اسرائیل اور فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان ہونے والی کشیدگی کے بعد غزہ پر اسرائیلی بمباری کا سلسلہ جاری ہے اور 7 اکتوبر سے اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 5800 سے تجاوز کر گئی ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فورسز نے ایک روز میں 182 بچوں سمیت 704 فلسطینیوں کو شہید کر دیا ہے، اسرائیلی فوج پناہ گزینوں کے کیمپوں کو بھی نشانہ بنا رہی ہے۔
اسرائیلی بمباری سے زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 15 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے اور غزہ میں اس وقت صورت حال انتہائی گھمبیر ہے۔
سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کی جانب سے جنگ بندی کی اپیل کے باوجود اسرائیل کی ہٹ دھرمی برقرار ہے اور دھمکی دی جا رہی ہے کہ کسی بھی وقت فلسطین پر زمینی فوج کے ذریعے حملہ کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب حماس نے اسرائیلی فوج کو خبردار کر رکھا ہے کہ اگر زمینی حملہ کیا گیا تو آپ کی فوج کو نیست و نابود کر دیا جائے گا۔