کچھ بریفنگز کے بعد 6 دسمبر 2022 کوضلع خیبر کی وادی تیراہ اورکور ہیڈکوارٹرپشاور کادورہ کیا۔
آرمی چیف کا کسی بھی جگہ کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے کیونکہ عہدے کی مناسبت سے وہ کسی بھی معاملے پر فوراً فیصلہ دے سکتے ہیں۔
پچھلے 11 مہینوں میں آرمی چیف نے خیبرپختونخوا کی عوام اور پاک فوج کی پشاور کور کے لیے جو اہم فیصلے کیے ان سب کے نتائج آہستہ آہستہ نظر آنا شروع ہو گئے ہیں ۔
آرمی چیف نے شمالی وزیرستان ، جنوبی وزیرستان، پشاور،نوشہرہ، بنوں ، ایبٹ آباد، شنکیاری ، مانسہرہ ،وانا، باجوڑ کے دورے کئے اور عیدالاضحیٰ بھی ضلع کرم میں فوجی جوانوں کے ساتھ منائی ۔ یہ دورے صوبے کے عوام کے ساتھ گہرے تعلق کابھی اظہار ہے۔

آرمی چیف سے قطر کی فوج کے سربراہ کی ملاقات ، تعلقات بڑھانے پر اتفاق



 آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے قطر کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل (پائلٹ) سالم حمد عقیل النبیط نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی اور پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاک فوج بھی قطر کی مسلح افواج کے ساتھ دفاعی اور سکیورٹی تعاون بڑھانے کی خواہاں ہے۔

قطر کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل (پائلٹ) سالم حمد عقیل النبیط نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاک فوج کی مسلسل کوششوں کو سراہا،مسلح افواج کے سربراہان نے دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کے لیے کام جاری رکھنے کا عہد کیا۔

فوج پوری طاقت سے وسائل کی لوٹ مار روکے گی: آرمی چیف



کوئٹہ(اے پی پی) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ریاستی وسائل کی لوٹ مار روکنے کے لئے تمام اداروں کو فوج کی مکمل طاقت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی ۔
منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کے ہمراہ کوئٹہ کا دورہ کیا اور صوبائی ایپکس کمیٹی کے 14 ویں اجلاس میں خصوصی شرکت کی جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان خان ڈومکی بھی موجود تھے۔
ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے دوران شرکاء کو نظرثانی شدہ نیشنل ایکشن پلان، لاء انفورسمنٹ آپریشن، سمگلنگ اور منشیات کے خلاف بلوچستان میں آپریشنز ، سی پیک اور نان سی پیک یا پرائیویٹ منصوبوں میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کی سکیورٹی، غیر قانونی غیر ملکیوں کی ان کے اپنے وطن واپسی، فارن کرنسی کو باقاعدہ بنانے کے حوالے سے اقدامات اور بلوچستان میں ایس آئی ایف سی کے اقدامات پر پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے بلوچستان حکومت کی جانب سے پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے زور دیا کہ صوبے کے امن و ترقی کو یقینی بنانے کیلئے بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی ناگزیر ہے۔ چیف آف آرمی سٹاف نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ فوج قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر سرکاری محکموں کے ساتھ مل کر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں کیلئے پوری طاقت کے ساتھ مکمل تعاون فراہم کرے گی تاکہ وسائل کی لوٹ مار اور ان سرگرمیوں کی وجہ سے ملک کو ہونے والے معاشی نقصانات کو روکا جا سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاق کی سطح پر ایس آئی ایف سی کے تحت اٹھائے گئے اقدامات کا ہر صوبے کے لوگوں پر اثر ہونا چاہئے۔
بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور کان کنی اور معدنیات کے شعبہ میں ترقی سے علاقہ کے لوگوں کیلئے معاشی سرگرمیاں اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی وسائل کی ترقی کے علاوہ زراعت اور آئی ٹی میں سرمایہ کاری پر بھی توجہ مرکوز کی جانی چاہئے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ ان اقدامات سے بھرپور انداز میں مستفید ہونے کیلئے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ شرکاء نے اس عزم کا اعاد ہ کیا کہ ریاستی ادارے بمعہ سرکاری محکمے اور عوام صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے متحد ہیں۔
قبل ازیں وزیراعظم اور آرمی چیف کا کوئٹہ پہنچنے پر نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان اور بلوچستان کور کمانڈر نے استقبال کیا۔ اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف، نگراں وزیراعلی بلوچستان، نگراں وزیر داخلہ، نگراں صوبائی کابینہ کے اراکین اور عسکری اداروں کے اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور امریکی وزیر دفاع کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ



چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر اور امریکا کے وزیر دفاع کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے۔

پینٹاگون کے پریس سیکرٹری پیٹ رائڈر نے بتایا ہے کہ پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور امریکی وزیر دفاع لائیڈ جے آسٹن کے درمیان ٹیلیفون پر بات چیت ہوئی ہے۔

پیٹ رائڈر کے مطابق جنرل عاصم منیر اور امریکی وزیر دفاع کے درمیان باہمی مفاد کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ اس دوران علاقائی معاملات پر بھی بات چیت ہوئی۔

’’ہندوستان والو، تمہاری داستاں تک بھی نہ ہوگی داستانوں میں‘‘: آرمی چیف



اسلام آباد(این این آئی)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ ریاست کی رٹ قائم کرنے کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے، ہر ایک پاکستانی شہری کی جان و مال سب سے مقدم ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے حوالے سے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہر اعتبار سے تاریخی تھا، اجلاس میں تمام وفاقی اور صوبائی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان ایک چھت تلے موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ غالباً یہ پہلی دفعہ تھا کہ ملک کے تمام قانون نافذ کرنے والے چھوٹے اور بڑے ادارے اس میٹنگ کا حصہ تھے، اجلاس کے دوران بڑی کلیریٹی اورغیر مبہم انداز میں بات چیت کی گئی ۔ جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ ایک پاکستانی شہری کی جان و مال اور فلاح و بہبود کسی بھی دوسرے ملک اور کسی بھی دنیاوی مفاد سے مقدم ہے۔ آرمی چیف نے کہاکہ پاکستان کے پاس صرف ایک ہی آپشن ہے، ہمیں ان چیلنجز کے سامنے کھڑے ہونا ہے، ہم ریاست کی عمل داری قائم کرنے کے لیے انتہائی اقدام تک جائیں گے۔ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے آخر میں آرمی چیف نے اقبال کا یہ شعر بھی پڑھا کہ ”نہ سمجھو گے تو مٹ جاؤ گے اے ہندوستان والو، تمہاری داستاں تک بھی نہ ہوگی داستانوں میں”۔

آرمی چیف کا غیرقانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے پر زور



آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اس بات پر زور دیا ہے کہ غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے لاہور کا دورہ کیا اور اس موقع پر انہوں نے صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی بھی شریک ہوئے، اس دوران آرمی چیف کو صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، بشمول بجلی، گیس چوری، ذخیرہ اندوزی اور غیر ملکی کرنسی کی سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہاکہ غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں کے نتیجے میں پاکستان کو مختلف طریقوں سے ہونے والے معاشی نقصانات سے نجات مل سکے گی۔

اس موقع پر فورم کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی ) اور گرین پنجاب کے اقدامات کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔