Tag Archives: ایرانی صدر

اسرائیل نے ساری حدیں پار کر لیں ، اب ہمارے جواب کا انتظار کرے ، ایرانی صدر



 ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ اسرائیل نے بری فوج کو غزہ میں داخل کرکے ساری حدیں پار کر لیں ، اب صیہونی ریاست ہمارے جواب کا انتظار کرے۔

الجزیرہ  ٹی وی کو انٹرویو میں ابراہیم رئیسی نے کہا کہ غزہ میں صیہونی حکومت کی بری فوج کی کارروائی حماس کی طوفان اقصیٰ آپریشن کو شکست دینے میں ناکامی سے بھی بدتر ناکامی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  امریکا ہمیں غزہ میں کچھ نہ کرنے کا کہتا ہے لیکن اسرائیل کی غزہ میں وحشیانہ بمباری اور بری حملوں کی وسیع تر حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔ صیہونیوں نے غزہ پر فضائی، بحری اور بری حملے کیے لیکن امریکا اور بعض یورپی ممالک کی مالی اور فوجی مدد کے باوجود ان قابضین کو پسپائی پر مجبور ہونا پڑا جو فلسطینی قوم کی بڑی فتح ہے۔

ایرانی صدر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایران فلسطینی مزاحمت کی حمایت جاری رکھے گا اور تمام امریکی تسلط سے آزاد تمام ممالک سے بھی توقع رکھتا ہے کہ وہ مظلوم فلسطینیوں کی مدد کریں گے۔

ایرانی صدر نے اسرائیل کو اسلامی دنیا کی طرف سے سخت انتقام سے خبردار کر دیا



ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے غزہ کے ہسپتال میں ہونے والے دھماکے کے جواب میں اسرائیل کو اسلامی دنیا کی طرف سے سخت انتقام سے خبردار کیا ہے۔

وسطی تہران میں ہزاروں افراد کے مظاہرے کے دوران بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہسپتال پر حملے کے ساتھ ہی صیہونی حکومت کا خاتمہ شروع ہو جائے گا۔ فلسطینیوں کے خون کا ہر قطرہ صیہونی حکومت کو اپنے زوال کے ایک قدم اور قریب لے جا رہا ہے۔

ابراہیم رئیسی نے کہا کہ امریکا اسرائیل کے جرائم میں اس کا ساتھی ہے۔ دنیا کے لوگ امریکاکو صیہونی حکومت کے جرائم کا ساتھی سمجھتے ہیں۔واضح رہےبدھ کے روز غزہ میں ایک ہسپتال کے کمپلیکس پر راکٹ گرنے کے بعد فلسطین اور غزہ میں ہونے والے جرائم کا عالم اسلام کی طرف سے سخت انتقام سے خبردار کیا ہے۔

غزہ میں صحت کے حکام کے مطابق الاہلی عرب ہسپتال پر اسرائیل کے حملے میں سینکڑوں افرادشہید ہوئے ہیں۔ 7 اکتوبر سے شروع لڑائی میں 12 روز کے دوران لگ بھگ 3500 فلسطینی شہید اور 1400 اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں۔

اسرائیل فلسطین کشیدگی: سعودی ولی عہد سے ترکیہ اور ایران کے صدور کا ٹیلفونک رابطہ



ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے رابطہ کیا ہے۔

رجب طیب اردوان اور ابراہیم رئیسی کی محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک گفتگو میں فلسطین کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران اور سعودی عرب کے درمیان معاہدے کے بعد ایرانی صدر اور سعودی ولی عہد کا یہ پہلا ٹیلیفونک رابطہ ہے۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ فلسطینیوں کے خلاف جنگی جرائم کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

دوسری جانب ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور سعودی ولی عہد کے درمیان گفتگو میں بھی خطے کی کشیدہ صورت حال پر بات چیت کی گئی ہے۔

سعودی ولی عہد نے اس موقع پر کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے کشیدگی کو روکنے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔