Tag Archives: بلاول

اسرائیل کا وجود دنیا کے لئے سکیورٹی رسک ہے، بلاول بھٹو کافلسطینی سفارتخانے کا دورہ



اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ اسرائیل کا وجود دنیا کے لئے سکیورٹی رسک ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے بدھ کے روزفلسطینی سفارتخانے کادورہ کیا اورغزہ کی صورت حال پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے فلسطینی سفیر سے اظہار یکجہتی کیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان اس کٹھن وقت میں فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے فلسطینی قیادت کے ساتھ مل کر پوری دنیا میں فلسطین کا مقدمہ لڑا۔ یاسر عرفات نے فلسطین کاز کے لئے جدوجہد کرنے والے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو گڑھی خدا بخش پہنچ کر خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں سینکڑوں فلسطینی بچوں کی شہادت انسانیت کے ماتھے پر ایک بدنما داغ ہے۔ اسرائیل نے ہسپتال پر بمباری کرکے یہ ثابت کردیا کہ اس کا وجود دنیا کے لئے ایک سیکیورٹی رسک ہے۔ بلاول نے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لئے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔
دورے کے موقع پرفلسطینی سفیراحمد جواد نے بلاول بھٹو کو فلسطینی مزاحمت کا علامتی رومال پہنایا،بلاول نے فلسطینی سفارت خانے میں مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔
بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پیپلزپارٹی کی سینئر نائب صدر سینیٹر شیری رحمان اور سابق وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ بھی موجود تھے ۔

موسمیاتی خطرات کا مقابلہ بھی تعلیم اور آزادی اظہار جتنا اہم ہے، بلاول



پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہاہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنا کسی ایک ملک یا پارٹی کی نہیں ، سب کی ذمہ داری ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی ہیومن رائٹس سیل کے تحت ’’ماحولیاتی تبدیلی کے انسانی حقوق پر اثرات” کے موضوع پر اسلام آباد میں ہونے والی کانفرنس سے ویڈیو لنک خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے بعد موسمیاتی تبدیلی انتہائی اہمیت کاحامل موضوع ہے ۔ یہ چیلنجز پارٹی لائنوں سے بالاتر ہیں ۔ بلاول نے کہا کہ ہم موسمیاتی تبدیلی کے دورسے گزررہے ہیں ، پریشان کن بات یہ ہے کہ پاکستان موسمیاتی بحران کا مرکز ہے ۔ موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ شمال کے گلیشیئرز خطرناک حد تک پگھل رہے ہیں اور جنوب کی زرخیز زمینیں ریگستان بنتی جارہی ہیں، موسم کی بے ترتیبی فصلوں کو اور سیلاب ہمارے گھروں و املاک کو تباہ کررہا ہے ۔
یہ بحران پہلے سے پسماندگی میں ڈوبے کثیر لوگوں کوپسماندگی کے مزید گہرے گڑھوں میں دھکیل دے گا۔
بلاول نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی انسانی حقوق کی علمبردار ہونے کی قابل فخر تاریخ رکھتی ہے۔ آج میں آپ سے التجا کرتا ہوں کہ ان حقوق کے بارے میں بھی اپنی سمجھ کو وسعت دیں۔ انہوں نے کہا کہ شفاف ہوا، پینے کا صاف پانی اور معاشی استحکام اتنے ہی اہم بنیادی انسانی حقوق ہیں جتنا کہ آزادی اظہار، اچھی تعلیم کا وعدہ اور منصفانہ ٹرائل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی آب و ہوا کی پالیسیوں کو انسانی حقوق کے ساتھ ہم آہنگ کرناچاہتی ہے۔ہم صرف پالیسیوں کا مسودہ نہیں بنائیں گے بلکہ ہمہ گیر حل بھی بتائیں گے۔
بلاول نے کہا کہ بے آواز کو بااختیار بنانابھی پیپلزپارٹی کے منشور کالازمی جزو ہوگا۔اب کمزور طبقات فیصلوں کی تشکیل اور آگے کا راستہ طے کرنے میں ایک فعال اور اہم کردار ادا کریں گے ۔
ملازمتوں کے ذریعے سبز انقلاب کو آگے بڑھانا بھی ہماری بنیادی پالیسی میں شامل ہوگا۔
بلاول کا کہناتھا کہ ہمیں تعلیم میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے ۔ ہمیں ایسے بنیادی ڈھانچے کی ضرورت ہے جو مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے لچکدار ہو۔ ہمیں بین الاقوامی شراکت داری کو فروغ دینا چاہیے کیونکہ موسمیاتی تبدیلی کے خلاف جنگ کسی ایک ملک کی لڑائی نہیں بلکہ اجتماعی کوشش ہے۔
بلاول نے کہا کہ ہم صرف بیان بازی نہیں کرتے۔ ہمارے پاس پاکستان کے لوگوں کو دکھانے کے لیے ایک مثال موجود ہے کہ ہم نے پروجیکٹس کی شکل میں اس بیان بازی کو کہاں تک پہنچایا ہے۔
ہمارے پاس سندھ کا ‘اپنی زمین اپنا مکان’ پروگرام ہے جو موسمیاتی آفات کی وجہ سے تباہ ہونے والے گھروں کی تعمیر نو کر رہا ہے۔
ہم خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے نہ صرف گھر فراہم کر رہے ہیں بلکہ زمین کی ملکیت بھی دے رہے ہیں۔
کانفرنس میں پی پی پی ہیومن رائٹس سیل کے صدر فرحت اللہ بابر، سابق وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و نائب صدر پی پی پی پی سینیٹر شیری رحمن، جنرل سیکریٹری ہیومن رائٹس سیل پی پی پی سیدہ ملائکہ رضا، جنرل سیکریٹری پی پی پی پنجاب سید حسن مرتضیٰ نے شرکت کی۔ کانفرنس سے مرکزی سیکرٹریٹ انچارج سبط الحسن بخاری، ایڈووکیٹ شکیل عباسی نے بھی خطاب کیا۔