Tag Archives: افغان باشندے

غیرقانونی طور پر پاکستان میں مقیم افغان باشندوں کی واپسی جاری



غیرقانونی طور پر پاکستان میں مقیم افغان باشندوں کی اپنے ملک میں واپسی کا سلسلہ جاری ہے، حکومت کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن کے بعد سے اب تک 67 ہزار 980 پناہ گزین واپس جا چکے ہیں۔

طورخم اور چمن بارڈر کے ذریعے افغان شہری واپس اپنے ملک میں جا رہے ہیں، 24 اکتوبر کو 3 ہزار 185 افغان باشندے واپس اپنے ملک میں گئے۔

ایک رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں 10 لاکھ رجسٹرڈ افغان مہاجر موجود ہیں جبکہ 7 لاکھ 75 ہزار شہری غیرقانونی طور پر پاکستان میں داخل ہوئے۔

بلوچستان میں تقریباً 8 لاکھ افغان باشندے رہ رہے ہیں جن میں سے اڑھائی لاکھ غیرقانونی ہیں۔

واضح رہے کہ حکومت نے غیرقانونی تارکین وطن کو 31 اکتوبر تک پاکستان چھوڑنے کی ڈیڈلائن دے رکھی ہے اس کے بعد کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

جینا یہاں مرنا یہاں، اس کے سوا جانا کہاں۔۔افغان باشندوں کا وطن جانے سے انکار



غیرقانونی مقیم غیر ملکیوں کو دی جانے والے ڈیڈ لائن ختم ہونے میں ایک ہفتہ باقی رہ گیا لیکن کوئٹہ میں ان کو واپس بھجوانے کی سرگرمیاں نظر نہیں آرہی ہیں۔

غیر قانونی قیام پذیر تارکین وطن کو واپس بھیجنے کی ڈیڈ لائن میں صرف سات روز باقی ہیں لیکن کوئٹہ میں انتظامیہ کی جانب سے کوئی کارروائی دکھائی نہیں دے رہی ، غیر قانونی تارکین وطن نے اب تک نہ گھر خالی کئے اور نہ ہی کاروباری سرگرمیاں ترک کی ہیں۔

تارکین وطن نے نہ صرف واپس جانے سے انکار کرتے ہیں بلکہ یہ دعویٰ بھی کررہے ہیں کہ ’ ان کا جینا مرنا پاکستان میں ہے اور وہ ہرگز واپس نہیں جائیں گے’۔

دوسری جانب نگراں صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی اور نگراں حکومت کے ترجمان کا دعویٰ ہے کہ یکم نومبر سے پہلے غیر قانونی طور پر مقیم تمام تارکین وطن کو واپس جانا ہوگا۔غیر ملکی تارکین وطن کے بارے میں ایپکس کمیٹی میں واضح حکمت عملی تیار کی گئی تھی لیکن بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ انتظامیہ صرف خانہ پوری کررہی ہے اور با اثر تارکین وطن پر ہاتھ ڈالنے سے گریز کیا جارہا ہے۔

غیر قانونی مقیم افراد یکم نومبر تک چلے جائیں اس کے بعد کمپرومائز نہیں ہو گا: وزیر داخلہ



نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ جو بھی غیرقانونی تارکین وطن پاکستان سے جانا چاہتا ہے یکم نومبر تک چلا جائے اس کے بعد کسی کے ساتھ کوئی کمپرومائز نہیں ہو گا۔

اپنے ایک بیان میں سرفراز بگٹی نے کہا کہ افغان باشندوں کی اپنے وطن واپسی کے حوالے سے ایک نشست ہوئی جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی، اسی میٹنگ میں فیصلہ ہوا تھا کہ افغان شہریوں کو واپسی کے لیے ایک وقت دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کی جانب سے کہا جا رہا تھا کہ پاکستان میں مقیم افغان باشندے رضاکارانہ طور پر واپس جانا چاہتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ غیرقانونی تارکین وطن چاہے کسی بھی ملک سے تعلق رکھتے ہوں واپس جانا ہو گا، اس کا صرف افغانستان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کے پاس ویزا ہے انہیں کچھ نہیں کہا جائے گا، صرف غیرقانونی افراد کو واپس اپنے ملکوں میں بھیجا جا رہا ہے۔

افغان باشندوں کونکالنے کافیصلہ قبول نہیں، پاکستان ’’برداشت‘‘ کرے: طالبان حکومت



کابل(مانیٹرنگ ڈیسک)امارت اسلامیہ کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایکس پر کہا ہے کہ افغان پناہ گزینوں کے ساتھ پاکستان کا رویہ ناقابل قبول ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان ”اپنے منصوبے“ پر نظرثانی کرے۔
ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ افغان مہاجرین پاکستان کے سیکیورٹی مسائل میں ملوث نہیں ہیں ۔ جب تک وہ رضاکارانہ طور پر پاکستان نہیں چھوڑتے پاکستان کوانہیں برداشت کرنا چاہیے۔
پاکستان کی جانب سے غیرملکیوں کیلئے یہ اعلان کابل کے ساتھ تعلقات میں مزید خرابی کی نشاندہی کرتا ہے جو گزشتہ ماہ ڈیورنڈ لائن پر جھڑپوں کے بعد خراب ہو گئے تھے۔
گزشتہ روز 3 اکتوبر کو نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑکی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں افغان شہریوں سمیت تمام غیر ملکی تارکین وطن کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا گیا تھا۔
اس فیصلے کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ اس سال ملک میں ہونے والے 24 خودکش بم دھماکوں میں سے 14 افغان شہریوں نے کئے ہیں۔
نجی ٹی وی آج نیوز کے مطابق پاکستان میں تقریبا 1.73 ملین( 17لاکھ30 ہزار) افغان شہریوں کے پاس رہنے کے لئے کوئی قانونی دستاویزات نہیں ہیں ۔ مجموعی طور پر 4.4 ملین (44 لاکھ) افغان مہاجرین پاکستان میں رہتے ہیں۔