Tag Archives: امریکی وزیر خارجہ

امریکی وزیر خارجہ کو ہزیمت کا سامنا، سعودی ولی عہد سے ملاقات کیلئے ایک دن  انتظار کروایا گیا



سعودی عرب کے دورے کے موقع پر امریکی وزیر  خارجہ  کو  ہزیمت کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

گزشتہ روز  سعودی ولی عہد محمد  بن سلمان سے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ریاض میں ملاقات کی تھی۔

 امریکی اخبار  واشنگٹن پوسٹ کے مطابق محمد بن سلمان نے پہلے تو (بروز ہفتہ) امریکی  وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کو ملاقات کے لیےگھنٹوں انتظار کروایا اور  پھر اگلی صبح (اتوار) کو ملاقات کرکے  غزہ کے معصوم فلسطینیوں کا قتل رکوانے  پر زور دیا۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق سعودی ولی عہد نے  ملاقات میں اسرائیل فلسطین کی صورتحال پر سخت پیغام دیتے ہوئے غزہ میں فوجی آپریشن رکنے اور غزہ کا اسرائیلی محاصرہ ختم کروانے پر زور دیا۔

محمد بن سلمان نے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں معصوم فلسطینی قتل ہو رہے ہیں، اسرائیل کو چاہیے کہ محاصرہ  ختم کرکے غزہ کو  پانی، بجلی اور  ایندھن کی فراہمی بحال کرے۔

اس سے قبل ملاقات کے بعد  امریکی وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ سعودی ولی عہد سے آگے بڑھنے کیلئے کئی اچھی تجاویز  پر بات ہوئی ہے۔

اسرائیل فلسطین تنازع روکنے کے لیے مدد کی جائے: امریکا کی چین سے اپیل



امریکا نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان تنازع کو بڑی جنگ میں تبدیل ہونے سے روکنے کے لیے چین سے مدد مانگ لی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے چینی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے اور اس سلسلے میں تعاون کی اپیل کی ہے۔

چینی وزیر خارجہ نے امریکی ہم منصب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اور فلسطین کے معاملے پر فوری بین الاقوامی کانفرنس بلائی جائے۔

چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں اور شہریوں کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچانے کے عمل کی مذمت کرتے ہیں۔

چین کے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اسرائیل اور فلسطین کے تنازع کے قابو سے باہر نکلنے کا خدشہ ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ امریکا اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرے۔ انہوں نے معاملے کے سیاسی حل پر زور دیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق چینی وزیر خارجہ نے مسئلے کے دوریاستی حل پر زور دیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ کا مصری ہم منصب سے رابطہ، جنگ بندی کرانے پر زور



برسلز/واشنگٹن(این این آئی)امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے مصری ہم منصب سے رابطہ کرتے ہوئے فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی پر زور دیا ہے۔

دوسری جانب یورپی کمیشن اور نیٹو اتحاد نے بھی اسرائیل پر حماس کے حملوں کی مذمت کر دی ہے۔فلسطین اور اسرائیل کے درمیان پیدا ہونے والی تازہ صورتحال کے بعد روس کا کہناتھا کہ معاملے پر عرب اور فلسطینی قیادت سے رابطے میں ہیں جبکہ جاپان نے بھی فریقین سے کشیدگی ختم کرنے کی اپیل کردی ۔

واضح رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نے غزہ پر حملے کی دھمکی دیتے ہوئے فلسطینیوں کو غزہ خالی کرنے کی وارننگ دیدی ہے۔اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے کہا کہ حماس سے بدلہ لیں گے، اسرائیل ہر جگہ بھرپور طاقت کا استعمال کرے گا۔

اسرائیلی وزیراعظم نے دھمکی دی کہ یہ جنگ طویل اور مشکل ہوگی، فلسطینی غزہ کو خالی کردیں۔یاد رہے کہ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے اسرائیل پر حملوں میں سینیئر فوجی کرنل سمیت ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد 300 سے تجاوز کرگئی جبکہ 1590 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے حماس کے حملوں میں 200 اسرائیلیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔

اسرائیلی اخبار کے مطابق حماس سے جھڑپ میں سینیئر ترین اسرائیلی فوجی کرنل جوناتھن اسٹینسبرگ بھی ہلاک ہوئے جبکہ حماس کی جانب سے سینیئر اسرائیلی کمانڈر میجر جنرل نمرود الونی سمیت متعدد افراد کو یرغمال بنانے اور اسرائیل پر 7 ہزار سے زیادہ راکٹ داغنے کا دعوی کیا گیا ہے۔

اسرائیلی حملوں میں 232 فلسطینی شہید جبکہ 1700 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں، اسرائیلی فضائیہ نے فلسطینی وزارت داخلہ کی عمارت تباہ کردی۔ اسرائیلی فوج کے مطابق اب بھی اسرائیل کے 22 مقامات پر جنگ جاری ہے۔فلسطین اور اسرائیل کے درمیان پیدا ہونے والی تازہ صورتحال کے بعد بھارت، ترکیہ اور آسٹرین ائیرلائنز سمیت درجنوں ائیر لائنز نے اسرائیل کیلئے اپنی پروازیں معطل کردیں ہیں