بلوچستان نیشنل پارٹی نے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دیا۔
بی این پی کے سربراہ اختر مینگل اور دیگر رہنماؤں نے بھی دھرنے میں شرکت کی۔ مظاہرین نے جبری گمشدگیوں کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔ سردار اختر مینگل نے کہا کہ اصل احتجاج پریس کلب کے سامنے تھا تاہم حکومت کو اچھا نہیں لگا اور ہمارے ساؤنڈ سسٹم اکھاڑ لیے گئے۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ آج کی بات نہیں، سوچی سمجھی سازش کے تحت ہوتا آ رہا ہے۔ لاپتہ افراد کو سالوں غائب رکھنا اور پھر کہیں لاش ملنا افسوسناک ہے۔
جماعت اسلامی کے سینیٹرمشتاق احمد نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جانب سے اختر مینگل سے اظہار یکجہتی کرنے آیا ہوں۔ ہم نے سینٹ میں لاپتہ افراد کا معاملہ اٹھایا۔ جبری گمشدہ افراد کو بازیاب کرایا جائے۔