بلوچستان کے نگراں وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان میں مقیم 13 لاکھ غیر ملکیوں کو نکالنے کا حکومتی فیصلہ اٹل ہے۔
کوئٹہ میں غیر ملکیوں کے انخلا کے بارے میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے جان اچکزئی نے کہا کہ چند افراد سیاست چمکاتے ہوئے چمن اور اسپین بولدک کے درمیان پاسپورٹ کی شرط ختم کرنے کی بات کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چمن سیمت کسی انٹری پوائنٹ سے غیرقانونی افراد کو ملک میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، جان اچکزئی نے بتایا کہ 16 ہزار افراد بلوچستان سے رضاکارانہ طور پر واپس جاچکے ہیں
انھوں نے کہا کہ مہاجرین کے انخلا کے لیے حکومت نے باقاعدہ کنٹرول سینٹر بنا لئے ہیں ۔ سندھ اور پنجاب سے آنے والے مہاجرین کو حکومت تحفظ دے گی، حاجی کیمپ کوئٹہ کو ہولڈنگ سینٹر بنا دیا گیا ہے۔
نگراں صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب سے آنے والوں کے لئے ہفتے کا دن جبکہ سندھ سے آنے والوں کے لئے پیر اور منگل کے دن مقرر کئے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پشین اور چمن میں بھی ہولڈنگ سینٹر بنائے جارہے ہیں، چمن کے علاوہ قمر دین کاریز اور چاغی میں بھی کراسنگ پوائٹ بنادیے گئے ہیں۔