Tag Archives: بلوچستان بار کونسل

بلوچستان: مستونگ دھماکے کا مقدمہ درج، صوبے میں سوگ



بلوچستان کے علاقے مستونگ میں جشن عید میلادالنبی کے جلوس پر ہونے والے خود کش دھماکے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

جمعہ کو ہونے والے خود کش دھماکے میں ڈی ایس پی سمیت 53 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

12 ربیع الاول کے جلوس پر ہونے والے دھماکے کا مقدمہ کوئٹہ کے سی ٹی ڈی تھانے میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی ترجمان نے بتایا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں، ابھی تک کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔

دوسری جانب صوبے میں 3 روزہ سوگ منایا جا رہا ہے جس کا اعلان نگران حکومت کی جانب سے کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ بلوچستان بار کونسل کی کال پر وکلا نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا ہے۔

دریں اثنا نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی نے کہا ہے کہ مستونگ میں ہونے والے دھماکے سے متعلق تمام حقائق کو سامنے لایا جائے گا۔

اپنے ایک بیان میں علی مردان ڈومکی نے کہا ہے کہ مستونگ دھماکے سے متعلق تحقیقات کا عمل جاری ہے، جو لوگ شدید زخمی ہیں انہیں علاج کے لیے کراچی منتقل کیا جائے گا۔

دوسری جانب نگران وزیرداخلہ بلوچستان نے کہا ہے کہ مستونگ میں ہونے والے دھماکے سے متعلق پہلے سے کوئی تھریٹ نہیں تھا۔