لاہور: پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ، معروف قانون دان اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نواز شریف کی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ڈیل کھل کر سامنے آگئی ہے اب تو کسی کو شک نہیں رہنا چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو جونہی موقع ملا اس نے سب کو زیرو کر دیا،ملک میں نظام تو ہے ہی نہیں،آئین کہتا ہے کہ اقتدار کا تعلق اللہ سے ہے جو منتخب لوگوں کے ذریعے تشکیل پاتاہے مگرجب منتخب لوگ ہی نہیں تو نظام کیسا ؟۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرے پہلے بھی کئی دفعہ پیپلز پارٹی کے ساتھ اختلافات ہوئے ہیں کبھی وہ میری بات مان جاتے ہیں کبھی نہیں مانتے ،کبھی میری باتیں ٹھیک ہو جاتی ہیں کبھی پیپلز پارٹی کی باتیں ٹھیک ہوتی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ 28جنوری کو الیکشن ہوں گے یا نہیں ہوں گے کچھ نہیں کہہ سکتا،ماضی کی سیاست کے علاوہ آئندہ الیکشن کے حوالے سے پیشنگوئی گوئی نہیں کی جا سکتی۔