اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج اور ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال نے چھاتی کے کینسر سے آگاہی کے مہینے کی مناسبت سے پنک ڈے منایا جس میں چھاتی کے کینسر کا از خود معائنہ، اسکریننگ، اسکی روک تھام اور علاج کے بارے میں عوامی شعور اجاگر کیا گیا۔
اس تقریب میں آگاہی اسٹالز، بیک سیلز، تفریحی کھیل، تخلیقی فن پارے، گلابی پوسٹرز اور ربنز اور معلوماتی مواد کی تقسیم شامل تھی جس کے زریعے قیمتی انسانی جانوں کو بچانے میں بروقت تشخیص کی اہمیت کو بھر پور اجاگر کیا گیا۔
پرنسپل آئی ایم ڈی سی پروفیسر ڈاکٹر سید عرفان احمد، ہسپتال کے ایگزیکیٹو ڈائریکٹر کرنل (ر) غلام مجتبیٰ عباسی اور ڈائریکٹر ڈاکٹر عریج نیازی نے تقریب میں شرکت کی۔
ڈاکٹر عریج نے بریسٹ کینسر سرجنز، طلبا اور اساتذہ کے ساتھ تقریب کے دوران کیک کاٹا۔اساتذہ، ڈاکٹرز، طلباء، انتظامیہ اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے تقریب میں بڑی تعداد میں شرکت کی۔
شرکا نے انتظامیہ کو اس مہلک بیماری کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کی کوششوں کو سراہا۔
ڈاکٹر عریج نیازی نے اس موقع پر کہا کہ ہسپتال اپنے ون سٹاپ بریسٹ کلینک میں چھاتی کے کینسر کے بارے میں آگاہی اور معیاری تشخیصی اور علاج کی خدمات فراہم کررہا ہے۔ انہوں نے اس مہلک بیماری کے علاج کے لیے جلد تشخیص کی اہمیت پر زور دیا کیونکہ جلد پتہ چلنے پر اس کا علاج آسان ہوتا ہے۔
ادارہ کے کمیونیکیشنز کے سربراہ عمران علی غوری نے میڈیا کو بتایا کہ ہسپتال اور کالج چھاتی کے سرطان کے حوالے سے آگاہی پھیلانے کے لئے مختلف سرگرمیاں سر انجام دیتے رہتے ہیں اور اس سلسلے میں، 31 اکتوبر تک ہسپتال میں جبکہ 27 اور 28 اکتوبر 2023 کو جی ایٹ مرکز، اسلام آباد، میں واقع ہسپتال کے ایگزیکیٹو کلینکس میں ہر کسی کو بریسٹ کینسر کی مفت مشاورت و آگاہی مواد اور با رعایت تشخیص کی سہولیات دی جا رہی ہیں۔
عریج نیازی نے خواتین کی بڑی تعداد کو چھاتی کے کینسر کے علاج کی سہولیات حاصل کرنے کی ترغیب دینے میں حکومت کے صحت سہولت پروگرام کے اہم کردار پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ یہ پروگرام اسکریننگ/تشخیص کی سہولت مہیا کر کے کس طرح مزید موثر ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ “ہم اکتوبر کے مہینے اور اس کے بعد بھی پاکستان میں چھاتی کے کینسر کے بوجھ کو کم کرنے کے لیے حکومت اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔”