Tag Archives: ایشین گیمز

ایشین گیمز : افغانستان نے پاکستان کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی



ہینگژو(این این آئی)ایشین گیمزکے کرکٹ مقابلوں میں افغانستان نے پاکستان کو 4 وکٹوں سے ہراکر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا جہاں اس کا مقابلہ ہفتے کے روز انڈیا سے ہوگا۔

پاکستانی ٹیم 18 اوورز میں 115 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ افغانستان نے17.5 اوورز میں چھ وکٹوں پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا جبکہ انڈیا نے پہلے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کو 9 وکٹوں سے ہرایا،پاکستان کانسی کے تمغے کے لیے بنگلہ دیش سے مقابلہ کرے گا۔

افغانستان کی پاکستان کے خلاف آٹھ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں یہ چوتھی کامیابی ہے۔پاکستان نے بھی چار میچ جیت رکھے ہیں۔جمعہ کے روز کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ دی۔پاکستانی ٹیم 18 اوورز میں 115 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

افغانستان نے17.5 اوورز میں چھ وکٹوں پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔پاکستان کی اننگز میں عمیر یوسف دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے24 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔عامر جمال نے ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 14۔عرفات منہاس نے ایک چوکے کی مدد سے 13 اور روحیل نذیر نے ایک چھکے کی مدد سے10 رنز بنائے۔

حیدرعلی 2۔ خوشدل شاہ 8 قاسم اکرم 9 اور آصف علی 8 رنز بناپائے۔افغانستان کی طرف سے لیفٹ آرم فاسٹ بولر فرید احمد نے 15رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔لیگ اسپنر قیس احمد نے 11 اور لیفٹ آرم اسپنر ظاہر خان نے 20 رنز دے کر دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

افغانستان کا آغاز بھی مایوس کن رہا اور 35 رنز پر اس کی تین وکٹیں گرچکی تھیں تاہم نور علی زدران اور افسر ززئی کی 36 رنز کی قیمتی شراکت نے اس کی پوزیشن بہتر کردی نور علی زدران نے چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے39 رنز اسکور کیے۔

جس کے بعد کپتان گلبدین نائب کی جارحانہ بیٹنگ نے افغانستان کو جیت سے ہمکنار کردیا۔گلبدین نائب نے تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 26 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔پاکستان کی جانب سے عثمان قادر اور عرفات منہاس نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

ایشین گیمز،پاکستان ایتھلیٹکس ٹیم چین پہنچ گئی



اسلام آباد /ہنگژو(این این آئی) ایشین گیمز کے ایتھلیٹکس مقابلوں میں شرکت کیلئے پاکستان ایتھلیٹکس ٹیم چین پہنچ گئی۔

ایشین گیمز میں 13مرد اور 4 خواتین ایتھلیٹکس مقابلوں میں ایکشن میں دکھائی دے گی جبکہ ٹیم آفیشلز میں اولمپئین صدف صدیقی، فیاض حسین، سجاد محمود اور محمد ساجد شامل ہیں۔

اولمپئین صدف صدیقی نے بتایا کہ ایشین گیمز میں بڑی تعداد میں ایتھلیٹس کی شرکت پر پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن اور پاکستان سپورٹس بورڈ کی مشکور ہیں جبکہ امید ہے ایتھلیٹکس مقابلوں میں قومی ایتھلیٹس ملک کا نام روشن کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ ایشین گیمز کیلئے میزبان ملک چین نے بہترین انتظامات کئے ہیں۔29ستمبر 5اکتوبر تک ہونیوالے ایشین گیمز کے ایتھلیٹکس مقابلوں میں ارشد ندیم اور محمد یاسر (جیولن تھرو) ، گوہر شہباز ، شجر عباس ( سو ،دو سو میٹر ریس) ، محمد اسد الرحمن (چار سو میٹر)، وقاص اکبر (800میٹر) ، محمد اختر (5ہزار میٹر) ، فرحان الیاس ،عابد رزاق (110میٹر اور 400میٹر ہرڈلز) ،سہیل عامر (دس ہزار میٹرریس) جعفر اشرف ( پول والٹ)،محمد افضل (لانگ جمپ)، شہروز خان (ہائی جمپ) ، خواتین ایتھلیٹس میں تامین خان (سو میٹر)، غزالہ رمضان (سو میٹر ہرڈلز)، رابیلہ فارق (1500میٹر) ،فرحت بانو (دس ہزار میٹرریس)میں ایکشن میں دکھائی دینگے۔

دوسری جانب پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن نے حیران کن طور پر روانگی سے چند گھنٹے قبل دو خواتین ایتھلیٹس صاحب اسرا اور عروج خان کو چین جانے سے روک دیا جس پر اتھلیٹس نے سخت مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

ایشین گیمز ، پاکستان ہاکی ٹیم نے سنگا پور کو صفر کے مقابلہ میں گیارہ گول سے شکست دیکر ایونٹ میں فتح کا کھاتہ کھول لیا



ہانگژو (این این آئی)چین کے شہر ہانگژو میں جاری 19ویں ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم نے اپنے پہلے میچ میں سنگا پور کو صفر کے مقابلہ میں گیارہ گول سے شکست دیکر ایونٹ میں فتح کا کھاتہ کھول لیا۔

پاکستان کی جانب سے ارباز احمد نے تین گول، ارشد لیاقت نے تین گول ، عبدالرحمن، محمد عماد، افراز، سفیان خان اور رانا وحید نے ایک، ایک گول سکور کیا۔

پاکستان ہاکی ٹیم 26 ستمبر کو بنگلہ دیش کے خلاف اپنا دوسرا میچ پاکستانی وقت کے مطابق بارہ بجکر 45منٹ پر دن کھیلے گی۔

ایشین گیمز ہاکی مقابلوں میں بارہ ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔ ٹیموں کو دو پول میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان سمیت انڈیا، جاپان، بنگلہ دیش، سنگا پور اور ازبکستان کی ٹیمں پول اے میں شامل ہیں جبکہ کوریا ، ملائشیا، چائینہ، عمان، تھائی لینڈ اور انڈونیشیا کی ٹیمیں پول بی میں شامل ہیں۔

چین کے شہر ہینگزو میں 19ویں ایشین گیمز کا آغاز



ہینگزو(این این آئی)چین کے شہر ہینگزو میں 19ویں ایشین گیمز کا آغاز ہوگیا۔ افتتاحی تقریب میں اسٹیڈیم رنگ و نور میں نہا گیا، ایشین گیمز 8 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔

آفیشلز میسکوٹ رقص کرتے اسٹیڈیم میں آئے اور گیمز میں شامل تمام ملکوں کے دستوں نے اپنے ملک کے پرچم تھامے مارچ پاسٹ کیا۔

افتتاحی تقریب میں چین کے صدر شی جنگ پنگ نے خصوصی شرکت کی۔ایشین گیمز میں 262 رکنی پاکستانی دستہ شرکت کر رہا ہے، پاکستانی دستے میں 53 خواتین اور 137 مرد ایتھلیٹس شامل ہیں۔

پاکستانی دستے کی قیادت جی ایم بشیر نے کی، پاکستان ایشین گیمز کے 24 کھیلوں میں حصہ لے رہا ہے، کھیلوں کے مقابلے 8 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔پہلے سے جاری والی بال کے مقابلوں میں پاکستان نے جنوبی کوریا کو تین۔صفر سے ہرادیا۔

چینی صدر19 ویں ایشین گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے



بیجنگ (این این آئی)چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چھن ینگ نے اعلان کیا ہے کہ صدر شی جن پھنگ 22 اور 23 ستمبر کو ہانگ چو میں19 ویں ایشین گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے اور تقریب میں شریک غیر ملکی رہنماؤں کیلئے استقبالیہ ضیافت اور دوطرفہ سرگرمیوں کا اہتمام کریں گے۔

افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے چین آنے والے غیر ملکی رہنماؤں میں کمبوڈیا ، شام ، کویت، نیپال ، تیمور لیسٹے ، کوریا، ملائیشیا ،برونائی دارالسلام ،قطر، اردن ، تھائی لینڈ اور کرغزستان سمیت دیگر ممالک کے رہنما اور اعلیٰ اہلکار شامل ہیں۔

چینی میڈ یا نے بتا یاکہ پا کستان کا ایک بڑا وفد بھی ایشین گیمز کی افتتا حی تقر یب میں شر کت کرے گا۔