Tag Archives: جاں بحق

میانوالی میں ٹریفک حادثہ، سرائیکی گلوکار شرافت علی سمیت 7 افراد جاں بحق



پنجاب کے علاقے میانوالی میں تیز رفتار جیپ نہر میں گر گئی ہے جس کے نتیجے میں سرائیگی گلوکار شرافت علی خیلوی سمیت 7 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بدقسمت جیپ کو حادثہ میانوالی کے علاقے واں بھچراں میں پیش آیا ہے جہاں تیزرفتاری کے باعث جیپ بے قابو ہو کر نہر میں گر گئی۔

حادثے میں 7 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے جن میں سرائیکی گلوکار شرافت علی خیلوی بھی شامل ہیں۔

ٹریفک حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو نہر سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا۔

مستونگ خود کش دھماکا: جاں بحق افراد کی تعداد 60 ہو گئی



بلوچستان کے ضلع مستونگ میں جمعہ کو ہونے والے خود کش دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 60 ہو گئی ہے۔

محکمہ صحت کے حکام نے بتایا ہے کہ خود کش دھماکے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا ہے جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد 60 ہو گئی ہے، اس سے قبل جاں بحق افراد کی تعداد 59 تھی۔

محکمہ صحت کے حکام کے مطابق اس وقت سی ایم ایچ کوئٹہ میں 18 جبکہ سول ہسپتال میں 3 زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے۔

واضح رہے کہ جمعہ کو 12 ربیع الاول کے جلوس کے قریب خود کش دھماکا ہوا تھا جس کے بعد نگران حکومت نے صوبے میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات میں بھارتی خفیہ ایجنسی را ملوث ہے۔

ہنگو: نماز جمعہ کے دوران مسجدپر خودکش حملہ ،4 افرادشہید



خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں دوآبہ تھانے کی مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے میں چار افرادجاں بحق اور 12 زخمی ہوئے ہیں۔
ہنگو میں تھانہ دوآبہ کے ایس ایچ او شابراز خان کے مطابق دھماکہ نمازِ جمعہ کے آخری خطبے کے دوران ہوا جب مسجد میں 30 سے 40 افراد موجود تھے۔
ہنگو کے ڈپٹی کمشنر فضل اکبر خان کے مطابق تھانہ دوآبہ کو دو خودکش حملہ آوروں نے نشانہ بنانے کی کوشش کی اور پہلا دھماکہ تھانے کے باہر ہوا جس کی آواز سن کر نمازیوں کی بڑی تعداد مسجد سے نکل گئی اور جب دوسرے حملہ آور نے مسجد کے اندر دھماکہ کیا تو جانی نقصان کم ہوا۔
مسجد کے اندر ہونے والے دھماکے کی شدت سے عمارت کی چھت گر گئی اور اس کے نیچے متعدد افراد دب گئے جنھیں نکالنے کے لیے ریسکیو 1122 نے آپریشن کیا۔
فضل اکبر خان کے مطابق ملبے سے چار لاشیں اور 12 زخمیوں کو نکالا گیا ہے۔
نگران وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل کے مطابق ہنگو میں پولیس کی بروقت کارروائی سے زیادہ تر نمازی محفوظ رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گاڑی میں سوار دو خودکش حملہ آور تھانے میں داخل ہونے کے لیے پہنچے تھے اور ڈیوٹی پرموجود پولیس اہلکاروں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک حملہ آور مسجد سے باہر ہلاک کر دیا گیا۔
دوسرا خودکش حملہ آور مسجد میں داخل ہونے میں کامیاب ہوا اور دھماکہ کردیا۔
فیروز جمال شاہ کے مطابق اگر حملہ آوروں کو نہ روکا جاتا تو بڑے جانی نقصان کا اندیشہ تھا۔