Tag Archives: آڈیو اور ویڈیو کال

ایکس (سابقہ ٹوئٹر) نے آڈیو اور ویڈیو کال کا فیچر بھی متعارف کرادیا



سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس ( سابقہ ٹوئٹر) نے نئی مینجمنٹ کا پہلا سال مکمل ہونے پر آڈیو اور ویڈیو کال کا فیچرمتعارف کرادیا۔

دنیا کے امیرترین افراد میں شامل ایلون مسک نے 27 اکتوبر2022 کو ٹوئٹر خریدا تھا اور بعدازاں اس کا نام تبدیل کرکے ایکس رکھ دیا گیا۔

ایلون مسک کے زیرانتظام سوشل میڈیا پلیٹ فارم پرآڈیو اور ویڈیو کالز کا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کئی ماہ سے کیا جا رہا تھا تاہم اب  باضابطہ طور پریہ فیچر متعارف کرادیا گیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری  بیان کے مطابق اس فیچر کو ابھی آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے متعارف کرایا گیا جبکہ اینڈرائیڈ صارفین کو یہ کچھ عرصے بعد دستیاب ہوگا۔

ایکس کے متعدد نئے فیچرز کی طرح آڈیو اور ویڈیو کالز کا فیچر بھی صرف ایکس پریمیئم یعنی ماہانہ فیس ادا کرنے والے صارفین کو ہی دستیاب ہوگا۔

کمپنی نے بتایا کہ صارفین آڈیو یا ویڈیو کالز کو ڈائریکٹ میسجز سیٹنگز کے ذریعے کنٹرول کر سکیں گے جبکہ کسی فرد کو کال کرنے کے لیے اسے ایکس پر کم از کم ایک ڈائریکٹ میسج بھیجنا ضروری ہوگا۔

خیال رہے کہ اگست 2023 کو ایلون مسک نے ایک ایکس پوسٹ میں بتایا تھا کہ آڈیو اور ویڈیو کالز کرنے کے لیے کسی فون نمبر کی ضرورت نہیں ہوگی۔

ایلون مسک عرصے سے کہہ رہے ہیں کہ وہ ایکس کو ایسی ایپ بنانا چاہتے ہیں جہاں ہر قسم کی سروس صارف کو دستیاب ہو۔

ایلون مسک کو توقع ہے کہ آڈیو اور ویڈیو کالز کے فیچر سے مزید افراد کو اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لانے میں مدد ملے گی۔

اسی طرح یہ کمپنی پیمنٹ فیچر کو بھی ایکس کا حصہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔