Tag Archives: انوارالحق

پٹرول قیمتوں میں کمی کے فوائد عوام تک پہنچانے کیلئے اقدامات تیز ، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف  کارروائی کی جائے، نگران وزیراعظم



نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے حکام کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے فوائد عوام تک پہنچانے کے لیے اقدامات کو تیز تر کیا جائے اور ذخیرہ اندوزوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔

نگران وزیرِ اعظم  کی زیرِ صدارت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عام آدمی تک پہنچانے اور قیمتوں میں کمی یقینی بنانے کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں نگران وفاقی وزرا مرتضی سولنگی، گوہر اعجاز، کوثر عبداللہ ملک، سمیع سعید، محمد علی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی جبکہ نگراں وزرائے اعلی محسن نقوی، جسٹس (ر) مقبول باقر، اعظم خان، چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

 اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی اور اسمگلنگ و بجلی چوری کیخلاف آپریشن کے نتائج کے حوالے سے آگاہ کیا گیا،حکام نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی سے مہنگائی کی شرح میں 1.7 فیصد کمی ہوئی، یہ کمی گزشتہ ایک برس میں سب سے زیادہ کمی ہے۔

 وزیراعظم نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں استحکام اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی بدولت مجموعی طور پر 41 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے جس کا ریلیف عام آدمی تک پہنچے گا،وزیر اعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، ڈالر کی قیمت میں استحکام اور اسمگلنگ کی روک تھام کے اثرات عام آدمی تک پہنچانے کے لیے چاروں صوبوں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔